Tag: شہباز شریف

  • وزیراعظم شہباز شریف  متحدہ عرب امارات روانہ

    وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات روانہ

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے ، جہاں وہ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورہ پر لاہور سے روانہ ہوگئے، اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح وفدبھی ہمراہ ہوگا۔

    وزیر اعظم کا مارچ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے، نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمدبن راشدالمکتوم نے ان کو دورے کی دعوت دی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں اور سمٹ سےکلیدی خطاب میں اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اوراصلاحات سے متعلق پاکستان کا ویژن اجاگر کریں گے۔

    سمٹ کا موضوع گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی اشتراک کار ہیں، سمٹ میں دنیا بھر سے سربراہان حکومت اور مملکت شرکت کریں گے جبکہ پالیسی ساز اور بڑی کاروباری شخصیات بھی اجلاس میں شریک ہوں گی۔

    دورے کے دوران وزیراعظم یواے ای قیادت اور سمٹ میں شریک سربراہان مملکت وحکومت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

  • بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیر اعظم

    بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیر اعظم

    مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،بھارت 5 اگست 2019ء کی سوچ سے باہر نکلے اور مسئلہ کشمیر پر بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت اور 24 کروڑ عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں،آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ 5 فروری کا دن بھارت کو چیخ چیخ کر یاد دلاتا ہے کہ کشمیر 5 اگست 2019ء جیسے اقدامات سے کسی کا حصہ نہیں بن سکتا،5 فروری کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے ہمارے پختہ عزم کی تجدید کا دن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ پانچ اگست 2019 کی سوچ سے باہر نکلے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا حل کسی جنگ اور بربریت سے حل نہیں ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کیلئے پاکستان کی حمایت میں کمی آئی نہ آئیگی، بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی ونتیجہ خیز مذاکرات کرے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے آزادی کے نعرے کی شدت میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج میں اضافے کے ساتھ کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ بھی بڑھ رہی ہے۔

    ہم کشمیر کے عظیم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنے خون سے آزادی کی داستان لکھ رہے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، نہ اسے کشمیری مانتے ہیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کی قرار داد، قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، دنیا میں انصاف اور جمہوریت کے الگ الگ اصولوں اور امتیازی قوانین کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

    چودھری انوار الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو بھارت کے سامنے طاقتور اور مضبوط رکاوٹ ہے، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن کا قیام کبھی نہیں ہوگا۔

    یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    انہوں نے کہا کہ مضبوط روشن اور منور پاکستان کشمیریوں کی پشت پر کھڑا ہے، پاکستان کا استحکام کشمیریوں کیلئے اولین ترجیح ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا نوٹس لے۔

  • شہباز شریف اور حمزہ کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ

    شہباز شریف اور حمزہ کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ

    لاہور: عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر رمضان شوگر ملز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، یہ فیصلہ عدالت 6 فروری کو سنائے گی۔

    وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نالے کی تعمیر کی ہدایت اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نہیں کی تھی، نالے کی تعمیر کی منظوری پنجاب کابینہ نے دی، اور اسے علاقے کی بہتری کے لیے بنایا گیا تھا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا۔

    اینٹی کرپشن کے پراسیکیوٹر میاں وسیم نے عدالت کو بتایا میری نظر میں گندے نالے کا رخ درست ہے، مقدمے کا مدعی بھی منحرف ہو گیا ہے، مدعی نے کہا کہ اس نے درخواست ہی جمع نہیں کروائی، اس وقت کے ایم پی اے رحمت علی مرحوم کی درخواست پر نالہ تعمیر ہوا تھا۔

    خواجہ سعد رفیق بھی پیکا قانون کے کیخلاف میدان میں آگئے

    سرکاری وکیل نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ کی بریت کی درخواست پر ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دیں۔ کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے کی، جنھوں نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی  : وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے اہم ملاقات

    حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی : وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے اہم ملاقات

    اسلام آباد : حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خورشیدشاہ، شازیہ مری اور ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ سے اہم ملاقات ہوئی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کےگھر پر ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی اورسیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم  نے کہا عوامی فلاح وبہبودکےلیے وفاق اورصوبےمل کرکام کررہے ہیں اور بہتر ہوتے معاشی اعشاریے خوش آئند ہیں۔

    مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی کی وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی دھمکی

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں اور اقتصادی اداروں کاپاکستان پربڑھتا اعتمادخوش آئندہے۔

    وزیراعظم کی ملاقات میں دیگر ارکان قومی اسمبلی بھی موجود تھے ، وزیراعظم  نے ڈپٹی اسپیکر کو بیٹے کی شادی پر مبارکباددی۔

    گذشتہ روز ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے وزیراعظم شہبازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو واضح کردیا ہے دریائےسندھ سےکینال نکالےگئےتووفاقی حکومت سے الگ ہوجائیں گے اور وزیراعظم کیخلاف عدم اعتمادکی تحریک پیش کی جائے گی، پھریہ حکومت نہیں رہے گی، پی ٹی آئی حکومت کو بھی ہم نے ہی گرایا تھا۔

  • ’شہباز شریف بے اختیار وزیراعظم ہیں‘

    ’شہباز شریف بے اختیار وزیراعظم ہیں‘

    پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے ک موجودہ وزیراعظم شہباز شریف بے اختیار ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سرگودھا میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف بے اختیار وزیراعظم ہیں اور ان کے اختیار میں کچھ بھی نہیں ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کیلیے میرے لکھے خط کا وزیراعظم نے ابھی تک جواب نہیں دیا۔ یہ معاملہ کو لٹکانا چاہتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

    عمر ایوب نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ اب حکومت پیکا ایکٹ کے تحت آزادی رائے پر قدغن لگا رہی ہے۔ پاکستان میں آزادی صحافت یا آزادی کی بات کرنے کا معاملہ ختم ہو چکا ہے۔ میڈیا نمائندگان اب نہ کھل کا لکھ سکتے ہیں اور نہ ہی کھل کر بات کر سکتے ہیں لیکن ہم اس ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پیپلز پارٹی والے پیکا قانون کے خلاف باتیں کرتے تھے اور اب خاموش ہیں۔ اسی طرح وہ سندھ کے لوگوں کا سودا کر کے پانی تقسیم کرنے پر راضی ہوجائیں گے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کے ذمہ دار سکندر سلطان راجہ ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن چوری کرانے میں موجودہ حکمرانوں کا ساتھ دیا۔ ان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔

    عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں لیکن ہمارا قصور کیا ہے معلوم نہیں۔ 8 فروری کو پی ٹی آئی کا صوابی میں بھرپور جلسہ ہوگا۔ تحریک انصاف کا امریکا میں اقتدار کی تبدیلی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کوئی امید۔

  • امریکا سے واپسی پر محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    امریکا سے واپسی پر محسن نقوی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    اسلام آباد: امریکا سے واپسی پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو اپنے حالیہ دورہ امریکا سے آگاہ کیا۔

    محسن نقوی نے امریکی حکام، کاروباری برادری، اور سرمایہ کاروں سے ہونے والی ملاقاتوں سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، انھوں نے وزیر اعظم کو چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے محسن نقوی سمیت بورڈ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا، وزیر داخلہ نے شہباز شریف کو اسلام آباد میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا، جس پر وزیر اعظم نے جاری ترقیاتی کاموں کی کی رفتار کو سراہا۔

    ’بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنے کے چکرمیں پاکستان کا نقصان کیا جارہا ہے‘

    محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف آپریشن، اور ملکی امن و امان کی صورت حال پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

  • پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کو اپنانے والا پہلا ملک بن گیا

    پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کو اپنانے والا پہلا ملک بن گیا

    اسلام آباد : پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کو اپنانے والا پہلا ملک بن گیا ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب یہ ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کا حصہ بننے کا خیر مقدم کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹوکو اپنانے والا پہلا ملک ہے اور یہ ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب یہ ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ایف ڈی آئی پراجیکٹ ڈیجیٹل ترقی کیلئےاہم کرداراداکررہاہے، پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن ہے جو پائیدار ترقی کی جانب ایک قدم ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ اقدام معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، جو ملک کو جامع اور پائیدار ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن کرے گا۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان اس طرح کے اقدامات کے ذریعے معیشت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے وعدوں کو پورا کرے گی۔

  • ’’اووو۔۔۔۔۔، اوووو‘‘ ملک اور قوم کی ترقی کا زینہ!

