Tag: شہباز شریف

  • شہبازشریف لندن سے کلثوم نواز کی میت لے کر لاہور پہنچ گئے

    شہبازشریف لندن سے کلثوم نواز کی میت لے کر لاہور پہنچ گئے

    لندن: شہبازشریف لندن سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکی میت لے کر لاہور پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول کلثوم نواز کی میت لے کر پی آئی اے کی پروازلندن سے لاہور پہنچی۔

    پروازسوا گھنٹے تاخیرسے روانہ ہوئی، طیارہ آج صبح سات بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پراترا.

    قبل ازیں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں شہبازشریف،اسحاق ڈار سمیت دیگرعزیز و اقارب شریک ہوئے.

    پاکستانی ہائی کمیشن کےحکام اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، چوہدری نثارجنازےمیں شرکت کےلیے خاص طورپرلندن پہنچے.

    کلثوم نواز کے صاحب زادوں حسن اور حسین نواز نے والدہ کا آخری دیدار لندن میں کیا۔ اسمانواز، حلیمہ ڈار، عثمان ڈار،  محمد عدنان، فیصل ٹوانا ، اسدبیگ مرزا، خدیجہ حفیظ مرزا، سائرہ صالح ،صلاح الدین بٹ، صائمہ طارق، اعجازگل اور فراست حسین شہباز شریف کے ہمراہ ہیں.

    آج شام پانچ بجے مولانا طارق جمیل کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائیں گے، انھیں جاتی امرا میں سپرد خاک کیاجائے گا۔ 

    یاد رہے کہ آج نواز شریف اور مریم نواز نے پیرول پر رہا ہونے کے بعد پہلی مرتبہ تعزیت کے لیے آنے والوں سے ملاقات کی۔

  • شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے لندن روانہ ہوگئے

    شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے لندن روانہ ہوگئے

    لاہور : مسلم نواز کے صدر شہباز شریف برطانیہ روانہ ہوگئے، شہباز شریف بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لے کر جمعے کو پاکستان پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق طویل علالت کے بعد انتقال کرجانے والی سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی لینے کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لندن روانہ ہوگئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف آج صبح غیر ملکی ایئر لائن کی پروازسے برطانیہ روانہ ہوں گے، شہباز شریف پرواز کیو آر 629 سے براستہ دوحہ برطانیہ روانہ ہوں گے۔

    مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف لندن سے سابق صدر مسلم لیگ (ن) کلثوم نواز کی میت لے کر وطن واپس لوٹیں گے، شہباز شریف جمعے کو برطانیہ سے وطن واپس پہنچیں گے۔


    مزید پڑھیں : بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی جائے گی


    یاد رہے کہ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو ادا کی جائے اور تدفین جمعہ کو جاتی امرا میں ہوگی۔

    خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی تدفین میاں شریف کی قبر کے پہلو میں ہوگی، شہبازشریف جسد خاکی لینے برطانیہ جائیں گے۔

    بیگم کلثوم نواز کی میت کو غسل دے دیا گیا، نواز شریف کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز والدہ کا آخری دیدار لندن میں ہی کریں گے۔

    واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کی پیرول پررہائی کے احکامات جاری کردیے گئے جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا جس کے بعد یہ تینوں شخصیات جاتی امراء کیلئے روانہ ہوگئے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نمازہ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے۔

  • شہباز شریف کی اڈیالہ جیل میں بڑے بھائی سے ملاقات، دونوں بھائی گلے لگ کر رو پڑے

    شہباز شریف کی اڈیالہ جیل میں بڑے بھائی سے ملاقات، دونوں بھائی گلے لگ کر رو پڑے

    لاہور: مسلم لیگ کے صدر میاں شہباز شریف اہلِ خانہ کے ہم راہ اڈیالہ جیل پہنچ گئے، بیگم کلثوم کے انتقال کے دکھ میں دونوں بھائی گلے مل کر آب دیدہ ہوگئے، مریم نواز بھی چچا کے گلے لگتے ہی دھاڑیں مار مار رو پڑیں۔

    جیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ والدہ کے انتقال کی خبر سن کر مریم نواز کی طبیعت خراب ہوگئی تھی، تاہم چچا سے ملنے کے بعد ان کی طبیعت سنبھل گئی ہے۔

