Tag: شکاگو

  • امریکی شہر شکاگو میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    امریکی شہر شکاگو میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    شکاگو: امریکی ریاست شکاگو میں مسافر ٹرین کے اندر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شکاگو میں فائرنگ کا واقعہ ٹرین کے اندر پیش آیا، اطلاع پر پولیس کی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں۔

    فائرنگ کے باعث 3 افراد موقع پر جبکہ ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا، پولیس نے 25 سالہ حملہ آور نکولس اور ٹزکو حراست میں لے لیا ہے۔

    شہری کو ٹرین سے بچانے کی سنسنی خیز ویڈیو وائرل

    پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزم کے بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات حاصل نہیں ہوسکیں، تحقیق کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

  • حاملہ لڑکی کو قتل کرنے والی خاتون کو 50 سال قید کی سزا

    حاملہ لڑکی کو قتل کرنے والی خاتون کو 50 سال قید کی سزا

    نوجوان حاملہ لڑکی کو قتل کرنے اور اس کا پیٹ کاٹ کر بچے کو نکالنے کے جرم میں خاتون کو سزا سنائی دی گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شکاگو میں 51 سالہ خاتون کلریسا فیگیروا نے اپریل 2019 میں مارلن اوچووا لوپیز نامی 19 سالہ لڑکی کو قتل کیا تھا، منگل 16 اپریل کو خاتون نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، عدالت نے مجرم خاتون کو 50 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    51 سالہ خاتون ممکنہ طور پر اب اپنی باقی زندگی جیل میں گزارے گی۔ خاتون کی بیٹی ڈیزری فیگیرو نے بھی جنوری میں قتل کا اعتراف کیا تھا جس پر اسے 30 سال تک قید کی سزا دی گئی تھی۔

    ڈیزری نے اپنی والدہ کے خلاف گواہی دینے کے بدلے میں پراسیکیوٹرز کے ساتھ ایک التجائی معاہدہ کیا تھا جبکہ کلریسا پہلے پہل اس قتل اور مقدمے کا سامنا کرنے سے انکاری تھی۔

    دی ایسوسی ایٹڈ پریس کی شائع کردہ خبر کے مطابق، کلریسا فیگیرو کے بیٹے کی موت 2018 میں قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ بچے کی متمنی تھی۔

    اس نے حاملہ ماؤں کے ایک فیس بک گروپ میں شمولیت اختیار کی وہاں اس کی ملاقات 19 سالہ اوچووا لوپیز سے ہوئی۔

    فیگیرو نے اوچووا لوپیز نامی لڑکی کو کچھ بچوں کے کپڑے دینے کے لیے گھر بلایا اور مبینہ طور پر اپنی بیٹی کو بتایا کہ اسے ایک حاملہ عورت کو مارنا ہے اور اس کا بچہ لینا ہے۔

    اوچووا لوپیز جب 23 اپریل 2019 کو فیگیرو کے گھر گئی تو اس نے اپنے منصوبے کو عملی جامعہ پہناتے ہوئے ڈوری کی مدد سے لڑکی کا گلا گھونٹ کر ماردیا۔

    اس کے بعد ظالم خاتون نے اپنی بیٹی کو بلایا اور چھری کی مدد سے لڑکی کا پیٹ کاٹ کر اس میں سے بچے کو بھی نکال لیا۔ بعد ازاں اس نے 911 پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس نے ایک بچے کو جنم دیا ہے جو سانس نہیں لے رہا ہے۔

    بعدازاں شک ہونے پر جب پولیس نے تحقیقات کی تو سارا معاملہ سامنے آیا اور اس گھتی کو سلجھانے اور عدالتی فیصلے کے تحت عورت کو اپنے انجام تک پہنچنے میں چار سال لگ گئے۔

  • ٹرین اسٹیشن پر خاتون کا خوفناک قتل، مرنے سے پہلے قاتل کو پہچان لیا

    ٹرین اسٹیشن پر خاتون کا خوفناک قتل، مرنے سے پہلے قاتل کو پہچان لیا

    امریکا میں ایک خاتون کو ان کے سابق بوائے فرینڈ نے بہیمانہ طریقے سے قتل کر ڈالا، پولیس نے 15 گھنٹوں سے قبل قاتل کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہر شکاگو میں 31 سالہ شخص نے اپنی سابق گرل فرینڈ کو اس وقت قتل کردیا جب وہ رات کے وقت ٹرانزٹ اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی۔

    سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں قاتل کو 26 سالہ سمانتھا کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے، دونوں کا تعلق گزشتہ 6 ماہ سے قائم تھا اور حال ہی میں دونوں نے اپنی راہیں جدا کی تھیں۔

