Tag: شکارپور

  • شکارپور دھماکے میں مطلوب دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار

    شکارپور دھماکے میں مطلوب دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار

    جیکب آباد: سندھ پولیس نے شکارپور دھماکے میں مطلوب 2 دہشت گرد بلوچستان سے گرفتار کر لیے، آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد شکار پور دھماکے میں مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے بلوچستان سے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے، آئی جی سندھ نے بتایا کہ سندھ اور بلوچستان سرحدی پٹی پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد شکار پور دھماکے میں پولیس کو مطلوب تھے، ماضی میں بھی بلوچستان کے راستے دہشت گردوں نے کارروائیاں کیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا ہے کہ دہشت گردوں نے جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں دھماکے کیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتِ حال اب پہلے سے بہتر ہے۔

    یاد رہے کہ 20 مارچ کو بھی شکار پور میں پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ نا کام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد بر آمد کیا تھا، گرفتار دہشت گرد سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی بتائے گئے۔

    دہشت گردوں میں عبد الحکیم بنگلانی، عبد الشکور، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو شامل تھے، دہشت گردوں سے 2 پریشر ککر بم، 35 ہینڈ گرنیڈ، 20 کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنا سازش ہے: بلاول بھٹو

    شکار پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے دشمن بی آئی ایس پی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو سندھ کے شہر شکارپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، 18 ویں ترمیم کا خاتمہ وفاق کے لیے اچھا نہیں ہوگا، حکمرانوں کی سوچ صرف امیروں کو مزید امیر بنانا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ میں سندھ کے غیرت مند باسیوں نے استقبال کیا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیسے کی کمی کے باعث صوبے کو ترقیاتی بجٹ میں کمی کا سامنا ہے، اور وفاق کی طرف سے فنڈز نہ ملنے پر کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ

    قبل ازیں سکھر میں بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کے ہم راہ مدیجی کے جنگلات کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، جنگلات پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان  نے سندھ دورے کے دوران اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے مطالبے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    شکارپور: پولیس کی بڑی کارروائی، 4 دہشت گرد گرفتار، بارودی مواد برآمد

    شکارپور: پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ نا کام بنا دیا، 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد بر آمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گرد گرفتار کر لیے، گرفتار دہشت گرد سندھ، بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی کے قریبی ساتھی بتائے جاتے ہیں۔

    دہشت گردوں میں عبد الحکیم بنگلانی، عبد الشکور، اسحاق جعفری اور فاروق سومرو شامل ہیں، دہشت گردوں سے 2 پریشر ککر بم، 35 ہینڈ گرنیڈ، 20 کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔

    دہشت گردوں سے 2 ٹی ٹی پستول، 3 وائرلیس سیٹ، بم بنانے کا سامان، 11 ہزار افغان کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے۔

    حفیظ بروہی اور عبداللہ بروہی 28 فروری کو بلوچستان میں ایک کارروائی میں مارے گئے تھے، گرفتار دہشت گرد حفیظ اور عبداللہ کے سہولت کار تھے، حملہ آوروں کو دھماکے کی جگہ پہنچاتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حساس ادارے اور شکارپور پولیس کا مشترکہ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

    ملزمان 2009 ،2013 میں سابق ایم این اے ابراہیم جتوئی پر بم حملے میں ملوث تھے، 2013 میں جیکب آباد میں ہونے والے ریمورٹ کنٹرول دھماکے میں بھی ملوث تھے۔

    ملزمان شکارپور کی درگاہ حاجن شاہ دھماکے میں بھی ملوث تھے، واقعے میں 8 افراد شہید ہوئے تھے، 2015 میں امام بارگاہ کربلا میں بھی بم دھماکا کیا جس میں 70 سے زائد افراد شہید ہوئے، 2015 ہی میں محرم کے جلوس میں خود کش حملہ کرایا جس میں 28 افراد شہید ہوئے تھے، 2016 میں خان پور میں نماز عید پر خود کش حملہ کرایا جس میں ایک بم بار عثمان پٹھان پکڑا گیا تھا۔

