کراچی : چہلم شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گیے ہیں، موبائل سروس بند ہے جبکہ مقررہ راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امام حسین اور ان کے رفقا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں مجالس عزا منعقد کی جائیں گی اور جلوس نکالے جائیں گے، اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔
کراچی میں امام حسین کے چہلم کا مرکزی جلوس دن بارہ بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، مجلس صبح گیا رہ بجے شروع ہو گی ، علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔
جس کے بعد جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نمائش چورنگی پہنچے گا جہاں دوپہر ڈیڑھ بجے نمازظہرین امام بارگاہ ومسجد علی رضا کے سامنےاداکی جائے گی اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ کھارادر پر ختم ہوگا۔
کراچی میں امام حسین چہلم کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کے مطابق چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ چودہ ایس پیز اور چھیاسٹھ ڈی ایس پیز سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے۔
پولیس کی ستاون موبائل، اناسی موٹر سائیکلیں اور پانچ بکتربند بھی سیکیورٹی پر تعینات ہوں گی اور ایک سو اٹھائیس خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی جلوس کی گزرگاہ پر تعینات کیا جائے گا۔
امام حسین چہلم پر آج سندھ کے متعدد اضلاع میں موبائل فون سروس بند ہیں جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔
لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگیا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔۔
راولپنڈی میں شہداء چہلم کا مرکزی جلوس امام باگارہ عاشق حسین اور کرنل مقبول سے دن ساڑھے 11بجے کمیٹی چوک سے برآمد ہوگا۔
ماتمی جلوس پرانا قلعہ اور جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
چہلم کے ماتمی جلوس کی سیکورٹی کے لیے راولپنڈی پولیس کے 4600 سے زائد جوان تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کے 215 افسران جلوس سیکورٹی کی نگرانی پر مامور کئے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے 215 اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے تعینات ہیں اور جلوس کے مقررہ روایتی روٹس میں موبائل فون سروس معطل ہیں۔