Tag: شہرت

  • اداکارہ رانی کی 73 ویں سال گرہ آج منائی جارہی ہے

    اداکارہ رانی کی 73 ویں سال گرہ آج منائی جارہی ہے

    معروف اداکارہ رانی کے مداح آج ان کی سال گرہ منا رہے ہیں۔

    پاکستانی فلم انڈسٹری میں رانی کا سفر فلم محبوب سے شروع ہوا۔ ان کا اصل نام ناصرہ تھا، مگر 14 برس کی عمر میں‌ فلم نگری میں داخل ہونے والی ناصرہ نے یہاں‌ رانی کے نام سے اپنی جگہ بنائی.

    اداکارہ نے 8 دسمبر 1946 کو لاہور میں آنکھ کھولی. فلم انڈسٹری میں انھیں‌ ابتدا میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد اس دور کے فلم ساز رانی کو کاسٹ کرنے سے گریز کرنے لگے، لیکن انھوں نے ہمت نہ ہاری اور انڈسٹری سے ناتا جوڑے رکھا.

    فلم دیور بھابی سائن کرتے ہی گویا رانی کی قسمت کا ستارہ بھی اوج پر چلا گیا۔ اس کے بعد فلم بہن بھائی سپرہٹ ثابت ہوئی اور پھر انھیں‌ انجمن جیسی فلم ملی جس نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ رانی کے کیریر کی یادگار اور کام یاب ترین فلموں میں ایک گناہ اور سہی، بہارو پھول برساﺅ، ناگ منی اور ثریا بھوپالی شامل ہیں۔

    فلم انڈسٹری اور رانی کے مداح ان کی 73 ویں سال گرہ پر آج پھر انھیں یاد کررہے ہیں۔ بڑے پردے پر اپنی اداکاری سے شائقین کے دلوں میں اتر جانے والی رانی کو فلم انڈسٹری بھی ایک باکمال اداکارہ کے طور پر یاد کرتی رہے گی جس نے اپنے ہر کردار کو نہایت خوبی سے نبھایا اور ان میں حقیقت کا رنگ بھر دیا۔ تیکھے نینوں والی رانی 1993 میں یہ دنیا ہمیشہ کے لیے چھوڑ گئیں۔

  • چائے والے کا پہلا گانا

    چائے والے کا پہلا گانا

    آپ کو اسلام آباد کا وہ چائے والا تو ضرور یاد ہوگا جس کی چائے بناتی تصاویر نے کچھ عرصہ قبل انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا تھا۔ وہ چائے والا جس کا نام ارشد خان ہے، اب معمولی ڈھابے پر چائے پیچنے والا نہیں رہا بلکہ مشہور ماڈل بن گیا ہے جس کا ثبوت اس پر بنایا جانے والا گانا ہے۔

    ایک فوٹوگرافر کی اتفاقاً کھینچی جانے والی تصویر نے ارشد خان نامی اس لڑکے کو راتوں رات وہ شہرت دلا دی تھی جس کے لیے کروڑوں لوگ زندگی بھر ترستے رہتے ہیں۔

    ارشد خان اسلام آباد کے اتوار بازار میں ایک چائے کے اسٹال پر چائے بناتا تھا جہاں سے ایک تصویر کی بدولت قسمت اس پر مہربان ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ مقبولیت میں کئی اداکاروں کو بھی پیچھے چھوڑ گیا۔

    ارشد خان بالمعروف چائے والے کی مقبولیت کے پیش نظر اسے پہلے ہی مختلف برانڈز اپنی تشہیر کے لیے استعمال کر چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: چائے والے کی مصروفیات

    مختلف اشتہارات میں ماڈلنگ اور کئی ٹی وی شوز میں شرکت کے ساتھ ارشد خان ریمپ پر ماڈلنگ تک کر چکا ہے اور امید یہی کی جارہی ہے کہ بہت جلد وہ اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دے گا۔

    یہ امید اس لیے ہے کیونکہ حال ہی میں جاری کیے گئے ایک گانے میں دکھائی دینے والا ارشد خان بہترین اداکاری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اسے دیکھ کر کہیں سے نہیں لگ رہا کہ وہ گھبراہٹ کا شکار ہے۔

    یہ گانا سڈ مسٹر ریپر اور ڈی جے ڈینی نام کے دو گلوکاروں نے بنایا ہے جس میں وہ چائے والے کے گن گاتے نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو میں ارشد خان کو چائے والے کے روپ میں دکھایا گیا ہے لیکن اس کی شخصیت اتنی شاندار ہے کہ لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔

    چائے والے کی رفتار کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ چائے والا بہت جلد مقبولیت اور کامیابی کی ان بلندیوں کو چھو لے گا جو اس دنیا میں کروڑوں افراد کے لیے ایک خواب ہے۔