Tag: شوکاز نوٹس

  • عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرمیانوالی کے کارکنان کا مظاہرہ

    عمران خان کی رہائش گاہ کے باہرمیانوالی کے کارکنان کا مظاہرہ

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ پر میانوالی کے کھلاڑیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مقامی ایم این اے کیخلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ مقامی ایم این اے کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس واپس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ بلدیاتی انتخابات میں نواز لیگ کی حمایت پر چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے ضلع میانوالی کے ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو اور دیگر کارکنان کو شو کازنوٹس جاری کیے گئے تھے جس پر کھلاڑی سراپا احتجاج بن گئے۔

    ضلع میانوالی کے کارکنان نے بنی گالا پہنچ کر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔

    نمائندہ اے آر وائی عبدالقادرکے مطابق مظاہرین کا کہنا تھا کہ میانوالی کے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کے ذمے دار تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹرامجد نیازی ہیں،ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو غلط شوز کاز دیا گیا،عمران خان نظریاتی کارکنوں کو جاری کیے گئے غلط نوٹس واپس لیں۔

    مزید پڑھیں: ن لیگی امیدواروں کوووٹ ڈالنے والوں کی پارٹی میں جگہ نہیں،عمران خان

    مظاہرین نے میانوالی میں تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر امجد نیازی کے خلاف اور ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کے حق میں نعرے لگائے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ڈاکٹر امجد نیازی کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایم پی اے ڈاکٹر صلاح الدین کو غلط شو کاز دیا گیا، انہوں نے کہا کہ نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔

  • اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا حمزہ شہباز کو شوکازنوٹس

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا حمزہ شہباز کو شوکازنوٹس

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماحمزہ شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے -63 جہلم کے ضمنی انتخاب کے لیے مہم چلانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا.

    تفصیلات کےمطابق ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرجہلم خورشیدعالم نے پی ایم ایل این کے رہنماحمزہ شہباز شریف کوقواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حلقے کے ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول کے اجرا کے بعد مہم چلانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا.

    وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو 48 گھنٹوں کے اندر تحریری طوپر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے.
    نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ تحریری جواب نہ ملنے کی صورت میں الیکشن کمیشن آف پاکستان قواعد کے مطابق کارروائی کرے گا.

    حمزہ شہباز نے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار راجہ مطلوب مہدی کے ہمراہ حلقے کا دورہ کیا تھا.

    الیکشن کمیشن نے راجا محبوب مہدی کوبھی شیڈول کے اجرا کے بعد حمزہ شہباز کو مہم چلانے کی دعوت دینے پر جواب داخل کرنے کی ہدایت کے ساتھ شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے.

    یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضوابط کے مطابق ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد وزیراعظم، وزراء اعلیٰ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور ان کے مقررکردہ کسی فرد کی جانب سے الیکشن کی مہم چلانا قواعد کی خلاف ورزی ہے.

    واضح رہے کہ حلقہ این اے-63 جہلم میں ضمنی انتخاب 31 اگست کو ہوگا جہاں حکمراں جماعت پی ایم ایل این کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ اقبال مہدی کے انتقال کے بعد سیٹ خالی ہوگئی تھی.