Tag: شوکت بسرا

  • کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر کس نے بنائی؟ شوکت بسرا کا اہم بیان

    کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر کس نے بنائی؟ شوکت بسرا کا اہم بیان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا کا کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی تصویر بنانے کے حوالے سے اہم بیان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر میں نے نہیں بنائی ،سوشل میڈیا پر میرے خلاف پروپیگنڈاکیا جا رہا ہے، میں نے تصویر بنائی ہوتی تو میں اسے تسلیم کرتا۔

    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سیاسی ورکرکے ساتھ ساتھ وکیل بھی ہوں،میں نے کچھ کیا ہوتا تو انکار نہ کرتا، بانی پی ٹی آئی کی تصویر سے ویسے ہی سب ڈرتے ہیں۔

    Image

    انھوں نے مزید کہا کہ میں چیف جسٹس سے کھڑے ہو کر سوال کروں گا، پاکستان کےسب سے بڑےسیاسی لیڈر کو کیوں براہ راست نہیں دکھایاجارہا، ہمارے وکیل نے بھی بتایابانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کی براہ راست نشریات نہیں ہو رہیں۔

    خیال رہے نیب ترامیم کیس میں ویڈیو لنک کے زریعے پیش ہونے والے بانی پی ٹی آئی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد سپریم کورٹ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی تصویرکمرہ عدالت کےبائیں جانب بیٹھےافرادمیں سےکسی نے بنائی، کمرہ عدالت کی بائیں جانب موجود افراد سے پوچھ گچھ شروع کی گئی جبکہ کمرہ عدالت میں جانیوالے افراد کی تلاشی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

  • انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں نسل کشی روکنے پر کردار ادا کریں، شوکت بسرا

    انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں نسل کشی روکنے پر کردار ادا کریں، شوکت بسرا

    لاہور: ترجمان پنجاب حکومت شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پہلی بار اجاگر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں نسل کشی روکنے پرکردار ادا کریں۔

    شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پہلی بار اجاگر کیا۔

    ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ کرپشن ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دیتی ہے، آئندہ آنے والے 2 سے 3 ماہ سیاست میں خاصی ہلچل ہوگی۔

    شوکت بسرا نے مزید کہا کہ جس نے بھی کرپشن کی اس کا احتساب ہونا چاہیے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں51ویں روز بھی کرفیو

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 51ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

  • عوام دوست پالیسیوں سے تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے‘ عثمان بزدار

    عوام دوست پالیسیوں سے تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا دور پائیدارترقی اورعوام کی حقیقی خوشحالی کا دور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے شوکت بسرا نے ملاقات کی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے انقلابی منشور کے باعث شاندار کامیابی حاصل کی، عوام دوست پالیسیوں سے تحریک ا نصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کا دورپائیدارترقی اورعوام کی حقیقی خوشحالی کا دور ہے، تحریک انصاف نے چند ماہ میں وہ کام کیے جو ماضی میں برسوں میں نہ ہوا۔

    وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو نئی سمت دی ہے۔

    تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، 100 دن میں جتنا کام کیا گزشتہ حکومتیں کسی دورمیں نہ کرسکیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر پسماندہ تحصیل کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے، نئے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔

  • پیپلز پارٹی کی سیاست صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے: شوکت بسرا

    پیپلز پارٹی کی سیاست صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے: شوکت بسرا

    لاہور: پیپلز پارٹی کے سابق رہنما شوکت بسرا نے کہا ہے کہ پی پی کی سیاست صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، بار ہا کہتے رہے بلاول بھٹو کو آگے آنے دیں، سندھ تک محدود نہ رکھا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بہ طورِ کارکن پیپلز پارٹی میں سفر شروع کیا، پارٹی نے بہت عزت دی، مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا، میرا ذاتی سیکریٹری حملے میں شہید ہوا۔

    [bs-quote quote=”پی ٹی آئی کسی پوزیشن یا لالچ کے لیے جوائن نہیں کی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شوکت بسرا”][/bs-quote]