    ’’اووو۔۔۔۔۔، اوووو‘‘ ملک اور قوم کی ترقی کا زینہ!

    وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں نئے سال کے آغاز پر اڑان پاکستان لانچنگ پروگرام میں قوم کو اُڑنے کا نیا گُر سکھاتے ہوئے ’’اوووو، اوووو‘‘ کی آواز میں احتجاج کرنے کا پیغام دیا اور یہ پیغام اب اتنا پھیل رہا ہے کہ پوری قوم ہی اووو، اووو کر کے اس کو قومی بیانیہ بنانے میں مصروف ہو چکی ہے۔

    شہباز شریف جنہوں نے خوش قسمتی سے دوسری بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔ وہ اس سے قبل تین بار پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں اور بلاشبہ اپنے صوبے کے عوام کی ’’اتنی خدمت‘‘ کی، کہ خود ہی خود کو ’’خادم اعلیٰ‘‘ کا خطاب دے ڈالا۔ اب جب سے یہ خیر سے وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئے ہیں، تو انہوں نے خادم اعلیٰ کے ساتھ شاید خود کو ’’استاد قوم‘‘ سمجھنا شروع کر دیا ہے اور آئے دن پاکستانی قوم کو ترقی کرنے کے ایسے ایسے گُر سکھاتے ہیں، جس سے یہ بے چاری قوم پہلے نابلد تھی۔

    وزیراعظم نے اڑان پاکستان پروگرام کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے قوم کو ترقی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ ’’وہ جب جاپان گئے تو انہوں نے اووو، اووو کی آوازیں سنیں اور جب انہوں نے پوچھا تو پتہ چلا کہ فیکٹری کے لوگ احتجاج کر رہے ہیں، وہ کام نہیں روک رہے کیونکہ یہ ملک و قوم کا نقصان ہے، اس لیے وہ کام جاری رکھتے ہوئے اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ قومیں ایسے ہی ترقی کرتی ہیں جب کہ ہمارے ہاں احتجاج کے نام اسلام آباد پر لشکر کشی کی جاتی ہے۔

    شہباز شریف کا یہ بیان بظاہر ایک سیاسی بیانیہ لیے ہوئے تھا جنہوں نے اپنی بات کو دوسرے پیرائے میں بیان کرنے کی کوشش کی، لیکن ان کا یہ مشورہ سننے کے بعد تقریب میں بیٹھے لوگوں کے لیے اپنی ہنسی روکنا مشکل ہوگیا۔
    خادم پاکستان کے سونے کے ترازو میں تولے جانے والے اس بیش قیمت لیکن مفت مشورے پر تو سمجھو قوم نے اسی دن سے عمل کرنا شروع کر دیا ہے۔ تاجروں نے تو کراچی میں گزشتہ روز اس کا ڈیمو بھی پیش کر دیا۔ ایک ٹرک ڈرائیور نے غیر قانونی چالان پر احتجاج کرتے ہوئے اووو، اووو کیا، بچے بڑے سب ہی اووو، اووو کر رہے ہیں، لیکن ترقی کا عمل کب شروع ہوتا ہے، یہ ہنوز سوالیہ نشان ہے؟

    شہباز شریف جنہیں قوم کا درد، رات میں سکون کی نیند سونے نہیں دیتا۔ وہ علی الصبح اٹھ جاتے ہیں اور دن کے 24 میں سے ’’25‘‘ گھنٹے قوم کے لیے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اگر قوم کو کامیابی کا گُر اور دنیا میں ترقی کرنے کا راز بتا دیا ہے تو اس میں ایسی کیا مضحکہ خیز بات ہوگئی کہ یار لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس کا مذاق اڑانا اور میمز بنانا شروع کر دیں۔ سوشل میڈیا پر اگر میمز بن رہی ہیں تو ہمارا خیال ہے کہ یہ دشمنوں (پی ٹی آئی) کی سازش ہے۔ مگر یہ ہمارے جید صحافیوں حامد میر، نصرت جاوید، جاوید چوہدری، سابق قومی کپتان محمد حفیظ اور مختلف سیاسی شخصیات کو کیا ہو گیا کہ وہ بھی اس پر ہنسی ٹھٹا اڑانے لگے، آخر کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے۔