    واقعے کی رات قاتل سمانتھا کا پیچھا کرتے ہوئے انڈر گراؤنڈ ٹرین اسٹیشن میں داخل ہوا اور اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال لیا، قاتل اس دوران اپنے پیچھے بھی دیکھتا رہا۔

    جیسے ہی ٹرین قریب آنے لگی، قاتل نے سمانتھا کو کھینچ کر نیچے گرایا اور اس پر چاقو کے پے در پے کئی وار کیے۔ اس کے بعد ٹرین رکتے ہی اس میں سوار ہو کر اپنے گھر چلا گیا۔

    سمانتھا شدید زخمی حالت میں کسی طرح سیڑھیاں چڑھ کر باہر پہنچی اور مدد کی اطلاع دی۔ اسے موقع پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ گئی۔

    قاتل نے اس کے سینے، پیٹ اور بازو پر وار کیے تھے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔

    پولیس نے اگلے 15 گھنٹوں میں قاتل کا سراغ لگا لیا اور اس کے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا۔

    مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ قاتل کو سزا ہونے کے باوجود بھی اس نقصان کی تلافی نہیں ہوسکتی جو ایک زندگی سے بھرپور اور نیک فطرت لڑکی کے چلے جانے سے ہوا۔

  • بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    بلی نے جان بچانے کے لیے جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا دی، ویڈیو وائرل

    شکاگو: امریکی شہر شکاگو میں ایک جلتی عمارت کی پانچویں منزل سے بلی نے جان بچانے کے لیے اندھا دھند چھلانگ لگا دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ریاست ایلی نوئے میں شکاگو کے فائر فائٹرز نے ایک ایسی ویڈیو شیئر کی ہے جسے دیکھ کر لوگ ششدر رہ گئے، اس ویڈیو میں بلی جان بچانے کے لیے عمارت کی پانچویں منزل سے بے دھڑک چھلانگ لگاتی دکھائی دے رہی ہے۔

    کہا جاتا ہے کہ بلی کی نو جانیں ہوتی ہیں، آتش زدگی کی شکار عمارت سے اتنی بلندی سے چھلانگ لگانے کے لیے شاید بلی کو اپنی یہ ساری جانیں خرچ کرنی پڑی ہوں گی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کی پانچویں منزل سے دھواں اٹھ رہا ہے اور ایک بلی کھڑکی سے بے دھڑک چھلانگ لگا رہی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد بالکل سلامت رہی، اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی۔

    مقامی حکام کا کہنا تھا کہ بلی چھلانگ لگانے کے بعد دوڑتی نظر آئی، اور اس نے واپس عمارت میں جانے کی بھی کوشش کی۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جیسے ہی شیئر ہوئی، نہایت تیزی سے وائرل ہو گئی، لوگوں نے اس پر حیرت اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے طرح طرح کے تبصرے کیے، کسی نے بلی کو حیرت انگیز قرار دیا تو کسی نے اسے شیطان کی خالہ کہا۔

    کالی بلیوں کو عام طور سے لوگ بد بختی کی علامت سمجھتے ہیں لیکن یہ والی کالی بلی تو بڑی خوش قسمت نکلی۔

    واضح رہے کہ یہ ویڈیو اس وقت ریکارڈ ہوئی جب شکاگو فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ آگ بجھانے کے دوران ویڈیو بنا رہا تھا، جب ٹوٹی کھڑکی سے نکلتے دھوئیں میں سے یہ بلی اچانک کھڑکی میں نمودار ہوئی۔

  • کیا آپ درختوں پرجھولتے ان اسمارٹ فونز کی کہانی جانتے ہیں؟

    کیا آپ درختوں پرجھولتے ان اسمارٹ فونز کی کہانی جانتے ہیں؟

    شکاگو: درختوں پر جھولتے اسمارٹ فونز کے پیچھے بہت دلچسپ وجہ ہے اور وہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ کام اپنے لیے حاصل کرنا۔

    امریکی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ای کامرس کمپنی ایمیزون کے لیے کام کرنے والے ڈرائیوروں نے دوسروں کے مقابلے میں زیادہ آرڈر حاصل کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔

    شکاگو کے نواح میں‌ ایمیزون کےڈیلیوری اسٹیشنز اور ہول فوڈ اسٹورز کے باہر ان درختوں پر ڈیلیوری ڈرائیور اسمارٹ فون لٹکا دیے ہیں تاکہ صارفین کے زیادہ سے زیادہ آرڈر حاصل کر کے آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔

    ڈرائیوروں نے درختوں پر یہ فون لٹکا کر انہیں اپنے پاس موجود فونز سے منسلک کر دیا ہے تاکہ دیگر کے مقابلے میں انہیں سبقت حاصل ہوسکے۔

    رپورٹ کے مطابق درختوں پر لٹکے یہ فون ایمیزون کے سسٹم سے بھی جڑے ہیں اور ڈرائیور چاہے وہاں سے میلوں دور ہی کیوں نہ ہو، سسٹم کو ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ وہ قریب موجود ہے۔

    امریکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ کتنے لوگ اس طریقے کو استعمال کر رہے ہیں مگر اس سے اندازہ ہوتا کہ آمدنی میں کمی کی وجہ سے لوگ کس طرح جارحانہ انداز سے دوسروں سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

    ایمیزوں کے ڈرائیوروں کو فی گھنٹہ 15 سے 18 ڈالرز ملتے ہیں جبکہ ایندھن اور گاڑی کی مرمت کے اخراجات بھی نہیں دیے جاتے۔

    واضح رہے کہ عام طور پر ایمیزون کے آرڈر بک کرنے والا الگورتھم ایسے ڈرائیوروں کو ترجیح دیتا ہے جو ویئر ہاؤس کے قریب ہوں اور ایسے افراد کو پہلے ڈیلیوری کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

  • اپنے گھر میں موجود 10 سالہ بچی اندھی گولی کا نشانہ بن گئی

    اپنے گھر میں موجود 10 سالہ بچی اندھی گولی کا نشانہ بن گئی

    امریکا میں ایک 10 سالہ بچی نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوگئی، پولیس تاحال کسی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

    امریکی شہر شکاگو میں ہفتے کی رات 10 بجے کے قریب ایک اندھی گولی ایک اپارٹمنٹ کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوئی، اپارٹمنٹ میں موجود 10 سالہ بچی گولی کی زد میں آگئی۔

    گولیاں چلنے کی آوازوں پر مقامی افراد نے پولیس کو رپورٹ کی، پولیس کے ساتھ ریسکیو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچیں جنہوں نے تشویشناک حالت میں بچی کو اسپتال منتقل ہوگیا، تاہم بچی جانبر نہ ہوسکی اور کچھ دیر بعد دم توڑ گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ اپارٹمنٹ کے قریب کچھ افراد میں جھگڑا ہوا جس کے دوران فائرنگ کی گئی۔

    پولیس تاحال کسی کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے، مذکورہ افراد کو علاقے میں تلاش کیا جارہا ہے جبکہ مقامی افراد سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

  • امریکی باکسر پیٹرک ڈے چل بسے

    امریکی باکسر پیٹرک ڈے چل بسے

    نیویارک: امریکی باکسر پیٹرک ڈے دماغ پر لگی چوٹ کے باعث 27 سال کی عمر میں چل بسے، پیٹرک ڈے شکاگو کے باکسنگ رنگ میں فائٹ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست شکاگو میں باکسر پیٹرک ڈے فائٹ کے دوران دماغ پر لگنے والی چوٹ کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

    شکاگو میں 4 روز قبل پیٹرک ڈے اور چارلس کونویل مدمقابل تھے، سپرویلٹرویٹ کے دسویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہونے والے پیٹرک ڈے کو باکسنگ رنگ سے اسپتال پہنچایا گیا تھا۔

    امریکی باکسر کو فائٹ کے دوران دماغ پر چوٹ لگی تھی، انہیں شمال مشرقی میموریل اسپتال شکاگو میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔

    باکسنگ ایونٹ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہفتے کی رات کو ہونے والی فائٹ میں باکسر پیٹرک ڈے کو دماغ کی ہڈی میں انجری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 24 جولائی کو میری لینڈ میں باکسنگ کے ایک مقابلے کے دوران روسی باکسر مکسم داداشیوف دماغ پر چوٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    پیٹروریکو کے باکسر سبریل میٹیاس کے ساتھ سپر لائٹ ویٹ مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد 28 سالہ باکسر کی ہنگامی طور پر واشنگٹن میں دماغ کی سرجری کی گئی تھی۔

    مکسم داداشیوف کا تعلق روس کے علاقے سینٹ پیٹرزبرگ سے تھا لیکن وہ کیلیفورنیا میں مقیم تھے۔

