Tag: شہابیے

  • سعودی عرب: شہابیوں کی برسات کا خوبصورت نظارہ کب ہوگا؟

    سعودی عرب: شہابیوں کی برسات کا خوبصورت نظارہ کب ہوگا؟

    سعودی عرب کے شہر طائف میں شہابیوں کی بارش کا موسم شروع ہو چکا ہے جسے دیکھنے کے لیے ملک بھر سے شائقین پہنچ رہے ہیں۔

    فلکیاتی علوم کی کمیٹی نے شہابیوں کی بارش کا نظارہ کرنے کے لیے خصوصی اہتمام کیا ہے۔

    کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر شرف السفیانی کا کہنا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شہابیوں کی بارش کے عروج کی رات ہے، طائف میں ہر سال 17 جولائی سے 24 اگست تک وقفے وقفے سے شہابیوں کی بارش ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جمعرات کو رات 12 بجے سے 4 بجے فجر تک ایک گھنٹے کے دوران 150 شہابیے دیکھے جائیں گے۔

    ڈاکٹر شرف نے مزید کہا کہ شہابیوں کی بارش کا نظارہ کرنے کے لیے دوربین کی ضرورت نہیں ہوگی۔

  • سعودی عرب: ستاروں کی بارش کا نظارہ

    سعودی عرب: ستاروں کی بارش کا نظارہ

    ریاض: سعودی عرب میں ٹوٹتے ستاروں کی بارش ہوگی، اس شان دار نظارے کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شہریوں نے صحرا کا رخ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں شہری ستارے ٹوٹنے اور شہاب ثاقب کے مناظر دیکھنے کے لیے صحرا میں نکلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    جیمینیڈ میٹیئر شاور (Geminids Meteor shower) کی بارش 13 اور 14 دسمبر کو اپنی انتہا پر ہوگی اور ایک گھنٹے میں 120 ٹوٹتے ہوئے تارے دیکھے جا سکیں گے۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق تارے دیکھنے والوں کے لیے اس بار منفرد بات یہ ہے کہ رواں سال جیمینیڈ شہابیے نئے چاند کے ساتھ دیکھے جا سکیں گے، نیا چاند عام طور پر نہیں دیکھا جا سکتا جس کی وجہ سے ان شہابیوں کے اندھیری رات میں روشن لکیر چھوڑنے کے منظر کو دیکھنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ شہابیے ان علاقوں میں زیادہ واضح طور پر نظر آتے ہیں جو شہر کی روشنیوں سے دور ہوں اسی لیے سعودی عرب کے صحرا شہابیوں کی بارش کا نظارہ کرنے کے لیے سب سے موزوں مقام سمجھے جاتے ہیں۔

    اس شان دار نظارے کو اپنے کیمرے میں قید کرنے کے لیے شدت سے منتظر ایک سعودی فوٹوگرافر نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ جتنا ممکن ہو سکے شہر سے دور نکل جائیں، تاکہ زیادہ واضح طور پر اسے دیکھ سکیں۔

    امریکی میٹیئر سوسائٹی کا کہنا ہے رواں برس ٹوٹے تاروں کی بارش دسمبر 13 اور 14 کی شام کو عروج پر ہوگی، اگر آسمان صاف ہوگا تو خوب صورت سبز آتشیں نظارہ دیکھنے کو ملے گا۔

    یہ خوب صورت منظر پہلی بار 1862 میں ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہر دسمبر میں اسے شوق سے دیکھنے کا انتظام کیا جانے لگا۔