Tag: شکار پور امام بارگاہ دھماکہ

  • سانحہ شکارپور: توجہ بڑے شہروں پر تھی اس لئے نقصان ہوا، قائم علی شاہ

    سانحہ شکارپور: توجہ بڑے شہروں پر تھی اس لئے نقصان ہوا، قائم علی شاہ

    شکارپور: امن وامان برقراررکھنے کیلئےوزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کسی کے گھر کوئی مہمان بھی آئے تو اطلاع متعلقہ تھانے کودیں۔

    شکار پور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سانحہ شکارپور میں ملوث دہشت گردوں کی صحیح اطلاع دینے والے کو 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    وسائل کی کمی کے باوجود صوبائی حکومت عوام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی،کراچی کی طرح اندرون سندھ بھی رینجرز اور پولیس مل کر کام کریں گے۔

     دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا تاکہ صوبے سے دہشت گردوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جاسکے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بڑے شہروں پر توجہ دو تو چھوٹے شہروں میں دھماکے ہونے لگتے ہیں، رینجرز ہر ضلع میں کارروائی کرے گی۔

     انہوں نے صاحب حیثیت لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سیکورٹی خود بنائیں، کیوں کہ سرکاری لوگوں کو سیکورٹی دینا ان کی مجبوری ہے، وزیر اعلیٰ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ پنے گھر آنے جانے والوں کی اطلاع قریبی تھانے کو دیں۔

     قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ مدرسوں مسجدوں اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ  نے شکارپور حملے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے پردوکروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔

  • وزیرِاعلیٰ سندھ شکارپور میں آج اہم اجلاس کی صدارت کریں گے

    وزیرِاعلیٰ سندھ شکارپور میں آج اہم اجلاس کی صدارت کریں گے

    شکارپور :وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شکار پور پہنچتے ہی جائے حادثہ کا دورہ کیا جبکہ سانحے پر شکارپور میں آج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ شکار پور پہنچے، جہاں انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور سانحے میں شہید اور زخمیوں کےاہل خانہ سے ملاقات کی، وزیرِاعلیٰ نے شہید افراد کے لواحقین کیلئے بیس لاکھ اور زخمیوں کو دولاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا، وزیرِاعلی سندھ آج سانحہ شکار پور پراہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں جامع سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائےگی جبکہ وزیرِاعلی کودھماکےسےمتعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

    یاد رہے گزشتہ روز شکار پور کی امام بارگاہ اور مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران زور دار دھماکے ہوا، جس کے نتیجے میں 58 افراد شہید ہوگئے ، دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی، دھماکے میں کئی افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    دھماکہ کے بعد افراتفری پھیل گئی، دھماکے سے مسجد کی چھت منہدم ہوگئی جب کہ قریبی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، مجلس وحدت المسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا تھا، جس کی ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے حمایت کی تھی۔