Tag: شہباز شریف

  • خیبرپختونخوا کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بناؤں گا، شہباز شریف

    خیبرپختونخوا کو پنجاب اور پشاور کو لاہور بناؤں گا، شہباز شریف

    مینگورہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پشاور میٹرو کرپشن کا میگا منصوبہ ہے، عمران خان نے خیبرپختونخوا کا بیڑا غرق کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ دور میں 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی، پی ٹی آئی کے دور میں پچھلی حکومت کا 80 میگا واٹ پلانٹ خراب ہوگیا، کے پی حکومت نے اصل میں منفی 8 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے کم ترین وقت میں 11 ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے ہیں،لاہور میٹرو 30 ارب میں بنی تھی، پشاور میٹرو 68 ارب پر چلی گئی، ہائیکورٹ نے کہا پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، حکومت ملی تو مالاکنڈ، مینگورہ سوات کی لاہور کی طرح خدمت کروں گا، جان لڑادوں گا سوات، مینگورہ، مالاکنڈ کو سہولتیں دوں گا۔

    مزید پڑھیں: نیب کے دباؤ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے: شہباز شریف

    شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے پختون ہوں بعد میں پنجابی ہوں، پاکستان پنجاب، کے پی، سندھ، فاٹا، بلوچستان کا نام ہے، پختونوں سے دل سے محبت کرتا ہوں، سوات اور مالاکنڈ والوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، زندگی رہی تو کے پی کو پنجاب بناؤں گا، پشاور کو لاہور بناؤں گا، سوات کو پاکستان کا بہترین سیاحتی مقام بنائیں گے۔

    نواز شریف اور مریم نواز سے متعلق شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان آئے ہیں، اس بیٹی کے دل پر کیا گزری ہوگی جس کے سامنے باپ کو گرفتار کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کے دباؤ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے: شہباز شریف

    نیب کے دباؤ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے: شہباز شریف

    پشاور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب کے دباؤ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے، فری اینڈ فیئر الیکشن ہونے چاہیئں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بلور ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے ہارون بلور کی شہادت پر بلور خاندان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

    شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف بلور خاندان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے ساتھ ہر پاکستانی شہری نے جدوجہد کی ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے آخری حد تک جانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں امن لانے کے لیے ہمیں اپنے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور تحریک انصاف میں کوئی فرق نہیں ہے، نواز شریف کے استقبال کے لیے تیاریاں کی تھی اور ریلی بھی نکالی۔ نگراں حکومت نے بلاوجہ سینکڑوں لوگوں کو گرفتار کیا۔ نگراں حکومت کے اقدامات تحریک انصاف کے مطالبات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں نگراں حکومت پی ٹی آئی 2 ہے۔ الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس پر صرف کاغذی کارروائی کی جاتی ہے، نیب صرف مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کی کارروائی کرتی ہے، ’ہماری پیشیاں ہو رہی ہیں اور وہ کیک پیسٹریاں کھا رہے ہیں‘۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کے گزشتہ چار پانچ روز کے تمام جلسے فلاپ ہوئے، نواز شریف بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر پاکستان کی خاطر واپس آئے۔

    انہوں نے کہا کہ نیب کے دباؤ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے، فری اینڈ فیئر الیکشن ہونے چاہیئں، ووٹ کا احترام کیا جائے۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ’نگراں حکومت تحریک انصاف کی ہے ن لیگ کو دیوار سے لگا رہی ہے‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شہباز شریف نے اپنے بھائی کو بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا، اعتزاز احسن

    شہباز شریف نے اپنے بھائی کو بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا، اعتزاز احسن

    لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ایئرپورٹ جانا ہی نہیں تھا، شہباز شریف نے اپنے بھائی کو بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 133 کے امیدوار عاصم بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اعتزاز احسن نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ اور دیگر استقبال کو نہیں پہنچے، یہ سب شیر کی کھال میں گیدڑ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فخر ہے ہمارا تعلق شہیدوں کے خاندان سے ہے، آصف زرداری نے ہمیشہ صبرو تحمل سے کام لیا ہے، زرداری منشور کے مطابق بات کرتے ہیں، پارٹی کا منشور بھوک مٹاؤ ہے لوٹ مار نہیں، ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریب طبقے کا ہی ساتھ دیا ہے۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے درمیان اختلافات زیادہ ہوچکے ہیں، باتیں تو بہت ہوتی ہیں، شہباز شریف اتنے لوگ اکٹھے نہ کرسکے، ووٹ تو شہباز شریف مانگتے ہیں مگر انہیں لوہے کے چنے چبانے پڑے۔