    دونوں بھائیوں نے ملاقات میں پیرول پر رہائی سمیت کلثوم نواز کی میت کی پاکستان منتقلی پر تبادلۂ خیال کیا، نواز شریف نے چھوٹے بھائی کو تجہیز و تکفین بہتر انداز میں کرنے کی ہدایت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے لیے شریف خاندان کے وکلا نے وزارتِ داخلہ کو درخواست دی تھی، نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے بعد شہباز شریف لندن روانہ ہوں گے۔

    دوسری طرف شہباز شریف نے سابق خاتونِ اوّل اور باہمت خاتون بیگم کلثوم کی وفات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ماں، بہن، بیٹی اور اہلیہ کے طور پر مثالی کردار ادا کیا.

    شہباز شریف نے کلثوم نواز کی وفات کو ایک بڑا صدمہ اور بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات سے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔


    بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں


    سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا ’مشکل حالات میں کلثوم نواز نے مصائب کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مسلم لیگ ن اور جمہوریت کلثوم نواز کی قرض دار رہے گی، اللہ تعالیٰ کلثوم نواز کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔‘

    خیال رہے کہ آج سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنے کے بعد انتقال کرگئیں، وہ گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

  • دھاندلی کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بننے تک کوئی کام نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    دھاندلی کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بننے تک کوئی کام نہیں کرنے دیں گے: شہباز شریف

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے، کمیشن کے قیام تک ہم کسی کارروائی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے، کمیشن تحقیقات کے بعد عوام کو حقائق سے آگاہ کرے۔ ’کمیشن کے قیام تک ہم کسی کارروائی کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ خان صاحب اپنا وعدہ پورا کریں گے، انہوں نے کہا تھا کہ ہم پارلیمانی کمیشن بنانے کے لیے تیار ہیں۔ کمیشن کو مکمل اختیار دیا جائے دھاندلی کو بے نقاب کرے۔ انتخابات میں دھاندلی کی فرانزک رپورٹ آنی چاہیئے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کے 3 ہفتے گزر گئے مگر لائحہ عمل نہیں آیا، جب تک کمیشن وجود میں نہیں آئے گا ہم کام نہیں کرنے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے 3 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کی تھی، حکومت نے 5 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا۔ حکومت نے گیس کی قیمت میں بھی 40 فیصد اضافہ کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے، امید کرتا ہوں ماضی کی طرح یو ٹرن میں اضافہ نہیں ہوگا۔ سی پیک پاکستان کے لیے انمول تحفہ ہے، چینی کمپنی نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے ٹیوب ویلز کے لیے سبسڈی ختم کردی، کھادکی قیمت بڑھادی۔ ’ہم نے کھاد کی قیمتیں کم کرنے کے لیے اربوں کی سبسڈی دی‘۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کل ڈیمز کی بات کی، اچھی بات ہے ڈیم بننے چاہئیں، ن لیگ نے بھاشا ڈیم کے لیے 122 ارب روپے خرچ کیے۔ بھاشا ڈیم کے پاور جنریشن کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے کی ضرورت نہیں، وزیر اعظم بجلی بنانے کے لیے سرمایہ کاروں کو مدعو کریں۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے، شہروں میں 10، 12 اور دیہاتوں میں16، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہے۔ ہم نے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم کر کے دکھا دی تھی۔

  • شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے تلاوت قرآن پاک کے دوران سب سے چھوٹی سورت سورۃ الکوثر پڑھنے کی کوشش کی لیکن آخر میں چند الفاظ بھول گئے جس کے بعد اسے ایسے ہی ادھورا چھوڑ دیا۔

    اجلاس میں نواز شریف کے کیسز اور جوڈیشل پروسیسنگ میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن میں ہونے والے مبینہ دھاندلی پر کمیشن بنانے کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور چیئرمین نیب کی ملاقات کو مفادات کا ٹکراؤ قرار دیا گیا۔ پارلیمانی پارٹی کا کہنا تھا کہ جس کا خود نیب میں کیس ہو وہ کیسے نیب کے چیئرمین سے مل سکتا ہے۔

