Tag: شکار پور

  • لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    لاڑکانہ اور کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

    شکار پور: سندھ حکومت نے آپریشن کا دائرہ کار اندرون سندھ تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی ضرورت پڑنے پر فوج کی مدد لی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا دائرہ صوبے کے دیگرعلاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    شکارپور میں شہید اہلکار کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھر اورلاڑکانہ کے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن ہوگا،اورجرائم پیشہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔


    Decision to extend circle of operation in Sindh by arynews

    گرینڈ آپریشن کی منظوری سندھ کابینہ کے اجلاس میں دی گئی جس کا احوال مولا بخش چانڈیو نے میڈیا کو سنایا، صوبائی وزیر اطلاعات نے میڈیا کو بتایا کہ گرینڈ آپریشن پولیس کرے گی تاہم اس میں رینجرز کا تعاون بھی شامل ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق گرینڈ آپریشن کا آغاز لاڑکانہ اور سکھر کےکچے کےعلاقوں سےہوگا۔ دریا میں پانی کی روانی کم ہوتے ہی ڈاکوؤں، دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کےخلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آپریشن کےدوران ضرورت پڑنے پر فوج بھی طلب کی جاسکتی ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے شکارپورمیں عید کے اجتماع کو خودکش دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنانے اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کانسٹیبل محمد رفیق کی بیوہ کو پچاس لاکھ روپے امداد اور بیٹے کو پولیس میں نوکری دینے کا اعلان کیا ہے۔

     

  • شکار پور میں دو خودکش حملے‘ 12 افراد زخمی

    شکار پور میں دو خودکش حملے‘ 12 افراد زخمی

    شکارپور : سندھ کے ضلع شکارپور کی تحصیل خانپور میں نماز عید کے دوران دو خود کش حملوں میں دو پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم دس افراد زخمی جبکہ دو حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کی تحصیل خانپور میں دو خود کش بمباروں نے عید گاہ میں  نماز عید کے دوران حملے کی کوشش کی اور لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی بدولت کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عیدگاہ پر حملہ آور دو خود کش حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے جبکہ دوسرا خود کش بمبار بم دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی افرا تفری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    دھماکے کا نشانہ بننے والے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے شکار پور کے سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب شکار پور میں ہی دو مزید خود کش حملہ آوروں نے نمازِ عید کے دوران امام بارگاہ کو بھی اپنے مذموم مقاصد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    عینی شاہدین کے مطابق پولیس نے امام بارگاہ میں داخل ہونے والے دو مشکوک افراد کو روکا جس پر انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    خود کش حملہ آوروں کے فرار ہونے پر پولیس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

  • شکار پور : سات دہشت گرد گرفتار، سو کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد

    شکار پور : سات دہشت گرد گرفتار، سو کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد

    شکار پور : پولیس نے شکار پور میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔سات دہشت گردوں سمیت سو کلو بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور بڑی دہشت گردی سے بچ گیا ۔۔پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر چار دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    دہشت گردوں کے قبضے سے سو کلو بارودی مواد ،اسلحہ اور دیگر اشیا برآمد کرلی گئیں۔ پولیس نے دو ماہ قبل گرفتار علامہ شفقت مطہری کے قتل میں مطلوب ملزم اکرم معاویہ کی نشاندہی پر کارروائی کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شکارپور کے ماڑی حجن شاہ میں بم دھماکہ اور سابق ایم این اے ڈاکٹر ابراہیم جتوئی پر خود کش حملے میں ملوث رہے ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے چار بااثر افراد کے نام معلوم کرلئے ہیں جو بلوچستان میں روپوش ہیں۔

  • مذاکرات ناکام: سانحہ شکار پورکیخلاف تاحال دھرنا جاری

    مذاکرات ناکام: سانحہ شکار پورکیخلاف تاحال دھرنا جاری

    کراچی: سانحہ شکارپور شہدا کمیٹی سے حکومتی مذاکرات میں تاحال پیش رفت نہیں ہوسکی،علامہ امین شہیدی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی کامیابی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    سانحہ شکار پور کے خلاف نمائش چورنگی پر تاحال دھرنا جاری ہے ، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ امین شہیدی نے حکومت سے مذاکرات کی کامیابی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کمیٹی کے حکومت سے مذاکرات جاری ہیں لیکن پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔

    میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ شہدا ایکشن کمیٹی سے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے اور ڈرافٹ تیارہوتے ہی مظاہرین دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردینگے۔

    شعیہ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہےکہ انکے پچیس مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

    دوسری جانب پشاورمیں امامیہ مسجدکے دورےپرمیڈیاسے گفتگومیں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے پے درپے واقعات کے باجودحکومت دہشت گردی کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے قومی ایکشن پلان سے جو امیدیں تھیں وہ بھی دم توڑگئی ہیں۔

    علامہ ساجدنقوی نےبتایاکہ امامیہ مسجدپرحملے میں ملوث نیٹ ورک کوبے نقاب کیاجائے انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت عوام کے تحفظ کویقینی بنائے۔

  • شکارپورشہدا ء کے لواحقین کو ملنے والےچیک کیش نہ ہوسکے

    شکارپورشہدا ء کے لواحقین کو ملنے والےچیک کیش نہ ہوسکے

    شکار پور : سانحہ شکار پور کے کئی شہداءکے لواحقین اور زخمیوں کو دیئے جانے والے چیک کیش نہ ہوسکے۔شہداء کے ورثاء اور زخمی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ شکار پور شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو امدادی چیک تو مل گئے لیکن سندھ حکومت کی جانب سے دیئے گئے متعدد چیک کیش نہ ہوسکے۔