    پولیس کی جانب سے گزشتہ 5 سال سے اس نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے کوشش کی جا رہی تھی، نیٹ ورک سیہون شریف، درگاہ شاہ نورانی میں خود کش دھماکوں میں بھی ملوث تھا۔

  • حساس ادارے اور شکارپور پولیس کا مشترکہ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

    حساس ادارے اور شکارپور پولیس کا مشترکہ آپریشن، کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

    شکارپور: وفاقی حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے سبی کے قریب مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حساس ادارے اور شکارپور پولیس نے سبی کے قریب مشترکہ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گرد عبداللہ بروہی، حفیظ پندرانی انتہائی مطلوب تھے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیہون بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ تھے، ہلاک دہشت گرد شکار پور امام بارگاہ دھماکے کے مرکزی ملزمان تھے۔

    پولیس کے مطابق مشترکہ آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد فرار ہوئے جن کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تخریب کاری کا سامان اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، ہلاک دہشت گرد حفیظ پندرانی سندھ میں کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔

    سندھ پولیس نے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا، آصف زرداری

    دوسری جانب آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا ہے، دہشت گرد ناسور ہیں، انہیں معاف نہ کیا جائے، دہشت گردوں کا خاتمہ ہمارا بنیادی مقصد ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کے ساتھیوں، سہولت کاروں کو بھی گرفت میں لایا جائے، دہشت گردی کی نرسریوں کو تباہ کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: درگاہ لعل شہباز قلندر پر خودکش حملہ،76افراد شہید، 250 زخمی

    واضح رہے کہ دو سال قبل درگاہ لعل شہباز قلندر میں دھمال کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 76 افراد شہید اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، شہید ہونے والوں میں 20 بچے، 9 خواتین، 45 مرد اور ایک پولیس اہلکار شامل تھے۔

  • آئین میں لکھا ہے جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے پہلا حق اس کا ہے: مراد علی شاہ

    آئین میں لکھا ہے جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے پہلا حق اس کا ہے: مراد علی شاہ

    شکارپور: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین میں لکھا ہے جس صوبے سے گیس پیدا ہوتی ہے پہلا حق گیس پر اسی صوبے کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکارپور آمد کے موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما واحد بخش بھیو کے انتقال پر ورثا سے تعزیت کی۔

    [bs-quote quote=”کراچی میں انکروچمنٹ 70 سال پرانی ہے، سپریم کورٹ نے تجاوزات آپریشن کا حکم کے ایم سی کو دیا تھا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعلیٰ سندھ”][/bs-quote]

    وزیرِ اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ 70 فی صد گیس فراہم کرتا ہے، آئین کے مطابق گیس پر پہلا حق صوبہ سندھ ہی کا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں انکروچمنٹ 70 سال پرانی ہے، سپریم کورٹ نے تجاوزات آپریشن کا حکم کے ایم سی کو دیا تھا، کے ایم سی کے میئر کو تجاوزات آپریشن سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے تھا۔

    وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جن کا کاروبار ختم ہو رہا ہے ان کا بھی انتظام پہلے کیا جانا چاہیے تھا، انکروچمنٹ میں ہمارا جو بھی کردار ہوا وہ ہم ادا کریں گے۔

    مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات آپریشن کے متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  سندھ: سی این جی اسٹیشنز کی گیس چھ روز بعد بحال کر دی گئی


    یاد رہے کہ سندھ میں چھ دن تک شدید گیس بحران کے باعث شہری مسلسل عذاب میں مبتلا رہے، ٹرانسپورٹ کی صورتِ حال ابتر رہی، قومی ادارے ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہے، تاہم گزشتہ روز گیس بحران ختم ہو گیا اور سی این جی اسٹیشنز کی گیس بحال کر دی گئی۔

    دو دن قبل گیس بحران کے خاتمے کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر ایل این جی جہازوں میں اضافے کی درخواست کے لیے ہنگامی دورے پر قطر گئے۔ پاکستان ہر ماہ قطر سے ایل این جی کے چھے جہاز منگواتا ہے۔

  • سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور میں بجلی چوروں کیخلاف بڑی کاررروائی

    سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور میں بجلی چوروں کیخلاف بڑی کاررروائی

    سکھر/ لاڑکانہ / شکار پور : سیپکو نے سکھر، لاڑکانہ اور شکار پور میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے ہزاروں کنڈے اتار دیئے، تاروں کے گچھے اتنے زیادہ تھے کہ ان کو اٹھانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق سی او سیپکو کی ہدایت پر عملے نے بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے بجلی کے کنڈوں کو کاٹ دیا  اوربجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کروا دئیے ہیں، تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

    سکھر الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے عملے نے بجلی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سکھر، لاڑکانہ اور شکار پور کے مختلف علاقوں سے ہزاروں کنڈے اتار کر قبضے میں لے لیے، کنڈے کے تاروں کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ان کو اٹھانا بھی دشوار ہوگیا تھا۔

    کارروائی کے دوران عملے کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، اس موقع پر شہریوں نے احتجاج بھی کیا، اے آر وائی نیوز کے نمائندے لالہ اسد پٹھان کے مطابق سی او سیپکو کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کیخلاف آپریشن میں عوام بھی ہم سے تعاون کریں۔

    شکارپور کے مختلف علاقوں میں سیپکو اہلکاروں نے ہزاروں کنڈے اتار دیئے گئے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ فرائض میں غفلت برتنے پر دو ایکسیئن، پانچ ایس ڈی اوز سمیت بارہ اہلکار معطل کردیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ مختلف تھانوں میں بجلی چوروں کیخلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں۔

  • شکارپور: 2 گروہوں میں خونی تصادم کا ایک اور زخمی ہلاک

    شکارپور: 2 گروہوں میں خونی تصادم کا ایک اور زخمی ہلاک

    شکار پور: صوبہ سندھ کی تحصیل خانپور کے قریب گاؤں 10 میل میں جتوئی قبائل کے بڈانی اور سعد خانانی گروہوں میں گزشتہ روز ہونے والے خونی تصادم میں زخمی ایک اور شخص دم توڑ گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کے کچے کے علاقے میں گزشتہ روز جتوئی برادری کے 2 گروہوں کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

    جاں بحق افراد کی میتیں گھروں کو پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ دونوں جانب کی فضا سوگوار اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔

    گذشتہ روز سے جاری کشیدگی پر پولیس نے کئی گھنٹے بعد قابو پایا۔ اب تک 10 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، علاقے میں پولیس کا گشت جاری ہے جبکہ صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ نے خونی تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ذیشان صدیقی کو عہدے سے ہٹا کر ایس ایس پی قمبر شہداد کوٹ کو تعینات کردیا ہے۔


  • شکارپور: دوگروپوں میں مسلح تصادم، ہلاک افراد کی تعداد 13ہوگئی

    شکارپور: دوگروپوں میں مسلح تصادم، ہلاک افراد کی تعداد 13ہوگئی

    شکارپور: تحصیل خانپور کے قریب گاؤں 10 میل میں جتوئی قبائل کے بڈانی اور سعد خانانی گروپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 13ہوگئی، وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور کی تحصیل خان پور کے قریب گاوٴں 10 میل میں جتوئی قبا ئل کے بڈانی اورسعد خانانی گروپوں میں دیرینہ دشمنی پرتصادم ہوا جس کے نتیجے میں 13افراد کشمیرجتوئی ، نازل جتوئی ، کانڈیرو جتوئی ، سرور جتوئی ، ہزارو جتوئی ، اور متارو جتوئی اور راہگیر بچی نائلہ سمیت دیگر ہلاک ہوگئے ہیں۔

    علاقہ نوگو ایریا بن چکا ہے اور پولیس جائے وقوعہ پر تاحال نہیں پہنچ سکی ہے، علاقے میں اب تک کشیدگی برقرار ہے دونوں گروپ مورچہ بند ہیں اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، دونوں گروپس ایک دوسرے پر جدید اسلحے سے فائرنگ کررہے ہیں۔

