Tag: شوہر

  • شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت، بیوی خلع کے لیے عدالت پہنچ گئی

    ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون اپنے شوہر کی ویڈیو گیم کھیلنے کی لت سے تنگ آ کر عدالت پہنچ گئیں، خاتون کا مطالبہ ہے کہ انہیں خلع دلوائی جائے تاکہ وہ اس اذیت ناک زندگی سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی خاتون نے شوہر کی بے اعتنائی پر علیحدگی کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں، خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر انتہائی بے پروا ہے، کمپیوٹر گیم میں اس قدر گم رہتا ہے کہ نہ اسے میرا خیال ہے اور نہ بچوں کا۔

    مقامی لا فرم میں درخواست دائر کرتے ہوئے خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی بے اعتنائی اور بے پروائی سے تنگ آچکی ہے، شوہر گھر آتے ہی گھنٹوں اپنے موبائل پر مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے اس کا عائلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

    خاتون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اس کا شوہر نہ تو اس کا خیال رکھتا ہے اور نہ ہی بچوں کا، اسے بس اپنے کھیل سے ہی فرصت نہیں ملتی جس کی وجہ سے اس کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

    خاتون نے متعدد بار شوہر سے طلاق دینے کا مطالبہ بھی کیا لیکن وہ نہیں مانتا لہٰذا اب انہوں نے وکیل سے رجوع کیا ہے تاکہ عدالت کے ذریعے خلع حاصل کر کے اس زندگی سے چھٹکارہ حاصل کر سکیں۔

    مذکورہ لا فرم خاتون کے کیس کا مطالعہ کررہی ہے تاکہ اس کی جانب سے عدالت میں خلع کا مقدمہ دائر کیا جائے۔

    اس ضمن میں ماہرین نفسیات کا کہنا تھا کہ بعض اوقات معمولی سی باتیں وجہ نزاع بن جاتی ہیں، ایسے میں فریقین کو چاہیئے کہ وہ حوصلے اور تدبر سے کام لیں کیونکہ شوہر اور بیوی کا علیحدہ ہو جانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس عمل کے منفی اثرات بچوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

  • بیوی کو آگ سے بچاتے ہوئے شوہر نے جان دیدی

    بیوی کو آگ سے بچاتے ہوئے شوہر نے جان دیدی

    ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں بیوی کو آتشزدگی سے بچاتے ہوئے شوہر خود جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست ام القوین میں پیش آیا جہاں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس گئے۔

    مکینوں نے بتایا کہ خاتون اپارٹمنٹ کی راہداری میں موجود تھی کہ اس دوران شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی تو چیخ و پکار سن پر کمرے میں موجود شوہر بھاگتا ہوا آیا اور بیوی کو بچاتے ہوئے خود جھلس گیا۔

    دونوں کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی تاہم شوہر کی حالت تشویشناک ہونے پر ابوظہبی منتقل کیا گیا۔

    man, save, wife, uae, apartment fire, dies, hospital

    32 سالہ انیل کا 90 فیصد جسم جھلس چکا تھا جس کے باعث بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے، انیل کئی دن زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز دم توڑ گیا۔

    متاثرہ فیملی کا تعلق بھارتی ریاست کیریلا سے ہے اور ان کا 4 سالہ بچہ بھی ہے، خاتون تاحال اسپتال میں داخل ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • چارپائی کے ساتھ باندھ کر بیوی کا پاؤں کاٹنے والا ظالم شوہر گرفتار