    مزید پڑھیں: نوازشریف اور مریم کے ساتھ دھوکا ہوا، اعتزاز احسن

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ریلی سے غائب ہوکر کس سے ڈیل کرنے گئے تھے، ن لیگ کے ووٹرز نے دیکھ لیا شہباز شریف ریلی سے تین گھنٹے غائب رہے، نواز شریف کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن کے شیر سارے ڈھیر ہوگئے۔

    رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو کل لاہور آئیں گے پھر قصور جائیں گے، پچ پر گڑ بڑ ہورہی ہے ہمارے کارکنان پر زور ڈالا جارہا ہے، ملک میں انتخابات شفاف ہونے چاہئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اڈیالہ جیل شہباز شریف کا انتظار کررہا ہے، عمران خان

    اڈیالہ جیل شہباز شریف کا انتظار کررہا ہے، عمران خان

    اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے میرے خلاف 32 ایف آئی آر درج کرائیں، شہباز شریف کو معلوم نہیں کے ان کے ساتھ کیا ہوگا، اڈیالہ ان کا انتظار کررہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نتھیا گلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے پی کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ نیوٹرل امپائر بنیں، نگراں وزیراعلیٰ کے پی دوست محمد کے اکرم درانی، فضل الرحمان سے تعلقات ہیں، ہم چاہتے ہیں وہ غیرجانبدارانہ کردار ادا کریں۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نگراں حکومت عام انتخابات شفاف بنانے کے لیے کردار ادا کرے، پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ 25 جولائی کو ہونے جارہا ہے، آزاد حیثیت میں کھڑے ہونے والے ملک کا نقصان نہ کریں، الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں بلے کو ووٹ دیں۔

    عمران خان نے کہا کہ نتھیا گلی میں ٹورازم کو فروغ دیں گے، کالج بنائیں گے جس میں ٹورازم سے متعلق ٹریننگ دی جائے گی، نتھیا گلی اور اطراف میں ریزارٹس بنا کر سیاحت کو فروغ دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دور نہیں جانا پڑے گا اپنے علاقے میں ہی نوکریاں ملیں گی، علاقے میں پیسہ اور پانی آئے گا تو ترقیاتی کام بھی ہوں گے، گلگت بلتستان میں لوگ ٹیکنیکل ٹریننگ لے کر پوری دنیا میں کام کرتے ہیں، گاؤں گاؤں گھر گھر جاکر لوگوں کو ووٹ سے متعلق شعور دینا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھٹو کے نام پر سندھ میں لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے، عمران خان


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شہباز شریف کی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش

    شہباز شریف کی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش

    گجرانوالہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن پر الزامات کی بارش کردی، کہا صرف ن لیگیوں کے خلاف پرچے کاٹے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع گجرانوالہ کے قصبے علی پور چھٹہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کرپشن کیس میں پکڑے گئے مجرم نواز شریف کا بھر پور دفاع کیا۔

    ن لیگی رہنما نے کہا ’نگراں حکومت صرف ن لیگ کے خلاف پرچے کاٹ رہی ہے، اربوں روپے لوٹنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔‘

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں روز روز پیشیاں ہو رہی ہیں، دوسری طرف اربوں روپے لوٹنے والوں کو کوئی نہیں پوچھ رہا۔

    پنجاب پاور کمپنی اسکینڈل: شہبازشریف نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

    شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بنا ہوا ہے۔‘

    انھوں نے کہا 13 جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، نواز شریف نے بہادری دکھائی اور پاکستان واپس آئے۔ خیال رہے کہ تیرہ جولائی بہ روز جمعہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتاری دینے پاکستان آئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل، شہباز شریف کی آج نیب لاہور میں طلبی

    لاہور : پنجاب پاور کمپنی کرپشن اسکینڈل میں شہباز شریف کو آج نیب لاہور میں طلب کر لیا ہے ، سابق وزیر اعلی سے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کرپشن پر پوچھ گچھ ہوگی، شہباز شریف اس سے قبل ایک مرتبہ اسی کیس میں پیش ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے گرد قانون کا گھیرا تنگ  ہونے لگا۔

