کراچی: ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کنیکٹ کمپلین سینٹر متعارف کرادیا گیا۔
ایکسپو سینٹر میں ایم کیو ایم پاکستان کا یوتھ کنونشن منعقد ہوا جس میں شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کنیکٹ کمپلین سینٹر کا اقدام سامنے آیا ہے، ایم کیوایم پاکستان کا کمپلین سینٹر کنیکٹ 24 گھنٹے عوام کے مسائل کو سننے کیلئے دستیاب ہوگا۔
عوام کے مسائل حل کرنے لیے ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کی مدد لی جائے گی اور ان کے ذریعے مسائل حل کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ عوام اپنے مسائل و آواز ہم تک پہنچائیں ہم حل کرنے کی کوشش کریں گے، ایم کیو ایم پاکستان نے یوتھ کے لیے نئے ترانے کا اجرا بھی کردیا ہے۔
دریں اثنا ایکسپو سینٹر میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، ابھی بہت کچھ آگے ہے، مایوسی کو اسی ایکسپوسینٹرمیں دفن کرکے جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ معاشرے میں اتناجھوٹ ہے، درست لیڈر کی پہچان کرنا مشکل ہے، کوئی بدکردار ہے تو وہ سب کچھ ہوسکتا ہے لیکن لیڈر نہیں ہوسکتا۔
رہنما ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اب ہمیں بل گیٹس پیدا کرنے ہیں، محتاجی اور مایوسی ختم کریں گے، نوجوانوں کو ہنرمند بنائیں گے، آئی ٹیک کو فروغ دینا ہے، نوجوانوں کو برسرروزگار بنائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کا ہرنوجوان ٹام کروز ہے، کوئی چیز ناممکن نہیں، منشیات کےعادی نوجوانوں کو اس عادت سے باہرنکالنا ہے۔