    چارپائی کے ساتھ باندھ کر بیوی کا پاؤں کاٹنے والا ظالم شوہر گرفتار

    مظفر گڑھ: پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے ایک علاقے میں بیوی کو چارپائی کے ساتھ باندھ کر بیوی کا پاؤں کاٹنے والا ظالم شوہر گرفتار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چند دن قبل مظفر گڑھ کے علاقے پتی سلطان محمود میں ایک ظالم شوہر عتیق الرحمٰن نے بیوی کو پیسے نہ دینے پر چارپائی سے باندھا اور اس کا پاؤں کاٹ ڈالا، پولیس نے اسے آج گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم عتیق نشے کا عادی ہے، اور اس نے پیسے نہ ملنے پر بیوی کا پاؤں کاٹ دیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چند دن قبل مظفر گڑھ تھانہ سنانواں کی حدود میں پیش آیا تھا، ظالم شوہر نے پیسے نہ دینے پر اپنی بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے چارپائی کے ساتھ باندھ کر بایاں پاؤں ٹخنے سے اوپر کاٹ دیا، شور شرابا کرنے پر خاتون کے والد نے آ کر اپنی بیٹی کی جان بچائی۔

    شدید زخمی خاتون کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا تھا، خاتون کے والد نے الزام لگایا کہ ان کا داماد قتل کی نیت سے اپنی بیوی پر تشدد کر رہا تھا، جس پر پولیس نے ملزم عتیق کے خلاف اقدام قتل اور اعضا کاٹنے کے تحت مقدمہ درج کیا۔

  • ’لالچ بری بلا ہے‘ شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    ’لالچ بری بلا ہے‘ شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا

    واشنگٹن: پیسے کی لالچ اور ہوس انسان کو اندھا کردیتی ہے ایسا ہی کچھ ہوا امریکا میں جہاں شوہر نے لائف انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لیے بیوی کو ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اردو کی مشہور کہاوت ہے کہ ’’لالچ بری بلا ہے‘‘ اس میں کوئی شک نہیں کہ مال ودولت کی لالچ انسان کو غلط راستے کی طرف بھی لے جاتی ہے، امریکی ریاست کیرولینا میں لائف انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لیے جوشوا نامی شوہر نے اپنی ہی بیوی کو موت کی نیند سلادیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسٹیسی نامی بیوی کی موت 23 ستمبر 2018 کو ہوئی، جسے ابتدا میں طبعی موت قرار دیا گیا کیوں کہ مذکورہ خاتون دل کے مرض میں بھی مبتلا تھیں، تحقیقات کے بعد حیران کن انکشاف نے شوہر کو بے نقاب کردیا۔

    اسٹیسی کی موت آئی ڈروبس (آنکھوں میں ڈالنے والے قطرے) اور نیزل اسپرے (ناک کے ذریعے پھیپڑوں میں منتقل کرنے والی خاص آکسیجن) سے ہوئی، رپورٹس کے مطابق ان دواؤں کی مقدار 30 سے 40 فیصد بڑھا کر دی گئی جس سے موت واقع ہوئی، بیوی کی موت کے بعد شوہر نے ایٹوپسی(موت کی وجہ سے متعلق تحقیق) کرانے سے بھی انکار کردیا تھا۔

    تاہم اسٹیسی کی ماں کو اپنے داماد پر شک تھا اسی بنیاد پر انہوں نے کیرولینا کی انشورنس کمپنی کو واقعے کی تحقیقات کا کہا اور اسٹیسی کے موجود شدہ خون ٹیسٹ کے بعد حقیقت کھل کر سامنے آگئی اور ملزم پکڑا گیا۔

  • پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    پنشن وصول کرنے کے لیے خاتون نے 11 سال شوہر کی لاش فریزر میں چھپائے رکھی

    اوٹاہ: امریکا میں 75 سالہ خاتون 11 سال تک اپنے شوہر کی لاش فریزر میں چھپا کر اس کی پنشن وصول کرتی رہی۔

    امریکی ریاست اوٹاہ میں پولیس کو معمول کے ویلفیئر چیک کے دوران، جس میں اکیلے رہنے والے اور بزرگ افراد سے ان کا حال چال دریافت کیا جاتا ہے، ایک گھر سے 75 سالہ خاتون مردہ حالت میں ملیں۔