    نیب نے شہبازشریف کو پنجاب کی چھپن کمپنیوں میں بدعنوانی کی تحقیقات کے لیے آج لاہور آفس میں طلب کر رکھا ہے، نیب کی تین رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پنجاب پاور ڈیویلپمنٹ کمپنی میں کرپشن سے متعلق پوچھ گچھ کریں گی۔

    https://youtu.be/fbg4xfAgvBw

    یاد رہے کمپنی کے سی ای او احد چیمہ پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔

    قبل ازیں شہباز شریف نے  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔

    اس سے قبل پنجاب کمپنیز اسکینڈل میں چار جولائی کو بھی شہبازشریف نیب لاہور آفس میں پیشی بھگت چکے ہیں، دو گھنٹے کے سوال جواب کے باوجود نیب کو مطمئن نہیں کر سکے تھے۔

    نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر داماد سے متعلق سوال پر برہم ہوگئے تھے، ان کا کہنا تھا کہ کسی افسر نے میرے رشتے دار کو خود شامل کیا تو میں نہیں جانتا۔

    شہبازشریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات پر بھی طلب کیا گیا تھا، 22 جنوری کو چھوٹے میاں صاحب نیب لاہور میں ڈیڑھ گھنٹہ پیش ہوئے  تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • جونئیر شہباز شریف نے کمیشن کیلئے ملتان میٹرو بنائی، عمران خان

    جونئیر شہباز شریف نے کمیشن کیلئے ملتان میٹرو بنائی، عمران خان

    جھنگ : سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جونئیر شہباز شریف نے کمیشن کیلئے ملتان میٹرو بنائی، شہبازشریف نے ظلم کی انتہا کردی، ملک نیچے جانے کی وجہ صرف کرپشن ہے۔

    یہ بات انہوں نے جھنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، عمران خان نے کہا کہ ایک فیصل آبادی لیڈر نے بیان دیا ہے کہ نوازشریف کا استقبال حج سے بڑا کام ہے، کپتان نے رانا ثناءاللہ کو ان کا نام لیے بغیر احمق اور گدھا قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ جھنگ کے فیصلے بھی لاہور سے ہوتےہیں، انہیں کیا پتہ کہ جھنگ کے کیا مسائل ہیں، شہباز شریف نےملتان میں 60ارب روپے کی میٹرو بنادی، ملتان میں میٹرو خالی چل رہی ہے، نقصان ہورہاہے، میٹرو سے شریف خاندان کو کمیشن کے پیسے ملنے تھے۔

    ملتان والے اب بھی کہہ رہےہیں کہ انہیں میٹروکی ضرورت نہیں، یہ لوگ پنجاب ڈیولپمنٹ بجٹ کا آدھاحصہ صرف لاہور پرلگا دیتے ہیں، شہبازشریف نےپولیس سے870افراد کوقتل کرایا۔

    عمران خان نے کہا کہ مغربی ممالک کی جمہوریت ہم سےآگےنکل گئی ہیں، ایسا کہیں نہیں ہوتا وزیر اعظم کہے کہ میں نے آپ کو اسپتال دیا، اس طرح کا طرز عمل جمہوریت میں نہیں بادشاہت میں ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کوکامیابی ملی توبہترین بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے، مغربی ممالک میں بلدیاتی نظام ہم سے بہترہے، تبھی وہ آگے ہیں، بلدیاتی اداروں تک اختیارات جانے چاہئیں، جمہوریت میں ادارے مضبوط ہوتے ہیں، تیسری دنیا کے ممالک میں وزیراعظم بادشاہ بن جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا، شہباز شریف

    شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا، شہباز شریف

    کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ مستونگ سانحہ انتہائی افسوسناک ہے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساراوان ہاؤس آمد کے موقع پر سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے
    ہوئے کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ مستونگ واقعے میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دی جائے، دہشت گردی کے خلاف چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    عمران خان کی جانب سے انتخابی عمل نہ روکنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز ششریف نے کہا کہ عمران خان کو ایسے موقع پر غیر سنجیدہ گفتگو نہیں کرنی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی ضرورت شفاف الیکشن کا انعقاد ہے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہوگا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں 10 روز رہ گئے ہیں اور اس سے قبل انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، نگران حکومت اور سیکیورٹی فورسز امیدواروں اور سیاسی میٹنگز کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے ذمہ دار ہیں۔

