Tag: شکایت

  • قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد کی شکایات، جیل کے 7 ملازمین برطرف

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے بعد اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں قیدی کی والدہ کی جانب سے تشدد اور رشوت کی شکایات کے معاملے پر نوٹس لے لیا گیا۔

    پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز کی ہدایات پر آئی جی جیل خانہ جات نے ایکشن لیتے ہوئے قصور وار ثابت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت 7 ملازمین کو نوکری سے برخاست کردیا۔

    عمر سرفراز کا کہنا ہے کہ جیلوں میں رشوت، تشدد اور منشیات کی ترسیل کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، افسران اور اہلکاران کے خلاف عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔

  • بیوی کے کھانا نہ پکانے پر پولیس کو شکایت کرنے پر شوہر گرفتار

    بیوی کے کھانا نہ پکانے پر پولیس کو شکایت کرنے پر شوہر گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے پولیس کو بار بار فون کر کے بیوی کی شکایت کی کہ وہ کھانا نہیں پکا رہی جس کے بعد پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کی پولیس نے نوین نامی شخص کو پولیس ہیلپ لائن پر بار بار فون کر کے بیوی کی شکایت کرنے پر گرفتار کر لیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہری نے جمعے کی رات کو ہولی کے تہوار کے موقع پر بیوی کی جانب سے بکرے کا گوشت نہ بنانے کی وجہ سے پولیس کے ایمرجنسی نمبر پر ایک دو نہیں بلکہ 6 مرتبہ کال کر کے شکایت کی جس پر پولیس نے تنگ آکر اس شخص کو ہی گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اسے مذاق کال سمجھ کر نظر انداز کیا گیا لیکن جب نوین نے مسلسل کالز کر کے اپنی بیوی کے خلاف شکایت درج کرنے کا کہا تو پولیس افسر نے اپنے اعلیٰ افسران کو اطلاع دی جس پر انہوں نے اس شخص کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    پولیس نے بتایا کہ نوین جمعہ کی رات نشے میں گھر واپس آیا تھا اور وہ اپنے ساتھ مٹن لایا تھا اور چاہتا تھا کہ اس کی بیوی اسے پکائے، تاہم بیوی اس کی شراب نوشی جیسی بری عادتوں سے تنگ تھی اس لیے اس نے شوہر کی بات ماننے سے انکار کر دیا جس کے بعد اس شخص نے پولیس کو کالز کر کے پریشان کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص کے خلاف انڈین پینل کورٹ (آئی پی سی) کی دفعہ 290 ( پریشان کرنے) اور 510 (نشے کی حالت میں بدتمیزی) کرنے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین حقدار کو واپس دلوا دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان سٹیزن پورٹل عوام کی آواز بن گیا، سائل کی شکایت پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین اصل حقدار کو واپس دلوا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پورٹل کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی سجاد احمد کی داد رسی کرلی گئی، سائل نے خان پور میں زمین پر قبضے کے خلاف سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تھی۔

    سجاد احمد کے 15 سال سے پھنسے کیس کو ایک ماہ کے اندر حل کروا دیا گیا، ہری پور کی تحصیل خان پور میں قبضہ مافیا نے ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا تھا۔ سائل کا کہنا تھا کہ زمین 15 سال قبل ان کی والدہ نے خریدی تھی۔

    سٹیزن پورٹل پر شکایت کے بعد قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کر کے زمین واپس دلا دی گئی، مسئلہ فوری حل ہونے پر سجاد احمد نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

  • سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    سلمان خان پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے

    نئی دہلی: معروف بھارتی اداکار سلمان خان اپنے پڑوسی کے خلاف عدالت پہنچ گئے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اپنے پڑوسی سے تنگ آکر ممبئی کی سٹی سول اور سیشن عدالت میں دیوانی معاملات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جس کی سماعت عدالت نے 21 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔

    سلمان خان نے اپنی درخواست میں اپنے پڑوسی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے، اور ہتک آمیز تبصرے کرتا ہے جو ان کے اور ان کے اہل خانہ کے لیے باعث تکلیف ہے۔

    درخواست میں اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے ان کی اور ان کے خاندان کی عوامی ساکھ خراب ہو رہی ہے اور یہ الزامات ان کے لیے سنگین نقصان، اور تعصب کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

    دوران سماعت سلمان خان کے وکلا نے عدالت سے درخواست کی کہ فریقین کو اس عمل سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا جائے۔

    پڑوسی کے وکیل نے سلمان خان کے الزام کی مخالفت کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے لیے عدالت سے کچھ وقت طلب کیا ہے۔