    پولیس نے لاش کو سرد خانے بھجوا کر جب گھر کی چیکنگ کی تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب فریزر سے خاتون کے شوہر کی لاش برآمد ہوئی۔ خاتون نے اپنے شوہر کے بارے میں مشہور کر رکھا تھا کہ وہ ناراض ہو کر انہیں چھوڑ کر کہیں چلا گیا ہے۔

    پولیس اس بارے میں تحقیق کر رہی ہے کہ آیا خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کیا یا وہ کسی وجہ سے انتقال کر گیا اور خاتون نے اس کی لاش فریزر میں چھپا دی۔

    پولیس کے مطابق خاتون نے یہ حرکت ممکنہ طور پر اپنے شوہر کی پنشن وصول کرنے کے لیے کی۔ 11 سال کے عرصے کے دوران خاتون نے 1 لاکھ 77 ہزار ڈالرز حاصل کیے۔

    پولیس کو گھر سے ایک خط بھی ملا جو شوہر کی جانب سے لکھا گیا تھا اور اس میں درج تھا کہ ’میری موت میں میری بیوی کا کوئی ہاتھ نہیں‘۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے خاتون نے خود ہی یہ خط لکھ رکھا ہو۔

    پولیس نے مکان کو سیل کر کے کیس کی تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

  • بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    نئی دہلی : بھارت شہر لکھنؤ میں شوہر نے چیونگم نہ کھانے پر بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راشد کے خلاف مسلم وومن پروٹیکشن رائٹس آن میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی سول عدالت میں میاں، بیوی موجود تھے، جہاں راشد نے اپنے بیوی سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا،اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ راشد کی اہلیہ سیمی نے سسرالیوں کے خلاف جہیز کے نام پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعت کے لیے دونوں عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ سماعت سے قبل راشد کی اہلیہ اپنے وکیل سے بات کررہی تھی کہ اس دوران راشد نے سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن اس نے قبول کرنے سے انکار کردیا، اہلیہ کے انکار پر راشد کو غصہ آیا اور اس نے سیمی کے وکیل کے سامنے ہی ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق قابل سزا جرم ہے۔

    ایس ایچ او پانڈے نے بتایا کہ سیمی کی راشد سے 2004 میں شادی ہوئی تھی بعدازاں سسرال والوں کی جانب سے جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر سیمی نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راشد کے خلاف مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو بھارت میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر پہلی گرفتاری عمل میں آئی تھی،اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا،بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہے۔

    بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی، جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ کام ضروری ہے لیکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اس کے تحت مسلمان مردوں کو غیر منصفانہ طور پر سزا دی جائے گی۔

  • بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے، شوہر کی عدالت میں فریاد

    بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے، شوہر کی عدالت میں فریاد

    نئی دہلی : میری بیوی کھانے میں صرف لڈو دیتی ہے مجھے طلاق چاہیے، بھارتی عدالت نے شوہر کی درخواست پر اہلیہ کو عدالت میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ کاایک شہری فریاد لیکر عدالت پہنچ گیا ہے جہاں اس نے اپیل کی ہے کہ اسے طلاق چاہیے کیوں کہ اس کی بیوی اسے کھانے میں صرف لڈو ہی دیتی ہے۔

    شہری نے فیملی کورٹ میں روتے ہوئے بتایاکہ اس کی بیوی صبح کے ناشتے میں چار لڈو اورشام کے کھانے میں چار لڈودیتی ہے،ان دونوں اوقات کے دوران دس گھنٹے کا وقفہ ہوتا ہے اوراسے اورکوئی بھی کھانے کی چیز فراہم نہیں کی جاتی ۔

    شہری نے عدالت کو بتایا کہ میری خرابی صحت کے باعث میری اہلیہ ایک تانترک کے پاس چلی گئی تھی جس نے اسے کہا کہ مجھے کھانے میں صبح و شام صرف لڈو کھلاؤ۔شوہر کا کہنا تھا کہ ہماری شادی کو دس برس ہوچکے ہیں اور ہمارے تین بچے بھی ہیں۔