  • مسافر طیارے میں گھوڑے کی آمد، ویڈیو وائرل

    مسافر طیارے میں گھوڑے کی آمد، ویڈیو وائرل

    شکاگو: امریکی ریاست شکاگو کے مسافر طیارے میں گھوڑے کی آمد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شکاگو سے اوماہا جانے والی مسافر پرواز میں خاتون کی گود میں سر رکھے گھوڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف ایون نوواک نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس وقت ہم ایک گھوڑے کے ساتھ پرواز کررہے ہیں، فیملی جو مسافر طیارے میں سفر کررہی تھی ان کے ساتھ تین بچے بھی موجود تھے۔

    ایک اور مسافر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گھوڑا اپنے مالک کے ساتھ ایئرپورٹ میں موجود ہے، یہ گھوڑا طیارے میں فٹ بیٹھ سکے گا۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ سی بی ایس 62 کے مطابق مسافر فیملی کو امریکی طیارے میں جانور لے جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

    ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ طیارے میں ٹرانسپورٹ کے طور پر بلی، کتا اور گھوڑے لے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پالتو جانوروں کو اپنے مالکان کے لے جانے کے لیے خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔

  • ’’شکاگو‘‘ کے ہاں بھائی کی پیدائش، بہن بھائیوں‌ کی تعداد چار ہوگئی

    ’’شکاگو‘‘ کے ہاں بھائی کی پیدائش، بہن بھائیوں‌ کی تعداد چار ہوگئی

    نیویارک: امریکا کے رئیلٹی ٹی وی شو کی اسٹار کارڈیشن ویسٹ کے ہاں چوتھے بچے (بیٹے) کی پیدائش ہوئی جس پر وہ بہت زیادہ خوش ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار کانی ویسٹ اور کارڈیشن کے گھر جمعے کے روز لڑکے کی پیدائش ہوئی، ادکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ وہ اور بیٹا صحت مند اور خیریت سے ہیں۔

    کارڈیشن نے رواں سال جنوری کے آغاز پر لائیو ٹی وی شو کے درمیان خوش خبری سنائی تھی کہ وہ ایک بار پھر ماں بننے جارہی ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی تھی سارا عمل خیریت سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ 8 برس قبل کارڈیشن اور کانی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جس کے بعد اُن کے پہلے بیٹی اور پھر بیٹے بعد از بیٹی کی پیدائش ہوئی۔کارڈیشن نے گزشتہ برس پیدا ہونے والی بچی کا نام ’شکاگو‘ رکھا، اُن کی تین سالہ بیٹی کا نام ’نارتھ‘ اور بیٹے کا نام سائنٹ ہے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کارڈیشن کے ہاں پہلی بار جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، انہوں نے شادی کے بعد کام کو جاری رکھا اور آخر تک شوز بھی کرتی رہی تھیں۔ کارڈیشن کا ماننا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کی بدولت ہی مشکل مراحل کو آسانی سے گزار لیتی ہیں۔

    View this post on Instagram

    I can’t wait to hear what they talk about lol

    A post shared by Kim Kardashian West (@kimkardashian) on

  • شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    واشنگٹن : امریکی شہر شکاگو کے جنوبی علاقے میں جاری بچوں کی تقریب کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بچوں اور خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے گنجان آبا شہر شکاگو کے جنوب میں واقع ویسٹ اینگل ووڈ کے قریبی علاقے میں منعقدہ بچوں کی تقریب میں دو نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ شب حملہ کرکے چھ افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    شکاگو پولیس کا کہنا تھا کہ 8 سالہ بچے کو سینے اور کمر پر گولی لگی ہے اور زخمی ہونے والی دوسری بچی 10 سالہ ہے جس کی ٹانگ پر گولی لگی ہے تاہم دونوں کی حالت بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تین افراد کی عمریں 23 برس سے 48 برس کے درمیان ہیں اور 29 سالہ خاتون بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 48 سالہ شخص کے حوالے سے کچھ معلوم نہ ہوسکا تاہم دو نوجوانوں کی حالت قابو میں ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے جو پیدل تھے جبکہ واقعہ اس سے قبل ہونے والے فائرنگ کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل گینگ کے تنازع کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اور ہوسکتا ہے کہ اسی کے جواب میں یہ فائرنگ کی گئی ہو۔

    پولیس کے مطابق جب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام گلوکار ہلاک

    خیال رہے کہ 14 فروری کو  امریکی شہر ولیجو میں پولیس نے سیاہ فام گلوکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، واقعے میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں سے تاحال تفتیش جاری ہے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال جنوری میں امریکی ریاست لوزیانا میں ایک نوجوان نے دو مختلف واقعات اندھا دھند فائرنگ کرکے والدین سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا تھا۔