Tag: شوگر

  • اب اسمارٹ فون بھی شوگر کی تشخیص کرسکتا ہے

    اب اسمارٹ فون بھی شوگر کی تشخیص کرسکتا ہے

    کیلی فورنیا: ذیابیطس ایک تیزی سے بڑھتا ہوا مرض ہے جس کی وجہ غیر صحت مند طرز زندگی ہے، ذیابیطس کی اسی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے ایک ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک عام اسمارٹ فون کو بھی ذیابیطس کی تشخیص کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ماہرین نے ایک نئی تکنیک سے اسمارٹ فون کیمرے کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کی 80 فیصد درستگی سے شناخت کر سکتا ہے، یونیورسٹی کے ماہرین نے ذیابیطس کی شناخت کے لیے ایک خاص الگورتھم بنایا ہے جو کیمرے کی مدد سے ذیابیطس کا نشاندہی کرتا ہے۔

    اس عمل کو طب کی زبان میں فوٹو پلائتھسموگرافی (پی پی جی) کہا جاتا ہے۔ اس تکنیک میں روشنی کو کسی کھال یا بافت (ٹشو) پر ڈالا جاتا ہے جس سے خون کے حجم میں کمی بیشی کو نوٹ کیا جاتا ہے۔

    بالکل اسی طرح سے شہادت کی انگلی پر سینسر لگا کر خون میں آکسیجن کی مقدار اور دھڑکن کو بھی معلوم کیا جاتا ہے۔

    اس کے لیے پہلے ایک الگورتھم بنایا گیا اور پھر غور کیا گیا کہ آیا اسمارٹ فون کیمرہ ذیابیطس کی وجہ سے خون کی رگوں کو پہنچنے والے کسی نقصان یا تباہی کو ظاہر کر سکتا ہے یا نہیں؟

    اس کے بعد پی پی جی کی لاکھوں ریکارڈنگز کو ایک بڑے ڈیٹا بیس میں رکھا گیا اور انہیں تربیت دی گئی تاکہ وہ صحت مند اور بیمار بافتوں کے درمیان فرق کر سکے۔ اس کے بعد پی پی جی ٹیکنالوجی کو ذیابیطس کی شناخت کے لیے استعمال کیا گیا۔

    اس پورے تجربے میں کل 53 ہزار سے زائد 26 لاکھ پی پی جی ریکارڈنگز کو دیکھا گیا اور تمام افراد میں ذیابیطس کی درست شناخت ہوئی۔

    دوسرے تجربے میں لوگوں کے 3 گروہوں کا اسمارٹ فون کیمرے سے جائزہ لیا گیا اور ان کی انگلیوں پر کیمرے لگائے گئے۔ پورے سسٹم نے 80 فیصد درستگی کے ساتھ ذیابیطس کی شناخت کی۔

    اس طرح ماہرین نے اسے کم تکلیف والا ٹیسٹ قرار دیا ہے جس کی بدولت عام اسمارٹ فون کے ذریعے ذیابیطس کی شناخت کی جاسکتی ہے۔

  • حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی

    حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی

    اسلام آباد: ذرایع نے کہا ہے کہ حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف آج بڑا فیصلہ کرے گی، رپورٹ کی روشنی میں متعین کرداروں سے متعلق فیصلہ اعلیٰ سطح اجلاس میں ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان اس اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شوگرانکوائری رپورٹ میں ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کے خلاف ایکشن کا فیصلہ ہوگا، اجلاس میں چینی بحران میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات دائر کرنے کا بھی فیصلہ ہوگا۔

    اجلاس کے بعد کیے گئے فیصلوں کا اعلان وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کریں گے۔