    عدالت نے وکیل مخالف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع، فائرنگ اور تشدد سے متعدد افراد زخمی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر تنازع میں فائرنگ اور تشدد سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ٹک ٹاک بنانے کی شکایت پر ہونے والی فائرنگ اور تشدد سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملک پور کا رہائشی زین اپنے دوست سلیمان کے ساتھ ٹک ٹاک بناتا تھا، جس پر سلیمان کی والدہ فوزیہ شکایت لے کر زین کے گھر گئیں اور الزام لگایا کہ زین میرے بیٹے کو خراب کر رہا ہے۔

    زین کی والدہ نے بیٹے کی شکایت کرنے والی خاتون سے جھگڑا شروع کر دیا اور اس کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔

    پولیس کے مطابق تشدد کے بعد جب سلیمان کی والدہ فوزیہ اپنے گھر پہنچیں تو مزید خواتین نے ان کے گھر پر دھاوا بول دیا، خرم اور نعمان نامی افراد کی فائرنگ سے کم سن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سلیمان کے گھر پر حملہ زین، اس کی والدہ، خرم، نعمان، لطیف اور 5 خواتین نے کیا تھا، جب کہ خرم اور نعمان کی فائرنگ سے سونیا، شہناز، 10 سالہ طیبہ، اور غلام شبیر زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق واقعے پر تھانہ منصور آباد پولیس نے 3 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

    مدعی رفیق نے الزام لگایا ہے کہ ملزمان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ان کے گھر پر دوبارہ فائرنگ کی ہے، ملزمان مسلح ہو کر علاقے میں دندناتے پھر رہے ہیں، اور ان کی جان کو خطرہ ہے۔

  • شہباز شریف نے عدالت میں کیا شکایت کی جس پر جج برہم ہو گئے؟

    شہباز شریف نے عدالت میں کیا شکایت کی جس پر جج برہم ہو گئے؟

    لاہور: اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے جج سے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں ان کے ساتھ توہین آمیز سلوک روا رکھا جا رہا ہے، شام کو جب کھانا آتا ہے تو زمین پر رکھ دیا جاتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہباز شریف کی شکایت پر احتساب عدالت کے جج نے سخت ایکشن لیتے ہوئے کہا انسانیت کی تذلیل کے لیے میں کوئی بھی چیز برداشت نہیں کروں گا۔

    احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا میں جب سیل میں نماز پڑھتا ہوں تو کرسی سے مدد لیتا ہوں، لیکن مجھے کرسی دینے سے انکار کیاگیا، شام کو جب کھانا آتا ہے تو زمین پر رکھ دیا جاتا ہے، میں آپ سے استدعا کرتا ہوں کہ آپ ان چیزوں کو دیکھیں۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا میں نے ڈی جی نیب کو پھر شکایت بھجوائی ہے، جیل میں جان بوجھ کر میری کمر کو تکلیف پہنچانے کے لیے دو دن سے تواتر کے ساتھ یہ کیا گیا، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے لیکن میری صحت کو نقصان پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر یہ کیا جا رہا ہے۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا انسانیت کی تذلیل والی میں کوئی بھی چیز برداشت نہیں کروں گا، آئندہ کے بعد اگر یہ شکایت ہوئی تو میں اس کا نوٹس لوں گا، آرڈرز میرے چلیں گے نہ کہ کسی اور کے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا شہباز شریف کو سیل میں نہیں خاص روم ڈسپنسری میں رکھا گیا ہے، ان کا کھانا گھر سے لانے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

    ضمانت مسترد ، نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

    شہباز شریف نے کہا اہل کار کرسی کا رخ نماز کے لیے موڑ دیتے تھے، کمر کو کچھ ہوا یا جان گئی تو مقدمہ عمران خان، شہزاد اکبر کے خلاف درج کراؤں گا۔ جج نے عدالت میں دیگر وکلا کو بولنے سے روک کر کہا کہ میں ایک مکمل آرڈر آج ہی اس سے متعلق پاس کروں گا، یہ ہر گز درست نہیں کہ کھانا زمین پر دیا جائے۔

    شہباز شریف سے جج نے کہا آپ نے اپنی شکایت مجھے بتا دی ہے، جب تک آپ عدالتی تحویل میں ہیں احکامات میرے چلیں گے، میں دوران تحویل غیر انسانی سلوک برداشت نہیں کروں گا۔

    واضح رہے کہ آج شہباز شریف کو منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت میں پیش گیا گیا تھا، 28 ستمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے ان کی عبوری ضمانت مسترد کر دی تھی، جس کے بعد نیب حکام نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا تھا۔

  • طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    طالب علم کی شکایت نے تھائی وزیراعظم کو کابینہ سمیت کٹہرے میں‌ پہنچا دیا

    بینکاک:تھائی لینڈ میں طالبِ علم کی شکایت پر وزِیر اعظم اپنی کابینہ سمیت عدالت کے کٹہرے میں پہنچ گئے, احتساب آفس کا کہنا ہے کہ وزیر اور کابینہ ارکان نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طالبِ علم کی جانب سے دائر شکایت کے جائزے کے بعد احتساب آفس نے فیصلہ سنایا کہ وزیر اعظم پر یوتھ چان اوچا اور ان کی کابینہ نے حلف اٹھاتے ہوئے آئین کی مکمل پابندی سے متعلق جملہ ادا نہیں کیا جو آئین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    احتساب آفس کے سیکرٹری جنرل کے مطابق حلف برداری کے دوران آئین کی طرف سے لازم کردہ تمام جملوں کو نہ پڑھ کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پانیوپونگ چوراک نامی ایک طالبِ علم نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں شکایت جمع کروائی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ غیر مکمل حلف برداری، کابینہ کی ساخت، حکومتی پالیسی کے بیان اور متوقع پالیسی کے ناپائیدار استعمال کی راہ ہموار کر کے حکومت کے عوامی مفاد میں کام کی صلاحیت کو متاثر کرسکتی ہے۔

  • جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    جینیفر لوپیز کی مصر میں نازیبا پرفارمنس، مصری وکیل نے شکایت درج کروادی

    قاہرہ : مصری وکیل نے جینیفر لوپیز کے خلاف اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروا دی، جس میں کہا گیا ہے کہ معروف اداکارہ و گلوکارہ نے الامین شہر میں منعقدہ کنسرٹ میں برہنہ حالت میں پرفارم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ادھیڑ عمری میں بھی کسی خوبرو لڑکی کی طرح پرفارمنس کرنے والی گلوکارہ، موسیقار، اداکارہ و لکھاری جینیفر لوپیز پر مصر کے ایک وکیل نے فحش پرفارمنس کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ملک میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جینیفر لوپیز نے حال ہی میں اپنی 50 ویں سالگرہ کے جشن منانے کے طور پر مصر، اسرائیل، اٹلی اور روس میں خصوصی میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا تھا۔

    خاص ممالک میں منعقد کیے جانے والے ان میوزک کنسرٹ میں اگرچہ لاکھوں افراد کو ٹکٹ نہیں دیئے گئے، تاہم ان کنسرٹ میں 5 سے 10 ہزار افراد شامل رہے،ان میوزک کنسرٹ میں جہاں گلوکارہ کے عام مداح شامل رہے، وہیں ان کنسرٹ میں گلوکارہ کے متعلقہ ممالک کی حکومتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے اپنی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف ممالک میں منعقد کئے جانے والے کنسرٹس کو ’ یہ میری پارٹی‘ ہے کا نام دیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مشہور گانوں پر بولڈ، نیم عریاں اور جذباتی پرفارمنس کی۔

    جینیفر لوپیز نے تل ابیب، ماسکو، اناطولیہ اور مصر کے شہر الامین میں بھی پرفارمنس کی،مصری شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس میں حکومتی وزراء، مصری شوبز، موسیقی، فیشن و میڈیا انڈسٹری کی معروف شخصیات سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار افراد شریک ہوئے۔

    مصر کے شہر الامین میں جینیفر لوپیز کی پرفارمنس کے بعد مصر کے معروف وکیل سمیر صابری نے امریکی گلوکارہ پر فحش پرفارمنس کا الزام لگاتے ہوئے ملک کے اٹارنی جنرل کے پاس شکایت درج کروادی۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل کے ہاں شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین میں منعقد کنسرٹ میں انتہائی نازیبا اور نیم عریاں پرفارمنس کی جو مصر کے اسلامی اقدار کے خلاف تھی۔

    شکایت میں مزید لکھا گیا گیا کہ جینیفر لوپیز کا میوزک کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ کچھ دن قبل ہی مصر میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا اور اس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ایسے میں فحش پرفارمنس کے کنسرٹ میں حکومتی وزیروں کی شرکت ملک کے لیے باعث شرم ہے۔

    مصری وکیل نے اپنی شکایت میں یہ بھی لکھا کہ امریکی گلوکارہ کا فحش کنسرٹ ایک ایسے موقع پر منعقد کیا گیا جب کہ دنیا بھر کے مسلمان میدان عرفات میں فریضہ حج کی ادائیگی کر رہے تھے اور ایسے موقع پر جینیفر لوپیز کی عریاں پرفارمنس قابل مذمت ہے۔