    مسلم لیگ ن کے اجلاس میں تارکین وطن کی ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا معاملہ مسترد کردیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے بجلی مہنگی کرنے کی تجویز پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

    پارلیمانی کمیٹی کا کہنا تھا کہ سی پیک کے فنڈز کی بندش اور مغربی روٹ پر کام روک دیا گیا۔

    پارلیمانی کمیٹی نے لوکل گورنمنٹ نظام ختم کرنے کے اعلان پر کنونشن کا فیصلہ بھی کیا۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں کو آئینی مدت پوری کرنی چاہیئے۔

    کمیٹی نے خارجہ پالیسی پر حکومتی اقدامات کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

  • اڈیالہ میں نواز، شہباز ملاقات، صدارتی الیکشن میں بھرپور مقابلے کا عزم

    اڈیالہ میں نواز، شہباز ملاقات، صدارتی الیکشن میں بھرپور مقابلے کا عزم

    راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحب زادے حمزہ شہباز نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں شریف برادران کی ملاقات کے دوران صدارتی الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرنے کا عزم کیا گیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے بھی جیل میں ملاقات کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں میاں شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کو صداتی انتخاب پر پارٹی کی پوزیشن اور الائنس سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کے مطابق شریف برادران کی ملاقات میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں بھی غور کیا گیا، نواز شریف نے بھرپور مقابلے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کردی ہے، اعتراز احسن، ڈاکٹرعارف علوی، امیر مقام اور مولانا فضل الرحمان میدان میں ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار ہیں، کاغذاتِ نامزدگی کے لیے ان کی جانب سے آج عبد الغفور حیدری اور احسن اقبال پیش ہوئے تھے۔


    صدارتی انتخاب: الیکشن کمیشن امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کرے گا


    ملک کے 13 ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبرکو ہوگی اور سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پرمشتمل الیکٹورل کالج صدرمملکت کا انتخاب کرے گا۔

    صدراتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

  • شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس

    شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس

    مری: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کا آغاز ہوچکا ہے۔ کانفرنس میں مختلف جماعتوں سے رہنما شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس مری میں منعقد ہورہی ہے۔

    کانفرنس کا ایجنڈا مشترکہ صدارتی امیدوار کا انتخاب ہے۔

    کانفرنس میں متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی کے وفود شریک جبکہ فضل الرحمٰن، اکرم درانی، لیاقت،بلوچ، اویس نورانی، عبد الغفور حیدری، یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف، خورشید شاہ، شیری رحمٰن، قمر زمان اور نوید قمر شریک ہیں۔

    کانفرنس میں شریک ہونے والے رہنماؤں میں رانا تنویر، امیر مقام، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، طارق فضل چوہدری، غلام بلور، افتخار حسین اور سابق سپیکر ایاز صادق بھی شامل ہیں۔

  • نیب میں پیشی: شہباز شریف نے سارا ملبہ سابقہ بیورو کریسی پر ڈال دیا

    نیب میں پیشی: شہباز شریف نے سارا ملبہ سابقہ بیورو کریسی پر ڈال دیا

    لاہور: پنجاب میں 56 کمپنیوں کے اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو میں گزشتہ روز پیشی کے دوران سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سارا ملبہ سابقہ بیورو کریسی پر ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نیب میں گزشتہ روز پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی کمپنیوں میں غیر قانونی اقدامات اور مبینہ کرپشن کی ساری ذمہ داری شہباز شریف نے سابقہ بیورو کریسی اور بورڈز پر ڈال دی۔

    نیب نے سوال کیا کہ آپ کے احکامات پر کمپنیز میں غیر قانونی اقدامات ہوئے جس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا حکم نہیں دیا جس سے خزانے کو نقصان پہنچا ہو۔

    ان سے پوچھا گیا کہ آپ پر الزام ہے آشیانہ اقبال کا ٹھیکہ آپ نے منسوخ کروایا جس پر شہباز شریف نے کہا کہ میرے سیکریٹری نے سمری دی کہ ٹھیکہ منسوخ کرنا ہے۔