    شبلی فراز نے اس سلسلے میں آج ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نے شوگر مافیا کی سرپرستی اور فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا ہے، وزیر اعظم کا وعدہ جلد پورا ہوگا، آج بنی گالہ میں انتہائی اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس ہوگی۔ شہزاد اکبر نے بھی ٹویٹ میں لکھا شوگر کمیشن رپورٹ پر فیصلے منظوری کے لیے آج وزیر اعظم کو پیش کیے جائیں گے، وزیر اعظم کو مخصوص پینل ایکشنز، ریگولیٹری اقدامات اور ریکوری میکنزم پیش کیا جائے گا، ایکشن کا آغاز آج سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ 31 مئی کو وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا 15 دنوں میں چینی بحران میں ملوث تمام لوگ بے نقاب ہو جائیں گے۔ ادھر اپوزیشن کا بھی مطالبہ ہے کہ آٹا چینی بحران کے اصل ذمہ داران کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے۔

    یاد رہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں تحقیقاتی رپورٹ کا فرانزک کرنے کے لیے بننے والے 6 رکنی تحقیقاتی کمیشن نے حتمی رپورٹ میں جہانگیر ترین، مونس الہیٰ، اومنی گروپ اور مخدم خسرو بختیار کے بھائی عمر شہریار کو چینی بحران کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

    رپورٹ میں کمیشن نے چینی بحران کا ذمہ دار ریگولیٹرز کو قرار دیا ہے، جن کی غفلت کے باعث چینی بحران پیدا ہوا اور قیمت بڑھی، کمیشن نے کیسز نیب، ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کو بھجوانے کی سفارش کی ہے۔

  • ذیابیطس میں مبتلا باکسر محمد علی کی مسلسل چھٹی باؤٹ میں کامیابی

    ذیابیطس میں مبتلا باکسر محمد علی کی مسلسل چھٹی باؤٹ میں کامیابی

    بولٹن: برطانوی شہر بولٹن میں پاکستانی نژاد باکسر محمدعلی نے اپنے کیرئیر کی مسلسل چھٹی فائٹ بھی اپنے نام کر لی، ذیابیطس میں مبتلا باکسر نے فتح کے بعد اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر محمد علی نے پاکستان میں ذیابطیس کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے چھٹی باؤٹ جیتنے کے بعد کہا کہ میں پاکستان میں ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے مدد کرنے کا خواہش مند ہوں۔

    انھوں نے کہا میں ذیابیطس اور ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے لیے اپنی خدمات دینا چاہتا ہوں، پاکستان میری دھرتی ہے، اس کے لیے ہمیشہ حاضر ہوں، عمران خان اسپورٹس مین ہیں، وہ مدد کریں تو یہ ممکن ہو سکتا ہے۔

    قبل ازیں، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر محمد علی نے مسلسل چھٹی باؤٹ میں کام یابی حاصل کر لی ہے، محمد علی تمام راؤنڈز میں اپنے مخالف نیتھن ہارڈی پر حاوی رہے اور رِنگ میں اترتے ہی مخالف پر تابڑ توڑ وار کر کے فائٹ اپنے نام کی۔

    خیال رہے کہ باکسر محمد علی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں، وہ برطانوی باکسنگ فیڈریشن کی تاریخ کے پہلے ذیابیطس میں مبتلا باکسر ہیں۔

  • نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے، شوگر کنٹرول کر رہے ہیں، ڈاکٹر محمود ایاز

    نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے، شوگر کنٹرول کر رہے ہیں، ڈاکٹر محمود ایاز

    لاہور: پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے، شوگر کنٹرول کر رہے ہیں، دوران علاج نوازشریف کودل کا اٹیک ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسرمحمود ایاز نے کہا کہ نوازشریف کو محدود چہل قدمی اور ورزش سمیت کھانے پینے کے حوالے سے بھی اجازت دے دی۔

    انہوں نے کہا کہ نواشریف کا بلڈ پریشر کنٹرول ہے، شوگر کنٹرول کر رہے ہیں، دوران علاج نوازشریف کودل کا اٹیک ہوا تھا۔

