Tag: شکایات

  • سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    سٹیزن پورٹل پر بھائی کی شکایت پر 29 سال بعد بہن کی پاکستان واپسی

    اسلام آباد: سٹیزن پورٹل پر وزیر اعظم آفس کے بر وقت ایکشن کی وجہ سے 29 سال بعد خاتون کی پاکستان واپسی ممکن ہو سکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شہری کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لے لیا، جس کی وجہ سے جرمنی میں رہنے والی پاکستان کی بیٹی کی 29 سال بعد وطن واپسی ممکن ہو سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شاہد نامی شہری اپنی بہن کے لیے 29 سال تک ویزے کے حصول کی کوشش کرتا رہا، تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکا، شاہد کو ویزے کے حصول میں مشکلات آڑے آتی رہیں اور کسی بھی حکومت میں ان کی داد رسی نہیں ہوئی۔

    شہری شاہد حسین کا کہنا تھا کہ انھوں نے پاکستان سٹیزن پورٹل میں درخواست دی تو سالوں کا کام دنوں میں ہو گیا، رشوت دینا پڑی نہ دفتروں کے چکر کاٹنا پڑے، ایک درخواست ہی پر کام ہو گیا، پورٹل انتظامیہ خود رابطہ کر کے دستاویزات مانگتی رہی، ویزا بھی دلوایا۔

    پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    شاہد حسین نے کہا کہ ان کی بہن نے 29 سال بعد ارض پاک پر قدم رکھا، ہم بہت خوش ہیں، اور وزیر اعظم عمران خان اور سٹیزن پورٹل ٹیم کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ان کی بہن جرمنی سے ہر ملک کا سفر کر سکتی تھیں لیکن پاکستان نہیں آ سکتی تھیں، کسی تکنیکی وجہ سے ان کا ویزا روکا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد 5 ماہ سے اغوا کی گئی لڑکی بھی بازیاب کرائی گئی تھی، پورٹل پر لڑکی کی والدہ نے شکایت درج کرائی تھی، شکایت کے بعد لڑکی بازیاب کرائی گئی اور دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان بھی گرفتار کر لیا گیا۔

  • اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اے ٹی ایم سے متعلق شکایت پر وزیر اعظم آفس کا بڑا ایکشن

    اسلام آباد: شہری کا اے ٹی ایم کارڈ بینک مشین میں پھنسنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے بڑا ایکشن لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم کارڈ پھنسنے سے متعلق اسلام آباد کے شہری کی شکایت پر وزیر اعظم آفس نے ایکشن لے لیا، 3 ماہ تک صارف کی بات نہ سننے والے بینک حکام 30 منٹ میں لائن پر آ گئے۔

    متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ تین ماہ قبل انھوں نے اے ٹی ایم استعمال کیا تو بینک کی اے ٹی ایم مشین سے کارڈ واپس نکلا نہ پیسے، پیسے نہ ملنے کے باوجود بینک نے اکاؤنٹ سے رقم کاٹ لی، متعدد بار بینک حکام سے رابطہ کیا لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔

    شہری کے بیان کے مطابق 3 ماہ تک معاملے کی شنوائی نہ ہونے کے بعد آخر کار انھوں نے وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کرائی، شکایت کے اندراج کے ڈیڑھ گھنٹے میں اسٹیٹ بینک سے کال آ گئی، اور بینک حکام نے 30 منٹ میں پیسے واپس کر دیے۔

    وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی بڑی کامیابی ، 91 فیصد سے زائد شکایات کا ازالہ

    شہری کا کہنا تھا کہ مذکورہ بینک نے ان سے سٹیزن پورٹل سے شکایت واپس لینے کی درخواست بھی کی۔

    خیال رہے سال 2019 میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو زبردست کام یابی ملی، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں 91 فی صد سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

  • رواں سال بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی نہ آسکی

    رواں سال بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی نہ آسکی

    کراچی: رواں سال بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی نہ آسکی، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو خواتین کی ہراساں کرنے سے متعلق 7 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کرائم سرکل کو رواں سال 7 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ موصول ہونے والی زیادہ تر شکایات خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق ہیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر فیض اللہ کاریجو کا کہنا ہے کہ 2 ہزار 136 شکایات ثبوتوں کے ساتھ ملی ہیں۔ سنہ 2019 میں 450 انکوائریز کی گئیں جن پر 26 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    فیض اللہ کا کہنا ہے کہ 60 کیسز پر تاحال تفتیش جاری ہے۔ ایف آئی اے کو موصول ہونے والی دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سائبر فراڈ کی شکایات ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں وزارت داخلہ نے اعتراف کیا تھا کہ وفاقی دار الحکومت میں خواتین محفوظ نہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک سال کے دوران زنا بالجبر کے واقعات میں 160 فیصد اضافہ ہوا۔

    اسمبلی کو بتایا گیا کہ ایک سال میں زیادتی کے 39 واقعات ہوئے۔ 2015 میں زیادتی کے واقعات کی تعداد 15 تھی۔

