Tag: شکست
-
برسبین:آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیدی
جیمز فولنکر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔
انگلینڈ کی ٹیم ایک مرتبہ منزل پر پہنچ کر ناکام ہوگئی۔ برسبین میں بھی مہمان ٹیم کی ناکامی کا سفر جاری رہا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ایوائن مورگن کی سینچری کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں پر تین سو رنز بنائے۔
مورگن نے ایک سو چھ رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ این بیل نے ارسٹھ اور جوز بٹلر نے انچاس رنزبنائے۔ جواب میں آسٹریلیا نےجیمز فولنکر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت انگینڈ سے فتح چھین لی۔
فولنکر نے سینتالیس گیندوں پر پانچ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے انہتر رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شان مارش اور گلین میکسویل نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔
-
آسٹریلین اوپن ٹینس:مارٹن ڈیل پوترو دوسرے راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر
آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوترو دوسرے راؤنڈ میں حیران کن شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کے مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں ففتھ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوترو کو اسپین کے رابرٹ بوٹیسٹا نے پانچ سیٹ کے سخت مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دے دی۔
تین گھنٹہ تریپن منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں اسپینش کھلاڑی نے چار چھ، چھ تین، پانچ سات، چھ چار اور سات پانچ سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے راؤنڈ کے ایک اور میچ میں فورتھ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانسیسی کوالیفائر وینسینٹ میلوٹ کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
مرے کی فتح کا اسکور چھ دو، چھ دو اور سات پانچ رہا۔ ویمنز سنگز میں بیلاروس کی وکٹوریا ازرینکا بھی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ازرینکا نے جمہوریہ چیک کی باربورا کو با آسانی چھ ایک اور چھ چار سے قابو کیا۔
-
دبئی ٹیسٹ:سری لنکا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دیدی
سری لنکا نے دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی مہیلا جے وردھنے پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
دبئی ٹیسٹ میں بارش بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔ شائقین کو آسمان پر پھیلے گہرے سیاہ بادلوں سے جو امید تھی وہ صحیح وقت پر برس نہ سکے۔سری لنکا نو وکٹوں سے کامیاب ہوگیا۔ کھیل کے فیصلہ کن روز سب کی نگاہیں پاکستانی وکٹ کیپر سرفراز احمد پر مرکوز تھیں جو سنھبل کر کھیل رہے تھے۔ مگر وہ اسکور میں مزید چار رنز کا اضافہ کرکے چوہتر رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر کے آؤٹ ہوتے ہی دیگر کھلاڑیوں کی ہمت ٹوٹ گئی اور ٹیم تین سو انسٹھ رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سرفراز احمد کیساتھ مصباح الحق ستانوے،یونس خان ستتر رنز بناکر نمایاں رہے۔ سورنگا لکمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کو جیت کیلئے ایک سو سینتس رنز کا ہدف ملا۔ جو اوپنرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت باآسانی حاصل کرلیا گیا۔
کوشل سلوا نے اٹھاون رنز بنائے۔ کورونارتنے نے باسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ آپریشنز طارق وصی نے سری لنکن بیٹسمین کوشل سلوا کو آروائی گولڈ بار پیش کیا ۔ سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ آخری معرکہ سولہ جنوری سے شارجہ میں شروع ہوگا۔
-
پاکستان نے سری لنکا کو8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں تباہ کن بولنگ اور محمد حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا کو با آسانی آٹھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی، پاکستان نے رواں سال سات سیریز جیتنے کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی نے شائقین کے دل جیت لیے، پہلے بولرز نے کمال دکھایا پھر محمد حفیظ کی شاندار اننگز نے پاکستان کو باآسانی آٹھ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔
شاہینوں کی تباہ کن بولنگ کے آگے سری لنکن ٹائیگرز نہ جم سکے اوردوسو پچیس رنز پر ڈھیر ہوگئے، عمر گل نے ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کو دباؤ میں لے لیا، آشان پریانجن اور کمار سنگاکارا نے کچھ مزاحمت کی، پریانجن نے چوہتر رنز اور کمار سنگاکارا اکیاون رنز بناسکے۔
سعید اجمل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر پوری کردی، جنید خان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور دو کھلاڑیوں کو شکار کیا، پاکستانی ٹیم کی پہلی وکٹ اکتیس رنز پر گری جسکے بعد محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے سری لنکن بولرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب درگت بناڈالی۔
احمد شہزاد چوالیس رنز بناسکے، صہیب مقصود چھیالیس رنز اور محمد حفیظ نے ایک سو تیرہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، سیریز کا پانچواں اور آخری میچ ستائیس دسمبر کو ابوظہبی میں ہی ہوگا۔
-
دبئی،دوسرا ون ڈے:سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دیدی
سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں دو وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
دبئی میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے میچ کے ہیرو شرجیل خان اور صہیب مقصود دوسرے میچ میں زیرو رہے۔ احمد شہزاد نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ پارٹنرشپ لگا کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔
احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی چوتھی سنچری بناڈالی۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں بوم بوم آفریدی نے لنکن بولرز کی دھلائی لگاتے ہوئے جارحانہ انداز میں تیس رنز بنائے ، مصباح انسٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ دو سو پچیاسی رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز پراعتماد رہا۔،
مہمان ٹیم کے دونوں اوپنرز کو بولرز نے آؤٹ نہیں کیا بلکہ دونوں ہی رن آؤٹ ہوئے۔ سنگاکارا اور چندی مل کے درمیان اہم شراکت نے میچ میں سری لنکا کی واپسی یقینی بنائی، سنگاکارا اٹھاون اور چندی مل چوالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان اینجلو میتھوز نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے ایک قدم قریب کیا، لیکن آخری اوور میں آفریدی نے میتھوز کو آؤٹ کرکے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ رنز کم ہونے کی وجہ سے آفریدی بھی پاکستان کو دوسرے میچ میں جیت نہ دلواسکے اور سری لنکا نے میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