لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے مالا کنڈ جلسے کا جواب دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت سے ورثے میں ملی دم توڑتی معیشت کو بہترین معاشی پالیسیوں سے زندہ کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صبح سویرے ہی گزشتہ روز مالا کنڈ جلسے کا بھرپور سیاسی جواب دے دیا اور مخالفین پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی کرپشن کے قبرستان کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا۔ دم توڑتی بیمار معیشت کو بحال کر کے ملک کو خوشحالی کے راستے پر ڈال دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر لوٹ مار کا الزام لگا کر حساب یہ کہتے ہوئے برابر کر دیا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے گزشتہ روز مالا کنڈ میں جلسے سے خطاب میں وزیر اعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ لوگ مزدوروں کو تنخواہ نہیں دیتے اور مزدوروں کو کچلتے ہیں۔ انہیں حقوق سے محروم رکھتے ہوئے اپنی ملیں چلاتے ہیں۔
شہباز شریف نے اپنی دونوں پوتیوں کے ساتھ ٹی وی پر یوم پاکستان کی پریڈ بھی دیکھی۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی پوتیوں کو آج کے دن کی اہمیت بھی بتائی کہ کس طرح آج ایسے ملک کی قرارداد منظور ہوئی جہاں مسلمان اپنی مذہبی آزادی اور عزت کے ساتھ زندگی بسر کریں گے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد دہشت گردوں کے لیے ایک پیغام ہے، یہ فیصلہ تمام اداروں کی مشاورت سے کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے امریکا کے ڈپٹی چیف آف مشن جوناتھن پرٹ نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
جوناتھن پرٹ نے پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کرانا بہترین اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کا فیصلہ تمام اداروں کی مشاورت سے کیا گیا،فائنل میچ پاکستان کا میگا ایونٹ ہے،پاکستانی قوم کا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزم انتہائی مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل کا لاہور میں انعقاد بھی دہشت گردوں کے لیے ایک پیغام ہے، قائد کے پاکستان میں انتہا پسندانہ سوچ کی کوئی جگہ نہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیاں لازوال ہیں،توقع ہے کہ آئندہ دنوں پاک امریکا تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ پاک فوج کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ گفتگو کا موضوع پاکستان سپر لیگ کا فائنل رہا۔
پاک فوج کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے پنجاب پولیس کی مدد کے لیے تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھرپور حمایت اور تعاون پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جارہا ہے جس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں۔ میچ کے لیے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔
چوہدری شوگر ملز کے وکیل کا کہنا ہے کہ میرے موکل کا معاملہ دیگر دو شوگر ملوں سے مختلف ہے لہذا عدالت چوہدری شوگر ملزکو کرشنگ کی اجازت دے دینی چاہیے کیوں کہ شوگر مل بند ہوجانے سے نہ صرف مل بلکہ کسانوں کو بھی بھاری نقصان پہنچے گا۔
شریف خاندان کی شوگر ملز کے وکلاء پر امید ہیں کہ عدالت کی جانب سے جلد انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے والا فیصلہ آئے گا کیوں کہ یہ معاملہ عوامی مفاد کے تحت ہے اور اس سے کئی لوگوں کا روزگار منسلک ہے۔
واضح رہے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے قوائد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئی شوگر ملوں کے قیام پر پابندی کے باوجود تین نئی شوگر ملز قائم کی تھیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے اتفاق، چویدھری اور حسیب وقاص شوگر ملز کا کیس واپس ہائیکورٹ کو بھجوایا تھا، سپریم کورٹ کی جانب سے ان شوگر ملز پر ایک ہفتے کے لئے کرشنگ بند کرنے کے احکامات پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مزید دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں مزید دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی گنجائش نہیں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانی جانیں قربان کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے ناسور کو نکیل ڈال دی ہے جس کی وجہ سے دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر سے کہا کہ تحمل، برداشت، روا داری پر مبنی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے نیشنل ایکش پلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات بار آورثابت ہو رہے ہیں۔
موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کا کرپشن کے خلاف واویلا، چور مچائے شور کے مترداف ہے۔ ناکام سیاستدان بے بنیاد الزامات کا ڈھول پیٹ رہے ہیں۔ عوام ناکام سیاستدانوں کو ملک کی قسمت کھوٹی نہیں کرنے دیں گے۔
لاہور : وزیرِ اعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے احتساب ضروری ہے اور ان کے شوہر شہباز شریف کا لندن فلیٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
وہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں، تہمینہ درانی نے اعلان کیا کہ آج سے عبدالستار ایدھی کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لیے عملی جدو جہد کا آغاز کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے حقوق سمجھیں اور ایسی سیاسی جماعتوں کو ووٹ نہ دیں جو لوگوں کے مسائل حل نہیں کرتیں، عوام آگہی حاصل کریں اور جنہیں ووٹ دیا ہے ان سے حساب بھی لیں۔
ایک سوال کے جواب میں تہمینہ درانی نے واضح کیا کہ میرے شو ہر شہباز شریف کا لند ن فلیٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ انہیں لندن فلیٹس سے وراثتی حق ملا ہے اور نہ ہی میرے شوہر کو لندن فلیٹس کا وراثتی حق چاہیے، وہ اپنے وطن میں رہیں گے اور یہیں کام کریں گے۔
