Tag: شہباز شریف
-
لاہور:تشدد سے ہلاک دو بچیوں کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والی دو بچیوں کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ غمزدہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
تشدد سے جاں بحق ہونے والی عذرا بتول اور فضا بتول کے ورثاء نے لاہور میں وزیر اعلٰی شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں تشدد کے افسوسناک واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلٰی نے غمزدہ خاندانوں کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تشدد کے واقعات میں ملوث ملزمان قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے اورمظلوم خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان کو ہدایت کی کہ دونوں مقدمات کی تفتیش میں پیش رفت کا خود جائزہ لیں۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن کو بھی ہدایت کی کہ ہفتے میں دو بار مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مقتول بچیوں کے خاندانوں کیلئے 5، 5 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔
-
وزیراعلٰی پنجاب کی عید میلادالنبی پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت
وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے عید میلادالنبی کے موقعے پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ عید میلاد النبی کے لئے تیار کئے گئے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس اور انتظامی افسران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور فیلڈ میں موجود رہیں۔
جلوسوں کے روٹس مکمل چیکنگ کے بعد کلیئر کئے جائیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے، وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔
-
وزیراعظم نوازشریف سےوزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی ملاقات
وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے رائیونڈ میں ملاقات کے دوران پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے اور ان کی بیماری کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
رائے ونڈ میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی شہباز شریف پرویز مشرف کیخلاف مقدمے اور بلدیاتی انتخابات سمیت سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔اس موقع پر شہباز شریف نے وزیراعظم کو صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے پاکستان ایگزبیٹرز اور فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے بھی ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ فلم ابلاغ کا ایک موثر ذریعہ ہے ،اس کے ذریعے تہذیبی ، ثقافتی ، ملی اور تاریخی روایات سے نئی نسل کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اور معاشرتی مسائل کی نشاندہی کے لئے فلم ا ہم کردار اد ا کر سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے فلم انڈسٹری اور سینما گھروں کے مسائل کے حل کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