    سربراہ میڈیکل بورڈ نے کہا کہ ہم نے کچھ جینٹک ٹیسٹ تجویز کیے ہیں، خون کی بند شریانوں کے لیے بھی ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی تشخیص مکمل طور پر کرچکے ہیں، آئی ٹی پی کا علاج ہو رہا ہے۔

    پروفیسر محمود ایاز نے کہا کہ نوازشریف کے سیکڑوں کی تعداد میں ٹیسٹ کیے ہیں، جینٹک ٹیسٹ بیرون ملک سے ہوتے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ جینٹک ٹیسٹ کے لیے مریض کو باہر جانا ہوتا ہے یا نمونے بھیجے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر نے کہا کہ میں اس پر جواب نہیں دینا چاہتا۔

    سربراہ میڈیکل بورڈ نے کہا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 2 ہزار تک کم ہوئے تھے، نوازشریف کے پلیٹ لیٹس اتنی کم تعداد میں آنے سے مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے نوازشریف کے علاج کو براہ راست دیکھا۔

  • سابق وزیراعظم کی حالت تشویش ناک ہے، زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ڈاکٹر عدنان

    سابق وزیراعظم کی حالت تشویش ناک ہے، زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ڈاکٹر عدنان

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی حالت تشویش ناک ہے، زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، شوگراور بلڈپریشرکی وجہ سے طبیعت خراب ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ نوازشریف کی حالت تشویش ناک ہے، زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ پلیٹ لیٹس اورعارضہ قلب کی بیماری مزید پیچیدہ ہوگئی ہے، نوازشریف کے گردوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے، شوگر اور بلڈپریشر کی وجہ سے طبیعت خراب ہو رہی ہے۔

    سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج نے مزید کہا کہ نوازشریف کی بیماریوں سے متعلق ابہام دور نہیں ہو پا رہا ہے، صحت کے سنگین مسائل کی وجہ سے نوازشریف کو خطرات ہیں۔

    واضح رہے کہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق مریض کے پلیٹلیٹس امراض قلب کے لیے دی جانے والی ادویات کے باعث کم اور زیادہ ہو رہے ہیں تاہم مرض کی تشخیص ہونا ابھی باقی ہے۔

  • ناشتے میں دلیے کا استعمال شوگر سے بچاﺅ میں معاون ہوسکتا ہے،امریکی تحقیق

    ناشتے میں دلیے کا استعمال شوگر سے بچاﺅ میں معاون ہوسکتا ہے،امریکی تحقیق

    واشنگٹن:امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ناشتے میں دلیے کا استعمال ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ کافی حد تک کم کردیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی،تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دلیے میں شامل فائبر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرے کو کم کردیتا ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 26 گرام فائبر کا استعمال ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ 18 فیصد تک کم کردیتا ہے۔

    محققین کا کہنا تھا کہ فائبر ایک ایسا جز ہے جو لوگوں کو صحت مند وزن برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے اور اس طرح ذیابیطس کے شکار ہونے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے اور اس کے لیے ناشتے میں دلیے کا انتخاب بہترین ہے۔

    تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دن بھر میں 10 گرام فائبر کا استعمال بھی ذیابیطس کے خطرے کو 9 فیصد تک کم کردیتا ہے،تحقیق کے نتائج سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جن افراد کی غذا میں دلیہ شامل ہوتا ہے ان میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

    ریسرچرز کا کہنا تھا کہ ابھی یہ درست طور پر بتانا تو ممکن نہیں کہ اس کی وجہ کیا ہے تاہم ممکنہ طور پر دلیے کے استعمال سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس سے جسمانی وزن صحت مند رہتا ہے اور ذیابیطس کا خطرہ خودکار طور پر کم ہوجاتا ہے۔

  • وہ غذائیں جو جھوٹ بول کر بیچی جاتی ہیں

    وہ غذائیں جو جھوٹ بول کر بیچی جاتی ہیں

    آج کل کے تیز رفتار دور میں کسی پراڈکٹ کی کامیابی اس بات پر انحصار کرتی ہے کہ اسے کتنی اچھی طرح پیش کیا گیا، کسی پراڈکٹ کی جتنی اچھی مارکیٹنگ کی جائے گی وہ اتنی ہی زیادہ فروخت ہوگی۔

