Tag: شکایات

  • محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    محرم میں شکایات کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم

    کراچی: محرم الحرام میں کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے گورنر ہاؤس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں ایک مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سیل قائم کیا گیا ہے، جو یوم عاشور تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔

    یہ مانیٹرنگ سیل حکومتی و قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت بلدیاتی اداروں سے رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطے کرے گا۔


    پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا


    کنٹرول روم مجالس یا جلوس کے راستوں میں مسائل پر بلدیاتی اداروں سے بھی رابطے میں رہے گا، خصوصی سیل روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ گورنر سندھ کو بھیجے گا۔

    شکایتی سیل کا خصوصی ہیلپ لائن اور واٹس ایپ نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ شہری ہیلپ لائن نمبر 1366/02199204748 پر یا واٹس ایپ نمبر 03162971504 رابطہ کر سکتے ہیں۔

  • ملک بھر میں واٹس ایپ سست ہونے کی شکایات، وجہ کیا ہے؟

    ملک بھر میں واٹس ایپ سست ہونے کی شکایات، وجہ کیا ہے؟

    ملک بھر کے صارفین نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی رفتار سست ہونے کی شکایات کیں۔

    پاکستان میں گزشتہ کئی دن سے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک سسٹم ’فائر وال‘ کی آزمائش سے جہاں انٹرنیٹ سست رفتاری کا شکار رہی ہے، وہیں کل سے ملک بھر میں صارفین نے واٹس ایپ کی سست ہونے کی شکایت کی ہے۔

    میسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپلیکیشن بھی سست روی کا شکار ہیں، صارفین کا کہنا تھا کہ میڈیا فائلز کو ڈاؤن لوڈ ہونے میں بہت زیادہ وقت لگتا ہے یا وہ فائلز ڈاؤن لوڈ ہوتی ہی نہیں۔

    بعض صارفین نے واٹس ایپ اور انسٹاگرام دونوں ایپلی کیشنز کی سروس ڈاؤن ہونے کی شکایت بھی کی، تاہم زیادہ تر افراد نے بتایا کہ دونوں ایپلی کیشنز سست رفتاری کا شکار ہیں اور میسیجز درست انداز میں وصول نہیں ہو رہے اور نہ ہی میسیجز بھیجے جا رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے ملک میں صارفین کی جانب سے واٹس ایپ سروسز کے حوالے سے جاری مسائل کو مسترد کرتے ہوئے اسے ممکنہ ’’تکنیکی خرابی‘‘ قرار دیا ہے۔

    ورلڈ پاپولیشن ریویو کی 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 52.3 ملین سے زائد ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا

    الیکشن کمیشن نے شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شکایات کی سنوائی کے لیے ہیلپ لائن نمبر کا اجرا کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن نمبر 051111327000 پر کال کرکے شکایت درج کرائی جاسکتی ہیں۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کے پیش نظر 24 گھنٹے ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات کے دوران چاروں صوبوں میں سکیورٹی سے متعلق بھی اہم ہدایت جاری کی ہیں.

    نوٹ: الیکشن کی تمام رپورٹس، خبروں اور تجزیوں کیلیے لنک پر کلک کریں

    چیف الیکشن کمشنر نے چاروں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ سکندر سلطان راجہ نے چاروں آئی جی صاحبان کو سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ جلد از جلد سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو مکمل کیا جائے، ووٹرز، ڈی آر اوز اور آر اوز کے دفاتر کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

    انھوں نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ ایسے واقعات کے فوری تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی، صارفین کی جانب سے ہزاروں شکایات

    بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی، صارفین کی جانب سے ہزاروں شکایات

    اسلام آباد: بجلی کمپنیوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بجلی صارفین کی جانب سے شکایات کے انبار لگ گئے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے درج کروائی گئی اور حل شدہ شکایات کا اعداد و شمار جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کمپنیوں کے خلاف درج کروائی گئی شکایات کی تفصیلات جاری کردیں۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں بجلی کمپنیوں کے خلاف 12 ہزار 778 شکایات درج کروائی گئیں، ایک سال میں کے الیکٹرک کے خلاف سب سے زیادہ شکایات درج کروائی گئیں۔

