Tag: شہریوں

  • نادرا نے شہریوں کیلیے انتباہ جاری کر دیا

    نادرا نے شہریوں کیلیے انتباہ جاری کر دیا

    نیشنل ایڈوانس ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر کے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں جعلسازوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    نادرا کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ میں عوام الناس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ نادرا دفاتر کے باہر کچھ افراد غیر قانونی طور پر شہریوں کو PAK-ID موبائل ایپ کے ذریعہ درخواستوں کی تیاری میں مدد دینے کے عوض پیسے وصول کر رہے ہیں۔

    نادرا نے اس عمل کو مکمل طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا کی تمام خدمات کی فیس سرکاری طور پر مقرر ہے اور کسی غیر مجاز کو پیسے وصول کرنے کا اختیار نہیں۔

    نادرا کی جانب سے عوام الناس کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہری کسی بھی فرد کو نادرا سے متعلق درخواست کے لیے پیسے نہ دیں اور صرف نادرا دفاتر، ویب سائٹ یا PAK-ID ایپ کے ذریعہ درخواست دیں۔

    نادرا نے شہریوں کو مزید معلومات یا شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن پر کال یا ویب سائٹ وزٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ نادرا پاکستانی شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ شناختی دستاویزات فراہم کرتا ہے اور انہیں قومی شناختی کارڈ سمیت ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، ازدواجی حیثیت کی تبدیلی، شناختی کارڈ کی منسوخی ودیگر سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/nadra-expands-biker-service-in-karachi/

  • چین کی اپنے شہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت

    چین کی اپنے شہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت

    بیجنگ : چین نے اپنے شہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا زمینی راستوں سے اسرائیل سے نکل جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل میں چینی سفارتخانے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی کی صورتحال تشویشناک ہے، پروازوں کا انتظام نہیں ہو سکتا، شہری زمینی راستوں سےاسرائیل سےنکل جائیں۔

    تل ابیب میں چینی سفارتخانہ سے جاری بیان میں کہا گیا چینی شہری زمین راستے سے بارڈر کراسنگ کے ذریعے جلد از جلد اسرائیل سے نکل جائیں اور شہری اردن کی جانب نکل جائیں۔

    اس سے قبل امریکا نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران سے نکلنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری کو لیول 4 تک بڑھا دیا

    اسرائیل اور ایران کی جنگ کے دوران امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری کو لیول 4 تک بڑھادیا تھا، جس میں شہریوں سے اسرائیل کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔

    ایڈوائزری میں اپنے شہریوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ "مسلح تنازعات، دہشت گردی اور شہری بدامنی” کی وجہ سے ملک کا سفر نہ کریں۔

    اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ اسرائیل میں سیکیورٹی کی صورتحال غیر متوقع ہے اور امریکی شہریوں کو چوکس رہنے اور اپنی حفاظت سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی یاد دہانی کرائی جاتی ہے۔

  • بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار

    بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار

    ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے، اغواء اور تشدد میں ملوث ایجنٹ سمیت 3 انسانی اسمگلر گرفتار کرلئے۔

      ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت اظہر اقبال، محمد اکرام اور یوسف علی کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیانے میں ملوث پائے گئے ہیں، ملزم اظہر اقبال کو چھاپہ مار کارروائی میں محلہ عثمان پورہ گجرات سے گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نے شہریوں کو اٹلی ملازمت دلوانے کی غرض سے 60 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہریوں کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی لیکن شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کیا اور واپس آ گیا، شہری کے ہمراہ جانے والے اس کے بھائی اور سالہ تاحال لاپتہ ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ایک اور کارروائی میں محمد اکرام کو وزیر آباد گجرانوالہ سے گرفتار کیا، ملزم نے شہری کو اٹلی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 26 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم نے شہری کو اٹلی کی بجائے لیبیا بھجوایا، لیبیا پہنچنے پر ملزم نے شہری کو محصور کر لیا اور تاوان کا مطالبہ کرتا رہا۔

