انسان کی زندگی میں بہت سی مشکلات اور مصائب آتے ہیں جن پر قابو پانے یا ان کا سامنا کرنے کیلئے باہمت ہونا بہت ضروری ہے، جو ان مسائل سے نبرد آزما ہوکر اس کا ہمت سے مقابلہ کرے وہی انسان کامیاب کہلاتا ہے۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ایسی ہی ایک بہادر خاتون شائمہ ظہیر نے اپنی داستان سنائی جسے سننے والے دنگ رہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ میری زندگی بہترین طریقے سے گزر رہی تھی میرے شوہر بہت محبت اور نرمی کا برتاؤ کرتے تھے کبھی زندگی میں کوئی پریشانی تک نہیں آنے دی۔
انہوں نے بتایا کہ مجھے باہر کی دنیا کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا ہر چیز باآسانی گھر پر ہی میسر تھی حتیٰ کے شاپنگ بھی جلدی جلدی کیا کرتے تھے کیونکہ میرے شوہر اپنے کاروبار میں اتنے مصروف ہوتے تھے کہ وقت ہی نہیں ملتا تھا۔
اپنی کہانی سناتے ہوئے شائمہ ظہیر کا کہنا تھا ایک دن مجھے اسپتال سے فون آیا کہ آپ کے شوہر کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے وہاں پہنچی تو معلوم ہوا کہ وہ کوما میں چلے گئے ہیں کئی دن بعد ہوش میں آئے تو ان کی یادداشت 15 سال پیچھے چلی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ باتیں میں نے فلموں اور ڈراموں میں دیکھی تھیں جو سچ بن کر میرے سامنے آئیں، بہرحال کافی دن اسپتال میں رہنے کے بعد شوہر کو گھر لے آئی اور باقی علاج گھر پر ہی ہوا ۔
اس دوران گھریلو اخراجات اور شوہر کا کاروبار چلانے کیلیے بڑی رقم کی ضرورت تھی تو میں نے لون لے کر سارے معلاملات چلائے اور ان کے سکھائے ہوئے طریقے پر میں نے عمل کرکے اس پریشانی کا کامیابی سے سامنا کیا۔