    دونوں جانب سے مورچہ بند افراد ایک دوسرے پر راکٹ لانچرز اور ایل ایم جی جیسے خطرناک ہتھیاروں سے حملے کر رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران پولیس پر بھی حملہ کیا گیا، مزید نفری اور بکتر بند گاڑیاں طلب کر لی گئیں۔

     واضح رہے کہ اس سے قبل ہونے والے قبائلی تصادم میں اب تک دونوں گروپوں کے 20 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    دریں اثناء ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے ایس ایس پی قمبرساجد کو شکارپور کا اضافی چارج دیدیا ہے، انہوں نے بتایا کہ شکارپورمیں صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے اضافی نفری اور کمانڈوز بھجوادیئے گئے ہیں۔

  • بیٹے کی جگہ امتحان دینے والا پولیس اہلکار باپ پکڑا گیا

    بیٹے کی جگہ امتحان دینے والا پولیس اہلکار باپ پکڑا گیا

    شکارپور : گزشتہ روز بیٹے کو امتحان میں نقل کروانے والا پولیس اہلکار آج پھر بیٹے کی جگہ پرچہ دینے پہنچ گیا۔ اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روز بھی پولیس اہلکار کی قانون شکنی کی خبر نشر کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں انٹرمیڈیٹ امتحانات جاری ہیں۔ کمرہ امتحان میں طلباء کھلے عام نقل کرنے میں مصروف رہے۔ شکارپورمیں بھی پرچہ آؤٹ ہونے کی روایت نہ ٹوٹ سکی۔ یہاں بھی نقل کا بازار گرم رہا۔

    کئی طلباء کے ساتھی نقل کروانے پہنچے، طلباء پھرّوں اور موبائل فونز سے نقل کرتے رہے۔ حد تو یہ ہے کہ پولیس اہلکار باپ اپنے بیٹے کا امتحان دینے کیلئے خود کمرہ امتحان میں آکر بیٹھ گیا، قانون نافذ کرنیوالا ہی قانون شکن بن گیا۔

    پولیس اہلکار بیٹے کی جگہ پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ شکارپور کے ایک امتحانی مرکز میں بیٹے کی جگہ پرچہ دیتے ہوئے پولیس اہلکار کو اے آر وائی نیوز کے کیمرے نے ریکارڈ کرلیا۔ پولیس اہلکارکی جب نظر کیمرے پر پڑی تو طیش میں آگیا، کرتا کیا نہ کرتا غصے میں اٹھا، امتحانی کاپی ٹیبل پر رکھی اور کمرے سے باہر نکل گیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی یہ ہی پولیس اہلکار بیٹے کو نقل کروانے پہنچا تھا،اے آر وائی نیوز نے گزشتہ روزبھی اہلکار کی نقل کروانے کی خبر نشر کی تھی۔

  • شکاپور:ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم،4افراد جاں بحق

    شکاپور:ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم،4افراد جاں بحق

    شکار پور: صوبہ سندھ کے شہرشکارپورمیں خان پور بائی پاس کے قریب رات گئےٹرک اور مسافر کوچ کے تصادم میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق ریسکیو ذرائع کا کہناہےکہ شکار پور میں خان پور بائی پاس کے قریب جیکب آباد سے کراچی آنے والی کوچ کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر ماردی۔

    جیکب آباد سے کراچی جانے والے مسافر بس سے تیز رفتارٹرک کے تصادم کے بعدکوچ میں آگ بھڑک اٹھی،حادثے میں تین افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    خان پور بائی پاس میں ہونے والے حادثے میں متعدد زخمی بھی ہوئے جنہیں شکار پور اسپتال منتقل کردیا گیاجس کے بعد ایک مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

    مزید پڑھیں:ٹھٹھہ میں بس اور ٹرالر میں تصادم،9افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں سندھ کے شہر ٹھٹھہ کے علاقے جھرک کے قریب کراچی سے شہداد کوٹ جانے والی بس بے قابو ہوکر ٹریلر سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجے میں 9افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