    اطلاعات کے مطابق مصری وکیل سمیر صابری نے اپنی شکایت میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ جینیفر لوپیز نے الامین شہر میں کنسرٹ میں کپڑوں کے بغیر بھی پرفارمنس کی،تاہم میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے والے چند افراد کے مطابق جینیفر لوپیز نے برہنہ پرفارمنس نہیں کی تھی البتہ ان کا لباس اس طرح تھا کہ وہ نیم عریاں دکھائی دے رہی تھیں۔

    سمیر صابری نے مصر کے اٹارنی جنرل سے شکایت میں مطالبہ کیا کہ جینیفر لوپیز پر مصر میں پابندی عائد کی جائے اور آئندہ ان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد نہ کیا جائے۔

  • سیاحوں کو شکایت کرنا مہنگا پڑگیا، ریسٹورنٹ مالک نے کھانا منہ پر دے مارا

    سیاحوں کو شکایت کرنا مہنگا پڑگیا، ریسٹورنٹ مالک نے کھانا منہ پر دے مارا

    ویانا : آسڑیا میں کھانے سے متعلق شکایت کرنے پر ریسٹورنٹ مالک آپے سے باہر ہوگیا اور مہمانوں کی شکایت کا ازالہ کرنے کے بجائے کھانا ان کے منہ پر دے مارا۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی آسٹریا میں پولیس کو ریسٹورنٹ سے متعلق انوکھی شکایت موصول ہوئی جہاں ریسٹورنٹ مالک نے آڈر کی گئی ڈش نہ ملنے کی شکایت کرنے پر مہمانوں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شمالی آسٹریا میں واقع باڈ شالر باخ پر سیاحوں کی آمد و رفت کا سلسلہ چہل قدمی، خاموشی اور سکون کے باعث جاری رہتا ہے اور جس گیسٹ ہاؤس میں مہمانوں کے ساتھ ناروا واقعہ پیش آیا وہ ’اچھے گھریلوں کھانوں کیلئے جانا جاتا ہے‘۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات مذکورہ جگہ جانے والے دو سیاحوں کو خاموشی اور سکون مسیر نہیں آیا اور ریسٹورنٹ مالک کے ہاتھوں انہیں زخمی ہونا پڑا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ افراد نے غلط ڈش ملنے پر شکایت کی جس کے بعد 56 سالہ ریسٹورنٹ مالک نے کھانا ان کے منہ پر دے مارا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر متاثرہ شخص نے تحریر کیا کہ ’مجھے کبھی ایسا تجربہ نہیں ہوا، میرے خیال سے ریسٹورنٹ مالک نشے میں تھا‘۔

    متاثرہ سیاحوں کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ مالک مسلسل نازیبا زبان بھی استعمال کرتا رہا اور پولیس کی ریسٹورنٹ آمد کے بعد بھی مالک نے گالم گلوچ بند نہیں کی جبکہ پولیس کو فون کرنے کی کوشش کے دوران مارپیٹ بھی کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ ریستوران پیدل چلنے والوں، سائیکل پر سفر کرنے والوں اور دوسرے مسافروں میں بھی خاصا مقبول ہے۔

  • امریکا کے اضافی محصولات، ترکی نے عالمی ادارے سے رجوع کرلیا

    امریکا کے اضافی محصولات، ترکی نے عالمی ادارے سے رجوع کرلیا

    واشنگٹن: امریکا کی جانب سے ترکی کی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے ردعمل میں ترک حکام نے عالمی ادارے سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی فولاد اور المونیم کی امریکا درآمد کی جانے والی مصنوعات پر بہت زیادہ نئے درآمدی ٹیکس عائد کیے تھے، جس کے ردعمل میں ترکی نے یہ اقدامات اٹھائے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک حکام نے عالمی ادارہ برائے تجارت میں امریکا کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی ہے، اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ امریکی اقدامات پر نظر ثانی کی جائے۔

    ترکی نے اپنی برآمدی مصنوعات پر اضافی محصولات کے باعث واشنگٹن کے ساتھ تنازعے میں اب عالمی ادارہ برائے تجارت میں امریکا کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرا دی ہے۔

    پادری رہا نہ ہوا تو ترکی پر مزید پابندیاں عائد ہوں گی، امریکا کی دھمکی

    خیال رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہاکیا جائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکا نے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ترکی پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 اگست کو یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ترکی سے امریکا میں دھاتوں اور دھاتی مصنوعات کی درآمدات پر عائد کردہ محصولات کو دوگنا کر رہے ہیں، جس کے بعد ترک کرنسی لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی تھی۔