اس موقع پر تہمینہ درانی نے کرپشن کو ملک کے لیے ایک ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز احتساب ہو نا چاہیے، کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے شفاف اور غیر جانبدار احتساب بے حد ضروری ہے۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہناہےکہ پاکستان کے عوام مسائل کا حل اور ملک کی ترقی چاپتے ہیں،عوام نے الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کومسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہناہے کہ دھرنا گروپ کو عوام کی ترقی و فلاح گوارانہیں ہے،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ملک کو خوشحالی کی راہ پرگامزن کیاہے کچھ عناصر خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کررہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا ذاتی مفادات کےلیے قوم کو تقسیم کرنےوالوں کو ناکامی ہوئی،تبدیلی صرف نعروں اور تقریروں سے نہیں عملی اقدامات سے آتی ہے،حکومت کی بہترپالیسی کے سبب قومی معیشت مضبوط ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بہاولپور میں عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ نوازشریف نے ساری زندگی کرپشن کر کر کے پیسے اپنے بچوں کے نام پر ملک سے باہر بھیجوائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزہی صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہاتھاکہ پاناما کا شکنجہ اب پاجامہ بن رہا ہے جو شیخ رشید اورعمران خان کو جلد پہنا دیا جائے گا۔
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لاہور کے جناح اسپتال میں خاتون کے بیڈ نہ ملنے کے باعث ٹھنڈے فرش پر تڑپ تڑپ کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر برہم ہوگئے۔ انہوں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں مریضہ کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کردی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے جناح اسپتال میں مناسب علاج معالجہ نہ ہونے پر مریضہ کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ، افسوس اور شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غفلت، کوتاہی اور نااہلی پر سخت ایکشن لے لیا۔
شہبازشریف نے جناح اسپتال کے ایم ایس کو فوری معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے دیگر ذمہ دار ڈاکٹروں اور عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ نے فرش پر مریضہ کو لٹانا بدترین نا اہلی اور فرائض سے غفلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ باتوں سے کام نہیں چلے گا، اس واقعہ میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والوں کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل قصور کی رہائشی 60 سالہ زہرہ بی بی کو دل کی تکلیف ہونے پر لاہور کے جناح اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال کی انتظامیہ نے ایمرجنسی یا وارڈ میں مریضہ کو بستر دینے سے انکار کردیا جس کے باعث خاتون کو راہداری میں ٹھنڈے فرش پر ہی لٹا دیا گیا۔
سردی لگنے کے باعث مریضہ کی حالت بگڑ گئی اور 10 گھنٹے بعد وہ دم توڑ گئی۔
اس دوران اے آر وائی نیوز نے سب سے پہلے یہ خبر نشر کرتے ہوئے صوبائی مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے لے کر اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ظفر تک سب سے رابطے اور انہیں خاتون کی حالت زار سے آگاہ کرنے کی کوشش کی لیکن اعلیٰ حکام میٹنگ کا بہانہ کر کے معاملے سے دور رہے۔
لاہور: بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے تندو تیز سوالات کیے اور کہا کہ سی پیک گوادر میں بن رہا ہے تو ترقی لاہور میں کیوں ہورہی ہے؟ چینی زبان سیکھنے کے لیے صرف پنجاب کے طلبا کو ہی کیوں بھیجا گیا؟ سوالات پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے دورے پر آنے والے بلوچ طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے خطاب کے بعد ان سے بلوچ طلبا و طالبات نے تلخ سوالات کیے جس پر شہباز شریف الجھ کر رہ گئے۔
طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ سی پیک کا سن سن کر تھک چکے ہیں، سی پیک گوادر میں بن رہا ہے مگر ترقی لاہور میں کیوں ہو رہی ہے؟
طلبا نے مزید کہا کہ سیاست دان گوادر کا دورہ کرتے ہیں تو لوڈ شیڈنگ ختم ہو جاتی ہے اور ان کی واپسی کے بعد لوڈ شیڈنگ دوبارہ سے شروع ہو جاتی ہے،ہمارے پاس تو کپڑے استری کرنے کے لیےبھی بجلی نہیں ہوتی“جس کے جواب میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ ماضی میں ترقی کا راستہ روکنے والوں نے پنجاب کا نام لے کر نفرتوں کو پروان چڑھایا۔
جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کو ہمیشہ بڑا بھائی کہہ کر طعنہ زنی ہوتی رہی، پنجاب سے متعلق باتیں اور بیانات غلط ہیں، چاروں صوبوں میں ترقی کا پہیہ اسی رفتار سے چلنا چاہیئے جس کا تقاضا عوام کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غلط فہمی کی بنا پر بلوچستان کے عوام کو وفاق سے جائز شکایات ہوئیں بلوچ عوام نہ صرف محب وطن بلکہ پاکستان کی تشکیل میں بھی ان کا اہم کردار ہے، بلوچستان کے مسائل کو کافی حد تک حل کر لیا گیا ہے۔
طلبا نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے شکایت کی کہ چینی زیان سیکھنے کے لیے گوادر کے بجائے پنجاب سے طلبا کو چین بھیجا گیا جو کہ سراسر ناانصافی ہے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 20 طلبا گوادر سے چین کا دورہ کریں گے۔
شہبازشریف نے طلبا کو بتایا کہ میٹرو بس سی پیک سے پہلے لاہور میں چل رہی تھی جبکہ سڑکوں کا جال اور دانش اسکول بھی سی پیک منصوبے سے پہلے بنائے گئے ہیں۔
بعد ازاں اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے گوادر سے آئے طلبا و طالبات اپنے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر پھٹ پڑے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گوادر سے تعلق رکھنے والے بیس طلبا و طالبات کو چین اسکالرشپ پر بھجوانے کے اعلان کے ساتھ دورے پر آئے ہوئے طلباء میں لیپ ٹاپس بھی تقسیم کیے۔