Tag: شہدائے کربلا

  • شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

    شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت واحترام سے منایا جا رہا ہے

    کراچی : شہدائے کربلا کا چہلم ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے۔ جلوسوں اور مجالس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کا چہلم ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں چہلم کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    لاہور میں چہلم حضرت امام حسینؓ کی سیکیورٹی کے حوالے سے 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ زائرین کو چار سطحی سیکیورٹی حصار سے گزارا جائے گا۔

    کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر 1 بجے نشتر پارک سے بر آمد ہوگا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی زیر قیادت بر آمد ہوگا۔ جلوس کے شرکا نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر ادا کریں گے۔

    شہرقائد میں جلوس کی گزر گاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے چیکنگ کروائی جائے گی جبکہ اہم و بلند عمارتوں کے اوپر شارپ شوٹرز بھی تعینات رہیں گے۔

    پولیس و رینجرز کی بھاری نفری جلوس کے ہمراہ موجود رہے گی جبکہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بھی جلوس کی گزرگاہوں کو چیک کیا جائے گا۔ جلوس کے راستے میں آنے والی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔

    کراچی میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

  • سندھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

    سندھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ حکومت نے چہلم امام حسین کے پیش نظر صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چہلم امام حسین پر امن و امان قائم کرنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔

    نوٹی فکیشن کے مطابق دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کے بعد اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر پابندی ہوگی، جبکہ تمام اجازت نامے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

    محکمہ سندھ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 20 اکتوبر کی رات 12 بجے سے صوبے بھر میں چوبیس گھنٹے تک ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی۔ نوٹی فیکیشن کے مطابق بارہ سال سے کم عمر بچے، بزرگ ، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ڈبل سواری پر پابندی اور دفعہ 144 لگانے کا مقصد سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

    یاد رہے کہ اتوار 20 اکتوبر کو ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، اس ضمن میں پاکستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس اور مجالس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

  • حق وسچ کی سربلندی کی خاطر حضرت امام حسین نے عظیم قربانی دی،گورنرپنجاب

    حق وسچ کی سربلندی کی خاطر حضرت امام حسین نے عظیم قربانی دی،گورنرپنجاب

    لاہور : گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا یوم عاشورہ کے دن کہنا ہے کہ جب بھی باطل کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی

    تفصیلات کےمطابق یوم عاشورہ کے دن اپنےپیغام میں صوبہ پنجاب کےگورنر رفیق رجوانہ نے کہاکہ شہدا ئے کربلا نے مظلوم انسانیت کو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ اور حق نوائی کا بے مثال درس دیا .

    انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کی یاد منانے اور حق و سچ کی سربلندی کی خاطر حضرت امام حسین اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے ملک کو اندرونی اوربیرونی خطرات سے محفوظ رکھیں.

    گورنر پنجاب نے کہا کہ عاشورہ جہاں ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہیں ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سُرخرو ہوا جا سکتا ہے۔

  • حضرت امام حسین کی قربانی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، الطاف حسین

    حضرت امام حسین کی قربانی انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، الطاف حسین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین اور اہل بیت کی لازوال قربانی تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔

    سید الشہدا حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے میدان کربلا میں اپنے لہو سے حق پرستی اور تسلیم و رضا کی ایسی تاریخ رقم کی ہے جو رہتی دنیا تک حق کی راہ پرچلنے والوں کیلئے مشعل راہ کی حیثیت سے زندہ رہے گی۔

    الطا ف حسین نے چہلم کے موقع پر تمام فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بر قرار رکھیں اور اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

  • کراچی : نمائش چورنگی دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا

    کراچی : نمائش چورنگی دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا

    شہدائے کربلا کے چہلم پر کراچی کی نمائش چورنگی کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا تھا۔

    نمائش چورنگی دھماکے کی فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا، رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے موبائل فون میں الارم سیٹ کردیا تھا اور اسے دھماکہ خیزمواد میں لگایا گیا تھا۔

    فرانزک رپورٹ کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد چھپانے میں کامیاب رہے تھے، جو سیکورٹی اداروں کی ناکامی کے برابر ہے، نمائش چورنگی دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
       

  • چہلم امام حسین ،ملک بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    چہلم امام حسین ،ملک بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ

    حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پرملک بھرمیں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پولیس اور رینجرز کے ساتھ ساتھ دس ہزار فوجی جوانوں کو ملک بھر کے حساس مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔

    چہلم کے موقع پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کی جا رہی ہے، کراچی میں چہلم کے ستر سے زائد جلوس اور دوسونوے کے قریب مجالس عزا منعقد ہورہی ہیں۔

    کراچی کے مرکزی جلوس کی سیکیورٹی پر پانچ ہزارسے زائد پولیس اہلکار مامور کیے گئے ہیں جبکہ شہر کے حساس مقامات پر انتظامیہ کی مدد کیلئے فوج کے دستے تعینات کردیے گئے ہیں، کوئٹہ میں پولیس، ایف سی اور بی آر پی کےپانچ ہزار سے زائد اہلکار جبکہ پہاڑوں پر لیویز کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

    فوج کو بھی شہر کے تین مقامات پر اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے، اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والے کئی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، فوج، رینجرز اور پولیس سمیت ساڑھے چھ ہزار سیکیورٹی اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔

    لاہور میں نماز فجرسے مرکزی جلوس کے راستوں پر تین ہزار سے زائد اہلکارڈیوٹیاں دے رہے ہیں، ملتان میں فوج کی چار کمپنیاں اور سکھر میں پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سادہ لباس پولیس اہلکار جلوس کے مرکزی راستوں پرموجود ہیں۔

    پشاور میں جلوس کی گزرگاہوں پر پولیس اور ایف سی کی نفری تعینات ہے، خیرپور میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کی پچیس چوکیاں قائم ہیں، بنوں میں آج صبح چھ بجے سے عائد کیا جانے والا کرفیو شام پانچ بجے تک نافذ رہے گا۔

  • چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    چہلم امام حسین، ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری

    شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر شہر شہر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، جلوس کے شرکاء نواسہ رسول کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں جلوس اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جارہا ہے، کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس شاہ خراساں سے بر آمد ہوا، جو روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہ اختتام پذیر ہوگا۔

    جلوس کے شرکاء امام عالی مقام کی یاد میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کر رہے ہیں، حیدر آباد سمیت اندرون سندھ بھی نواسہ رسول کی یاد میں جلوسوں کی برآمدگی اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے، شہدائے کربلا کی یاد میں تعزیے علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جارہے ہیں، جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

    پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی جلوس نکالے جارہے ہیں اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا بھی برپا کی جارہی ہیں، لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے بر آمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

    فیصل آباد میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے امام بارگاہ عزاخانہ شبیر سے برآمد ہوگا، جو اپنے روایتی گزرگاہوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو جائے گا، راولپنڈی میں چہلم کا مرکزی جلوس عاشق حسین کمیٹی چوک سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

    کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوا ہے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں بھی چہلم امام حسین کے موقع پر ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔

  • حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین کا چہلم ،ملک بھرمیں سیکیورٹی کے سخت انتطامات

    حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں شبیہ علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائیگا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کم وبیش تمام شہروں میں مرکزی جلوسوں کے مقررہ راستے سیل کردیئے گئے، پولیس، رینجرز اور ایف کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

    نواسہ رسول حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں مرکزی جلوس کی گزرگاہوں اور ان کے درمیان آنے والی دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، جہاں آٹھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، شارپ شوٹرز بھی فرائض انجام دیں گے۔

    مرکزی جلوس شاہ خراسان سے نکلے گا، جو کھارادر امایہ حسینیہ میں اختتام پذیرہوگا، جلوس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کمرے نصب ہیں جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، لاہور میں بھی چہلم کے جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات دیکھنے میں آرہے ہیں جہاں چھ ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے جبکہ فوج اور رینجرز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

    لاہور میں مرکزی جلوس صبح آٹھ بجے الف شاہ حویلی سے نکلے، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا رات کو کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں کو خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، فیصل آباد میں اکیس سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مرکزی جلوس کی مانیترنگ کی جائے گی اور تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

    ملتان میں چہلم امام حسین کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جہاں تین مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، کوئٹہ میں مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا بہشت زینب قبرستان پر اختتام پذیر ہوگا، مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کیلئے بلوچستان کانسٹیبلری، ایف سی اور پولیس کے تین ہزار اہلکار تعینات گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں کو سیل کردیا گیا۔

    پشاورمیں بھی سیکیورٹی کے سخت انتطامات کئے گئے ہیں، جہاں مرکزی جلوس کے راستے سیل ہیں جبکہ پاک افغان سرحد بھی چوبیس گھنٹے کیلئے بند کردی گئی ہے، قبائلی علاقوں سے آنے والے راستوں پر سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