    قطع نظر اس کے، کہ کوئی پراڈکٹ ہمارے کام کی ہے یا نہیں، اگر کھانے کی چیز ہے تو ہمارے لیے صحت مند ہے یا نہیں، ہم اکثر اشیا خوش کن اشتہارات دیکھ کر انہیں خرید لیتے ہیں، ان اشیا میں کھانے پینے کی اشیا بھی شامل ہیں۔

    ہم گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے یہ فرض کر لیتے ہیں کہ فلاں جوس یا فلاں ڈبہ بند شے ہمیں صحت و توانائی فراہم کرسکتی ہے، یا کوئی کولڈ ڈرنک پیتے ہی ہمیں خوشیوں کا کوئی نیا جہاں مل جائے گا، تاہم یہ صرف ایک دھوکے کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا۔

    مزید پڑھیں: غذائی اشیا میں کی جانے والی جعلسازیاں

    آج ہم آپ کو فوڈ انڈسٹری کے ایسے ہی کچھ دھوکوں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جو جھوٹے اشتہارات دکھا کر ہمیں دیے جاتے ہیں اور ہم بغیر کچھ سوچے سمجھے انہیں خرید کر اپنے جسم کا ایندھن بناتے ہیں، نتیجے میں ہمیں موٹاپے، ذیابیطس اور بلڈ پریشر سمیت بے شمار بیماریاں ملتی ہیں۔

    فروٹ جوس

    ٹی وی پر چلتے ہوئے اشتہار میں تازہ پھل جنہیں درخت سے توڑا جاتا ہے، اور ان پھلوں کا رس نکالنا، کیا آپ کو واقعی ایسا لگتا ہے کہ آپ جو ڈبہ بند جوس پی رہے ہیں وہ یہی پھلوں سے نکالا ہوا رس ہے؟ تو اپنی غلط فہمی دور کرلیں۔

    گھر میں نکالا گیا فروٹ جوس تو صحت بخش ہوسکتا ہے، تاہم ڈبہ بند فروٹ جوس میں رنگ اور مصنوعی مٹھاس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہوتا۔ انہیں تازہ اور ذائقہ دار رکھنے کے لیے ڈالے گئے کیمیکل، چینی اور رنگ آپ کو بے شمار طبی مسائل میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

    چینی

    کیا آپ جانتے ہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم چینی کی لت کے ایسے ہی عادی ہوسکتے ہیں جیسے کوکین کا عادی ہوجانا، یہی وجہ ہے کہ بڑی فوڈ انڈسٹریز اپنی مصنوعات میں چینی کا بے تحاشہ استعمال کرتی ہیں تاکہ آپ کو ان اشیا کی لت لگ جائے اور آپ بار بار وہ شے خریدیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق امریکی گروسری اسٹورز پر رکھی جانے والی 70 فیصد مصنوعات میں چینی کی آمیزش ہوتی ہے۔

    گو کہ ہمارے جسم اور دماغ کو شوگر کی ضرورت ہوتی ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ چینی کو اپنے ہر کھانے کا لازمی جز بنا لیں اور جب بھی کچھ کھائیں تو وہ میٹھا ہی ہو۔

    اعتدال میں رہ کر چینی کا استعمال جسم کے لیے فائدہ مند ہے ورنہ یہ سخت نقصان دہ بن سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: تازہ سبزیوں کی زہریلی حقیقت آپ کو پریشان کردے گی

    سوڈا ڈرنک

    سوڈا ڈرنکس کے اکثر اشتہارات میں آپ کو باور کروایا جاتا ہے کہ ایک کین پیتے ہی آپ خود کو خوش و خرم محسوس کریں گے اور آپ کے اندر مثبت خیالات پیدا ہوں گے، کچھ ڈرنکس آپ کو توانائی سے بھردیں گی اور آپ بے اختیار خطرے کو گلے لگانے کے لیے لپکیں گے۔۔ یہ صرف ایک دھوکہ ہے اور کچھ نہیں۔

