Tag: شہباز گل

  • وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے  وارنٹ گرفتاری جاری

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری

    لاہور : عدالت نے وزیر اعظم کےمعاون خصوصی شہباز گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، نجی کمپنی نےشہباز گل پر دعوی دائر کررکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں وزیر اعظم کےمعاون خصوصی شہباز گل کے خلاف نجی کمپنی کےدائر استغاثہ پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے شہباز گل کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں یکم نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

    نجی کمپنی نے معاون خصوصی شہباز گل پر دعوی دائر کررکھا ہے، جس میں کہا ہے کہ شہباز گل نےٹی وی پروگرام میں کمپنی پر جھوٹے اور بےبنیادالزامات عائد کیے، ملزم کے الزام سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

  • شہباز گل نے وزیر اعظم کی کوششوں سے سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانیوں کی تصویر ٹوئٹ کر دی

    شہباز گل نے وزیر اعظم کی کوششوں سے سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانیوں کی تصویر ٹوئٹ کر دی

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں سے سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانیوں کی تصویر ٹوئٹ کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اوورسیز پاکستانیوں کی تصاویر ٹوئٹ کی ہیں، جن کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہ سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانیوں کی ہیں۔

    شہباز گل نے کہا یہ اوورسیز پاکستانی سعودی جیلوں میں قید تھے، لیکن وزیر اعظم عمران خان کی ذاتی کوششوں سے انھیں رہائی مل گئی ہے، اور یہ آج پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    معاون خصوصی کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ یہ لوگ اپنوں میں عید کر سکیں، عمران خان ہمیشہ غریب کا سوچتے ہیں اور محنت کش ان کے دل کے بہت قریب ہیں۔

    واضح رہے کہ آج عید الاضحیٰ کے موقع پر سعودی عرب نے جیلوں میں قید 63 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جو وطن واپس پہنچ چکے ہیں، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے مطابق یہ پاکستانی قیدی منگل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے۔

    یہ پاکستانی معمولی جرائم میں قید تھے، وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ان کو سعودی جیلوں سے رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

    رہا ہونے والے قیدیوں نے سعودی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نوجوانوں کے لیے بڑی خوش خبری

    راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نوجوانوں کے لیے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اجلاس میں نوجوانوں کو خوش خبری دی گئی ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ جون سے ہی نوجوانوں کی پہلی کھیپ کام کا آغاز کر دے گی۔

    شہباز گل نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ینگ لیڈر شپ پروگرام میں نوکری کے لیے اب تک 25 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، آج یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال جون سے ہی نوجوانوں کی پہلی کھیپ باقاعدہ کام کا آغاز کر دے گی۔

    خیال رہے کہ آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کا جائزہ لیا گیا، جس میں وزیرِ اعظم نے منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل پر زور دیا۔

    وزیر اعظم نے اجلاس میں کہا راوی سٹی اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور لاہور پر آبادی کا دباؤ کم ہوگا، شہریوں کو تمام سہولتوں سے آراستہ عالمی معیار کی رہائش میسر آئے گی۔

    اجلاس کو راوی سٹی کے تحت منصوبے پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، بریفنگ میں کہا گیا کہ 2 ہزار ایکڑ پر محیط منصوبے سے حکومت کو آمدن کا تخمیہ 25 ارب لگایا گیا ہے، جب کہ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ارب روپے کی معاشی سرگرمیوں کو جنم دے گا۔

    بریفنگ کے مطابق راوی سٹی کے 2 ذیلی منصوبوں سے محصولات و آمدن کا تخمینہ 130 ارب روپے ہے، یہ منصوبہ مجموعی طور پر 750 سے 900 ارب کی معاشی سرگرمیوں کی وجہ بنے گا، راوی سٹی کے 15000 ایکڑ پر شروع کام سے دسمبر تک 1000 ارب کی معاشی سرگرمیاں متوقع ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کی تمام بڑی جامعات سے راوی سٹی میں کیمپس کھولنے کے سلسلے میں رابطے کیے گئے، سوئس کمپنی لیونگ، اسٹون گرین، ٹیک سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں، یہ کمپنیاں زون 3 میں جدید زرعی ٹیکنالوجی سے عالمی معیار کے فارم بنانے میں معاونت کریں گی۔

  • شہباز گل پر انڈا اور سیاہی پھینکنے والے ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    شہباز گل پر انڈا اور سیاہی پھینکنے والے ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    لاہور : وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پر انڈا اور سیاہی پھینکنے والے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکنے والے ملزمان غلام عباس، چوہدری عتیق اور طارق جنید جٹ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

    پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزمان نے گزشتہ روز شہباز گل پر گندے انڈے اور سیاہی پھینکی، سیاہی سے شہباز گل کی آنکھ متاثر ہوئی ، ملزمان صحافیوں کے روپ میں شہباز گل پر حملہ آور ہوئے۔

    سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان سے صحافیوں کے جعلی کارڈ برآمد کرنے ہیں، ریمانڈ دیا جائے، جس پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر من گھڑت ہے، ملزمان صحافی نہیں، سیاسی کارکن ہیں، ملزمان کےپاس جوکچھ تھا وہ پولیس کی تحویل میں ہے۔

    وکیل صفائی نے کہا انڈےاور سیاہی استعمال ہو گئی تھی، اب پولیس کیا برآمدکرنا چاہتی ہے، دفعہ 419 کے علاوہ تمام دفعات قابل ضمانت ہیں، عدالت ضمانت منظور کرے۔

    بعد ازاں عدالت نے شہباز گل پر انڈا اور سیاہی پھنیکنے والے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

  • سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کردیے: شہباز گل

    سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کردیے: شہباز گل

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا تھا کہ تم لوگ سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے اب پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کر بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے عمران خان صاحب نے پہلے سے بھی زیادہ ووٹ لے کر اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔

    شہباز گل نے کہا کہ پوچھنا یہ تھا کہ مسلم لیگ ن کی ٹکٹیں کدھر ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ تم لوگ سینما کی ٹکٹیں بلیک کرتے کرتے اب پارٹی ٹکٹ بھی بلیک میں فروخت کر بیٹھے، لیکن آگے خان تھا جو مارتا کم اور گھسیٹتا زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ عمران خان کو 178 ووٹ ملے، سنہ 2018 میں وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے انہیں 176 ووٹ ملے تھے۔

    اس اہم موقع پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

  • لیاقت جتوئی کا اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام، شہباز گل کا ردِ عمل

    لیاقت جتوئی کا اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام، شہباز گل کا ردِ عمل

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی نے اپنی ہی جماعت پر سینیٹ ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام لگا دیا ہے، انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج لیاقت علی جتوئی نے ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے جس کے خاتمے کے لیے پی ٹی آئی جدوجہد میں لگی ہوئی ہے، جس کے تحت سینیٹ میں امیدواروں کی خرید و فروخت کو روکنے کے لیے اوپن بیلٹ انتخاب کا طریقہ کار لایا جا رہا ہے۔

    لیاقت جتوئی نے کہا گورنر ہاؤس کے ڈرائنگ روم کے فیصلے پارٹی کے لیے نقصان دہ ہیں، پیراٹروپر سیف اللہ ابڑو کو 35 کروڑ میں سینیٹ ٹکٹ بیچا گیا، کراچی میں بیٹھے چند افراد فیصلہ کرتے ہیں، جو نقصان دہ ہے۔

    لیاقت جتوئی کا کہنا تھا عمران خان نے نوٹس نہیں لیا تو آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے، سندھ میں ہمارے ہم خیال دوستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    اس الزام پر معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ردِ عمل میں کہا کہ لیاقت جتوئی نے آج سینیٹ ٹکٹوں سے متعلق بے ہودہ الزام لگایا، اب لیاقت جتوئی اپنے دعوے کا ثبوت دیں، ثبوت نہ دے سکے تو پارٹی سخت ایکشن لے گی۔

    شہباز گل نے کہا سیف اللہ ابڑو لیاقت جتوئی پر ہتک عزت کا کیس کریں گے، جتوئی صاحب خود نیب زدہ ہیں اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما لیاقت جتوئی نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، ایک ویڈیو بیان میں انھوں نے کہا مراد علی شاہ کو جانتا ہوں، مجھے نہیں لگتا وہ کسی کو مروائیں گے، حلیم عادل سولو فلائٹ کر رہے تھے، جلدی اڑ رہے تھے، جو سولو فلائٹ کرتا ہے جلدی نیچے آ جاتا ہے۔

    سینیٹ ٹکٹوں کے معاملے پر چند دن قبل لیاقت جتوئی کے پارٹی چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں، جن کی انھوں نے تردید کی، انھوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگ پارٹی میں اجارہ داری قائم کر کے بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔

  • ویرات کوہلی نے نوازشریف سے ہی سیکھا ہے ‘مجھے کیوں ہرایا’, شہباز گل

    ویرات کوہلی نے نوازشریف سے ہی سیکھا ہے ‘مجھے کیوں ہرایا’, شہباز گل

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نےکہا کہ وزیر اعظم نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا اور عمران خان ہمیشہ ہر میدان میں کامیاب ہوئے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا روایتی حریف ہے اور اسکے خلاف کامیابی کا اپنا مزہ ہے۔

    شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلسل محنت سے کامیابی حاصل کی، اور ہمیشہ ملک کے لیے باعث عزت رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر میدان میں سخت محنت سے یہ مقام حاصل کیا اور کرکٹ سے لے کر سیاست کے میدان تک ان کا کردار سامنے رہا ہے۔

    معاون خصوصی برائے سیاسی روابط نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کرکٹ میں آج بھی وزیراعظم کی مقبولیت برقرار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی کا اپنا ہی مزہ ہے، ویرات کوہلی نے نواز شریف سے ہی سیکھا ہے مجھے کیوں ہرایا، گلہ کرنا ہندوستانی شائقین نے شاید نواز شریف سے ہی سیکھا ہے۔

  • گھر میں میت پڑی ہے، مریم صفدر کو سیاست کی پڑی ہے، شہباز گل

    گھر میں میت پڑی ہے، مریم صفدر کو سیاست کی پڑی ہے، شہباز گل

    لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ گھر میں میت پڑی ہے مریم صفدر کو سیاست کی پڑی ہے، شریف خاندان کا رونا صرف احتساب سے بچنے کے لیے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے مریم صفدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گھر میں میت پڑی ہے، مریم صفدر کو جلسوں اور سیاست کی پڑی ہے، اللہ اقتدار کی ایسی ہوس اور لالچ سے بچائے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کو عوام کی کوئی فکر نہیں، موصوفہ اپنے مقصد کے لیے عوام کو استعمال کررہی ہیں، جھوٹے کرپٹ اور اخلاقیات سے عاری ٹولہ عوام کی جان کے درپے ہے، کرپٹ ٹولے میں اتنی سکت نہیں کہ حکومت کو دھمکا سکے۔

    شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف اپنے کئے کرتوتوں کی وجہ سے اندر ہیں، چھوٹے بھائی نے وفاداری نبھائی ضرور، لیکن کرپشن میں، بھائی کے نقش قدم پر چل کر چھوٹے میاں بھائی سے بھی دو ہاتھ آگے نکلے۔

    مزید پڑھیں: میری زندگی کسی مقصد کیلیے ہے، پیچھے نہیں ہٹ سکتی، مریم نواز

    معاون خصوصی نے کہا کہ پتا ہے کرپشن کی بہتی گنگا میں شریف فیملی نے مشترکہ ہاتھ دھوئے، خود علاج کے بہانے بھاگنے والے عوام کو بیمار کرنے پر تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مریم نوازکا کہنا تھا کہ میری زندگی اب کسی مقصد کے لیے ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے کہا کہ آپ نے پاکستان آنےکا سوچنا بھی نہیں، نوازشریف سے وفاداری کی وجہ سےشہباز شریف قیدکاٹ رہے ہیں حمزہ شہباز کو بھی نواز شریف سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے نوازشریف کی ہدایت پر ملتان جلسے میں شرکت کروں گی۔

  • ’’نام کے ساتھ ’بھٹو‘ لکھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا‘‘

    ’’نام کے ساتھ ’بھٹو‘ لکھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا‘‘

    لاہور: معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا ہے کہ نام کے ساتھ بھٹو لکھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نام کے ساتھ بھٹو لکھنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، ان کے منہ میں جو آتا ہے وہ کہہ دیتے ہیں، اب یہ دور نہیں ہے آپ کے منہ میں جو آئے گا بولیں گے اور لوگ اعتبار کرلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول جمہوریت کے جعلی علمبردار ہیں، پرچی پر چیئرمین بننے والے پہلے پارٹی میں جمہوریت لے کر آئیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ بلاول صاحب پختونخوا نے دو مرتبہ عمران خان کے حق میں فیصلہ سنایا، پختونخوا سے آپ 2013 اور 2018 میں مسترد ہوئے، آگے بھی پختونخوا کے غیور عوام کرپشن کے مہارتھیوں کو موقع نہیں دیں گے۔

    مزید پڑھیں: ایک قانون نہیں ہوگا تو کرپشن کے ناسور کا خاتمہ نہیں کرسکیں گے، بلاول بھٹو

    انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ سے ہارنے والے میاں بلاول پختونخوا لینے کی بات کرتے ہیں، مال بنانے اور کرپشن کے راستے پر چلنے والے کے منہ سے عوام کی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ ان کے جلسے سے وزیراعظم کا استعفیٰ تو دور کی بات ہے میرا استعفیٰ بھی نہیں ملے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد غیرفطری ہے، محض کرپشن بچانے کے لیے یہ اکٹھے ہیں، پی ڈی ایم رہنما ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر متفق ہیں۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم غریب کارکنان کو مفادات کی خاطر موت کے منہ میں دھکیل رہے ہیں۔