Tag: شہری پر تشدد

  • ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد، سلمان فاروقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد، سلمان فاروقی کی گرفتاری کے لیے چھاپے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں بہن کے سامنے شہری پر تشدد کرنے والے بائیونک فلمز کے سی ای او کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز 6، خیابان اتحاد میں لگژری گاڑی میں سوار شخص نے شہری پر تشدد کیا تھا، جس پر وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے نوٹس لے لیا ہے، اور ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

    وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں،واقعے کی مکمل چھان بین کر کے رپورٹ پیش کی جائے، اور تشدد میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شہری پر تشدد کرنے والا شخص سلمان فاروقی بائیونک فلمز نامی کمپنی کا سی ای او ہے، سلمان فاروقی اور اس کے گارڈ نے شہری پر تشدد کر کے قانون کو ہاتھ میں لیا، یہ واقعہ کس وجہ سے ہوا اور کس جگہ ہوا تحقیقات کی جا رہی ہے۔


    ڈیفنس میں با اثر شخص کا نوجوان پر سرعام تشدد، بہن معافیاں مانگتی رہی


    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس کو ابھی تک کسی نے واقعے کی اطلاع نہیں دی ہے، انھیں سوشل میڈیا سے واقعے کا علم ہوا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا گیا لیکن اس کا دفتر بند ملا، ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، متاثرہ فیملی کی بھی تلاش جاری ہے۔

    اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں شہری پر تشدد ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس کی بہن ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہی ہے۔

  • ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل

    ٹک ٹاکر رجب بٹ کا شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل

    لاہور : معروف یوٹیوبر اور ٹک ٹاکر رجب بٹ کی جانب سے ایک نوجوان شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شہری عمران نے رجب بٹ کیخلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دے دی ہے۔

    درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ٹک ٹاکر رجب بٹ کے ساتھ دیگر دو اور افراد نے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رجب بٹ ایک شہری کی کار کے سامنے اپنی گاڑی لا کر اسے روک لیتا ہے جس میں اس شہری کے اہل خانہ بھی موجود ہیں۔

    رجب بٹ اس متاثرہ شہری عمران کو تشدد کا نشانہ بناتا ہے اس کے ساتھ موجود دو نامعلوم افراد نے بھی شہری سے مار پیٹ کی۔

    متاثرہ شہری عمران نے ٹک ٹاکر کیخلاف تھانہ ستوکتلہ میں درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ میرے اہل خانہ کے سامنے مجھ پر تشدد کیا گیا جس سے مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردی گئی۔

    علاوہ ازیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ تشدد کے شکار شہری کی جانب سے تھانے میں درخواست دائر کرنے کے بعد ٹک ٹاکر کی جانب سے شہری کو درخواست واپس لینے کیلیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور نے ڈالا کلچر پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ دوسری جانب شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ پہلے مجھ پر تشدد کیا گیا اور اب درخواست واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یوٹیوبر کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر میں نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

    لاہور پولیس نے 25 مارچ کو یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف دائر مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل کی تھیں۔ مذکورہ مقدمہ تھانہ نشترکالونی میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔

    اس کے علاوہ مقدمے میں رجب بٹ کی جانب سے نیا پرفیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔

  • انڈرپاس میں شہری پر تشدد اور فائرنگ کرنیوالے 4 ملزمان گرفتار

    انڈرپاس میں شہری پر تشدد اور فائرنگ کرنیوالے 4 ملزمان گرفتار

    لاہور: بیجنگ انڈرپاس میں شہری پر تشدد اور فائرنگ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ڈی آئی جی نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مغل پورہ میں کار سوار شہری کو نجی سیکیورٹی گارڈز نے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا تھا، واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کانوٹس لےکر خصوصی ٹیم تشکیل دی تھیں تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جاسکے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائےگا، گارڈ فراہم کرنیوالی نجی سیکیورٹی کمپنی کیخلاف بھی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    فیصل کامران نے کہا کہ ملزمان نے شہری عمران پر تشدد کیا، سرعام فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلایا، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، قانون ہاتھ میں لینے والا جیل جائےگا۔

