Tag: شپنگ انڈسٹری

  • پاکستان کی شپنگ انڈسٹری میں بڑا انقلاب، دبئی کی بندرگاہ سے کراچی کے لیے فیڈر سروس کا آغاز

    پاکستان کی شپنگ انڈسٹری میں بڑا انقلاب، دبئی کی بندرگاہ سے کراچی کے لیے فیڈر سروس کا آغاز

    کراچی: ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی نے دبئی کی بندرگاہ جبل علی سے کراچی کے لیے فیڈر سروس کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی شپنگ انڈسٹری میں بڑا انقلاب آ گیا ہے، ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی نے جبل علی سے کراچی کے لیے فیڈر سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

    فیڈر سروس سے ٹرانس شپمنٹ اور علاقے میں سمندری تجارت سے کثیر زرمبادلہ حاصل ہوگا، ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی نے دبئی کے جبل علی بندرگاہ سے کراچی تک کنٹینروں کی ترسیل کے لیے اس فیڈر سروس کا آغاز کیا ہے۔

    ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سولیم نے فیڈر سروس کا افتتاح کیا، ڈی پی ورلڈ، این ایل سی، اور پورٹ قاسم کے اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے، جبل علی اور کراچی کے مابین ہفتہ وار فیڈر سروس چلائی جائے گی۔

    کراچی سے پہلا بڑا تجارتی قافلہ وسطی ایشیا کے لیے روانہ ہو گیا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈر سروس کی وجہ سے جبل علی سے کراچی اور دیگر عالمی منڈیوں تک کنٹینروں کی ترسیل کم لاگت اور کم وقت میں ہو سکے گی، تیز ترین اور قابل اعتماد ترسیل سے کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی۔

    ڈی پی ورلڈ کا کہنا ہے کہ کنٹینروں کے لیے فیڈر سروس کا براہ راست فائدہ تاجر برادری کو ہوگا اور خطے کی معاشی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

  • جاپان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وفاقی حکومت کا ایک اور بڑا قدم

    جاپان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے وفاقی حکومت کا ایک اور بڑا قدم

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بلیو اکانومی منصوبے کے تحت ساحلی اور سمندری وسائل کے مؤثر استعمال کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 سال تک ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے ملکی معیشت میں استحکام کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھا لیا ہے، وفاقی سطح پر بلیو اکانومی منصوبے کے تحت ساحلی اور سمندری وسائل کے مؤثر استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں آج وفاقی وزیر علی زیدی شپنگ انڈسٹری سے متعلق پالیسی کا اعلان کریں گے۔

    صنعتِ جہاز رانی کی پالیسی میں پاکستان کو سالانہ اربوں ڈالرز کی بچت کے منصوبے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، دوسری طرف حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ایشیائی ریاستوں سمیت معاشی طاقت جاپان کی نظریں بھی پاکستان کی طرف مرکوز ہو گئی ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ جاپان نے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا تھا، ابتدائی طور پر جاپان کورنگی فش ہاربر پر ساڑھے 400 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔

    حکومتی ذرایع نے انٹرنیشنل پلیئرز کی سرمایہ کاری میں دل چسپی کو خوش آئند قرار دیا اور بتایا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں شپنگ پالیسی کے تحت مال بردار جہازوں کی تعداد بڑھانے کا بھی منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے، پاکستان کو غیر ملکی جہازوں کو کرائے کی مد میں اربوں ڈالرز ادا نہیں کرنا پڑیں گے۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے 10 سال تک ٹیکس چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے۔