Tag: شکارپور

  • شکارپور : ماں نے سول اسپتال کے فرش پر بچے کو جنم دے دیا

    شکارپور : ماں نے سول اسپتال کے فرش پر بچے کو جنم دے دیا

    شکار پور : صوبہ سندھ میں ماں نے انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث اسپتال کے فرش پر ہی بچے کو جنم دے دیا، خاتون کو گھر جانے کے لئے ایمبولنس تک نہ ملی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر شکارپور میں زچہ نے سول اسپتال کے فرش پر بچے کو جنم دیا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون کو صبح کے وقت زچگی کے لئے سول اسپتال لایا گیا تھا۔

    جہاں لیڈی ڈاکٹر نے مذکورہ خاتون کو دو مختلف ٹیسٹ اور الٹراساؤنڈ کرانے کا کہا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خاتون ٹیسٹ کرانے کیلئے اسپتال میں تین گھنٹے تک دربدر ہوتی رہی اور اسی دوران خاتون نے سول اسپتال لیبارٹری کے باہر فرش پر ہی بچے کو جنم دے دیا۔

    خاتون بچے کے ساتھ کافی دیر تک زمین پر زخمی حالت میں پڑی رہی، عملہ کے بجائے اس کے اہلخانہ دیکھ بھال کرتے رہے۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ خاتون کو گھر جانے کے لئے ایمبولنس تک نہ ملی۔

    اہلخانہ رکشے میں ہی خاتون کو گھر لے کر گئے۔ متاثرہ خاتون کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر غریبوں کو سہولیات میسر نہیں کرتے اسپتالوں کو بند کردیں۔

    دوسری جانب مسلم لیگ فنکشنل کی ممبر رکن صوبائی اسمبلی نصرت سحر عباسی نے واقعے پر اپنے گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کیا ہے ان کا مطالبہ ہے کہ اس بچے کا نام بلاول رکھا جائے تاکہ اسے احساس ہو کہ وہ اور بلاول الگ ہیں۔

    مزید پڑھیں: لاہورمیں ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی، خاتون نے واش روم میں بچے کو جنم دے دیا

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل لاہور کے علاقے رائیونڈ میں ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے بھٹہ مزدور کی بیوی نے واش روم میں بچے کو جنم دیا تھا۔ خاتون کو جب زچگی کے لیے لایا گیا تو اسپتال کے عملہ نے سہولیات نہ ہونے کا کہہ کر خاتون کو نکال دیا تھا۔

    خاتون جب گھر پہنچی تو واش روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا جس کے بعد نومولود بچے کی طبیعت ناساز ہونے پر ماں اور بچہ دونوں کو دوبارہ اسپتال لایا گیا۔

  • شکارپور، دوران آپریشن ڈاکوؤں کو حساس معلومات دئیے جانے کا انکشاف

    شکارپور، دوران آپریشن ڈاکوؤں کو حساس معلومات دئیے جانے کا انکشاف

    شکارپور: سندھ کے شہر شکارپور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں ناکامی کے محرکات سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں دوران آپریشن پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈاکوؤں کو حساس معلومات دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل نے رپورٹ پر 50 پولیس اہلکاروں کو ضلع بدر کردیا۔

    ایس ایس پی شکارپور کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 50 پولیس اہلکار ڈاکوؤں کو حساس معلومات فراہم کرتے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق ضلع بدر ہونے والوں میں 9 سب انسپکٹر، 6 اے ایس آئی شامل ہیں، سزا پانے والوں میں 6 ہیڈ کانسٹیبل، 24 پولیس کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: شکارپور: ڈاکوؤں سے مقابلہ ڈی ایس پی فائرنگ سے جاں بحق، دو ڈاکو زخمی

    ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر جمیل کے مطابق پولیس اہلکاروں پر شکارپور میں تعیناتی کی 3 سال کی پابندی ہے، مزید شواہد ملنے پر تمام اہلکاروں کو برطرف کیا جائے گا۔