    پاکستان تحریکِ انصاف میں اپنی شمولیت کے حوالے سے شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کے لیے پی ٹی آئی میں جانا ہوتا تو الیکشن سے پہلے جاتا، بہ طورِ کرکٹر عمران خان سے بہت متاثر تھا، عمران خان کی کرپشن کے خلاف جدوجہد پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

    شوکت بسرا نے کہا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف مؤقف حکومت میں آنے کے بعد بھی وہی ہے، پی ٹی آئی کسی پوزیشن یا لالچ کے لیے جوائن نہیں کی، نظریے اور سوچ کی بنیاد پر پی ٹی آئی میں جانے کا فیصلہ کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پی پی رہنما شوکت بسرا کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت


    ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے سپاہی کے طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے، آج تک اپنی ذات یا مفاد کی سیاست نہیں کی۔

    خیال رہے کہ شوکت بسرا نے آج وزیرِ اعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کر کے تحریکِ انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، انھیں پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت جہانگیر ترین نے دی تھی۔

  • پی پی رہنما شوکت بسرا کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت

    پی پی رہنما شوکت بسرا کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی میں شمولیت

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شوکت بسرا نے وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما شوکت بسرا نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، شوکت بسرا نے وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات بھی کی۔

    [bs-quote quote=”جہانگیر ترین نے پنجاب اسمبلی کے سابق رکن شوکت بسرا کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم کے ساتھ شوکت بسرا کی ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے، جہانگیر ترین نے پنجاب اسمبلی کے سابق رکن شوکت بسرا کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

    شوکت بسرا کی پارٹی میں شمولیت پر وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا، وزیرِ اعظم نے ملکی سیاست میں شوکت بسرا کے کردار کو سراہا۔

    ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ شوکت بسرا پاکستان تحریکِ انصاف کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی خدمات جاری رکھیں گے۔

    شوکت بسرا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ٹکٹ یا عہدے کے لیے نہیں آیا، عمران خان کے وژن سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

    واضح رہے کہ شوکت بسرا کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر چند ماہ قبل پیپلز پارٹی نے نکال دیا تھا، رواں برس کراچی میں اگست میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تین رہنماؤں نے اپنی پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

  • ن لیگ چاریا پانچ دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی، شوکت بسرا

    ن لیگ چاریا پانچ دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی، شوکت بسرا

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے دعویٰ کیاہے کہ ن لیگ بہت جلد چار یا پانچ دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی، تیس دسمبرتک ن لیگ کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، سڑکوں پربچے پیدا ہونا خادم اعلیٰ کے منہ پر طمانچہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج  اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    شوکت بسرا نے کہا کہ ذوالفقارکھوسہ کےساتھ 40 سے50ایم پی اے ہیں اور جلد ہی ن لیگ کادھڑن تختہ ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں عدالتوں کامذاق اور قانون کاتمسخر اڑایا جارہا ہے۔

    ملزمان پورے پروٹوکول کےساتھ عدالتوں میں پیش ہوتےہیں، ملزمہ شہزادی بی بی مریم نوازعدالتوں کو دھمکیاں دے رہی ہیں، ہم پر جھوٹے مقدمات بنے لیکن ہم کبھی عدالتوں سےنہیں لڑے، ہم تختہ دار پر لٹکے مگر افواج پاکستان کےخلاف عالمی سازش کاحصہ نہیں بنے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ سڑکوں پربچے پیدا ہونا خادم اعلیٰ کے منہ پر طمانچہ ہے، اس واقعے سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی صوبےمیں کارکردگی کاپول کھل گیا، شہبازشریف کام نہیں صرف شوبازیاں کرتےہیں۔

    شوکت بسرا نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ، نریندر مودی، نوازشریف اور بانی ایم کیوایم کا ایجنڈا ایک ہے، شہبازشریف ماڈل ٹاؤن اورحدیبیہ کیس میں مرکزی ملزم ہے، اب مائنس شریف ہوگا، یہ لوگ اللہ کی گرفت میں آئےہیں، ن لیگ میں مشاورت ہورہی ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسمبلیاں توڑدیں۔