    نیب نے استفسار کیا کہ آپ نے سمری پر چیف سیکریٹری سے پوچھا جس پر شہباز شریف نے کہا کہ جو غیر قانونی اقدامات ہوئے یہ سب چیف سیکریٹری کی ذمہ داری تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کمپنیوں میں غیر قانونی اقدامات سے متعلق بورڈ سے پوچھیں، چیف سیکریٹری اور سیکریٹری ٹو سی ایم کا کام ہوتا ہے وہ دیکھتے ہیں۔ سیکریٹری ٹو سی ایم معاملات دیکھتا ہے کہ کیا جو سمری آرہی ہے ٹھیک ہے، متعلقہ افسران نے ذمہ داری نہیں نبھائی تو ان سے پوچھیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ میں نے کرپشن کے خاتمےکے لیے اقدامات کیے، سب سے پہلے کمپنیوں کے آڈٹ کا حکم دیا اور آڈٹ کروایا، صاف پانی میں کرپشن پکڑی اور اینٹی کرپشن کو تحقیقات کا حکم دیا۔ ’اپنے دور میں اربوں بچائے، ان کی طرف بھی دیکھا جائے‘۔

    ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی میں میرٹ کے برعکس تعیناتیاں کیں؟ جس پر شہباز شریف کا جواب تھا کہ نہیں میں نے بورڈ بنایا، انہوں نے افسر کو تعینات کیا۔

    یاد رہے کہ ماضی میں نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو پہلے صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔

    نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، نیب 56 کمپنیز کیس کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا چکا ہے۔

     

  • سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نیب میں‌ پیشی، دو گھنٹے پوچھ گچھ

    سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نیب میں‌ پیشی، دو گھنٹے پوچھ گچھ

    لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نیب آفس میں پیشی کے بعد واپس روانہ ہوگئے، پیشی پر ان سے دو گھنٹے سوالات کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نیب میں پیش ہوئے، جہاں‌ 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے دو گھنٹے تک ان سےسوالات کیے.

    سابق وزیراعلیٰ‌ پنجاب کو پاورڈیویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا گیا تھا، ان پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے بھرتیوں کا الزام ہے۔

    یاد رہے کہ ماضی میں نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس، شہباز شریف 20 اگست کو طلب

    نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، نیب 56 کمپنیز کیس کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا چکا ہے۔

    واضح رہے کہ نیب نے گذشتہ ماہ جولائی میں شہبازشریف کو پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا تھا، جس کے احکامات سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہوا میں اڑا دیے تھے۔

  • پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس،  شہباز شریف 20 اگست کو طلب

    پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس، شہباز شریف 20 اگست کو طلب

    لاہور : نیب لاہور نے سابق وزیر اعلی شہباز شریف کو پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو طلب کر لیا، ان پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے نون لیگ کے صدر اور سابق وزیر اعلٰی شہباز شریف کو نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق سابق وزیر اعلٰی کو پنجاب پاور ڈوپلپمنٹ کمپنی کیس میں 20 اگست کو دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے۔

    نیب لاہور کی جانب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کو پہلے صاف پانی کرپشن کیس اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں طلب کیا جا چکا ہے۔

    نیب لاہور 56 کمپنیز کرپشن کیس میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر پہلے ہی تحقیقات کر رہا ہے، نیب 56 کمپنیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کروا چکا ہے۔

    یاد رہے  سپریم کورٹ رجسٹری میں پنجاب کمپنیزاسکینڈل میں چیف جسٹس نے  ریمارکس دیے  تھے کہ اگرریفرنس بنتا ہے تو فائل کریں، 3 لاکھ سے زائد تنخواہ لینے والے افسران نیب کے روبرو پیش ہوں گے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ اگر کوئی پیسے واپس نہیں کرے گا تو ہم نکوالیں گے، کسی کو خیال ہی نہیں کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، اورنج لائن ٹرین ودیگرمنصوبے ایک ہی ٹھیکیدار کو دیے گئے۔

    واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ ماہ جولائی میں شہبازشریف کو پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل سے متعلق پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا، جس کے احکامات سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہوا میں اڑا دیئے تھے۔


    مزید پڑھیں: پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل، شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا


    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    خیال رہے سابق وزیراعلیٰ پر بے ضابطگیوں اور میرٹ کے بغیر بھرتیوں کا الزام ہے۔