    ایک شہید کی دو بیویاں ہونے کی وجہ سے معاملہ التوا میں چلاگیا۔ شکارپور حملے کے بارہ زخمیوں کے نام فہرست میں تاخیر سے شامل کئے گئے جس کی وجہ سے زخمیوں کو ملنے والے چیک کیش نہیں ہوئے۔

    سندھ حکومت کی جانب سے شہداءکے لواحقین کو بیس بیس لاکھ اورزخمیوں کو دو دو لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے تھے۔

  • سانحہ شکارپور کیخلاف ریلی کراچی کیلئے روانہ

    سانحہ شکارپور کیخلاف ریلی کراچی کیلئے روانہ

    شکار پور: سانحہ شکار پور کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کے لئے شکار پور سے سینکڑوں افراد پر مشتمل ریلی کراچی کےلئے روانہ ہوگئی۔

    ریلی کی قیادت علامہ مقصود ڈومکی کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ شکار پور کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے اور لبیک یاحسین کے نعرے لگاتے سینکڑوں افراد پر مشتمل ریلی شکار پور سے کراچی روانہ ہو گئی۔

    ریلی کی قیادت علامہ مقصود ڈومکی کر رہے ہیں۔ اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ڈومکی کا کہنا تھا کہ ہمارے مارچ اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کا مقصد حکومت کو کمزور کرنا نہیں بلکہ حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنا ہے تاکہ وہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرسکے۔

    علامہ ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردوں کو للکارا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی اسی راہ کو اختیار کریں۔

  • سانحہ شکارپور:شہدا کا سوئم ،ضلع کی فضا سوگوار

    سانحہ شکارپور:شہدا کا سوئم ،ضلع کی فضا سوگوار

    شکار پور : سانحہ شکار پور کے تیسرے روز بھی ضلع بھر کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ شہداء کا سوئم مرکزی امام بارگاہ کربلا میں ہوا۔سانحہ شکارپورکئی ہنستے بستے گھر اجاڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپورسمیت ضلع بھر میں تیسرے روز بھی فضا سوگوار ہے۔مختلف شہروں میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے۔ سندھ کےکئی شہروں میں کاروباری مراکز آج بھی بند ہیں۔

    شعیہ علماء کونسل کا کہنا ہے کہ امام بارگاہ میں بم دھماکے کا مقدمہ شہداء کے کوائف مکمل نہ ہونے کے باعث ابھی تک درج نہیں ہوسکا۔

    شیعہ علماء کونسل نے شہداء کے لواحقین سے گزارش ہے کہ شہداء کے کوائف جمع کرائیں تاکہ درست معلومات فراہم کی جاسکے۔نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکے میں درجنوں افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

  • شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

    شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

    شکار پور: امام بارگاہ دھماکے کے شہیدوں کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

    شکار پور کی امام بارگاہ میں شہید افراد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، لواحقین کاندھوں پر زندگی بھر کےغم کا بوجھ اٹھائے جنازہ گاہ پہنچے، اجتماعی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

    نمازِ جنازہ میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے لوگ بھی شریک ہوئے، رہنماؤں نے اپنے  خطاب میں دہشتگردوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

    اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، لواحقین غم سے نڈھال اپنے پیاروں کی یاد میں روتے رہے اور سینہ کوبی بھی کرتے رہے۔

    اس سے قبل سانحہ شکارپور میں جاں بحق دو افراد کی نماز جنازہ اسٹیشن روڈ پر اد کردی گئی۔

    شکار پور کے امام بارگاہ حملے میں جاں بحق ہونیوالے ایک ہی خاندان کے دو افراد ڈاکٹر جاوید شاہ اور علی رضا شاہ کی نماز جنازہ اسٹیشن روڈ پر ادا کردی گئی، نمازِ جنازہ میں رشتہ داروں سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی، اس موقع پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے ۔

    نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مشتعل افراد نے احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے گزشتہ روز شکار پور میں مسجد و امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے اکسٹھ افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، دھماکا اس وقت ہوا جب مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی، دھماکے میں کئی افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    کراچی : شکار پور میں ہونے والے ہولناک واقعے پر سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

     تفصیلات کے مطابق صدرپاکستان ممنون حسین اور وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمد نے امام بارگاہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

      وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دھما کے کی مذمت کرتے ہو ئے اسے انسان دشمنی سے تعبیر کیا ۔ ۔شکار پور دھماکے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دھماکا کرنیوالے انسان نہیں حیوان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے امام بارگاہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے انتہائی درجے کی سفاکیت ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کا وجود ہی نہیں ہے ،امن کی مسلسل دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ۔

    دھماکے کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نےدھماکے پر گہرےدکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکہ،بچوں سمیت 55افراد جاں بحق

    شکار پور: امام بارگاہ میں دھماکہ،بچوں سمیت 55افراد جاں بحق

    شکار پور: امام بارگاہ کربلا مولا میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت پچپن یس افراد جاں بحق جبکہ پچاس سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    دھماکہ لکھی در کے علاقے میں واقع  امام بارگاہ میں اس وقت ہوا جب نمازِ جمعہ ادا کی جارہی تھی ،امام بارگاہ میں نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی، دھماکہ کے بعد افراتفری پھیل گئی، پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، زخمیوں کو ایم ایس سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے،جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے،  دھماکہ کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے، تنگ گلیوں کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    وزیرِ صحت نے شکارپور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ تمام اسٹاف کو ہنگامی طور پر ہسپتالوں میں طلب کر لیا گیا ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا ہے، پولیس کے مطابق دھماکہ خود کش لگتا ہے تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

    مجلس وحدت المسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔

    صدر اور وزیرِ اعظم نواز شریف نے امام بارگاہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے یوئے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔

    گورنر سندھ نے شکار پور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    ایس ایس پی ثاقب اسماعیل کا کہنا تھا کہ شکارپور میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا یا پلانٹڈ تحقیقات کی جارہی ہیں۔