    ملزم اس دوران شہری کو جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بناتا رہا، 6 ماہ کے بعد شہری اغواء کاروں کے چنگل سے آزاد ہونے میں کامیاب ہو گیا اور پاکستان واپس آ گیا۔

    جبکہ ملزم یوسف علی نے شہریوں کو ترکی ملازمت کا جھانسہ دے کر 18 لاکھ روپے بٹورے، ملزم نے متاثرین کو ترکی کے بجائے زمینی راستے سے ایران بھجوایا اور بعد ازاں ایران سے ترکی بارڈر پار کروانے کی کوشش کی۔

    تاہم متاثرین نے غیر قانونی راستے سے ترکی جانے سے انکار کیا اور وطن واپس آگئے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/morocco-boat-accident-human-smuggler-arrested/

  • ڈکیتی میں ملوث سالے بہنوئی پر مشتمل گروہ گرفتار

    ڈکیتی میں ملوث سالے بہنوئی پر مشتمل گروہ گرفتار

    لاہور: گلبرگ پولیس نے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے سالے بہنوئی پر مشتمل گروہ  کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلبرگ پولیس نے خفیہ اطلاع پر فردوس مارکیٹ سے دونوں کو گرفتار کیا، داود اور سنی رات 4 بجے سے صبح 8 بجے تک وارداتیں کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 4 ماہ قبل ملزمان نے گارڈن ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار کو زخمی کیا تھا، گرفتار ملزمان سے نقدی، 2 پستول 3 موبائل فون، چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد ہوا ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ روز لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے بے رحمی سے خاتون کے کانوں سے بالیاں نوچیں اور فرار ہوگئے تھے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔

    ویڈیو میں موٹر سائیکل دو ملزمان نے خاتون کو اکیلے گلی میں جاتے ہوئے دیکھا، ملزمان نے موٹر سائیکل روکی اور ایک ملزم خاتون پر جھپٹا۔

  • پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لئے اہم خبر آگئی

    پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لئے اہم خبر آگئی

    پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے درکار سیاہی کا ذخیرہ ختم ہونے کی خبروں پر ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے وضاحت دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ آفس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے درکار سیاہی کا ذخیرہ ختم ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔

    پاسپورٹ آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایسی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، پاسپورٹ پرنٹنگ کے لئے درکار سیاہی وافر مقدار میں موجود ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ پرنٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کے تمام پاسپورٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔

    پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لئے اہم خبر

    ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ نارمل پاسپورٹ کا بیک لاک صرف ایک لاکھ 65 ہزار باقی ہے، چھ عدد نئے ڈیسک ٹاپ مشینیں خرید لی گئی ہیں اس کے علاوہ دو عدد ای پاسپورٹ بلک پرنٹنگ مشین بھی خرید لی ہیں۔

    پاسپورٹ آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کر رہا ہے، عوام بے بیناد خبروں پر کان نہ دھریں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ ریاست پاکستان کے شہریوں کو بین الاقوامی سفر کے لیے جاری کیا جاتا ہے، یہ دستاویز آپ کی شناخت اور پاکستانی شہریت کی تصدیق کرتی ہے۔

    وزارت داخلہ کی شاخ ڈائریکٹریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ادا کرتی ہے۔ عام طور پر عام اور سرکاری پاسپورٹ جاری کیے جاتے ہیں۔ پاسپورٹ کی میعاد 5 یا 10 سال ہوتی ہے اور 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 5 سال کا پاسپورٹ جاری کیا جاتا ہے۔

    مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ زیادہ محفوظ اور جدید ہیں۔ پاسپورٹ کی درخواست آن لائن یا قونصل خانے میں کی جا سکتی ہے۔ پاسپورٹ کے بغیر بین الاقوامی سفر ناممکن ہے۔

  • گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر شہریوں کو لوٹنے والا ڈاکو پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

    گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر شہریوں کو لوٹنے والا ڈاکو پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

