Tag: شہباز گل

  • ملک میں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کیوں گرجاتے تھے، شہباز گل نے بتادیا

    ملک میں نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کیوں گرجاتے تھے، شہباز گل نے بتادیا

    لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جھوٹ بول کر باہر بھاگنے میں مدد کرنے والوں کا احتساب ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دوران علاج نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کیوں گرجاتے تھے، مریم نواز کہتی ہیں والد کو قریب المرگ ہونے پر ملک سے جانے دیا، بتاؤں گا نواز شریف کیسے مرنے لگے تھے۔

    شہباز گل نے کہا کہ بلڈ سیمپل میں کلوٹنگ روکنے کے لیے کیمیکل ای ٹی ڈی اے استعمال ہوتا ہے، ای ٹی ڈی اے کی مقدار بلڈ سے زیادہ ہو تو رپورٹ میں پلیٹ لیٹس گرجاتے ہیں، نواز شریف کے سیمپل میں ای ٹی ڈی اے کی تعداد بڑھائی گئی جس سے پلیٹ لیٹس گر گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے کسی لیب سے مل کر یہ کھیل کھیلا، ای ٹی ڈی اے بڑھا دیا گیا، بلڈ کا سیمپل کم کیا گیا، رپورٹ میں بلڈ سیلز اتنے کم آئے کہ ہمارے ڈاکٹرز کو بھی لگا نواز شریف کی زندگی خطرے میں ہے۔

    شہباز گل کے مطابق جھوٹی رپورٹ وزیراعظم نے دیکھی تو انسانی ہمدردی پر نواز شریف کو علاج کے لیے جانے کی اجازت دی، اب یہ تو پتا چل گیا نواز شریف جھوٹ بول کر باہر گئے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف کو جھوٹ بول کر باہر بھاگنے میں مدد کرنے والوں کا احتساب ہوگا، ای ٹی ڈی اے کے معاملے کی حکومت پنجاب تحقیقات کرے گی۔

  • ٹوئٹر نے شہباز گل کی پوسٹ کی ہوئی تصویر کیوں ہٹا دی؟

    ٹوئٹر نے شہباز گل کی پوسٹ کی ہوئی تصویر کیوں ہٹا دی؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کی پوسٹ کی ہوئی تصویر ٹوئٹر انتظامیہ نے ہٹا دی، یہ تصویر مولانا فضل الرحمان کی آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے مولانا فضل الرحمان کی پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کے صاحب زادے بلاول کے ساتھ ملاقات کی خصوصی تصویر اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کر دی تھی۔

    تصویر ٹوئٹ کرنے پر پیپلز پارٹی سوشل میڈیا سیل نے شہباز گل کو کاپی رائٹ اسٹرائیک بھجوا دی، کاپی رائٹ کی شکایت ملنے پر ٹوئٹر نے تصویر شہباز گل کے اکاؤنٹ سے ہٹا دی۔

    شہباز گل نے اسٹرائیک بھیجے جانے پر رد عمل میں بلاول کو بچہ کہہ دیا، ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ میں لکھا کہ بلاول ویسے واقعی بے بی ہے ابھی، تصویر بلاول نے خود ٹوئٹ اور میڈیا کو جاری کی تھی، وہی میں نے اور علی زیدی نے ٹوئٹ کی۔

    انھوں نے تصویر ہٹنے کے بعد ٹوئٹ میں لکھا کہ بلاول کے وکیل علی حیدر نے ٹوئٹر کو شکایت کی کہ تصویر ٹوئٹر سے ہٹا دی جائے، واقعی بچہ ہے ابھی بلاول۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ملاقات کے بعد پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام ف نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

  • ڈاکٹرز نے استعفیٰ کیوں دیا؟ حقیقت سامنے آ گئی

    ڈاکٹرز نے استعفیٰ کیوں دیا؟ حقیقت سامنے آ گئی

    لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں مخصوص ڈاکٹرز نے استعفیٰ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہباز گل نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹروں کے استعفوں کو اپوزیشن بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے، اصل میں ایڈہاک ڈاکٹروں نے استعفے دیے۔

    شہباز گل نے مزید وضاحت کی کہ ایڈہاک ڈاکٹروں کی مدت پوری ہو گئی تھی جس پر انھوں نے استعفے دے دیے۔

    انھوں نے کہا شہباز شریف ٹوئٹس سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں، وہ حکومت پر انگلی اٹھانے کی بجائے اپنے کیسز کا سامنا کریں، وہ کرونا کے خلاف لڑنے آئے اور اب اسی کے پیچھے چُھپ رہے ہیں، واحد مریض ہیں جو ہفتوں بعد مزید 3 ہفتے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کے لیے ضمانت مانگ رہے ہیں۔

    پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز مستعفی

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ فرنٹ لائن فائٹرز کی بدولت کرونا قابو میں آ رہا ہے، وزیر اعظم نے فرنٹ لائن فائٹرز کو اعلیٰ خدمات پر سلام پیش کیا، حکومت نے تمام ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات مہیا کیے، پنجاب حکومت نے ڈبل تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل پنجاب کے ٹیچنگ اسپتالوں سے 48 ڈاکٹرز نے استعفیٰ دے دیا تھا، مستعفی ہونے والے ڈاکٹرز میں میو اسپتال کے 14 اور جناح اسپتال کے 7 ڈاکٹرز شامل تھے۔

    شہباز شریف نے آج اس پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ استعفے دینے والے ڈاکٹرز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت لوگوں کا اعتماد کھوتی جا رہی ہے۔

  • ‘شوگر ملز نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیش کش کر دی’

    ‘شوگر ملز نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیش کش کر دی’

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیش کش کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ میں لکھا کہ وہ شوگر ملوں والے جو کل تک کہتے تھے کہ ان کی لاگت زیادہ ہے اس لیے قیمتیں کم نہیں کر سکتے، آج بھاؤ تاؤ کرنے لگے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں والوں کو پتا نہیں کہ آگے عمران خان بیٹھا ہوا ہے، اب بات 70 پر نہیں رکے گی، ہم اصل لاگت عوام کے سامنے رکھیں گے اور درست قیمت طے کرنی پڑے گی۔

    واضح رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے کلو پر فراہمی کی پیش کش کر دی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کے نام ایک خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ حکومت عوام تک چینی پہنچانے کے لیے اقدامات کرے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو کارروائی سے روک دیا

    یاد رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو 10 دن کے لیے شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا اور آئندہ سماعت تک ملک میں چینی 70 روپے کلو بیچنے کا حکم بھی دیا تھا۔

  • سندھ میں جنگل کے قانون اور لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جاسکتی،شہبازگل

    سندھ میں جنگل کے قانون اور لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جاسکتی،شہبازگل

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ سندھ میں جنگل کے قانون اور لوٹ مار کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں عوام کہ نام پر اضافی پیسہ لیاگیا،اس پیسے کو نام نہاد منی لانڈرنگ اور لوٹ مار کے لیے استعمال کیاگیا۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ میں جنگل کے قانون اور لوٹ مارکی اجازت نہیں دی جاسکتی، سندھ آپ کی جاگیر نہیں،عوام نے حکومت کا حق دیا لوٹ مار کا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کے پیسے کا حساب لےگا۔

    این ای سی میٹنگ جلد بلانے پر وزیراعظم کا شکر گزار ہوں: وزیراعلیٰ سندھ

    اس سے قبل کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نیوز کانفرس کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو کچھ لوگ صحیح گائیڈ نہیں کر رہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کی میٹنگ ہونے نہیں دی جاتی۔انہوں نے قومی اقتصادی کونسل کی میٹنگ جلد بلانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

  • شہباز گل کا احسن اقبال کو کرارا جواب

    شہباز گل کا احسن اقبال کو کرارا جواب

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ارسطو صاحب پبلک ہیلتھ بھی معیشت کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احسن اقبال کے ٹویٹ پر ڈاکٹر شہبازگل نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ارسطو صاحب پبلک ہیلتھ بھی اکانومی کا حصہ ہے،اکانومی ہوگی تو پبلک ہیلتھ فیڈ ہوگی۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جن ملکوں میں اکانومی بہتر ہے وہاں ہیلتھ بھی بہتر ہوتی ہے،بنیادی کےساتھ نفسیاتی ہیلتھ پر بھی توجہ ہوتی ہے، جیسا کہ یورپ میں اور اگر آپ وہاں ہوتے تو نفسیاتی علاج کی سہولت دی جاتی۔


    اس سے قبل سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہر ملک نے کرونا کو عوامی مسئلہ سمجھ کر اس سے نمٹنےکی کوشش کی،ہماری قیادت نے معیشت کا مسئلہ بنا کر مکمل نظر انداز کیا،جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مرض اور معیشت دونوں ہاتھ سے نکل گئے۔

  • شہباز گِل  کو اہم عہدہ مل گیا

    شہباز گِل کو اہم عہدہ مل گیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر شہبازگل کو معاون خصوصی برائے سیاسی روابط مقررکر دیا، شہباز گل پنجاب حکومت کے ترجمان کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرشہباززگل کووزیراعظم کا معاون خصوصی برائے سیاسی روابط تعینات کردیا گیا اور تعیناتی کانوٹیفکیشن جاری کردیا ،نوٹیفکیشن میں کہا گیا شہباز گل کی تعیناتی اعزازی ہو گی جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    خیال رہے ڈاکٹر شہباز گل پنجاب حکومت کے ترجمان کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکےہیں۔

    وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہباز گل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا وہ اس عہدے کے پوری طرح اہل ہیں۔