    دوسری جانب پاکستانی کمیشن برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند سالوں میں خواتین کے خلاف جرائم بشمول تشدد و زیادتی کے واقعات رپورٹ ہونے کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ ہوچکا ہے۔

    کمیشن کے مطابق سنہ 2004 سے 2016 تک 7 ہزار 7 سو 34 خواتین کو جنسی تشدد یا زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری کردہ ایک اور رپورٹ کے مطابق صرف جنوری 2012 سے ستمبر 2015 کے عرصے کے دوران 344 اجتماعی یا انفرادی زیادتی کے واقعات پیش آئے۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران پر وزیر اعظم برہم ہوگئے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے طرز عمل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل پر شکایت سنجیدہ نہ لینے والے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزارتوں اور محکموں میں 5 رکنی کمیٹی بنائی جائے گی، جس کی سربراہی 20 گریڈ کاا فسر یا جوائنٹ سیکریٹری کرے گا۔

    وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ کمیٹی متعین افسران کے ڈیش بورڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ جمع کرائے گی، یہ کمیٹی بہترین اور بدترین کارکردگی کے ذمہ داران کے تعین کے ساتھ ساتھ حل، غیر حل شدہ شکایات میں خامیوں کی نشان دہی بھی کرے گی۔

    وزارتوں اور محکموں میں قائم کمیٹیاں 30 یوم میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کریں گی، وزیر اعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں اور صوبائی اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شکایات گائیڈ لائن کے مطابق حل کیے بغیر بند کی جا رہی ہیں، شکایات کا حل افسران بالا کی بجائے ماتحت اہل کاروں کے سپرد کیا جا رہا ہے، افسران کے پاس شکایات کے حل کا دستاویزی ثبوت بھی نہیں ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سٹیزن پورٹل آئندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے: عدالت

    وزیر اعظم آفس کے مطابق شکایات کے حل کا فیصلہ غیر متعلقہ افراد کرتے ہیں، شہریوں کو ردعمل دینے میں غیر ضروری وقت ضائع کیا جاتا ہے، ریلیف نہ دیے جانے کی ٹھوس وجوہ نہیں بتائی جاتیں، جن شکایات پر ریلیف دیا گیا وہاں بھی صورت حال مختلف تھی، منفی فیڈ بیک کی روشنی میں سپروائزری سطح پر شکایات دوبارہ نہیں کھولی جاتیں، شکایات کے حل کا بیان اکثر گمراہ کن ہوتا ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے تمام وزارتوں، محکموں اور اداروں کو اس سلسلے میں جائزہ رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔

  • اوورسیزپاکستانیوں کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا،عثمان بزدار

    اوورسیزپاکستانیوں کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا اچانک دورہ کیا، مختلف دفاترکا معائنہ اورعملے کی حاضری چیک کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسائل کے حل کے لیے آنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی۔

    سردار عثمان بزدار نے حکام کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل جلد کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اوورسیزپاکستانیوں کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیادرکھ دی گئی ، اب ہر آدمی سر اٹھا کر فخر سے زندگی بسر کرے گا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھانے والے لوگ ہیں، ماضی میں قومی خزانے پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیے گئے مگر اب لوٹ مار کا دور گزر چکا ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئےپاکستان میں عام آدمی سراٹھاکرجئےگا، قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور یہ اُن ہی پر خرچ ہوں گے، سابق دور میں لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    پاکستان سٹیزن پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل کو قائم کیے جانے کے بعد 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 ہوگئی جن میں سے نصف کا ازالہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کے اب تک کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔ 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ پورٹل پر اب تک موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 ہے۔

    پورٹل کو موصول شدہ شکایات میں سے 90 فیصد اندرون ملک، 9.66 فیصد اوور سیز اور 0.45 فیصد غیر ملکیوں کی ہیں۔

    پورٹل پر پنجاب سے 1 لاکھ 5 ہزار 7 سو 94، خیبر پختونخواہ سے 26 ہزار 7 سو 90، سندھ سے 31 ہزار 6 سو 98، بلوچستان سے 2 ہزار 5 سو 24، گلگلت بلتستان سے 184، اسلام آباد سے 61 ہزار 6 سو 44 اور آزاد کشمیر سے 11 سو 72 شکایات موصول ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب سے موصول شکایات میں سے 40 ہزار 4 سو 11 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، پختونخواہ سے 12 ہزار 7 سو 71، سندھ سے 2 ہزار 63، بلوچستان سے 316 اور اسلام آباد کے شہریوں کی 35 ہزار 9 سو 50 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

    پورٹل پر اب تک مجموعی طور پر 47 ہزار 5 سو 79 تجاویز موصول ہوئیں جبکہ عوامی فیڈ بیک کے مطابق 24 ہزار 76 افراد نے پورٹل کے قیام اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو پورٹل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کی ترغیب دی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم کی ہدایت پر پورٹل کے اعداد و شمار ہفتہ وار جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سٹیزن پورٹل کا آغاز 2 ماہ قبل کیا گیا تھا جس کے تحت وزرا اور حکومت کے خلاف آن لائن شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ہے نیا پاکستان کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