    ان کولڈ ڈرنکس / سوڈا ڈرنکس کے نقصانات کے حوالے سے تمام سائنسی و طبی ماہرین متفق ہیں۔ یہ موٹاپے، معدے اور سینے مین جلن اور تکلیف کا سبب بنتی ہیں۔

    کولڈ ڈرنکس کی تیاری میں بے تحاشہ شوگر، کیمیکلز اور مصنوعی رنگ ملائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے زہر کی حیثیت رکھتے ہیں اور آہستہ آہستہ آپ کے جسم کو ختم کردیتے ہیں۔

    ڈائٹ سوڈا

    ایک اور دھوکہ ان ڈرنکس کے ساتھ ’ڈائٹ‘ کا لفظ لگا کر دیا جاتا ہے، لیکن درحقیقت یہ جسم کے لیے عام ڈرنکس سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہیں۔

    ڈائٹ مشروبات میں شامل مٹھاس عام میٹھے کی نسبت زیادہ میٹھی ہوتی ہے جبکہ اس میں کیمیکلز بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ یہ جسم میں جا کر آنتوں کے خلیات کو شید طور پر متاثر کرتی ہیں۔

    ڈائٹ مشروبات دل کے دورے اور فالج کے خطرے میں 43 فیصد اضافہ کر دیتے ہیں جبکہ امریکا میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق مصنوعی مٹھاس کی آمیزش والے مشروبات ہڈیوں کو کمزور اور بھربھرا بنا دیتے ہیں۔

    ان دھوکوں کی واقفیت حاصل کرنے کے بعد کیا اب بھی آپ یہ دھوکہ کھانا چاہیں گے؟

  • ماہ رمضان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے احتیاطی تدابیر

    ماہ رمضان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے احتیاطی تدابیر

    ماہ رمضان کا آغاز ہوا ہی چاہتا ہے اور ایسے میں ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ روزوں اور عبادتوں کے ذریعے اس ماہ فضیلت کی برکات کو زیادہ سے زیادہ سمیٹ لے۔

    تاہم اس ماہ میں ذیابیطس کے موذی مرض کا شکار افراد نہایت تکلیف میں مبتلا ہوجاتے ہیں کیونکہ روزہ رکھنے کی صورت میں بعض اوقات ان کی طبیعت بھی خراب ہوسکتی ہے۔

    ماہرین اس ماہ میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے چند احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں جنہیں اپنا کر وہ بھی اس مقدس ماہ کے فیوض و برکات حاصل کرسکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض رمضان کی آمد سے قبل اپنے معالج سے مشاورت کریں تاکہ معالج اپنے مریض کی بیماری کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں درست رہنمائی فراہم کرسکے۔

    ماہر طب اور جرنل آف ڈایابیٹلوجی کے نگران پروفیسر عبد الباسط کا کہنا ہے، ’ذیابیطس کے مریض اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنے سے پرہیز کرتے ہوئے روزے رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق کریں‘۔

    انہوں نے پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ہر مریض کی ذاتی علامات کے مطابق انفرادی منصوبہ بندی اور دیکھ بھال کی ضرورت پر زور دیا۔

    رمضان میں کون سی غذائیں کھائی جائیں؟

    ماہرین کےمطابق برکتوں کے اس مہینے میں روزے دار عموماً لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور غیر صحت بخش کھانے مثلاً تلی ہوئی اشیا، کاربو ہائیڈریٹس، چکنائی سے بھرپور پکوان اور میٹھے مشروبات کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں۔

    یہ لاپرواہی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

    علاوہ ازیں (ذیابیطس کا شکار) روزے دار افطار کے بعد وقفوں وقفوں میں کھانے کے بجائے بسیار خوری کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ ان عادات سے خون میں گلوکوز پر قابو پانے میں ناکامی ہوجاتی ہے اور شوگر کا لیول خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