    یہ تو مخالف سیاستدان ہیں یا عوام اور صحافی، جن کی غیر جانبداری پر سوالیہ نشان اٹھایا جا سکتا ہے۔ لیکن ہمیں گلہ تو ن لیگیوں سے ہے کہ وہ کیوں اس پر ہانسا نکال کر لوگوں کو ہنسنے کو موقع فراہم کر رہے ہیں۔ رانا ثنا اللہ تو آن اسکرین اس بیان سے جڑے سوال پر ہنستے ہیں جب کہ اندرون خانہ ن لیگ کی بیٹھکوں میں تو اس پر کان پھاڑ قہقہے تک لگائے جانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ اس بیان سے شہباز شریف کو ملکی نہیں بین الاقوامی ایک اور شہرت مل گئی ہے اور بیرونی دنیا سے بھی اس پر میمز بن رہی ہیں۔

    سوچیں پارلیمنٹ میں حکومتی تقریر کے دوران اچانک اووو، اووو کی آوازیں آنے لگیں تو ’’منتخب عوامی نمائندوں‘‘ کا یہ ایوان ہر شاخ پر الو بیٹھا ہے جیسا منظر پیش کرنے لگے۔ ویسے ناچیز کی جانب سے ایک تجویز ہے کہ جس طرح اس ایوان سے تھوک کے بھاؤ سے بل پاس کرائے جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے یہ بھی پاس کرا دیا جائے کہ آئندہ احتجاج کے لیے کوئی اور نعرہ نہیں لگے گا، سب صرف ’’اووو، اووو‘‘ ہی کریں گے۔ اگر اپوزیشن رخنہ ڈالے تو ایوان صدر کس کام آئے گا، وہاں سے بزور آرڈیننس ملک و قوم کو ترقی کے اوج ثریا پر پہنچانے والے اس فارمولے کو قانون بنایا جا سکتا ہے، بلکہ اس پر 100 فیصد عملدرآمد کے لیے حکومت کی جانب سے خلاف ورزی پر بھاری سزا یا جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔

    دنیا بھر میں تقریروں میں سیاستدانوں کی زبان پھسلتی رہتی ہے لیکن وہ اس کا فوری تدارک کر لیتے ہیں لیکن شہباز شریف وہ شعلہ بیان سیاستدان ہیں، جن کی زبان اتنی طویل اور باقاعدہ پلاننگ کے تحت پھسلتی ہے کہ پھر چکنا گھڑا بن جاتی ہے اور اتنی زبان زد عام ہو جاتی ہے جیسا کہ ماضی میں ’’میں بھیک مانگنے نہیں آیا مگر پھر بھی‘‘ والا ایک تقریب میں کیا گیا خطاب اب تک قوم کیا، دنیا کو نہیں بھولا ہے۔

    ذرا تصور کریں کہ نواز شریف اچانک ٹی وی اسکرین پر آئیں اور دوران گفتگو حسب سابق ماضی میں پہنچ کر اپنے خلاف روا رکھے گئے رویے پر ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کہہ کر احتجاج کرنے کے بجائے صرف ’’اووو، اوووو، اووو‘‘ کریں تو کیسا لگے گا۔ یا پھر اتحادی جماعتیں ن لیگ، پی پی پی، ایم کیو ایم اختلاف رائے ہونے پر میٹنگ میں صرف اووو، اووو کریں اور اٹھ جائیں تو اس بیٹھک کا کیا نتیجہ نکلے گا۔

    وزیراعظم نے تو قوم کو ترقی کا راز بتا دیا۔ اب اگر اس پر بھی قوم ترقی نہ کرے تو قصور ہمارے پیارے وزیراعظم کا نہیں بلکہ نا اہل قوم کا ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ جس سُر تال اور لے کے ساتھ جاپانی قوم اووو کرتے ہوں پاکستانی وہ انداز نہ اپنا سکیں اور یوں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں آئیں۔ اس لیے ہمارا بھی ایک مفت مشورہ ہے کہ ملک میں ایسے تربیتی مراکز قائم کیے جائیں جہاں قوم کو صحیح طریقے سے اووو کی آواز نکالنے کی تربیت کی جائے، تاکہ ملک وقوم کی ترقی کا 77 سالہ خواب جلد از جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