    جولائی 2021 تا جون 2022 کے الیکٹرک کے خلاف 5 ہزار 716 شکایات درج کروائی گئیں، اس عرصے میں لاہور کی لیسکو کے خلاف 1 ہزار 489، حیدر آباد کی حیسکو کے خلاف 1 ہزار 415 اور سکھر کی سیپکو کے خلاف 952 شکایات موصول ہوئیں۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ ملتان کی میپکو کے خلاف ایک سال میں 775، پشاور کی پیسکو کے خلاف 626، اور فیصل آباد کی فیسکو کے خلاف 653 شکایات درج کروائی گئیں۔

    دستاویز کے مطابق نیپرا نے ایک سال میں 12 ہزار 143 شکایات کا ازالہ کیا، بجلی کمپنیوں کے خلاف 635 شکایات تصفیے کے مختلف مراحل میں ہیں۔ نیپرا نے بجلی کمپنیوں کے خلاف ملک بھر میں کھلی کچہریوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

  • شہریوں کی شکایات پر پختونخواہ پولیس کے 355 اہلکار نوکری سے برخاست

    شہریوں کی شکایات پر پختونخواہ پولیس کے 355 اہلکار نوکری سے برخاست

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی پولیس کو رواں برس اپنے محکمے کے خلاف 31 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، شکایات پر 355 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سنہ 2020 میں خیبر پختونخواہ پولیس کو اپنے ہی محکمے کے خلاف 31 ہزار 764 شکایت موصول ہوئیں، صوبائی پولیس نے 30 ہزار ایک سو شکایات کا ازالہ کر دیا۔

    پولیس کی دستاویزات کے مطابق شکایات ثابت ہونے پر 3 ہزار 347 پولیس اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں، محکمہ پولیس نے 355 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا۔ سزا پانے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک کے اہلکار شامل ہیں۔

    دستاویزات کے مطابق سزا پانے والوں میں 41 پولیس اہلکاروں پر کرپشن کا الزام تھا، ناقص تفتیش پر 41 اہکاروں کو سزا دی گئی۔

    پولیس دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ 1 ہزار 25 سزائیں مالا کنڈ میں دی گئیں، دوسرے نمبر پر 606 سزائیں ضلع کوہاٹ پولیس کو دی گئی۔

  • وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    وزیر اعظم کا سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس، سخت برہمی کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کردیے جس کے بعد متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے موٹر وے ریسٹ ایریاز پر اشیائے خور و نوش کی زائد قیمتوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم آفس کے ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور آئی جی موٹر وے کو مراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں، ٹیمیں موٹر وے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔ ٹیمیں ضلعی انتظامیہ سے ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت مدد لے سکتی ہیں۔

    مراسلے کے مطابق ریسٹ ایریاز پر زائد قیمتوں کے خلاف فوری اور سخت ایکشن لیا جائے، ریسٹ ایریاز پر آگاہی کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں۔ سٹیزن پورٹل پر شکایات کی آگاہی سے متعلق بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم آفس نے متعلقہ حکام کو 21 دن میں ابتدائی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقدامات کی تکمیل سے پہلے اور بعد کی تقابلی رپورٹ بھی پیش کی جائے۔

  • وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    وزیر اعظم کی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی اداروں کے کمپلینٹ سیلز کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے کی ہدایت کی ہے اور ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے، وزیر اعظم کے اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔

    وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف وفاقی اداروں میں کمپلینٹ سیلز کام کر رہے ہیں، باہمی اور مربوط روابط پر مشتمل یونیورسل شکایتی نظام کی ضرورت ہے۔ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ پر حل کی جائیں گی۔

    مراسلے کے مطابق ون ونڈو آپریشن سے شکایات کے حل پر آگاہی میسر ہوگی، وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ نظام مؤثر ثابت ہوگا۔

