Tag: شہباز شریف کی بیٹی

  • شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم

    شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیدادیں قرق کرنے کا حکم

    لاہور : احتساب عدالت نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس میں شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جاٸیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز کی خورد برد کے کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کیخلاف تحریری حکم جاری کردیا۔

    عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دے دیا اور رابعہ عمران اور عمران علی کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کی گرفتاری تک وارنٹ برقرار رہیں گے اور ٹراٸل ان کی گرفتاری کے بعد شروع ہو گا۔

    عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ ملزموں کو اشتہاری قرار دینے سے پہلے پیشی کیلئے 30 روز کی مہلت دی گئی مگر انھوں نے اس رعایت سے فائدہ نہیں اٹھایا ، اس لئے مسلسل عدم پیشی کی بنا پر اشتہاری قرار دیکر جائیدادیں قرق کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    نیب نے رابعہ عمران سمیت دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر کیا، جس میں منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔

    ریفرنس کے مطابق عمران علی اور رابعہ عمران نے بطور مالکان فاطمہ ڈویلپرز مالی فوائد حاصل کیے، انھوں نے ارتھ کوئیک ری کنسٹرکشن اینڈ ری ہیبلیٹیشن اتھارٹی کے فنڈز فاطمہ فاطمہ ڈویلپرز کو منتقل کئے۔

  • شہباز شریف کی بیٹی  اور داماد کیخلاف ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

    شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کیخلاف ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

    لاہور : احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کیخلاف ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردیا، سماعت 9 دسمبر کو کی جاٸے گی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کیخلاف ریفرنس 9 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا۔

    احتساب عدالت لاہور میں نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں رابعہ عمران، عمران علی سمیت دیگر پر 37 کروڑ 5 لاکھ 28 ہزار کا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔

    مزید پڑھیں : بیٹی اور داماد کیخلاف ریفرنس : شہباز شریف فیملی کی مشکلات میں مزید اضافہ

    ریفرنس کے مطابق صاف پانی واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مد میں 13 کروڑ سے زاید کی کرپشن کی گئی ، سامان کی مہنگے داموں خریداری کے باعث قومی خزانے کو 13 کروڑ 32 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا جبکہ سولر ورک کی مد میں قومی خزانے کو 8 کروڑ 16 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ عمران علی نے اپنی زیر تعمیر بلڈنگ صاف پانی کمپنی کو کراٸے پر دیا اور تعمیر مکمل ہونے سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر کرایہ وصول کرتے رہے جبکہ انہوں نے قومی خزانے کو دو کروڑ 37 لاکھ کا نقصان پہنچا ۔

    ریفرنس میں مرکزی ملزم وسیم اجمل کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

  • شہباز شریف کی بیٹی  کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

    شہباز شریف کی بیٹی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز

    لاہور : احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ، احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

    احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے حکم جاری کیا کہ رابعہ عمران کی اشتہاری کارروائی کے اشتہارات آویزاں کئے جائیں، عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کی بیٹی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

    عدالت نے رابعہ عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تاہم ان پرعمل درآمد نہ ہوسکا۔

    منی لانڈرنگ ریفرنس میں سلمان شہباز کے خلاف پہلے ہی عدالت اشتہاری کی کارروائی کا آغاز کر چکی ہے اور سلمان شہباز کو مفرور قرار دینے کے اشتہارات عدالتی احاطے اور ملزم کی پاکستان و بیرون ملک رہائشگاہوں پر چسپاں کر دیئے گئے تھے۔

    عدالتی اشتہار میں کہا گیا تھا کہ ملزم سلمان شہباز ٹرائل کا سامنا کرنے کیلئے جان بوجھ کر روپوش ہے، ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم سلمان شہباز کے اشتہار جاری کئے گئے ہیں، ملزم سلمان شہباز کو 13 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہو کر اپنے دفاع کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے نیب ریفرنس کے مطابق شہباز شریف فیملی نے 7 ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ کی اور غیر قانونی اثاثے بناٸے، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز پر 1 ایک ارب روپے تک کے اثاثے بنانے اور منی لانڈرنگ کرنے کا الزام ہے جبکہ شہباز شریف فیملی نے اپنے ملازمین اور قریبی دوستوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی ہے۔

  • نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، ان کی خرابیٔ صحت پر ہم سب اللہ سے دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اسپیشل بچوں کی پینٹنگ نمائش دیکھنے کے لیے الحمرا آمد کے موقع پر انھوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کی کل سماعت ہے، ہم دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے، حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں مقابلہ کرنا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، میری بیٹی عائشہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کا اسکول چلا رہی ہے، اتنا اچھا کام کرنے پر بیٹی عائشہ پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، ڈاکٹر یاسمین راشد

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کرنا چاہیے، خیال رہے کہ اس وقت خود شریف برادران کو نیب کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں کو قید بھی بھگتنی پڑ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی عائشہ ہارون اسپیشل بچوں کے اسکول کی بانی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، گردوں سے متعلق ان کی رپورٹس نارمل ہیں، کوئی خطرے کی بات نہیں۔