Tag: شہباز شریف حکومت

  • پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

    پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: شہباز شریف حکومت نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پی ایم ڈی اے کا جو کالا قانون میڈیا کی آواز دبانے کے لیے لایا جا رہا تھا، ایسا کوئی کالا قانون نہیں لایا جائے گا، نہ اس پر کوئی کام ہوگا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا آزادئ اظہار پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی، ہم نے اس کی بھرپور مخالفت کی تھی، پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ ریگولٹری اتھارٹی کو ختم کیا جا رہا ہے، کسی قسم کی کوئی ریگولٹری اتھارٹی قائم نہیں کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر نے کہا پیکا آرڈیننس پر نظر ثانی کریں گے اور اس خلا کو پر کریں گے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل کو جلد لاگو کرنے کی کوشش کرائیں گے، اور عوام کی بہتری کے لیے تنقید کریں گے تو دل سے قبول کریں گے۔

    انھوں نے کہا میڈیا 4 سال ایک سیاہ دور سے گزرا، بہت سے لوگ نوکری سے نکالے گئے، کئی صحافیوں کے پروگرامز بند کر دیے گئے، اور 4 سال میڈیا کے لوگوں نے سنسر شپ میں جدوجہد کی، ہم سمجھتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے ہوگا تو معاشرہ بہتر انداز سے چلے گا۔

    مریم اورنگزیب نے سابقہ حکومت کو مخاطب کر کے کہا 4 سال آپ نے جو سیاست کی اسے صحافیوں کے گھروں تک نہیں لے جا سکتے، کسی صحافی کے گھر کے باہر مظاہرے بھی برداشت نہیں ہیں، وزیر اعظم نے بھی آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کر دی ہے، جو یہ کام کریں گے سخت سے سخت سزا دی جائے گی، یہ حکومت الزام نہیں لگائے گی بلکہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گی۔

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر پاکستان آئینی عہدہ کا حق پورا نہیں کر سکتے تو بہترین آپشن ہے کہ استعفیٰ دے دے، عوام دیکھ رہی ہے آئینی عہدے کا غلط استعمال ہو رہا ہے، گورنر پنجاب وزیر اعلیٰ سے حلف نہیں لے رہے، صدر بھول چکے ہیں کہ وہ صدر پاکستان ہیں نہ کہ صدر پی ٹی آئی، آئینی عہدے کو سیاست کے لیے استعمال کرنا ہے تو عہدے سے علیحدہ ہو جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم ایک سے دو دن میں قوم سے خطاب کریں گے، بلاول سے متعلق انھوں نے کہا کہ وہ نواز شریف سے ملنے جا رہے ہیں، واپسی پر حلف اٹھا لیں گے۔

  • جے یو آئی کے 4 وزرا وفاقی کابینہ میں شامل

    جے یو آئی کے 4 وزرا وفاقی کابینہ میں شامل

    اسلام آباد: جمعیت علماے اسلام ف کے 4 وزرا وفاقی کابینہ میں شامل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے چار ارکان کو وفاقی کابینہ میں شامل کیا جا رہا ہے، جن میں سے مولانا اسعد محمود کو وزرات مواصلات سونپی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا قلمدان سونپ دیا گیا، مفتی عبد الشکور کو وزیر مذہبی امور کا قلمدان، جب کہ طلحہ محمود کو سیفران کی وزارت دے دی گئی ہے۔

    ادھر مفتاح اسماعیل کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا گیا ہے، مفتاح اسماعیل کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا، اس سے قبل مفتاح اسماعیل کو مشیر خزانہ بنائے جانے کی خبریں زیر گردش تھیں۔

    مفتاح اسماعیل کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا گیا

    آج منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی 34 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے، قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے 31 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت سے ایوان صدر میں حلف لیا۔

    کابینہ میں ن لیگ کے 14، پیپلز پارٹی کے 11، جے یو آئی اے کے 4 اور ایم کیو ایم کے حصے میں 2، مسلم لیگ ق، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے حصے میں ایک ایک وزارت آئی ہے۔

  • ذوالفقار بھٹو جب وزیر خارجہ بنے تب پیپلز پارٹی نہیں تھی، بلاول کے معاملے میں‌ سینئرز کا مؤقف

    ذوالفقار بھٹو جب وزیر خارجہ بنے تب پیپلز پارٹی نہیں تھی، بلاول کے معاملے میں‌ سینئرز کا مؤقف

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ تا حال نہ ہو سکا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شہباز شریف کابینہ میں شمولیت کے معاملے پر دوبارہ مشاورت ہوگی، ن لیگ بلاول بھٹو کی بطور وزیر خارجہ کابینہ میں شمولیت کی خواہش مند ہے۔

    تاہم پی پی کی سینئر قیادت بلاول بھٹو کی کابینہ میں شمولیت کی اب بھی مخالفت کر رہی ہے، خود آصف علی زرداری بھی اتحادی حکومت میں بلاول کی بہ طور وزیر شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سینئر قیادت کا مؤقف ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو جب وزیر خارجہ بنے تھے تب پیپلز پارٹی موجود نہیں تھی، جب کہ ابھی بلاول بھٹو پارٹی سربراہ ہیں، اس لیے انھیں اتحادی حکومت کا وزیر نہیں بننا چاہیے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

    واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے، کابینہ میں 31 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت شامل کیے گئے ہیں، تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوئی، اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

  • بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

    بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: شہباز شریف حکومت میں بھی بجلی صارفین کے لیے بری خبر آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی۔

    نیپرا اس درخواست پر 27 اپریل کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔

    سی پی پی اے نے درخواست میں کہا ہے کہ مارچ میں 10 ارب یونٹ سے زائد بجلی پیدا کی گئی، پانی سے 16.35 فیصد اور کوئلے سے 24.83 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے کے مطابق مارچ میں مہنگے فرنس آئل سے 10.62 فی صد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 9.53، درآمدی ایل این جی سے 18.87 فی صد بجلی پیدا کی گئی، اور جوہری ایندھن سے 15.01 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