    ڈاکٹر جمیل کا کہنا ہے کہ ضلع بدر پولیس اہلکار جرائم پیشہ افراد کو حساس معلومات فراہم کرتے تھے اور منشیات فروشوں سے بھتہ بھی لیتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اہلکار ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ شکارپور میں آپریشن کے دوران ڈی ایس پی، ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں۔

  • شکارپور میں کتے کے کاٹے سے 10 سال کا بچہ ویکسین نہ ہونے سے جاں بحق

    شکارپور میں کتے کے کاٹے سے 10 سال کا بچہ ویکسین نہ ہونے سے جاں بحق

    شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں کتے کے کاٹے سے 10 سال کا بچہ جاں بحق ہو گیا، بچے کو کہیں بھی ویکسین نہیں مل سکی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور میں ایک بچہ کتے کے کاٹے کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا ہے، بچے کو تشویش ناک حالت میں سول اسپتال شکارپور لے جایا گیا لیکن اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکیسن نہ ہونے پر بچہ دم توڑ گیا۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ بچے کو شہید بے نظیر بھٹو اسپتال لاڑکانہ لے جایا گیا لیکن وہاں بھی ویکسین نہ تھی، والدین بچے کو لے کر در بدر پھرتے رہے، پر ویکسین نہ ملی۔

    یاد رہے کہ رواں سال 14 مئی کو بھی کراچی کے ایک اسپتال میں رے بیز کے باعث دم توڑ گیا تھا، آٹھ سالہ رضوان کا تعلق بھی شکارپور سے تھا، اس کے اہل خانہ شکارپور اور لاڑکانہ اسپتال میں اینٹی رے بیز سیرم نہ ہونے کے باعث کراچی لے آئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: محکمہ صحت کی غفلت، ریبیز کا شکار ایک اوربچہ جاں بحق

    اس سے چند دن قبل سانگھڑ سے تعلق رکھنے والا گیارہ سالہ لڑکا لال بخش بھی رے بیز سے جاں بحق ہو گیا تھا، اسے بھی سانگھڑ سے ایک دن قبل جناح اسپتال کراچی لایا گیا تھا، تاہم اسے بچایا نہیں جا سکا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں صرف جناح اور سول وہ سرکاری اسپتال ہیں جہاں کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود ہوتی ہے، اس کے علاوہ کسی سرکاری اسپتال میں یہ سہولت میسر نہیں ہے۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی لاحق ہے۔

  • شکارپور: ڈاکوؤں سے مقابلہ ڈی ایس پی فائرنگ سے جاں بحق، دو ڈاکو زخمی

    شکارپور: ڈاکوؤں سے مقابلہ ڈی ایس پی فائرنگ سے جاں بحق، دو ڈاکو زخمی

    شکارپور : ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ شہید جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، شکار پور میں فوک گلوکار جگر جلال سمیت5فنکاروں کی بازیابی کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے فوک گلوکارجگر جلال سمیت دیگر پانچ فنکاروں کی بازیابی کیلئے شکارپور میں آپریشن کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ جاں بحق ہوگئے۔

    گڑھی تیغوں میں آپریشن کےدوران ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، مقابلے میں دو ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) لاڑکانہ کا دعویٰ ہے کہ اغواء کار گینگ کا پتا لگالیا ہے، مغویوں کو جلد بازیاب کرالیا جائے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ لوک گلوکار جگرجلال ان کے بھائی، بھتیجے اور دو شاگردوں کو جلد بازیاب کرلیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    واقعے کے بعد اے ایس پی سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ڈاکوؤں کےخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا، آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزجگر جلال کو شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے لاڑکانہ سے شکارپور جاتے ہوئے اغوا کیا گیا جبکہ ان کی گاڑی تیغو کے علاقے سے ملی تھی۔

  • شکارپور: پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، ایس ایچ اوسمیت 2 اہلکارجاں بحق

    شکارپور: پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، ایس ایچ اوسمیت 2 اہلکارجاں بحق

    شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ اوسمیت 2 اہلکارجاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں تھانہ لکھی غلام شاہ کچے کی حدود میں شاہ بیلو میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایس ایچ اوسمیت 2 اہلکارجاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او غلام مرتضیٰ میرانی اور اے ایس آئی ذوالفقار پنہور جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی جہانزیب، اہلکار صدام دایو اور رسول بخش لوہرشامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے شاہ بیلو کا محاصرہ کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    سکھن، ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی

    ٰیاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سکھن میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تھا جبکہ دو ڈکیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

  • شکارپور، شوہر نے ایڈز کے شک میں بیوی کو قتل کردیا

    شکارپور، شوہر نے ایڈز کے شک میں بیوی کو قتل کردیا

    شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں شوہر نے ایڈز کے مرض میں مبتلا بیوی کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کے گاؤں تھارو رند میں دل خراش واقعہ پیش آیا، ملزم نے ایڈز سے متاثرہ بیوی کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش کو گھر کے باہر درخت پر لٹکا دیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز آغا اسرار کے مطابق ملزم بہادر رند نے ایڈز سے متاثرہ بیوی زرینا کو بھائی کے ساتھ مل کر گلا دبا کر قتل کیا۔

    ذرائع کے مطابق ملزم بیوی کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث شدید پریشان تھا اور خوف میں مبتلا تھا کے گھر کے دوسرے افراد بھی ایڈز سے نہ متاثر ہوجائیں۔

    ملزم بیوی کو میکے بھیج کر دوسرے شادی کرنا چاہ رہا تھا، بیوی کی طرف سے میکے نہ جانے پر لڑائی جھگڑے کے بعد ملزم نے بھائی کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کیا۔

    مزید پڑھیں: شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ، تعداد 36 ہو گئی

    قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گھڑیاسین اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس نے خاتون کے شوہر بہادر رند کو گرفتار کرکے ڈکھن تھانہ منتقل کردیا ہے جبکہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ششکارپور میں ایچ آئی اوی ایڈز کے چار نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد شکارپور میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ گاؤں ڈکھن میں پہلے بھی متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد بھی قابل ذکر ہے، ڈکھن کے علاوہ پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ بھی ایچ آئی وی کی زد پر ہیں۔

  • شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ، تعداد 36 ہو گئی

    شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ، تعداد 36 ہو گئی

    شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں بھی ایچ آئی وی ایڈز کا پھیلاؤ تشویش ناک رخ اختیار کرتا جا رہا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شکارپور میں ایچ آئی وی کے مزید 4 کیسز رپورٹ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے تعلقے رتوڈیرو کے بعد شکارپور بھی ایچ آئی وی ایڈز کی زد پر ہے، چار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد شکارپور میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔

    ذرایع نے بتایا کہ انسداد ایڈز پروگرام کی جانب سے شکارپور کے گاؤں ڈکھن میں منعقدہ اسکریننگ کیمپ میں 356 افراد کی اسکرینگ کی گئی، اسکریننگ ٹیسٹ میں 4 افراد میں ایچ آئی وی ایڈز کی تصدیق ہوئی۔

    خیال رہے کہ گاؤں ڈکھن میں پہلے بھی متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں بچوں کی تعداد بھی قابل ذکر ہے، ڈکھن کے علاوہ پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ بھی ایچ آئی وی کی زد پر ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  رتوڈیرو: 700 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی: ڈاکٹر سکندر میمن

    ادھر رتوڈیرو میں ایچ آئی وی پھیلنے کا معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے، انچارج سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کا کہنا ہے کہ 700 افراد میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    دوسری طرف عالمی ادارہ صحت نے سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں ایچ آئی وی کی وبائی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کی تعاون کی درخواست قبول کر لی ہے، اور کہا ہے کہ ماہرین کی خصوصی ٹیم پاکستان بھجوائی جا رہی ہے۔

  • شکارپور میں 2 کاروں میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    شکارپور میں 2 کاروں میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں 2 کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں قومی شاہراہ پر 2 کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    افسوس ناک حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال شکارپور منتقل کردیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    ایس ایس پی شکار پور ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ حادثہ دونوں کاروں کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، متاثرہ خاندانوں میں سے ایک خاندان کا تعلق جیکب آباد سے تھا جو سکھر سے اپنے گاؤں جا رہے تھے۔

