چڑیا گھر میں لوگ تفریح کے لیے جاتے اور بالخصوص بچے محظوظ ہوتے ہیں مگر ایک چڑیا گھر انتظامیہ کی عجیب اپیل نے شہریوں کو حیران کر دیا۔
دنیا کے ہر ملک میں چڑیا گھر موجود ہیں جہاں خطرناک جنگلی جانوروں، حشرات الارض سمیت خوبصورت اور معصوم جانور اور پرندے رکھے جاتے ہیں۔ یہاں لوگ تفریح کے لیے آتے ہیں اور بالخصوص بچے جنگلی اور من پسند جانور پرندے انتہائی قریب دیکھ کر خوب انجوائے کرتے ہیں۔
تاہم ڈنمارک میں واقعہ ایک چڑیا گھر کی انتظامیہ نے مقامی افراد سے ایک انتہائی عجیب وغریب اپیل کی ہے، جس نے شہریوں کو حیران وپریشان کر دیا ہے۔
ڈنمارک چڑیا گھر کی انتظامیہ نے عوام سے اپنے پالتو جانور چڑیا گھر کو عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ تاہم یہ اپیل ان جانوروں کو تفریحی کے لیے آنے والے افراد کو لبھانے کے لیے نہیں بلکہ گوشت خور جانوروں کو کھلانے کے لیے کی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈنمارک میں البورگ چڑیا گھر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ شہریوں سے اپنے پالتو جانور جیسے خرگوش، مرغیاں، پونی گھوڑے، کتے ودیگر پالتو چھوٹے جانور چڑیا گھر کو عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ان کو گوشت خور جانوروں کو کھلایا جا سکتے۔
پوسٹ کے ساتھ ایک شکاری جانور کی خوفناک تصویر بھی لگائی گئی ہے، جس میں اس نے منہ کھول رکھا ہے اور نوکیلے دانت نظر آ رہے ہیں۔
البورگ کی ویب سائٹ پر یہ بھی کہا گیا ہے کہ لوگوں کی جانب سے عطیہ کیے جانے والے جانوروں کو ماہر اسٹاف ’آسان موت دینے کے بعد شکاری جانوروں کو فراہم کرتا ہے۔
مذکورہ چڑیا گھر میں کئی بڑے جنگلی شکاری جانور موجود ہیں۔ ان میں آسٹریلوی شیر، یورپین جنگلی بلیاں، چیتے اور دوسرے جانور شامل ہیں۔
چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے اس اپیل پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین کی اکثریت اس کو عجیب، حیران کن اور ظالمانہ تجویز قرار دے رہی ہے۔