Tag: شٹر ڈاؤن ہڑتال

  • شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی ، مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سری نگر : شیر کشمیر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی آج منائی جارہی ہے، اس موقع پر وادی بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

    مظفرآباد میں برہان وانی چوک پر حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی برسی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مرحوم کی تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    سید علی گیلانی 1929 میں ضلع بانڈی پورہ کے گاؤں زڑی منج میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مسجد وزیر خان سے ملحقہ مدرسے میں حاصل کی جبکہ لاہور کے اورینٹل کالج سے بھی تعلیم حاصل کی, وہ اخبارات میں صحافت اور مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔

    سیاسی میدان میں وہ نیشنل کانفرنس، جماعت اسلامی اور تحریک حریت کے رکن رہے۔ 1972، 1977 اور 1987 میں مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1993 میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی بنیاد رکھی اور 1998 سے 2006 تک تین مرتبہ چیئرمین منتخب ہوئے۔ 2015 میں انہیں تاحیات چیئرمین بنایا گیا۔

    سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کے آخری گیارہ سال بھارتی حکومت کے حکم پر نظر بندی میں گزارے، ان کا پاسپورٹ 1981 سے ضبط رکھا گیا۔ یکم ستمبر 2021 کو وہ سرینگر کے علاقے حیدرپورہ میں وفات پا گئے۔ ان کی وفات کی خبر پر بھارتی حکومت نے وادی بھر میں کرفیو نافذ کر دیا اور انٹرنیٹ و ذرائع ابلاغ معطل کر دیے۔ ان کے جسد خاکی کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کیا گیا۔

    سید علی گیلانی کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے بڑے حامی تھے اور عمر بھر بھارتی فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تحریکِ آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔ انہوں نے تحریکِ آزادی پر 21 سے زائد کتب تصنیف کیں جن میں رودادِ قفس، نوائے حریت، صدائے درد، ملتِ مظلوم اور پیام آخرین شامل ہیں۔

    تحریکِ آزادی کشمیر میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز "نشانِ پاکستان” سے نوازا۔ قومی اسمبلی میں ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں کیا گیا۔

  • ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا لوگوں سے اپیل ہے اپنا کاروبار بند رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی منعم ظفر نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی روزبروز بڑھتی جا رہی ہے، امریکا اسرائیل کو اسلحہ فراہم کررہا ہے۔

    منعم ظفر کا کہنا تھا کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاؤن ہوگا، ہڑتال بے ضمیر حکمرانوں کو جگانے کا ذریعہ ثابت ہوگی، قبلہ اول سے ہمارا روحانی تعلق ہے ایک خاص تعلق ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لوگوں سے اپیل ہے اپنا کاروبار بند رکھیں، اپیل کرتے ہیں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی آواز بلند کریں، سوشل میڈیا انہی لوگوں کا آلہ ہے، ان ہی کے خلاف استعمال کرنا ہے۔

    تمام مسلمان فلسطین کے مجرم ہیں

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں مرمتی کام کےنام پر ہفتہ ہفتہ 10 دن تک پانی نہیں آتا ، ٹینکر مافیاشہر میں دندناتا پھر رہاہے، ساڑھے 3ماہ میں 290 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ ایم کیو ایم ساری حکومتوں کاحصہ رہی مگرکراچی میں پانی تک نہیں دیا، وفاق میں ان جماعتوں کا گٹھ جوڑ ہے، جنہوں نے کراچی کو یہاں تک پہنچایا۔

    کے الیکٹرک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کا فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے، کے الیکٹرک مافیاہے اوور بلنگ کے ذریعے ڈاکا ڈالتے ہیں، کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کے 200ارب ادا کرنے ہیں۔

  • 22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    22 اپریل کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    کراچی : جماعت اسلامی نے فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے 22 اپریل کو ملک بھرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 22 اپریل کوملک بھرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا، حافظ نعیم نے کہا کہ 22اپریل کو فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، کراچی سے خیبر اور کشمیر سے گوادر سب بند ہوگا۔

    امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ 22 اپریل کو شٹر ڈاؤن کر کے بتائیں گے، یکجہتی کسے کہتے ہیں، ڈیڑھ سال کے دوران فلسطینی بکے نہیں، مقابلہ کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ حماس کی تحریک اب کبھی ختم نہیں ہوسکتی، امریکا میں بھی 50 فیصد لوگ فلسیطنیوں اور حماس کے حامی ہوچکے، مفتی منیب اورمفتی تقی عثمانی نے فتویٰ دیا، تکلیف یہودی ایجنٹ کو ہو رہی ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ لیاقت علی خان کو بھی کہا گیا تھا اسرائیل کو تسلیم کرلو بہت کچھ دیں گے، لیاقت علی خان نے قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا تھا ہم اپنی غیرت نہیں بیچیں گے۔

    امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ن لیگ، پی پی ، پی ٹی آئی والے غزہ کیلئے آواز اٹھائیں، ڈونلڈ ٹرمپ کی آشیر باد کیلئے سب جماعتوں نے لائنیں لگائی ہوئی ہیں، جہاد کا فتویٰ ، بائیکاٹ مہم کے بعد سیاسی جماعتوں کے کچھ لوگوں نے مخالف مہم چلائی، طاغوت کا ہتھیار طاغوت کیخلاف استعمال کریں گے، تجارت نہیں کرنے دیں گے۔

    انھوں نے بتایا کہ 18 اپریل کو ملتان میں غزہ سے یکجہتی کیلئے مارچ ہوگا جبکہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا، ہو سکتا ہے حکمرانوں سے چھٹکارے کیلئے بھی کال دیں ، وزیراعظم صاحب زبانی باتوں سے کام نہیں چلے گا، اجلاس بلا کر اعلانات کریں۔

  • کراچی سے خیبر تک تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال،  تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند

    کراچی سے خیبر تک تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال، تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند

    کراچی : مہنگی بجلی اور ٹیکسوں کے خلاف آج تاجروں اور جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکسوں ،بجلی اورگیس بلوں کے خلاف آج ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، تمام بڑی تاجر تنظیمیں شٹڑ ڈاؤن ہڑتال میں شامل ہیں۔

    کراچی سے خیبر تک تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہے، قصہ خوانی،اشرف روڈ، صدر بازار مارکیٹیں، صدر کی فوڈ اسٹریٹ چوک فوارہ میں دکانیں بند ہے۔

    راولپنڈی میں نان بائی ایسوسی ایشن کی جانب سے تندور بھی بند اور دن 2 بجےپریس کلب کےباہراحتجاج کا بھی اعلان کیا ہے۔

    ٹیکسلا، گجر خان، مری ، کہوٹہ اور کلرسیداں میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے، وہاڑی میں بھی غلہ منڈی، فروٹ سبزی منڈی، ہوٹل اور مارکیٹیں بند ہے جبکہ اوکاڑہ کے بھی تمام کاروباری مراکز ،شاپنگ سینٹراورمارکیٹیں بند ہے۔

    صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں آج مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، حکومت سےمذاکرات نہیں ہو رہے، مذاکرات ہڑتال کے بعد ہوں گے۔

    انھوں نے خبردار کیا ظالمانہ ٹیکس واپس نہ لیاتو آگے2دن کی ہڑتال کااعلان کر دیں گے، خریدو فروخت میں 70 فیصد کمی ہوچکی تاجر اتنا ٹیکس کہاں سےدیں۔

    مرکزی صدر انجمن تاجران کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ آج خیبر سے کراچی مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، ہر وہ دکاندار شٹر بند کرے گا جو مستقبل میں شٹرکھولنا چاہتا ہے۔

    تاجرون نے کہا تاجر ایک پیج پر ہیں،بجلی قیمت کوکم کرناچاہتےہیں،تاجر اورصنعت کارٹیکس دےدےکرتنگ آچکے ہیں۔

    دوسری جانب امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومتی لوگ کہتے ہیں احتجاج سے کاروبار بند ہوجائے گا، کاروبار تو پہلے ہی آپ نے بند کر دیا ہے، معیشت کا پہیہ تو آپ نے روک دیا ہے، ہرصورت ہڑتال ہوگی حق دوعوام کوتحریک رکنے والی نہیں۔

    یاد رہے ملک کی دونوں بڑی تاجرتنظیموں نے ایف بی آر سے مذاکرات سے انکار کردیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آرکی دعوت کے باوجود تاجر مذاکرات میں نہیں آئے، جس کے بعد ایف بی آرکی جانب سےتاجروں کیلئے انکم ٹیکس ٹیبل میں ترمیم کا امکان ہے۔

  • غلہ منڈی کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

    غلہ منڈی کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

    راولپنڈی: غلہ منڈی کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔

    ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف راولپنڈی اسلام اباد سمیت ملک بھر میں غلہ منڈی کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے۔

    صدر غلہ منڈی ایسوسییشن شیخ آصف اکرم کا کہنا ہے تھا غلہ منڈی کے تاجروں نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ابتدائی طور پر 3 روز کے لیے شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا ہے، اور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر بات چیت سے بات نہ بنی تو غیر معینہ مدت کے لیے بھی ملک ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا آپشن موجود ہے۔