    خیال رہے کہ لاہور میں واقع بیجنگ انڈر پاس میں ویگو ڈالے پر سوار گارڈز نے شہری پر گولیاں چلائی تھیں، گارڈز کار سوار پر تشدد بھی کرتے رہے، متاثرہ شہری نے فائرنگ کرنے والے گارڈ کو پکڑنے کی کوشش کی۔

    ترجمان ڈولفن فورس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی آواز سن کر ڈولفن ٹیم نمبر 17 موقع پر پہنچی، ملزمان رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    https://urdu.arynews.tv/guards-of-a-double-cabin-vehicle-torture-a-citizen-in-lahore/

  • ویڈیو: موبائل چوری کے الزام میں شہری کو رسی سے باندھ کر ٹھیکے دار کا تشدد

    ویڈیو: موبائل چوری کے الزام میں شہری کو رسی سے باندھ کر ٹھیکے دار کا تشدد

    کراچی: شہر قائد میں‌ شہری پر چوری کا الزام لگا کر رسیوں‌ سے باندھ کر تشدد کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کوثر نیازی کالونی کے قریب علاقہ مکین پر موبائل چوری کا الزام لگا کر گجر نالے پر پرائیویٹ ٹھیکیدار نے اپنی عدالت لگا لی۔

    واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں شہر کو باندھ کر اس پر بد ترین تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ واقعہ گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد بلاک جی گجر نالے پر پیش آیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ بااثر شخص نے گجر نالے پر شہری کو رسیوں کے ساتھ باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد میں ٹھیکے دار کا بیٹا بھی باپ کا ساتھ دیتا رہا، اور شہری کو کم از کم 6 گھنٹوں تک رسیوں سے باندھ کر رکھا گیا۔

    لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    سیکڑوں افراد وہاں کھڑے تماشا دیکھتے رہے مگر کسی نے نہیں روکا، اس دوران حیرت انگیز طور پر پولیس بھی موقع پر نہیں پہنچ سکی۔اس واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں، تاہم شہریوں میں اپنی عدالت لگا کر تشدد کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، جو تشویش ناک ہے۔

  • پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ملتان: پنجاب پولیس کی فرعونیت کم نہ ہو سکی، ملتان میں مرغی کی ایک دکان پر ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے پرانا شجاع آباد روڈ پر ایک پولیس اہل کار نے مرغی کی دکان کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا، اہل کار شہری کو لاتوں اور تھپڑوں سے پیٹتا ہوا باہر لے گیا۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کار ملازم پر تھپڑ برسا رہا ہے اور لاتیں بھی ماریں۔

    مرغی کی دکان کے ملازم کو دکان بند نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، یہ واقعہ 12 اگست کو پیش آیا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق تشدد کرنے والے پولیس اہل کار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

  • پشاور: شہری پر تشدد کرنے والے تین پولیس اہلکار گرفتار

    پشاور: شہری پر تشدد کرنے والے تین پولیس اہلکار گرفتار

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں شہری پر تشدد کرنے کے الزام میں ایس ایچ او کو معطل جبکہ 3 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پولیس لاک اپ میں شہری پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، واقعے کے خلاف ایس ایچ او کو معطل اور 3 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    خیبر پختونخواہ کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق انکوائری کمیٹی بنادی گئی،اے آئی جی کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، کمیٹی میں ڈی آئی جی اور سی سی پی او کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

    اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ سزا وجزا کا قانون سب کے لیے برابر ہے،قانون سے کوئی بالاتر نہیں،واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔

    مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان خود اس کیس کو دیکھ رہے ہیں، حکومت اس قسم کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ انکوائری میں ایس ایس پی تک کے افسر سے تفتیش ہوگی۔

  • بے بس شہری کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر تھانے میں بدترین تشدد

    بے بس شہری کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر تھانے میں بدترین تشدد

    کراچی: شہر قائد کی پولیس ساری کارکردگی نہتے شہریوں پر اتارنے لگی ہے، بے بس شہری کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر تھانے میں بدترین تشدد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی تھانے کی اسپیشل پارٹی کے انچارج عظیم نے شہری پر بد ترین تشدد کیا، آنکھوں پر پٹی بندھا شہری اللہ کے واسطے دیتا رہا لیکن پولیس اہل کاروں نے مار مار کر شہری کو برہنہ کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق انچارج عظیم کے دیگر ساتھی اہل کاروں نے بھی شہری کو بند کمرے میں تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس اہل کار شہری کو لوہے کی راڈ سے بھی مارتے رہے، جب کہ اہل کاروں نے شہری کی آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، 2 سال میں 15 شہری پولیس گردی کا شکار