  • حیدرآباد کے منتخب نمائندوں کی وزیراعلیٰ سندھ سے حیسکو کی شکایات

    حیدرآباد کے منتخب نمائندوں کی وزیراعلیٰ سندھ سے حیسکو کی شکایات

    حیدرآباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے حیدرآباد کے تمام منتخب نمائندوں نے حیسکو کی شکایات کیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں شرجیل میمن، جبار خان ،جام خان شورو نے شرکت کی۔

    اجلاس میں حیدرآباد کے منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے حیسکو کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو کی جانب سے 18،18گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔منتخب نمائندوں کا کہنا تھا کہ بارش شروع ہو تو حیسکو بجلی بند کر دیتی ہے عوام ناراض ہے۔

    کمشنر حیدرآباد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ حیدرآباد میونسپل کو 3 ملین روپے دیے،نالوں کی ڈی سلٹنگ کے لیے 5 ملین روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شدید بارشیں ہوئیں تو حیدرآباد زیادہ متاثر ہوتا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب کسی قسم کی شکایات نہیں ہونی چاہیے، میں اس لیے آیا ہوں کہ فول پروف انتظامات ہونے چاہئیں۔

  • سٹیزن پورٹل، شہری غیر مطمئن، وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کر لیا

    سٹیزن پورٹل، شہری غیر مطمئن، وزیر اعظم نے بڑا فیصلہ کر لیا

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل کے سلسلے میں شہریوں کے عدم اطمینان کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے شکایات سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر اداروں کی جانب سے شکایات میں کوتاہی برتنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے نوٹس لے لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہری شکایات کے حل پر غیر مطمئن ہیں۔

    وزیر اعظم کی جانب سے اس صورت حال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے خلاف شکایات پر تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہریوں کی شکایات پر متعقلہ اداروں کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر وزیر اعظم کی ہدایت پر 1 لاکھ 6 ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، ممبران کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    اس سلسلے میں یکم جنوری سے 30 اپریل تک حل کی جانے والی شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق اداروں نے غلط بیانی کی، شہری اداروں کی جانب سے شکایات کے حل پر مطمئن نہیں تھے، شکایات کو دوبارہ کھول کر ان کا میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے گا۔

    ذرایع نے بتایا کہ پنجاب سے 17,661، سندھ سے 3,256 شکایات کھلیں گی، خیبر پختون خوا سے 5,346 شکایات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق سے 12,340 جب کہ بلوچستان سے 482 شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی۔

  • سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    سٹیزن پورٹل: وزیر اعظم نے سرکاری افسران کی مشکل دور کر دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کے غیر سنجیدہ استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس پر وزیر اعظم آفس نے سخت نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے حوالے سے سرکاری افسران کے خلاف جھوٹی شکایات پر سخت ایکشن لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق اس سلسلے میں وزیر اعظم کو افسران کے خلاف شہریوں کی جھوٹی شکایات پر تحقیقاتی رپورٹ موصول ہوئی تھی، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ افسران کے خلاف بیش تر شکایات ذاتی عناد اور دشمنی پر مبنی ہیں۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    رپورٹ کے مطابق اداروں میں افسران نے ایک دوسرے کے خلاف شناخت چھپا کر شکایات درج کروائیں، وزیر اعظم آفس نے رپورٹ موصول ہونے کے بعد کسی بغیر ثبوت اور شناخت چھپا کر کی گئی شکایات خارج کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم آفس نے آیندہ ایسے اقدامات کی روک تھام کے قواعد و ضوابط سے بھی اداروں کو آگاہ کر دیا، رپورٹ میں کہا گیا کہ سٹیزن پورٹل پر کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کی رپورٹ کے لیے مخصوص سہولت فراہم کر دی گئی ہے، ایسی کسی بھی شکایت کے لیے شناخت اور ثبوت لازمی دینا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر بھی اظہار برہمی کیا تھا، اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایسے افسران کے خلاف باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