    قبل ازیں صدر مسلم لیگ (ن) نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ سانحہ مستونگ کے موقع پر قومی سوگ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے ایک روز کے لیے انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی کارنر میٹنگ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں سراج رئیسانی سمیت 134 افراد شہید ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نواز شریف کا جیل میں ٹرائل کر کے انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، شہباز شریف

    نواز شریف کا جیل میں ٹرائل کر کے انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جیل میں نواز شریف کا ٹرائل کر کے نگراں حکومت نے انصاف کی دھجیاں اڑا دیں، جیل میں ٹرائل دہشت گردوں کا ہوتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف تو مشرف دور میں بھی جیل میں ٹرائل نہیں ہوا، کل نگراں حکومت نے لاہور میں خوف و دہشت کی فضا پیدا کی۔

    صدر ن لیگ نے کہا کہ سانحہ مستونگ میں بھارت ملوث ہے، دہشت گردی کے واقعات پر پوری قوم سوگوار ہے، بھارت پہلے بھی پاکستان میں امن کی صورت حال خراب کرنے میں ملوث رہا۔

    شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ریلی اور جلوس میں ایک لائٹ اور گملہ تک نہیں ٹوٹا، کسی کو ایک خراش تک نہیں آئی، جب کہ پولیس نے کارکنوں پر ڈنڈے برسائے اور آنسو گیس پھینکی۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے بھی شکوہ کیا، کہا ’کل میڈیا نے مسلم لیگ ن کی ریلیوں کی کوریج کا بائیکاٹ کیا، دوسری طرف نگراں حکومت نے ہمارے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا۔‘

    چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ’عمران خان پھر بہتان تراشی کر رہے ہیں، ان کے بیانات سے سر شرم سے جھک جاتا ہے، عمران خان میرے بارے میں کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف خطرناک ہیں لیکن عمران کو بات دیر میں سمجھ آتی ہے ورنہ میرے خلاف محاذ کھول دیتے۔‘

    شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال کا عندیہ بھی دیا، کہا ’جلد کال دوں گا، جلسے جہاں بھی ہوں گے پُر امن ہوں گے۔‘

    لوگوں نے نوازشریف کا استقبال نہ کر کے زندہ دل ہونے کا ثبوت دیا، زعیم قادری


    صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دفاع کے لیے تمام ذرائع استعمال کریں گے، ہم سیاہ پٹیاں باندھ کر ملک بھر میں پُر امن احتجاج کریں گے، بلاول کا شکریہ ادا کرتا ہوں  جنھوں نے کارکنوں کی گرفتاری پر آواز اٹھائی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ نیب کو حقائق کی بنیاد پر احتساب کرنا چاہیے، نیب کے نشانے پر صرف مسلم لیگ ن اور ورکرز ہیں، ملک میں اگر شفاف الیکشن نہیں ہوئے تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے، دھاندلی کی صورت میں سب کو متحد کر کے لائحہ عمل طے کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا، شہباز شریف

    نواز شریف کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا، شہباز شریف

    لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب سے کے دوران نگراں حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت ایک جیسا نہیں رہتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم جانتے ہیں کہ انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔

    مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف جانتے ہیں انہیں کوئی ٹرافی نہیں دی جائے گی، میاں صاحب کا پاکستان پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا جائے گا، ہمیں ڈرانے والے یاد رکھیں وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا اس طرح کے اقدامات الیکشن 2018 کو داغ دار کرنے کے لیے کیے جارہے ہیں۔


    مسلم لیگ ن کا نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جانے کا فیصلہ


    یاد رہے کہ گذشتہ شب سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمارا فیصلہ یہ ہے کہ ہم نواز شریف کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی رہنما ایاز صادق کے ہمراہ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف جمعے کو وطن واپس آرہے ہیں، وہ عدالتی فیصلے کے بعد گرفتاری دینے آرہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کارکنان استقبال کے دوران پر امن ہوں گے، ہم کسی قسم کی بدنظمی نہیں چاہتے، لیکن استقبال کے لیے ایئرپورٹ جائیں گے۔

    خیال رہے کہ پریس کانفرنس کے دوران سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ایاز صادق نے نگراں حکومت پنجاب کو دھمکی دی اور خبردار بھی کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