Tag: شہریت کا متنازع قانون

  • امریکا کا بھارت سے اقلیتوں کے حقوق کے احترام کا مطالبہ

    امریکا کا بھارت سے اقلیتوں کے حقوق کے احترام کا مطالبہ

    واشنگٹن: امریکا نے بھارت سے اقلیتوں کے حقوق کے احترام کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرے، امریکا شہریت کے متنازع قانون اور ملکی صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے، مذہبی آزادی کا احترام اور اقلیتوں سے یکساں سلوک کیا جائے۔

    ادھر بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف طلبہ کا احتجاج زور پکڑ گیا ہے، آسام، دہلی اور دیگر علاقوں سے 3 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جامعہ ملیہ کے 3 طالب علم پولیس فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستوں کا مظاہرین پر بدترین تشدد، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ

    مودی سرکار کی جانب سے مغربی بنگال، آسام اور دیگر علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بدستور بند ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے ہنگاموں اور طلبہ پر تشدد سے متعلق از خود نوٹس لے لیا ہے۔

    بھارتی شہریت کے قانون میں تبدیلی کے خلاف صرف بھارت کے اندر ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں، آکسفرڈ یونی ورسٹی کے طلبہ نے بھی ترمیم کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا ہے، طلبہ آکسفرڈ یونی ورسٹی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

    خیال رہے کہ مسلمان مخالف شہریت قانون کے خلاف دہلی میں احتجاج میں شدت آ گئی ہے، مودی سرکار نے پولیس کو کھلی چھوٹ دے دی، دو دن قبل پولیس مسلمانوں کے حق میں احتجاج روکنے کے لیے دہلی کی جامعہ ملیہ کے طلبہ پر ٹوٹ پڑی، طلبہ اور طالبات پر وحشیانہ تشدد کیا گیا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس گرلز ہاسٹل اور جامعہ ملیہ کی مسجد میں بھی گھس گئی، اور پناہ گزین طالبات کو بری طرح مارا پیٹا گیا، اسکارف پہنی طالبات کو بالوں سے گھسیٹ کر گاڑیوں میں ڈالا گیا، لاٹھیاں چلائی گئیں، آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے۔

  • وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی

    نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی متنازع قانون کے خلاف مودی سرکار کے خلاف بڑی ریلی نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں، بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینر جی نے بھی اپنی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی۔

    اس سے قبل ممتا بینر جی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کولکتہ میں بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے پاس غیر آئینی شہریت کے بل کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی جا رہی ہے، سماج کے ہر طبقے سے اس میں شرکت کی دعوت ہے۔

    تازہ ترین:  مودی سرکار بزدل ہے: پریانکا گاندھی کا بیان

    ریلی میں ممتا بینر جی کی پارٹی کے سیکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی، بھارتی میڈیا اسے بہت بڑی ریلی قرار دے رہا ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال سمیت 5 بھارتی ریاستیں متنازع قانون سے انکار کر چکی ہیں۔

    ادھر راہول گاندھی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریت کا متنازع قانون بھارت کے 2 حصوں میں تقسیم کی سازش ہے، اظہار یک جہتی کے لیے قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

    خیال رہے بھارت کے تیس کے قریب شہروں میں مسلم مخالف بل کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران مودی سرکار کی جانب سے بد ترین تشدد کے تناظر میں کانگریسی خاتون رہنما پریانکا گاندھی نے بیان دیا ہے کہ مودی سرکار بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

  • مودی سرکار بزدل ہے: پریانکا گاندھی کا بیان

    مودی سرکار بزدل ہے: پریانکا گاندھی کا بیان

    نئی دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی سیکریٹری جنرل پریانکا گاندھی نے مودی سرکار کو بزدل قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے تیس کے قریب شہروں میں مسلم مخالف بل کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران مودی سرکار کی جانب سے بد ترین تشدد کے تناظر میں کانگریسی خاتون رہنما پریانکا گاندھی نے بیان دیا ہے کہ مودی سرکار بزدلی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    پریانکا گاندھی نے کہا کہ عوام کی آواز سننے کی بہ جائے صحافیوں اور طلبہ کی آواز کو دبایا جا رہا ہے، مودی سرکار عوام کی آواز سے خوف زدہ ہو چکی ہے۔ اپوزیشن رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ مودی سرکار ڈکٹیٹر شپ سے طلبہ کو ہراساں کرنا چاہتی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز مودی سرکار نے دہلی کی جامعہ ملیہ کے طلبہ پر وحشیانہ تشدد کیا، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس گرلز ہاسٹل اور جامعہ ملیہ کی مسجد میں بھی گھس گئی، اور پناہ گزین طالبات پر تشدد اور بد سلوکی کی۔

    تازہ ترین:  بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستوں کا مظاہرین پر بدترین تشدد، بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ

    بھارتی پولیس نے طلبہ پر بدترین تشدد کرتے ہوئے متعدد طلبہ کو زخمی کیا اور کئی طلبہ کو گرفتار کر کے لے گئی، جس کے بعد دہلی سمیت مختلف شہروں میں طلبہ نے کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق جامعہ ملیہ کے طلبہ و طالبات کے خلاف رات بھر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    خیال رہے کہ بھارت میں مسلمان مخالف، ہندو نواز متنازع بل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج جاری ہے، پرتشدد مظاہروں میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے، بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستے مظاہرین پر بدترین تشدد کر رہے ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف پورا ملک نعروں سے گونج اٹھا ہے، بھارت کے 30 کے قریب شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