  • مجھے کچھ ہوا تو وزیراعٰلی پنجاب ذمے دار ہوں گے‘شوکت بسرا

    مجھے کچھ ہوا تو وزیراعٰلی پنجاب ذمے دار ہوں گے‘شوکت بسرا

    لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا نے سیکیورٹی واپس لینے پرلاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی. درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حادثے کے ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔

    پٹیشن کے مندراجات میں پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسراکا کہنا ہے کہ سیکیورٹی واپس لینے کے ذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب سمیت صوبے کی اعلیٰ شخصیات ہیں.

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت بسرا کی جانب سے وزیراعٰلی پنجاب شہبازشریف کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی گئی ہے، پیپلزپارٹی سے وابستہ رہنما نے ہارون آباد حملے کے ملزمان کی عدم گرفتاری پر یہ پٹیشن دائرکی ہے، شوکت بسرا کی پٹیشن کی سماعت جسٹس یاورعلی آج کریں گے.

    پٹیشن میں سیکیورٹی واپس لینے پرچیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے، پٹیشن کے مندراجات میں شوکت بسرا نے کہا ہے کہ سیکیورٹی واپس لینے کے ذمہ داروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرقانون رانا ثنا اللہ ، اورحمزہ شہبازہیں، علاوہ ازاں ہارون آباد حملے کی تحقیقات رپورٹ نہ دینے کے خلاف بھی الگ درخواست دائر کی گئی ہے۔

    شوکت بسرا نے کہا کہ اگر مجهے کچھ ہوا تو اس کی ایف آئی آر شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور حمزہ شہباز کے خلاف دائر کی جائے.

    یاد رہے کہ رواں سال کے گذشتہ ماہ میں صوبہ پنجاب کی تحصیل ہارون آباد میں پیپلز پارٹی کے کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں شوکت بسرا زخمی اور ان کا سیکریٹری جاں بحق ہوگیا تھا.

    shukat-1

    shukat2

    shukat3

  • شوکت بسرا پر فائرنگ چائے کی کمپنیوں پر جھگڑے کا شاخسانہ ہے، رانا ثناء اللہ

    شوکت بسرا پر فائرنگ چائے کی کمپنیوں پر جھگڑے کا شاخسانہ ہے، رانا ثناء اللہ

    لاہور : صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شوکت بسرا پر فائرنگ کا واقعہ دو چائے کی کمپنیوں کے جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا جس کی مکمل تحقیقات کرکے اصل مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی شوکت بسرا جس کے خلاف چاہیں گے اسی کے خلاف مقدمہ درج ہوگا اور شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کراتا ہوں۔

    رانا ثناء اللہ نے فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے شوکت بسرا نے چائے کی ایک فیکٹری کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا اور نعرے بازی کی جہاں فیکٹری گارڈ سے اُن کا جھگڑا اور تلخ کلامی کے بعد نوبت یہاں تک پہنچی۔

    رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شوکت بسرا کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور خود معاملے کو دیکھیں اور حقائق کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں جو ہمیں منظور ہو گا تاہم بناء کچھ جانے الزام تراشی سے گریز کریں۔

    اُنہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چائے کی کمپنیوں کے جھگڑے کو سیاسی معاملہ نہ بنایا جائے ، چائے کی کمپنیاں نا تو بلاول بھٹو کے خلاف مہم چلا رہیں تھیں اور نہ ہی پیپلزپارٹی کے خلاف کسی سازش میں ملوث ہیں۔