    فیملی کونسلنگ کے حکام کا کہنا تھا کہ ہم جوڑے کی علیحدگی روکنے کےلیے دونوں میں صلح کروانے کی کوشش کریں گے تاہم مذکورہ خاتون کو سمجھانا بہت مشکل ہے کیونکہ اسے پختہ یقین ہے کہ اس کے شوہر کا علاج صبح و شام چار لڈو کھانے میں ہی ہے۔

    شوہر کی فریاد سن کر فیملی کورٹ کے جج بھی حیران وپریشان ہوگئے کہ آخرماجرا کیا ہے تاہم فوری علیحدگی کروانے سے پہلے جج نے شہری کی اہلیہ کو بھی جواب داخل کرانے کے لیے عدالت طلب کر لیا ہے اورمزید سماعت کے لیے کارروائی دوہفتے کے لیے روک دی گئی ہے ۔

  • چوتھی شادی کے خواہاں شوہر پر عدالت میں پہلی بیوی کا تشدد

    چوتھی شادی کے خواہاں شوہر پر عدالت میں پہلی بیوی کا تشدد

    نئی دہلی :چوتھی شادی کرنا شوہر کو بھاری پڑ گیا،پہلی بیوی نے شوہر کو چوتھی شادی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا کو آپے سے باہر ہوگئی اور عدالت میں ہی خاوند کی پٹائی شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست بہار کے ضلع بیتیاہ کے رہائشی ممتاز نامی شخص کو چوتھی شادی کرنا مہنگا پڑ گیا، ممتاز چوتھی شادی کرنے کی نیت سے ضلع ارریہ کی عدالت پہنچا تو خاتون کے ایک عزیز اسے دیکھ کر خاتون کو پہلی بیوی کو مطلع کیا جس کے بعد خاتون بغیر کسی تاخیر کے عدالت پہنچی اور شوہر کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 30 سالہ ممتاز زضلع ارریہ سے تعلق رکھنے والی خاتون سے شادی کرنا چاہا رہا تھا جسے اس نے فیس بک ے ذریعے رابطہ کرکے شادی کےلیے راضی کیا تھا ۔

    بہار پولیس کا کہنا ہے کہ ممتاز ارریہ سے تعلق رکھنے والی خاتون سے شادی کےلیے عدالت پہنچا تو بد قسمتی سے پہلی بیوی کے رشتہ دار نے اسے الرٹ کردیا ، جس کے بعد عدالت میں وہ ایسے مناظر رونما ہوئے جیسے کسی فلم کا سین چل رہا ہو۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ پولیس نے مداخلت کی تو ممتاز نامی شخص کی جان بچ گئی ورنہ پہلی بیوی اور اس کے مشتعل رشتہ دار شوہر کو مار مار کر قتل ہی کردیتے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ مداخلت کرنے پر مشتعل رشتہ داروں نے پولیس کو بھی تشددکا نشانہ بنایا اور پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا تاہم پولیس پھر بھی ممتا زکو ہجوم سے بچانے میں کامیاب رہی۔

    میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ پولیس نے متاثرہ شخص اور ارریہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور پہلی بیوی کی درخواست پر مقدمہ دائر کرکے تفتیش شروع کردی۔

    ارریہ تھانے کے پولیس انسپکٹر کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس لڑکی کو بھی گرفتار کرلیا ہےجسے ممتاز اپنی چوتھی بیوی بنانے کا خواہاں تھا اور لڑکی کے اہل خانہ کو بھی تھانے طلب کیا ہے۔

    انسپکٹر کا کہنا تھا کہ پولیس شوہر اور پہلی بیوی کے بیانات کی تصدیق کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کےبعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سنیں 30 روپے دے دیں! شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

    سنیں 30 روپے دے دیں! شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

    نئی دہلی : بھارت میں ایک شخص نے سبزی خریدنے کےلیے 30روپے مانگنے پر بیوی کو مارکیٹ میں ہی تین طلاقیں دے دیں، زینب کے والد نے بتایا کہ بیٹی اور داماد کے درمیان شادی کے بعد سے ناچاکی جاری تھی۔