    ماہرین نے مشورہ دیا کہ دوران رمضان غذا میں تازہ پھل، سبزیاں اور دہی کا استعمال کیا جائے جبکہ افطار میں صرف 2 کھجوریں کھائی جائیں۔

    شوگر کی دوائیں

    رمضان سے قبل معالج سے دواؤں کا تعین کروانا ازحد ضروری ہے۔

    دوران رمضان دوا کا وقت سحر اور افطار کردیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں انسولین کی مقدار اور خواراک میں بھی تبدیلی کی جاتی ہے جو کہ معالج مریض کی حالت کےمطابق کرتا ہے۔

    ماہر طب پروفیسر محمد یعقوب کے مطابق، ’مریضوں کو اپنے معالجین سے دوائی کی مقدار اور اوقات کی کمی بیشی، کھانے اور مشروبات کے استعمال، جسمانی سرگرمیوں، خون میں گلوکوز کی از خود نگرانی کے بارے میں پوچھنا چاہیئے۔ مریض کو علم ہونا چاہیئے کہ اسے خون میں شوگر کی مقدار میں کتنی کمی یا بیشی پر روزہ توڑ دینا چاہیئے تاکہ اسے جان کا خطرہ لاحق نہ ہو‘۔

    شوگر کے مریضوں کے لیے ہدایت نامہ

    ڈایابٹیز اینڈ رمضان انٹرنیشنل الائنس کے جاری کردہ رہنما عالمی ہدایت نامے میں شوگر کے مریضوں کو مندرجہ ذیل ہدایات اپنانے پر زور دیا جاتا ہے۔

    رمضان سے قبل مجموعی طور پر بلڈ پریشر، ذیابیطس اور خون میں کولیسٹرول کا لیول معلوم کریں اور تمام رپورٹس اپنے معالج کو دکھائیں۔

    ایسے افراد روزہ رکھنے سے اجتناب برتیں:

    اگر کسی شخص کی شوگر کنٹرول میں نہیں رہتی۔

    اگر پچھلے 3 ماہ کے دوران کسی کی شوگر بہت کم یا بہت زیادہ رہی ہو۔

    ذیابیطس کی مریض حاملہ خواتین

    وہ افراد جن کے گردے، آنکھیں یا اعصاب ذیابیطس سے شدید متاثر ہوچکے ہوں۔

    ایسے افراد جو پچھلے دنوں شدید بیمار رہے ہوں۔

    گردوں کا ڈائلاسس کروانے والے مریض۔

    ذیابیطس اول قسم کے مریض معالج کے مشورہ سے روزہ رکھ سکتے ہیں۔

    یاد رکھیں

    روزے کے دوران انسولین لگانے، اور شوگر کا ٹیسٹ کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

    ورزش کے عادی افراد

    ذیابیطس کا شکار ایسے افراد جو ورزش کے عادی ہوں رمضان میں بھی ہلکی پھلکی ورزش کر سکتے ہیں تاہم سخت ورزش سے پرہیز کریں۔

    گو کہ تراویح پڑھنا بھی ورزش کا متبادل ہے تاہم پھر بھی ورزش کرنا چاہیں تو روزہ کھولنے کے 2 گھنٹے بعد ورزش کرنا مناسب ہے۔

    ورزش کرنے سے قبل خون میں گلوکوز کی سطح ضرور چیک کریں۔

    روزہ کب ختم کیا جائے؟

    شوگر کے مریضوں کو ان صورتوں میں فوری طور پر روزہ کھول لینا ضروری ہے۔

    افطار سے کئی گھنٹے قبل اگر خون میں گلوکوز کا لیول 70 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہوجائے۔

    دن کے ابتدائی حصے میں خون میں شوگر کی سطح 80 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہو رہی ہو تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں یا روزہ کھول لیں۔

