لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مریم نواز بلٹ پروف لگژری گاڑیوں کے استعمال سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے اصل حقائق بتائیں۔
یہ بات انہوں نے مریم نواز کے ٹویٹر پیغام پر اپنے ردعمل میں کہی، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل نے مزید کہا کہ آپ کے والد نواز شریف نے سارک سمٹ کے مہمانوں کے نام پر خریدی گئی ان چونتیس بلٹ پروف لگژری گاڑیوں میں سے بیس گاڑیاں اپنے اور اپنی فیملی کے پروٹوکول کے لیے استعمال کی ہیں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز یہ بھی بتائیں کہ قومی خزانے سے خریدی گئی ان گاڑیوں میں سے آپ کے ذاتی استعمال میں کون کون سی تھیں؟ حساب مانگنے پر واویلا کرنا چھوڑ دیں، محترمہ عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے اصل حقائق بتائیں۔
مزید پڑھیں : سرکار ی گاڑیوں کا ذاتی استعمال: نیب ٹیم کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے تفتیش
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی تحقیقاتی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف سے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، نواز شریف سے20بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال پر ڈھائی گھنٹے تفتیش ہوئی۔
نیب کے مطابق سارک کانفرنس کے لیے جرمنی سے 34 بلٹ پروف گاڑیاں بغیر ڈیوٹی ادائیگی کے خریدی گئیں، جنہیں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے استعمال کیا جبکہ جرمنی سے درآمد شدہ گاڑیاں سارک کانفرنس 2016 میں شرکت کے لیے آنے والے غیر ملکی مہمانان کے استعمال میں آنا تھیں۔