Tag: شکارپور

  • بجلی بحال نہ ہونے پر شکارپور کے گرڈ اسٹیشن پر مسلح افراد کا حملہ، 2 ملازمین زخمی

    بجلی بحال نہ ہونے پر شکارپور کے گرڈ اسٹیشن پر مسلح افراد کا حملہ، 2 ملازمین زخمی

    شکارپور: گڑھی یاسین گرڈ اسٹیشن پر مسلح افراد نے حملہ کر کے 2 سیپکو ملازمین کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی بحال نہ ہونے پر سندھ کے شہر شکارپور میں گڑھی یاسین گرڈ اسٹیشن پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس سے دو ملازمین زخمی ہو گئے۔

    ایس ڈی او گڑھی یاسین کے مطابق مسلح افراد نے سیپکو ملازمین کو بجلی بحال نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، انھوں نے کہا کہ 25 سے زائد موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سیپکو آفس میں توڑ پھوڑ کی۔

    ایس ڈی او کے مطابق گرڈ اسٹیشن پر حملے کی پولیس کو بروقت اطلاع کر دی گئی تھی، لیکن وہ موقع پر نہیں پہنچی۔

  • شکارپور سے گرفتار تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنان پر دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ

    شکارپور سے گرفتار تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنان پر دہشت گردی کا ایک اور مقدمہ

    شکار پور: صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور سے گرفتار کیے گئے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ضلع بھر میں تحریک انصاف رہنماؤں اور کارکنوں پر درج مقدمات کی تعداد 3 ہوگئی، نئے مقدمے میں 21 نامزد اور 50 نامعلوم کارکنان کو شامل کیا گیا ہے۔

    مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ لکھی گیٹ میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن کے مطابق تحریک انصاف کارکنوں نے عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کیا، مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کیں اور ٹائر جلا کر سڑکوں کو بلاک کیا گیا۔

    متن میں لکھا گیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کر کے اسلحہ کی نمائش کی گئی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    شکار پور: صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں 2 نوجوانوں کو خاتون کی آواز کا جھانسہ دے کر اغوا کرلیا گیا، مغویوں کے ورثا سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کے علاقے ٹاؤن مدیجی کے قریب 2 نوجوانوں کو مبینہ طور پر عید کے روز اغوا کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان اور احمد علی کو اغوا کاروں نے خاتون کی آواز سے جھانسہ دے کر اغوا کیا، دونوں نوجوانوں کا موبائل نمبر گزشتہ روز دوپہر 12 بجے سے بند ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ورثا سے تاوان طلب کیا گیا ہے، اغوا کاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب مغویوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

  • امریکا کا سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان

    امریکا کا سیلاب متاثرین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان

    شکار پور: پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے پاکستان کے لیے اضافی امداد کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شکار پور کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جاگھن اور گاؤں مکھنو کا دورہ کیا، ضلعی انتظامی کے افسران نے امریکی سفیر کو بحالی کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

    امریکی سفیر نے پاکستان کے لیے 3 کروڑ ڈالرز اضافی امداد کا اعلان کیا، انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔

    ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین سے ملنے کا موقع ملا ہے، سیلابی ریلوں میں ان کے گھر، مال مویشی اور پیارے بہہ گئے۔ سیلاب کی وجہ سے لوگ خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

    انہوں نے کہا کہ اب تک دی جانے والی امداد 9 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز ہوجائے گی، سیلاب میں تقریباً 23 لاکھ گھروں کو جزوی طور پر نقصان ہوا ہے۔

    امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر دنگ رہ گئی ہے، متاثرین کو خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

  • عرفان مہر قتل کیس: مقتول کی بیوی، سالی اور ساس گرفتار

    عرفان مہر قتل کیس: مقتول کی بیوی، سالی اور ساس گرفتار

    شکارپور: سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہر قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے مقتول کی بیوی، سالی اور ساس کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرفان مہر قتل کیس میں ان کی بیوی، سالی اور ساس کو گرفتار کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں عرفان مہر کے ہم زلف کی نشان دہی پر عمل میں آئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں سی ٹی ڈی اور پولیس کی رحیم یار خان میں کارروائی کے دوران کی گئیں، ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے یکم دسمبر 2021 کی صبح کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر، بلاک 13 میں نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہر کو قتل کر دیا تھا، وزیر اعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کہا ’مجھے وکیل عرفان مہر کے قاتل ہر صورت چاہیئں‘۔