    خیال رہے کہ پولیس اہل کاروں کے ہاتھوں شہریوں پر تشدد کے واقعات آئے دن میڈیا میں رپورٹ ہوتے ہیں، اس کے علاوہ بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ دو سال میں کراچی میں 15 شہری پولیس گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔

    تازہ ترین:  سندھ حکومت اور آئی جی سندھ ایک بار پھر آمنے سامنے

    22 نومبر کو کینٹ اسٹیشن میں ایک گاڑی پر پولیس اہل کاروں کی فائرنگ سے شہری نبیل جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ ایک شہری زخمی ہو گیا تھا، پولیس اہل کاروں نے کار کا تعاقب کیا تھا، جب کار رکی تو اہل کاروں نے اتر کر کار سوار کو گولیاں ماریں اور فرار ہو گئے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال 6 اپریل کو قائد آباد میں بھی پولیس اہل کاروں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس سے 12 سالہ سجاد جاں بحق اور 10 سالہ عمر زخمی ہوا۔ 16 اپریل کو سچل میں پولیس فائرنگ سے ڈیڑھ سالہ احسن جاں بحق ہوا، 22 فروری کو نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں میڈیکل کی طالبہ نمرہ جاں بحق ہوئی۔

  • شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    کراچی : تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی نے ڈاکٹر عمران شاہ کو آخری بار تنبیہ کرتے ہوئے ان پر5لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، 20افراد کا مفت علاج بھی کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہری کو تھپڑ مارنے کے جرم میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ پر5لاکھ روپےجرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    یہ بات کراچی میں تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پی ٹی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین کی بھی موجود تھے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرعمران شاہ نے پارٹی کے سامنے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، لہٰذا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران شاہ بطور جرمانہ اولڈ پیپلز ہوم میں5لاکھ روپے چندہ دیں گے۔

    اس کے علاوہ وہ ایدھی ہوم میں20بزرگوں کا مفت علاج بھی کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹر عمران شاہ نے دوبارہ اس قسم کا ایسا کچھ کیا تو ان کی پارٹی رکنیت منسوخ کرکے سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے چند روز قبل تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا، بعد ازاں نو منتخب رکن نے شہری کے گھر جاکر ان سے معافی مانگی تھی۔

    مزید پڑھیں: شہری پر تشدد ، تحریک انصاف نے ڈاکٹرعمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    اس کے علاوہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریکِ انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کے ہاتھوں شہری پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور شہریوں کی جانب سے احتجاج اور اپیلوں پر ازخود نوٹس لیا، چیف جسٹس نے عمران شاہ کو تین دن میں عدالت کے روبرو جواب جمع کرانے کا حکم صادر کیا تھا۔

  • ٹریفک پولیس کا شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    ٹریفک پولیس کا شہری پر بدترین تشدد، ویڈیو وائرل

    اسلام آباد: ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک شہری پر تشدد کیا گیا، شہری کو لاتوں اور گھونسوں سے مارا گیا،حکام نے فوٹیج کا نوٹس لے لیا۔

    اطلاعات ہیں کہ یہ ویڈیو ایک راہ گیر کی جانب سے بنائی گئی ہے جسے خود بھی نہیں پتا تھا کہ شہری پر تشدد کیوں کیا گیا؟ بعدازاں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور میڈیا کو بھی موصول ہوئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین اہل کاروں نے ایک شہری کو سڑک پر لٹایا ہوا ہے، قبل ازیں اسے کتنا مارا گیا یہ نہیں معلوم تاہم ویڈیو میں دیکھیں تو شہری کو اہلکار نے بھرپور لات کمر پر ماری۔

    اس ضمن میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ شہری کون ہے جس پر تشدد کیا گیا جب کہ پولیس اہل کاروں کی شناخت کرلی گئی ہے، تاہم شہری نے کسی بھی تھانے میں تشدد کے خلا ف کوئی درخواست جمع نہیں کرائی۔