  • کرونا آزمائش میں کردار ادا کرنے کی بجائے بلاول سیاست کررہے ہیں، شہباز گل

    کرونا آزمائش میں کردار ادا کرنے کی بجائے بلاول سیاست کررہے ہیں، شہباز گل

    لاہور: پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ کرونا آزمائش میں کردار ادا کرنے کی بجائے بلاول بھٹو سیاست کررہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی پریس کانفرنس عوام کو گمراہ کرنے کی سازش کے سوا کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جعلی وصیت کی پرچی پر بنے چیئرمین کو 18ویں ترمیم کا مطلب سمجھانا ہوگا، پیپلزپارٹی سیاسی بیانات کی بجائے عملی میدان میں کارکردگی دکھائے۔

    شہباز گل نے کہا کہ لیاری سے لانڈھی تک عوام کی ذمہ داری فرزند زرداری آپ کی ہے، 30 سال سے سندھ پر حکومت کرنے والوں کا وفاق مخالف پراپیگنڈہ نہیں چلے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ عوام کو معلوم ہے وفاق 1200 ارب سے ملک بھر میں امداد فراہم کررہا ہے، وفاقی حکومت ایک کروڑ 20 لاکھ لوگوں کو براہ راست امداد فراہم کررہی ہے، ان میں 70 لاکھ نئے ضرورت مند افراد شامل کیے گئے ہیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ چھوٹے کاروبار والے 35 لاکھ گھرانوں کو امداد دے رہے ہیں، بیروزگار ہونے والے 50 لاکھ افراد کو بھی امداد دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بتائیں سندھ حکومت وفاق پر الزامات لگانے کے سوا اور کیا کررہی ہے؟ وفاق ملک بھر میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کو پی پی ای آلات دے رہا ہے، وفاق نے سندھ کو طبی آلات فراہم کیے، پیپلزپارٹی کی قیادت بدقسمتی سے صرف بیان بازی کرنا چاہتی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کو خطرہ ہے تو پی ٹی آئی سے ہی ہے، ہم صرف اپنے لوگوں کی زندگی بچانا چاہتے ہیں، وفاق کے خلاف ہم نے کوئی سازش نہیں کی۔

  • شہباز گل نے استعفیٰ کیوں دیا، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    شہباز گل نے استعفیٰ کیوں دیا، اندرونی کہانی سامنے آگئی

    لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے استعفیٰ کیوں دیا ہے اس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل کو بیوروکریسی اور صوبائی وزراء سے اختلافات لے ڈوبے ہیں، شہباز گل کو وزیراعلیٰ نے عمرہ روانگی سے پہلے فارغ کرنے کے احکامات جاری کردئیے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل نے وزیراعظم ہاؤس سے رابطوں کی کوشش کی تھی، رابطوں میں سرد مہری کے بعد آج سہ پہر استعفیٰ تحریر کیا گیا۔

    شہباز گل کی جانب سے 11 ستمبر کو کی جانے والی پریس کانفرنس نے معاملے کو مزید گھمبیر کیا، انہوں نے پریس کانفرنس میں صوبائی وزراء اور پارٹی رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ متعدد صوبائی وزراء، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو شہباز گل کی مداخلت کی شکایت کرچکے تھے۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل مستعفی، عون چوہدری برطرف

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے مختلف امور پر تحفظات کےسبب اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو پیش کیا تھا جبکہ عون چوہدری کو انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کو صوبے میں گورننس اور پولیس کے نظام پر قیادت سے تحفظات تھے ، جس کے سبب انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، ان کی جگہ ابھی تک کسی کا نام وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کے طور پر سامنے نہیں آیا ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے مشیرعون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر مقرر کردیا گیا ہے، آصف محمود پنجاب ہارٹی کلچر اورٹورازم سے متعلق امور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاونت کریں گے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی ملک اسدکھوکھرکوکابینہ میں شامل کرنےکافیصلہ کیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

  • عہدے کی ضرورت نہیں، کل بھی عمران خان کا سپاہی تھا، آج بھی ہوں: شہباز گل

    عہدے کی ضرورت نہیں، کل بھی عمران خان کا سپاہی تھا، آج بھی ہوں: شہباز گل

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کے لئے پہلے بھی عمران خان کا سپاہی تھا، اب بھی ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے ٹیوٹ میں کیا۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے قائد عمران خان پر فخر ہے۔

     ڈاکٹر  شہباز گل کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی خدمت کے لئے مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم عمران خان ہی ملک کومسائل کی دلدل سے نکالیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے.

    شہباز گل نے مختلف امور پر تحفظات کے سبب اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو پیش کیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پنجاب کے ترجمان کو صوبے میں گورننس اور پولیس کے نظام پر قیادت سے تحفظات تھے، جس کے سبب وہ عہدے سے مستفعی ہوگئے.

    یاد رہے کہ عون چوہدری کو بھی مشیرکے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، عون چوہدری کو انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا گیا۔