Tag: شہباز شریف گرفتار

  • نیب کا شہباز شریف کو عدالت جانے سے قبل گرفتار کرنے کا فیصلہ

    نیب کا شہباز شریف کو عدالت جانے سے قبل گرفتار کرنے کا فیصلہ

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو عدالت جانے سے قبل گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب کی ٹیمیں شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو چکی ہیں، اپوزیشن لیڈر کو آج عدالت جانے سے قبل گرفتار کیا جائے گا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب نے شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں، گزشتہ روز بھی نیب نے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے تھے۔

    ذرایع کے مطابق شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے باہر پولیس اور اینٹی رائٹ فورس تعینات کر دی گئی ہے، اس دوران نیب ٹیمیں لاہور ہائی کورٹ کے اندر اور اطراف میں موجود رہیں گی۔

    شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب اور پولیس کا ’جلو‘ کے علاقے میں چھاپہ

    واضح رہے کہ منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں میاں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر آج سماعت ہوگی، جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ اس درخواست کی سماعت کرے گا، درخواست پر ہائی کورٹ کے اعتراض کی وجہ سے گزشتہ روز کیس کی سماعت نہیں ہو سکی تھی۔

    شہباز شریف ضمانت پر ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، انھوں نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    گزشتہ روز شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب اور پولیس نے جلو کے علاقے میں چھاپا مارا تھا لیکن ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی تھی، نیب نے ن لیگ کے ایم پی اے سہیل شوکت بٹ کے گھر پر بھی چھاپا مارا تھا۔ نیب کو جلو کے علاقے میں شہباز شریف کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر سرچ آپریشن کیا گیا، اس سے قبل نیب ٹیم نے لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر بھی چھاپا مارا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

  • امجد پرویز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے وکیل مقرر

    امجد پرویز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے وکیل مقرر

    لاہور: امجد پرویز اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وکیل مقرر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امجد پرویز اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے وکیل مقرر ہوگئے ہیں، امجد پرویز نے کہا کہ شہباز کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہباز شریف کو اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    امجد پرویز نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے اسپیکر سے اجازت لی گئی یا نہیں، ریمانڈ کی درخواست دائر ہونے دیں دیکھتے ہیں نیب کیا الزامات لگاتا ہے۔

    دوسری جانب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، قانون کے مطابق شہباز شریف کی 3 ماہ تک ضمانت نہیں ہوسکتی ہے، کسی ایمرجنسی کی صورت میں پہلے ضمانت دی جاسکتی ہے۔

    بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نیب میں گرفتار شخص کی 90 دن تک ضمانت نہیں ہوسکتی ہے، دیکھتے ہیں نیب شہباز شریف پر عدالت میں کیسے الزامات لگاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں پیشی کے لیے آئے تھے اور انہیں آشیانہ کمپنی کیس میں کرپشن کے الزامات میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ ہاؤس اسکینڈل میں غیرقانونی ٹھیکے دینے پر عمل میں آئی ہے کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