    تفصیلات کے مطابق تین طلاقوں کا افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کی راؤجی نامی مارکیٹ میں پیش آیا جب ایک شخص نے معمولی سی بات پر اپنی اہلیہ کو خود سے جدا کردیا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میں 32 سالہ صابر اپنی 30 سالہ اہلیہ زینب کے ساتھ راﺅ جی مارکیٹ میں گھریلو اشیاءکی خریدو فروخت میں مصروف تھا کہاہلیہ زینب سے شاپنگ کے دوران سبزی خریدنے کے لیے 30 روپے مانگ لیے جس پر صابر شدید غصّے میں آگیا اور زینب کو پیچکس سے تشدد کا نشانہ بنانے لگا۔

    واقعے کے عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پیچ کس سے خاتون پر حملہ کرنے کے بعد شوہر نے ایک ہی ساتھ 3 طلاقیں بھی دے دیں۔

    متاثرہ خاتون زینب کے والد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ شادی کے بعد سے ہی ان کی بیٹی اور داماد کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں، صابر نے پہلے بھی میری بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ڈنڈے سے مارا تھا جبکہ زینب کے سسرالیوں نے بھی شروع سے اس کے ساتھ ناروا سلوک رکھا ہے۔

    دوسری جانب دادڑی پولیس اسٹیشن میں صابر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے جس میں شوہر اور اس کے خاندان کی جانب سے لڑکی پر تشدد کرنے کے جرم میں دفعہ 498اے جان بوجھ کر لڑکی کی بے عزتی کرنے اور گھر کا ماحول خراب کرنے پر دفعہ 504 لڑکی کو مجرمانہ دھمکیاں دینے پر دفعہ 506 عائد کی گئی ہے۔

  • کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    کھانے میں مرغی کیوں نہیں لائے؟ بیوی نے شوہر کو قتل کردیا

    بیجنگ : چین میں ایک خاتون نے کھانے کےلیے مرغی کی رانیں نہ لانے پر مبینہ طور پر اپنے شوہر کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی شہر لوئیجنگ گزشتہ ماہ یہ افسوس ناک و حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک بیوی نے شوہر کو چاقو کے وار کرکے اس وقت موت کے گھاٹ اتار دیا جب وہ مرغی کی رانیں لیے بغیر گھر لوٹا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقتول کی زوجہ لاؤ کو پولیس نے دو بچوں کے باپ کو بلیڈ سے قتل کرنے الزام میں گرفتار کررکھا ہے۔

    مقتول شاوؤچنز کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ اس کی اہلیہ کمزور اعصاب کی مالک ہے جو بات بات بہت زیادہ غصّہ ہوجاتی ہے، ملزمہ کا رویہ شادی کے بعد سے ایسا ہی تھا۔

    ملزمہ کے عزیز نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’لاؤ نے اپنے شوہر کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا لیکن شاوؤچنز نے کوئی مزاحمت نہیں کی‘۔

    متاثرہ شخص کے پڑوسی کا کہنا تھا کہ مذکورہ جوڑا جن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی تھی کے گھر سے روزانہ بحث و شور شرابے کی آوازیں آتی تھیں۔

    مقتول کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ میرے بہو نے شوہر سے مرغی کی رانیں لانے کی درخواست کی تھی تاکہ رات کے کھانے میں پکائی جاسکیں لیکن وہ لانا بھول گیا، جس وقت بہو نے بیٹے پر حملہ کیا میں حمام میں تھی جب باہر آئی تو دیکھا میرا پوتا چلّاتا ہوا بھاگ رہا ہے اور میرا بیٹا زمین پر خون میں لت پت پڑا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شاوؤچنز کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ لوئیجنگ پولیس نے یہ کہتے ہوئے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا کہ ابھی قتل کی تحقیقات جاری ہے۔