Tag: شہداد کوٹ

  • شادی کے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    شادی کے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی

    سندھ کے شہر شہداد کوٹ میں شادی کے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہداد کوٹ میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں دلہن کا 13 سال کا بھائی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل وارہ میں شادی کی تقریب میں باراتیوں نے فائرنگ کی، گولی لگنے پر دلہن کے بھائی کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    پولیس نے ذمہ داران کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ 16 جنوری کو کراچی کے علاقے لانڈھی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

     لانڈھی نمبر 6 فاروق مسجد کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شخص موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شادی میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص کے سینےمیں گولی لگی جس کی شناخت 45 سالہ حمید کے نام سے ہوئی مقتول کی لاش رات گئے جناح اسپتال پہنچائی گئی تھی۔

    مقتول حمید دولہے کارشتہ دار اور اسی محلے کا رہائشی تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکار جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو شادی کی تقریب والے گھروں کو تالے لگے ہوئے تھے اور مکین فرار ہوچکے تھے۔

  • نامعلوم افراد کی فائرنگ، اسکول پرنسپل جاں بحق

    نامعلوم افراد کی فائرنگ، اسکول پرنسپل جاں بحق

    شہدادکوٹ:نامعلوم ملزمان نے ایک نجی اسکول میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اسکول کے پرنسپل نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پردم توڑدیا ۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ شہداد کوٹ کے علاقے تحصیل وارہ کے نجی اسکول میں پیش آیا ، جہاں نا معلوم افراد نے دن دہاڑے نجی اسکول میں فائرنگ کی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں اسکول کے پرنسپل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تاہم اور کسی شخص یا طالب علم کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ فائرنگ کرکے ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    فائرنگ سے اسکول کے طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طلبہ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے ، کچھ طلبہ اپنے بستے چھوڑ کر از خود ہی اپنےگھروں کو روانہ ہوگئے ، جبکہ بیشتر کے والدین انہیں لینے کے لیے اسکول پہنچ گئے ۔ افسوس نا ک
    واقعے کے سبب علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی کے بجائے ذاتی رنجش کا شاخسانہ لگتا ہے کہ حملہ آوروں نے پرنسپل کے سوا کسی کو
    بھی نشانہ بنانے کی کوشش نہیں کی اور اپنا کام انجام دے کر باآسانی فرار ہوگئے۔

  • سندھ میں عوام سے آصف زرداری کو انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے، عمران خان

    سندھ میں عوام سے آصف زرداری کو انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے، عمران خان

    شہداد کوٹ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کو زرداری کو شکست دینے کا موقع مل رہا ہے، آصف زرداری میں بہت تکبر ہے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، سندھ میں عوام سے آصف زرداری کو انڈے اور ٹماٹر پڑیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداد کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ فریال تالپور سوشل میڈیا پر ووٹ کے لیے دھمکیاں دے رہی ہیں، سندھ کے حکمران یہاں کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتے ہیں، سندھ کے لوگوں کو خوف کی زنجیروں کو توڑنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ملنے والے موقع کا فائدہ اٹھانا ہے، 25 جولائی سندھ کے لوگوں کو موقع دے رہا ہے، شہداد کوٹ کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں اللہ کبھی کبھی موقع دیتا ہے، پولیس کے ذریعے جھوٹا مقدمہ کرکے کسان کا پانی روکا جاتا ہے، سندھ کے لوگوں کو زرداری کو شکست دینے کا موقع مل رہا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اندرون سندھ میں پہلی بار آیا تو بہت غریب لوگ نظر آئے، بلوچستان میں سندھ سے بھی زیادہ برے حالات ہوتے تھے، آج سندھ میں بلوچستان سے بھی زیادہ حالات خراب ہیں، سندھ میں ہزاروں لوگ ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پشاور میں 4 ارب میں شوکت خانم اسپتال بنایا ہے، سندھ کے عوام کا پیسہ باہر بھیجا جارہا ہے، سندھ میں 35 ارب کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے، کراچی اور اندرون سندھ کے مسائل الگ ہیں، سندھ میں جتنی لوٹ مار ہے اتنی کسی صوبے میں نہیں ہے، 10 سال سندھ میں حکومت کی پیپلزپارٹی نے صوبے کے لیے کیا کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ ملک کو لوٹنا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مک مکا تھا، الیکشن 2013 فکس تھا، امپائر اپنے تھے، دونوں جماعتوں میں سمجھوتا تھا، آصف زرداری اور نواز شریف باریاں لینے کے لیے اپنے بچے تیار کررہے ہیں، ایک طرف مریم نواز ہے تو دوسری طرف بے بی بلاول ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے، زرداری اور نواز شریف اکٹھے ہوکر اپنی چوری بچائیں گے، یہ دونوں اب پھر سے بھائی بھائی بن جائیں گے، نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہوگئی شہباز شریف تو خوشیاں منائیں گے، شہباز شریف سے کہتا ہوں فکر نہ کرو میں تمہارے پیچھے آرہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگوں کو اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے اپیل کرتا ہوں، سندھ کے عوام اپنے حقوق کی خاطر جہاد کے لیے اُٹھ کھڑے ہوں، اندرون سندھ سے زیادہ پسماندہ علاقے کہیں نہیں دیکھے، یہ آپ کی غلطی ہے جو ان کے خوف سے ڈر جاتے ہیں، سندھ کے لوگ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ نظریے کی بنیاد پر دیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