    لاہور: پولیس نے گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر لوٹنے والا ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سییف سٹی کیمروں کی مدد سے پولیس نے گاڑیوں کو موٹر سائیکل سے ٹکر مار کر لوٹنے والا ڈاکو کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق لاہور سیف سٹی نے حادثے کا رنگ دیکر شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکو کی ویڈیو جاری کر دی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ٹریفک سگنل پر رکنے والی گاڑی کو موٹرسائیکل سوار ڈاکو نے پیچھے سے ٹکر ماری۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے اترتے ہی ڈاکو نے شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کی کوشش کی، کار سوار کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکو نے گولی چلا دی، جب گشت پر مامور ڈولفن اہلکار پہنچے تو ڈاکو نے فرار ہونے کی کوشش کی، سیف سٹی ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے ڈکیت کو کیمروں سے ٹریس کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ڈولفن فورس نے سیف سٹی کی نشاندہی پر تعاقب کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • کراچی: رمضان المبارک میں ڈاکوؤں نے 8 شہریوں کی جان لے لی

    کراچی: رمضان المبارک میں ڈاکوؤں نے 8 شہریوں کی جان لے لی

    کراچی: شہر قائد میں پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ ڈاکوؤں نے رمضان المبارک میں 8 شہریوں کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ صیام میں بھی شہریوں کو امان نہ ملا، رمضان المبارک کے ابتدائی 15 روز میں شہر میں بے لگا ڈاکوؤں نے 8 کراچی کے شہریوں کی جان لے لی۔

    3 رمضان کو ملیر میں ڈاکوؤں نے دودھ فروش کو قتل کیا، 5 رمضان کو عیسی نگری میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لی، اس کے علاوہ تھانہ پاکستان بازار کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان محمد فرحان کو قتل کیا گیا۔

    10 رمضان کو پاکستان بازار میں اختر مسیح پر گھر کی دہلیز پر فائرنگ کی گئی اسی روز ملیر میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے انجینئر شعیب شفقت کو اس وقت قتل کیا جب وہ اپنی خالہ کے گھر افطاری پر پہنچا تھا۔

    13 رمضان کو نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں نے دکاندار عبدالرحمان کو قتل کیا، 14 رمضان کو لیاقت آباد کا رہائشی زوہیب سرجانی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کا نشانہ بنا جبکہ 15 رمضان کو اورنگی ٹاؤن قطر اسپتال میں خاتون ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رمضان میں اسٹریٹ کرائم کی 3 ہزار 300 سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں، مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو ہلاک، 94 زخمی ہوئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 148 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا اور 108 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیے۔

  • افغان حکومت نے اپنے ہی شہریوں کے لیے زمین تنگ کردی

    افغان حکومت نے اپنے ہی شہریوں کے لیے زمین تنگ کردی

    افغان حکومت نے اپنے ہی شہریوں کے لیے زمین تنگ کردی، افغان حکومت نے پاکستان سے واپس جانے والے شہریوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

    وائس اف امریکی کے ایک خبر کے مطابق پاکستان میں  37 لاکھ افغان شہریوں میں سے17 لاکھ سے زائد شہری غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ یو این کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے بعد 7 لاکھ سے زائد افغان شہری فرار ہو کر پاکستان آئے۔

     غیر قانونی افغان باشندوں کے باعث پاکستان میں جرائم، دہشتگردی، اسمگلنگ میں اضافہ ہوا، ملکی سالمیت کے پیش نظر حکومت پاکستان نے غیر قانونی مقیم افراد کو واپس جانے کا حکم دیا جس کے بعد نومبر سے اکتوبر تک 2 لاکھ 40 ہزار سے زائد غیر قانونی افغانی رضاکارانہ طور پر واپس جاچکے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان سے جانے والے افغان باشندوں کو اپنے ملک واپس پہنچنے پر بے شمار دشواریوں اور رکاوٹوں کا سامنا ہے، پاکستان سے واپس جانے والے شہریوں کو افغان حکومت نے قبول کرنے سے ہی انکار کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق افغان حکومت نے واپس پہنچنے والے شہریوں پر ان کی اپنی ہی زمین ان کیلئے تنگ کردی، افغان حکومت نے اپنے شہریوں پر اپنا سامان ساتھ لانے پر بھی پابندی عائد کردی۔