    ہڑتال کے باعث جڑواں شہروں سمیت کشمیر، مری، ہزارہ ڈویژن، کے پی کے، اور گلگت بلتستان میں دالوں، چاول اور دیگر زرعی اجناس کی سپلائی معطل ہے، مقامی دکان داروں کے پاس بھی دالیں اور چاول کا اسٹاک محدود ہو گیا ہے۔

  • برہان وانی کے 8 ویں یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    برہان وانی کے 8 ویں یوم شہادت پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    مظفرآباد: عظیم کشمیری آزادی پسند رہنما برہان وانی کے 8 ویں یوم شہادت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

    برہان وانی کے 8 ویں یوم شہادت کے موقع پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بھارت مخالف جلسے، جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، برہان وانی کو 8سال قبل آج ہی کے دن بھارتی فوج نے شہید کر دیا تھا۔

    برہان وانی 19 ستمبر 1994 کو پلوامہ کے گاؤں دداسر میں پیدا ہوئے،برہان وانی ڈاکٹر بننا چاہتے تھے، آٹھویں جماعت سے لیکر ہر کلاس تک 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرتے رہے۔

    2010 میں قابض بھارتی فوج کے اہلکاروں نے رشوت کے طور پر سگریٹ نہ دینے پر برہان وانی کو کزن سمیت شدید شدد کا نشانہ بنایا، تشدد اور بعد ازاں پولیس کی مسلسل ہراسگی سے تنگ آکر 16 سال کی عمر میں حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی۔

    برہان وانی نے سوشل میڈیا کے بے باک اور منفرد استعمال سے بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو متاثر کیا، 13 اپریل 2015 کو بھارتی فوج نے برہانی وانی کے بھائی کو حراست کے دوران شدید تشدد کرکے شہید کردیا۔

    برہان وانی اور دیگر کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ختم نبوت چوک میں سلامی دینے والے نوجوانوں نے برہان وانی شہید کی تصاویر والی شرٹ پہنی ہوئی تھیں۔

    ’کسی بھی معاہدے میں اسرائیل کو جنگ جاری رکھنے کی اجازت ملنی چاہیے‘

    برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کیا جائیگا، کراچی میں برہان وانی کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ریلی نکالی جائیگی، ریلی آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک نکالی جائیگی۔

  • ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال

    ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سوات : ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، تاجربرادری کا کہنا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کسی قسم کاٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں تاجروں کی اپیل پر ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف آج شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ، اس دوران ڈویژن بھر کے بڑےتجارتی مراکزسمیت نجی تعلیمی ادارے بھی بند ہے۔

    ملاکنڈ کے 9 اضلاع، سوات، ملاکنڈ، باجوڑ، بونیر، چترال، شانگلہ، دیر لوئر میں بازار سنسان ہے، تاجربرادری کا کہنا ہے کہ ملاکنڈڈویژن میں کسی قسم کا ٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا۔

    مالاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری کے مطابق انہیں یکم جولائی سے کسٹم ایکٹ اور انکم ٹیکس کے نفاذ کا بولا جا رہا ہے۔

    سوات بار اور ہائی کورٹ بار نے بھی تاجر برادری کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب بونیرمیں تاجر اور پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن ودیگرتنظیموں کی جانب مجوزہ ٹیکسزنفاذکیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

    یاد رہے 2 روز قبل انجمن تاجران تیمرگرہ کا تیمرگرہ ریسٹ ہاؤس میں ایک اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کے تاجروں سمیت ضلع بھر سے تمام چھوٹے بڑے بازاروں کے صدور اور تاجروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں طے پایا تھا کہ 14مئی کو ضلع بھر میں ٹیکسز نفاذ کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، اس موقع پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا، تاجروں نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ٹیکسز نا منظور کے نعرے لگاتے رہے۔

    انجمن تاجران تیمرگرہ کے صدر حاجی انوار الدین اور جنرل سیکریٹری حاجی لائق زادہ و دیگر نے کہا تھا کہ ملاکنڈ ڈویژن 1969 میں پاکستان میں ضم ہوا تھا، اور حکومت نے اس وقت ملاکنڈ ڈویژن کو 100 سالوں تک فری ٹیکس زون قرار دیا تھا۔