    عرفان مہرقتل کیس : بہنوئی کے قتل کے لیے بہن نے اکسایا،ملزم کا بیان

    11 دسمبر کو سی ٹی ڈی نے شکارپور کی تحصیل گڑھی یاسین میں ایک کارروائی کے دوران تین افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں مقتول کا سالا غلام اکبر بھی شامل تھا۔

    13 دسمبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، پولیس نے ملزم سے ابتدائی تفتیش کی رپورٹ پیش کی، ملزم اکبر نے بیان دیا کہ اسے بہنوئی کے قتل کے لیے بہن صاحبزادی نے اکسایا تھا، اس نے واردات کے بعد موٹر سائیکل اپنے دوست عابد کے پاس رکھوائی، جب کہ قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ ذوالفقار کے پاس رکھوایا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی شکار پور اور لاڑکانہ میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا سے ملاقات

    وزیر اعلیٰ سندھ کی شکار پور اور لاڑکانہ میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا سے ملاقات

    لاڑکانہ / شکار پور: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شکار پور اور لاڑکانہ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا سے ملے، انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات سندھ حکومت اٹھائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شکار پور میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہید اہلکاروں کی رہائش گاہ پہنچے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہلے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملوں گا، پھر اجلاس کروں گا۔

    وزیر اعلیٰ نے شہید اہلکار منور کے بھائی اور اہل خانہ سے تعزیت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شہید اہلکار کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آپ کا ہر طرح کا خیال رکھا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ شہید اہلکار منور کے 5 بچے اور ایک بیوہ ہے، انہوں نے شہید اہلکار کے بڑے بیٹے انور علی سے بھی ملاقات کی اور اسے تعلیم جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

    بعد ازاں شکار پور واقعے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ سردار خیر محمد تیغانی اغوا برائے تاوان میں ملوث ہے، تیغانی نے مختلف وقت پر 30 لوگ اغوا کیے تھے، جن میں سے زیادہ تر بازیاب کیے گئے۔

    بریفنگ کے مطابق پولیس کو خیر محمد تیغانی کی موجودگی کی اطلاع تھی، پولیس آپریشن علیٰ الصبح ساڑھے 3 بجے شروع کیا گیا، اطلاع تھی کہ اغوا کیے گئے 8 افراد کو وہاں جنگل میں رکھا گیا ہے، پہلے 6 اغوا کیے گئےافراد کو آپریشن سے پہلے بازیاب کروایا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ آرمرڈ پرسونل کیریئر (اے پی سی) کے 6 اہلکار وہاں پہنچے، اے پی سی کا ڈرائیور عبد الخالق شہید ہوگیا، کانسٹیبل منور جتوئی اور پریس فوٹو گرافر حسیب شیخ کو فائرنگ میں شہید کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے پولیس کو زبردست آپریشن کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی ڈکیت نہیں بچنا چاہیئے۔

    بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز لاڑکانہ میں ایک اور مقابلے میں شہید 2 پولیس اہلکاروں برکت حسین چاچڑ اور خالد حسین کانگو کے ورثا سے بھی ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کروائی کہ آپ کا اگر کوئی لڑکی یا لڑکا ہے تو ان کو ملازمت دیں گے۔

    وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ایک شہید کی بیٹی بی ایس سی ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے آئی جی کو لڑکی کو ملازمت دینے کی ہدایت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ جو بچے پڑھ رہے ہیں ان کو تعلیم کے لیے اسکالر شپ دیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہدا کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات سندھ حکومت اٹھائے گی، ہم بہادر پولیس کے جوانوں سے علاقے کو ڈاکوؤں سے نجات دلائیں گے۔

  • سندھ میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق، مجموعی تعداد 12 ہوگئی

    سندھ میں ایک اور پولیو کیس کی تصدیق، مجموعی تعداد 12 ہوگئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں ایک اور پولیو وائرس کیس کی تصدیق ہوگئی، رواں برس اب تک ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں پولیو کا کیس سامنے آیا ہے، مدیجی میں 18 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

    یہ صوبہ سندھ میں سامنے آنے والا رواں برس پانچواں پولیو کیس ہے۔ اس سے قبل سندھ میں رتو ڈیرو کے 26 ماہ کے بچے اور ٹنڈو الہٰ یار کی 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

    رواں برس سندھ سمیت ملک بھر میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوچکی ہے جن میں سے 6 صوبہ خیبر پختونخواہ، 5 سندھ اور 1 بلوچستان سے سامنے آیا ہے۔

    خیال رہے کہ پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھر میں 144 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔ 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

    سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

    اس تمام عرصے میں پولیو کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں دیکھی گئی۔ صوبہ سندھ بدقسمتی سے اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔

    گزشتہ برس کے مجموعی 144 پولیو کیسز میں سے صرف خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 92 تھی۔ 30 کیسز سندھ میں، 12 بلوچستان اور 10 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آئے تھے۔

  • صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا ایس ایس پی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا ایس ایس پی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

    کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی جانب سے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر امتیاز شخ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرونک اورسوشل میڈیا پر خفیہ رپورٹ چلائی گئی، الزامات لگائے کہ میں کرمنلزکی سپورٹ کرتا ہوں، کیسی خفیہ رپورٹ تھی جو ڈی آئی جی سے پہلے میڈیا پر تھی۔

    امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی تیل چوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث رہا، شکارپور کے ڈی آئی جی کو بھی شکایات کی، وزیراعلیٰ سندھ نے انکوائری کی اور پھر تبادلہ کیا۔

    صوبائی وزیر کے مطابق اس رپورٹ میں جو فون نمبر بتائے گئے ہیں وہ ہمارے نہیں، ایس ایس پی اسمگلنگ، چوری میں ملوث ہے، رپورٹ کی قانونی حیثیت نہیں ہے، میں ایس ایس پی کے خلاف عدالت بھی جاؤں گا۔

    آئی جی سندھ اور حکومت سندھ میں اختلافات کی بڑی وجہ سامنے آگئی

    ایس ایس پی شکار پور ڈاکٹر رضوان نے سیکرٹ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ شکارپور میں خرابی امن کے ذمےدار سردار اور بااثر سیاسی افراد ہیں۔

    سیکرٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ شکارپور میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرتے ہیں، امتیاز شیخ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے کرمنل ونگ کا استعمال کرتے ہیں،صوبائی وزیر نے کرمنلزکے ذریعے سیاسی مخالف شاہ نواز کے بیٹے کو قتل کرایا۔

  • صوبائی وزیر امتیاز شیخ کے بنگلے سے لاش برآمد

    صوبائی وزیر امتیاز شیخ کے بنگلے سے لاش برآمد

    شکارپور: صوبائی وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کے بنگلے سے لاش برآمد ہو گئی، جسے پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں سندھ کے وزیر توانائی کے بنگلے سے ایک لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق متوفی کام کے سلسلے میں بنگلے پر گیا تھا، جہاں اس کی موت واقع ہو گئی، متوفی باتھ روم میں مردہ پایا گیا تھا۔ ترجمان شیخ ہاؤس کا کہنا تھا کہ باتھ روم کا دروازہ توڑا گیا تو متوفی اندر مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے، حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

    سندھ پولیس کے کچھ افسران حکومت کے خلاف سازش کررہے ہیں، امتیاز شیخ

    واضح رہے کہ سندھ میں حکومت اور آئی جی کے درمیان تنازع اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، ایک ماہ قبل زور پکڑنے والے اس تنازع سے متعلق صوبائی وزیر امتیاز شیخ نے بھی سخت بیان جاری کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے کچھ افسران سندھ حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔

    ان کا مؤقف تھا کہ صوبے میں مشاورت کے بغیر کوئی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہو رہی ہے، پولیس تبادلے ایک ایسا معاملہ ہے جس پر ملک میں کہیں بھی بات نہیں ہوتی، پنجاب میں 5 آئی جی ٹرانسفر ہو گئے لیکن کسی نے کچھ نہیں کہا صرف سندھ کے ساتھ اس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے۔

  • 65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    65 افراد کے قاتل امام بارگاہ حملے کے ملزمان کو 4 سال بعد عمر قید کی سزا

    سکھر: انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے شکارپور امام بارگاہ پر حملے میں ملوث 2 ملزمان کوعمرقید کی سزا سنا دی۔ خلیل بروہی اور غلام رسول بروہی پر حملے کی سہولت کاری کا مقدمہ درج تھا۔ مقدمے میں نامزد محمد الدین بروہی کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔

    دونوں ملزمان پہلے سے ابراہیم جتوئی خودکش حملہ کیس میں 14 سال کے لیے قید ہیں۔ ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکہ،بچوں سمیت 65 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ جنوری 2015 میں صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کی امام بارگاہ میں دھماکے سے 65 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ جمعے کو شکارپور کے علاقے لکھی در کی امام بارگاہ مولا علی میں ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت شہر کے مرکزی علاقے میں واقع امام بارگاہ اور مسجد کی دو منزلہ عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور نماز جمعہ کا خطبہ جاری تھا۔

    اس سے قبل جنوری 2013 میں ہی شکارپور شہر سے 10 کلومیٹر دور واقع درگاہ غازی شاہ میں بم دھماکے میں گدی نشین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