    یاد رہے کہ 28 اپریل کو جامشورو میں انڈس ہائی وے پر گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بدین میں مسافر کوچ کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 19 اپریل کو صوبہ سندھ کے شہر بدین میں تیزرفتار مسافر کوچ الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 44 زخمی ہوگئے تھے۔

  • شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید  9 کیسز سامنے آ گئے

    شکارپور: ایچ آئی وی کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے

    شکارپور: محکمہ صحت کے ذرایع نے بتایا ہے کہ سندھ کے شہر شکارپور میں ایچ آئی وی کے مزید 9 کیسز سامنے آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کی طرح شکارپور میں بھی ایچ آئی وی ایڈز کے شکار لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، شکارپور میں مزید نو کیسز سامنے آ گئے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ شکارپور کے متاثرین میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں جن کا تعلق گاؤں ڈکھن سے ہے۔ اس سے قبل شکار پور میں واقع پیر بخش تھیم اور گاؤں سارنگ شر کے چار بچوں میں ایڈز کے مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔

    مزید کیسز سامنے آنے کے بعد ضلع شکارپور میں رپورٹ ہونے والے ایچ آئی وی کیسز کی تعداد 22 ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 119 ہو گئی

    ڈی ایچ اوغلام شبیر نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کو ایڈز سینٹر لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے، دوسری طرف غیر رجسٹرڈ لیبارٹریز اور اتائی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

    یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ایڈز پھیلنے کی وجہ ایک ہی سرنج کے استعمال کو قرار دیا تھا، ضلع میں موجود 50 اتائی ڈاکٹرز کے کلینک بھی سیل کر دیے گئے تھے جب کہ 3 میٹرنٹی ہومز اور لیباٹری کو بھی حکام نے بند کر دیا ہے۔

    ادھر صوبہ سندھ کے علاقے رتو ڈیرو، لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 119 ہو چکی ہے، جن میں بچوں کی تعداد تشویش ناک حد تک زیادہ رہی ہے۔

  • شکارپور: 10 سال کی بچی سے شادی کرنے والا 40 سالہ شخص گرفتار

    شکارپور: 10 سال کی بچی سے شادی کرنے والا 40 سالہ شخص گرفتار

    شکارپور: صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں 10 سال کی معصوم بچی سے شادی کرنے والے 40 سال کے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں ایک اور معصوم بچی پر ظلم ڈھانے کی مذموم کوشش ناکام بنا دی گئی، دس سال کی بچی کے ساتھ چالیس سالہ شخص شادی کرنے جا رہا تھا۔

    رخصتی سے قبل ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، چالیس سالہ دلہے کو پولیس نے گرفتار کر لیا، اور دس سالہ بچی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا۔

    پولیس کے موقع پر پہنچتے ہی نکاح خواں فرار ہو گیا، جب کہ دلہن بنائی جانے والی دس سالہ بچی رو رہی تھی، پولیس کے پہنچنے سے قبل اس کا نکاح پڑھایا جا چکا تھا۔

    معلوم ہوا ہے کہ دس سالہ بچی یتیم ہے، اور اس کی دادی نے مبینہ طور پر اسے ڈھائی لاکھ روپے میں چالیس سالہ شخص کو فروخت کر دیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  گھوٹکی: دو کم سن بچیوں کو ونی کرنے کا جرگہ، شریک ملزم گرفتار

    گرفتار شخص نے کہا کہ بچی کی عمر سولہ سترہ سال ہو گئی ہے، جب اس سے پوچھا گیا کہ دادی کے مطابق بچی کی عمر دس سال ہے تو اس نے کہا کہ اسے بھی دادی نے کہا تھا کہ بچی جوان ہو گئی ہے۔

    یاد رہے کہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں 8 جنوری کو جرگے نے 2 کم سن بچیوں کو ونی کر دیا تھا جس پر اے آر وائی نیوز نے خبر چلائی، جس کے بعد پولیس نے جرگے کے ایک شریک ملزم کو گرفتار کیا۔