  • فیصل آباد : مظاہرین پر لیگی کارکن کی اندھا دھند فائرنگ، 8 زخمی

    فیصل آباد : مظاہرین پر لیگی کارکن کی اندھا دھند فائرنگ، 8 زخمی

    فیصل آباد : تاندلیانوالہ میں ایک ہاؤسنگ سوسائٹی پر قبضے کیخلاف ہونیوالے مظاہرے میں مقامی رکن اسمبلی کے بھائی نے مظاہرین پرگولیاں چلادیں، فائرنگ سے ایک بچے سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے.۔

    تفصیلات کے مطابق تاندلیاں والا کے بازار میں سر عام گولیاں چل گئیں، با اثر افراد کی مبینہ بھتہ خوری کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجر زد میں آگئے۔

    فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ میں تاجر شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے انجمن سبزی منڈی کے صدر پر تشدد اور مقامی لیگی ایم پی اے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔

    لیگی کارکنوں نے زبر دستی دکانیں کھلوانے کی کوشش کی تو جھگڑا ہوگیا۔ بندوق تھامے لیگی کارکن نے اسٹریٹ فائر کھول دیئے فائرنگ سے صحافی اور دو بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایم پی اے کا بھائی تاجروں سے بھتہ مانگتا ہے اسے بھتہ نہ دیا جائے تو تشدد کیا جاتا ہے۔

    بااثر افراد کی فائرنگ اور ساتھیوں کے زخمی ہونے پر تاجروں نے ٹائر جلاکر فیصل آباد اوکاڑہ روڈ بھی بلاک کردیا۔

  • ذوالفقار مرزا کی عدم گرفتاری، بدین سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    ذوالفقار مرزا کی عدم گرفتاری، بدین سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    بدین: ذوالفقار مرزا کی عدم گرفتاری کیخلاف تاجراتحاد کی کال پر بدین سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

    بدین میں تاجربرادری سراپا احتجاج ہیں اور ذوالفقار مرزا کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں،  ضلع میں کشیدگی بدستور پانچویں روز بھی جاری ہے۔

    ضلع بدین میں تاجراتحاد نے ذوالفقار مرزا کی عدم گرفتاری کیخلاف کی شٹر ڈاؤن کی کال دی ہے، بدین، ماتلی سمیت کئی شہروں میں مکمل ہڑتال ہے۔

    تاجر برادری نے حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہنگامہ آرائی اور زبردستی دوکانیں بند کرانے پر سابق صوبائی وزیرِ داخلہ کو گرفتار کیا جائے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ڈاکٹر فہمید مرزا کو ٹیلی فون کیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے ذوالفقار مرزا کی نظربندی اور سیکورٹی صورتحال کے بارے میں معلومات لیں۔

    دوسری جانب ذوالفقار مرزا کے وکیل اشرف سموں نے سندھ ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی کہ سندھ حکومت کوذوالفقارمرزا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے، حکومت پرانے مقدمات کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائے۔

    ضلعی انتظامیہ نے مرزا فارم ہاوس کے سامنے سے پولیس اور رکاوٹیں ہٹا دی ہیں، ذوالفقارمرزا کی رہائشگاہ کے داخلی اور خارجی راستوں پرذوالفقار مرزا کے حامی مورچہ بند ہیں۔

    تھانے پر دھاوا بولنے اور زبردستی دکانیں بند کرانے کے مقدمات میں ذوالفقار مرزا نو مئی تک حفاظتی ضمانت پر ہیں۔

  • کوئٹہ :  گوادر کاشغر روٹ کی ممکنہ تبدیلی کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

    کوئٹہ : گوادر کاشغر روٹ کی ممکنہ تبدیلی کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

    کوئٹہ: گوادر کاشغر روٹ کی ممکنہ تبدیلی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کی کال پر کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شٹرڈاون ہڑتال کیا جارہا ہے۔

    گوادر کاشغر روٹ کی ممکنہ تبدیلی کے خلاف اے این پی کا احتجاج جاری ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن ، پشین ، لورالائی اور دیگر علاقوں میں شٹرڈاون ہڑتال کیا جارہا ہے۔

    کوئٹہ شہر میں مکمل شٹرڈاون ہڑتال ہے تمام کاروباری مراکز بند اور سٹرکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول سے کم رہی، اے این پی کی ہڑتال پر اسکولوں اور دفاتر میں حاضر کم رہی۔

    ڈپٹی پالیمانی لیڈر انجنیئر زمرک خان اچکزئی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی بلوچستان کے عوام کی معاشی قتل کے مترادف ہے، حکومتی رویے کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ کاشغر روٹ کی تبدیلی کسی صورت مقبول نہیں کرینگے، پرانے روٹ کو بحال کیا جائے۔