    خون میں شوگر کی سطح 300 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے بلند ہوجائے تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔

    اگر روزہ کھولنے میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ باقی ہو اور اس دوران خون میں شوگر کی مقدار 80 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہوجائے تو فوراً تمام کام چھوڑ کر آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں اور ہر آدھے گھنٹے بعد شوگر چیک کرتے رہیں۔

    مندرجہ بالا ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذیابیطس کا شکار افراد بھی رمضان کے فیوض و برکات سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

  • حافظ قرآن شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں ، نئی تحقیق

    حافظ قرآن شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں ، نئی تحقیق

    جدہ : تحقیق میں یہ بات سامنے آئی حافظ قرآن افراد کا دماغ عام افراد سے زیادہ قوی ہوتا ہے، جس سے وہ دیگر بیماریوں مثلاََ شوگر ، بلڈ پریشر اور ڈپریشن سے محفوظ رہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قرآن کریم کی کرامات و معجزات بے شمار و لاثانی ہیں جن میں کسی قسم کی شک کی گنجائش ہی نہیں ہوتی ، عظیم آسمانی کتاب میں بنی نوع انسان کی ہدایت و رہنمائی ، اصلاح و بھلائی کے قواعد و ضوابط موجود ہیں ۔

    صدیوں سے علماومفکریں اس عظیم کتاب پر تحقیق کرتے ہیں اور نئے نئے معجزات سامنے آتے ہیں ۔

    سعودی اخبار کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبے القصیم یونیورسٹی کے شعبہ طب میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ حافظ قرآن افراد کا دماغ عام افراد سے زیادہ قوی ہوتا ہے، 81 فیصد حفاظ شوگر ، بلند فشار خون کے علاوہ ڈپریشن کا مرض لاحق نہیں ہوتا۔

    قصیم یونیورسٹی کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے کافی عرصے تک متعدد افراد کا جائزہ لیااور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جنہوں نے کم از کم 10 سپارے حفظ کررکھے ہیں، ان میں ڈپریشن 81 فیصد ، شوگر 71 فیصد اور بلڈ پریشر کا مرض 64 فیصد ان افراد کے مقابلے میں کم ہے جنہوں نے محض چند صورتیں ہی حفظ کی ہیں ۔

    طبی تحقیقی ٹیم نے بریدہ کی مساجد سے لوگوں کا انتخاب کیا جن کی عمر55 برس اور اس سے زائد تھی۔

  • نوازشریف کی شوگراوربلڈپریشرکنٹرول میں ہے‘ ڈاکٹرعاصم

    نوازشریف کی شوگراوربلڈپریشرکنٹرول میں ہے‘ ڈاکٹرعاصم

    لاہور: ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے روزانہ کی بنیاد پرٹیسٹ ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم حمید نے کہا کہ نوازشریف کے دیگراسپتالوں میں علاج کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹس کے لیے اہل خانہ اورجیل حکام کوآگاہ کردیا گیا ہے، نوازشریف کے روزانہ کی بنیاد پرٹیسٹ ہورہے ہیں۔

    ایم ایس جناح اسپتال نے کہا کہ شوگراوربلڈپریشرکی پہلے سے جاری دوائیں ہی استعمال کی جائیں گی، نوازشریف کی شوگراوربلڈ پریشرکنٹرول میں ہے۔

    ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق متعلقہ افراد کوہی ملاقات کی اجازت ملتی ہے، میڈیکل بورڈرپورٹس فائنل ہونے کے بعد محکمہ داخلہ کوبھیجے گا۔

    ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹرعاصم حمید نے کہا کہ رپورٹس فائنل ہونے کے بعد میڈیا کوآگاہ کیا جائے گا۔

    نوازشریف سے شہبازشریف اورمریم نوازکی ملاقات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور مریم نواز نے جناح اسپتال میں سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی تھی۔

    واضح رہے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سات سال قید اور ساڑھے تین ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد ان کی درخواست پر اڈیالہ کے بجائے کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