    تجزیہ کاروں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ افغان شہریوں کو اپنے ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اپنے ضروری سامان سے محرومی کے باعث افغان شہری اپنے ہی ملک میں روزگار کمانے سے قاصر ہیں۔

    تجزیہ کار نے کہا کہ افغان حکومت واپس پہنچنے والے افغان شہریوں کو تمام سہولتیں فراہم کرے، ماضی میں بھی کئی ممالک مہاجرین کو ان کے ملک کے حالات بہتر ہونے پر واپس بھیج چکے ہیں جس میں ڈنمارک، برطانیہ، ناروے اور کئی دیگر ممالک شامل ہے۔

    تجزیہ کار نے کہا کہ  اُن تمام ممالک نے نہ صرف اپنے شہریوں کو قبول کیا بلکہ تمام حقوق، سہولتیں بھی فراہم کیں تو کیا اپنے ہی شہریوں کو مسترد کرنے والے ریاستی حکمران کہلانے کے قابل ہیں؟۔

    تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ اپنے شہریوں کے بنیادی حقوق کو پامال کرنے والے حکمران نہیں ملک دشمن عناصر کہلائے جاتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے افغان مہاجرین کو پناہ دی، پاکستان نے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے مہاجرین کو تمام بنیادی سہولتیں بھی دیں۔

    دوسری جانب الجزیرہ نے رپورٹ کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور بے لوث میزبان کا کردار ادا کیا ہے، دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان نے افغان شہریوں کو بہتر سہولتیں، مواقع فراہم کیے۔

    افغان شہری کا کہنا ہے کہ 40 سال پہلے ہم افغانی پاکستان آئے تھے، ہم نے پاکستان میں بہت اچھا وقت گزارا ہے، پاکستان حکومت نے ہمیں اجازت دی کہ ہم اپنا سامان بھی لے آئیں، اب افغان حکومت  سامان وہاں لیکر جانے کی اجازت دے تاکہ روزگار چلا سکیں۔

    افغان شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اپنی مشینیں اور گھر کا سامان ہے، افغان حکومت سے درخواست ہے  ہمیں خوش آمدید کہیں جیسے پاکستان نے کیا تھا، پاکستان جیسی سہولتیں افغانستان میں بھی مل جائیں تو ہم بہت خوش ہونگے۔

  • سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

    سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار

    کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالا ملزم گرفتار کرلیا۔

    کوئٹہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے اوستہ محمد میں کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہریوں کو بلیک میل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم تصاویر، ویڈیوز سے شہریوں کو بلیک میل کرکے رقم کا تقاضا کرتا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ ملزم پر پیکا ایکٹ کے تحت 2 مقدمات درج ہیں۔

  • حساس ادارے کا افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    حساس ادارے کا افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے حساس ادارے کا افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کا افسرا بن کر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں جمشید محمد خان اور  شائیگن جمشید شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے افسران بن کر کسٹم کلیئرنس کےنام پر شہری سے ایک کروڑ 5 لاکھ روپے ہتھیائے ہیں۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کو اسلام آباد کے علاقے گلبرگ سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کے موبائل سے سی اے اے، وزارت داخلہ، ایف بی آر سے متعلق جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہے۔

    ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان رقم وصول کرنے کے بعد شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتے تھے، ملزمان کےموبائل میں رقم وصول ہونے کے بعد دھمکیاں دینےکے پیغامات بھی موجود ہے۔

     ایف آئی اے نے بتایا کہ دوران تفتیش جعلی دستاویزات کی تیاری میں خاتون کے ملوث ہونےکا بھی انکشاف ہوا، ملزمان سے 6 موبائل فون، 2 لیپ ٹاپ، ہارڈ ڈرائیو، ڈی وی آر، انٹرنیٹ ڈیوائسز برآمد کی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