  • پیپلزپارٹی کےکیمپ پر فائرنگ‘شوکت بسرازخمی‘سیکریٹری جاں بحق

    پیپلزپارٹی کےکیمپ پر فائرنگ‘شوکت بسرازخمی‘سیکریٹری جاں بحق

    بہاولنگر: صوبہ پنجاب کی تحصیل ہارون آباد میں پیپلز پارٹی کے کیمپ پر فائرنگ کے نتیجے میں شوکت بسرا زخمی اور ان سیکریٹری جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کےمطابق پنجاب کےشہر بہاولنگرکی تحصیل بہاونگر میں پیپلزپارٹی کے کیمپ پر فائرنگ میں رہنما پیپلزپارٹی زخمی جبکہ ان کےسیکریٹری امتیاز جان کی بازی ہارگئے۔

    پیپلزپارٹی کےرہنماشوکت بسرا نے مختلف لوگوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرانے پرایم این اے اور ایم پی اے کے خلاف گزشتہ روز دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔

    شوکت بسرا نے اپنے اعلان کے مطابق آج دھرنا دیاتومخالفین نے دھرنے کےلیے لگائے گئے کیمپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شوکت بسرا زخمی ہو گئے جبکہ ان کا سیکرٹری امتیاز جاں بحق ہوگیا۔

    پیپلزپارٹی کے رہنماشوکت بسرا کو فوری طور پراسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہرہے۔

    پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی مذمت

    پیپلزپارٹی کےشریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کےرہنما شوکت بسرا پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہےاور مطالبہ کیاہےکہ فائرنگ کرنے والوں کو گرفتارکیاجائے۔

    پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے شوکت بسراپر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئےاسے کھلی دہشت گردی کہاہے۔

    بلاول بھٹوزرداری نےکہاکہ شوکت بسرا عوام اور جمہوریت کے سپاہی ہیں،انہوں نےکہاکہ بزدلانہ حملوں سے پی پی رہنماؤں کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردای نے کہاہےکہ شوکت بسرا پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو فوری گرفتارکرکےسزادی جائے۔

    دوسری جانب صوبائی وزیرٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ نےکہاہےکہ پنجاب حکومت شوکت بسراپرفائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کوفوری گرفتار کرے۔

    واضح رہےکہ پیپلزپارٹی پنجاب کے سیکریٹری چوہدری منظور نے بھی شوکت بسرا پرفائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت بسراجھوٹی ایف آئی آرزکےخلاف ریلی کی قیادت کررہےتھے۔

  • جہانگیر بدر کا سوئم: سعید غنی اور شوکت بسرا کے جوتے چوری

    جہانگیر بدر کا سوئم: سعید غنی اور شوکت بسرا کے جوتے چوری

    لاہور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر بدر مرحوم کی رسم قل میں سینیٹر سعید غنی اور شوکت بسرا کے جوتے چوری ہوگئے، انہیں ننگے پاؤں اپنی گاڑی تک جانا پڑا، قبل ازیں مرحوم کی تدفین کے دوران خورشید شاہ کی جیب کٹ گئی تھی ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور منظو وسان کا موبائل فون غائب ہوگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر بدرمرحوم کی رسم قل آج منعقد کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے علاوہ سیاسی اورسماجی شخصیات نے شرکت کی،پی پی رہنماؤں کو گزشتہ روز کی طرح آج بھی جھٹکا لگا۔

    اس موقع پر پی پی کے سینیٹر سعید غنی اور شوکت بسرا جب واپس جانے لگے تو انکشاف ہوا کہ ان کے جوتے چوری ہوگئے ہیں جس کے باعث انہیں ننگے پاؤں اپنی گاڑی تک جانا پڑا۔


    مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی کے رہنما جہانگیر بدر انتقال کرگئے


    واضح رہے کہ گزشتہ روز مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین کے دوران اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اپنی نقدی اور موبائل فون سے محرم ہوگئے تھے۔

    جیب کتروں نے اپنے ہاتھ کی صفائی دکھاتے ہوئے خورشید شاہ کی جیب کا صفایا کیا اور 15 ہزار روپے کی نقدی لے اڑے، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر منظور وسان کی جیبوں سے ان کے قیمتی موبائل فون غائب کردیے گئے۔