کراچی : بیوی نے تنگ آکر شوہر کو قتل کر ڈالا ، مقتول نشے کا عادی اور اہلیہ پر روز تشدد کرتا تھا۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں بیوی نے شوہر کو قتل کردیا، پولیس نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا اور اہلخانہ نے چھپانے کی کوشش کی۔
مقتول کےاہلخانہ تدفین کرنےجارہے تھے کہ اطلاع پر پولیس پہنچی تاہم فائرنگ میں ملوث ملزمہ فرار ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
مقتول کے چچا نے بتایا کہ مقتول نشے کا عادی اور اہلیہ پر روز تشدد کرتا تھا ، مقتول کی بیوی نے تنگ آکر شوہرپرفائرنگ کی۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقہ ملیر میں پولیس نے شہری کے قتل میں ملوث مقتول کی بیوی اور اس کے آشنا کو گرفتار کرکے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان ایک نجی بلڈ بینک میں کام کرتے ہیں اور شادی کرنا چاہتے تھے، اس مقصد کیلئے ملزمان نے مقتول سہیل کے قتل کو ڈکیتی میں مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی۔
بعد ازاں مقتول کی بیوی ملزمہ سدرہ کے موبائل فون سے ملنے والی معلومات نے بھانڈا پھوڑ دیا، ملزمہ نے قتل کے روز کاشف کو سہیل کے گھر سے نکلنے کی خبر دی تھی۔