  • وقت آنے پرآئی ایم ایف کو ہمیشہ کیلئے خدا حافظ کہہ دیں گے، وزیراعظم

    وقت آنے پرآئی ایم ایف کو ہمیشہ کیلئے خدا حافظ کہہ دیں گے، وزیراعظم

    کراچی : وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی بہتری کیلئے سب کیساتھ مل بیٹھنے کیلئے تیار ہوں تاہم وقت آنے پر آئی ایم ایف کو ہمیشہ کیلئے خدا حافظ کہہ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر خطاب میں کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی سے ملک میں استحکام آیا ہے، اسٹاک مارکیٹ کی بہترین کارکردگی پر سب کو مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلی بار اسٹاک مارکیٹ کا دورہ کرنےپر خوشی ہوئی، معاشی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے، پاکستان کی معیشت دوبارہ سے اپنے قدموں پر کھڑی ہورہی ہے، اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ آپ آئیں بیٹھیں اور بتائیں کس طرح معیشت کو اوپر لیکر جائیں، معاشی نمو کیلئے بہترین ٹیم ورک کی ضرورت ہے، کراچی روشنی کا شہر ہے ایک زمانے میں اسکی روشنیاں ختم ہوچکی تھیں۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ اڑان پاکستان پروگرام شروع کیاگیاہے، ماضی میں بھی آپ نے بہت سے پروگرام دیکھے ہیں، اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھناہے، جتنا آپ کو تجربہ ہے شاید اتنا تجربہ کسی اور علاقے کے لوگوں میں نہ ہو، لاہور، کوئٹہ، پشاور کے ایکسپرٹ بھی بیٹھیں اور تجاویزدیں، میں آپ کو جلد دعوت دوں گا کھلے دل سے میٹھی، تلخ باتیں سنوں گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر آئی ایم ایف کو ہمیشہ کیلئے گڈ بائی کہیں گے، اسوقت ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں ان کی کمٹمنٹ کو پورا کرنا ہے۔

    انھوں نے پیشکش دیتے ہوئے کہا کہ معاشی بہتری کیلئے سب کیساتھ مل بیٹھنے کو تیارہوں ، ملک کی معیشت کو آگے لےجانے کیلئے سرمایہ کاری چاہیے، پاکستان قیامت تک زندہ رہے گاہ میں اسے مضبوط کرنا ہے۔

    شرح سود کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ13 فیصد پرآگئی ہے اب بھی 8پوائنٹس کمی کی گنجائش ہے، میں تو چاہوں گا شرح سود مزید کم ہوکر 6فیصد پر آجائے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ دہائیوں سے خام مال پاکستان سے جارہا ہے لیکن کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، ہماری خواہش ہے کہ سیمی فنشد گڈز ایکسپورٹ کریں، کل مغرب سےایک ٹیم آئی ہوئی تھی انہوں نے کہا ہم ٹیم لیکر آتے ہیں، انہوں نے کہا آپ کے دفن خزانے ایکسپوز کریں گے ، دہائیوں سے را مٹیریل جا رہا ہے پتا نہیں وہ کتنا لیکر جاتے ہیں۔

  • وزیراعظم  آج  کراچی میں ایف بی آر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم آج کراچی میں ایف بی آر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کراچی کے ایک روزہ دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ ایف بی آر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں۔

    نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ ، وزریر مملکت علی پرویز ملک اور کوارڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

    دورے کے دوران وزیراعظم کراچی پورٹ ٹرسٹ پر قائم ساؤتھ ایشیاء پاکستان ٹرمنل کا دورہ کریں گے۔

    وزیراعظم کراچی پورٹ ٹرسٹ میں ایف بی آر کی کسٹمز کلیئرنس کے خودکار نظام (Faceless Customs Assessment System) کا افتتاح کریں گے، اس نظام کا مقصد کسٹمز کلیئرنس میں شفافیت اور کلیئرنس کے دورانئے میں کمی لانا ہے۔

    وزیر اعظم نے اپنے گذشتہ دورہ کراچی میں اس خودکار نظام کے تنصیب کی ہدایات دی تھیں.

    اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کریں گے، جس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 2024 میں پوری دنیا کے دوسرے بہترین کارکردگی کے حامل سٹاک ایکسچینج کا اعزاز حاصل کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

    دورے میں وزیراعظم آغا خان یونیورسٹی میں کلینیکل پریکٹس کی ہدایت (Agha Khan University Manual of Clinical Practice Guidelines) کے تقریب رونمائی میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں کے۔