Tag: شہری کی فائرنگ

  • کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی : عائشہ منزل پر شہری نے فائرنگ کر کے ڈاکو کو موت کی نیند سلا دیا، موٹرسائیکل پر دو ملزمان شہری سے لوٹ مارکر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور شہریوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو مختلف واقعات میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔

    پہلا واقعہ عائشہ منزل کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راجہ نامی ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔

    دوسرا واقعہ سائٹ کے علاقے نورس چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں حسن رضا نامی ڈاکو مارا گیا۔

    پولیس نے کہا کہ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ اس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، واقعے کے دوران ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • کراچی: بورڈ آفس کے قریب شہری نے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا

    کراچی: بورڈ آفس کے قریب شہری نے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا

    کراچی: میٹرک بورڈآفس کے قریب شہری کی فائرنگ سے2 ڈاکوؤں کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں اسٹریٹ کرائمز سے عوام تنگ آچکے ہیں اور انھوں نے ڈکیتوں کے خلاف ایکشن لینا شروع کردیا ہے، میٹرک بورڈآفس کے قریب شہری نے اپنی حفاظت کے پیش نظر فائرنگ کردی جس سے 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ شہری دانش نے دوران ڈکیتی مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کرکے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ ملا ہے جسے تحویل میں لےلیا گیا

    ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، ان کی شناخت کاعمل جاری ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کی مدعیت میں ضابطے کی کارروائی مکمل کی گئی، واقعے کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

    دریں اثنا پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

  • گاڑی کی ریکی کرنیوالے ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

    گاڑی کی ریکی کرنیوالے ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

    کراچی: گلستان جوہر میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکوکی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے، ڈاکو شہری کی گاڑی کی ریکی کررہے تھے۔

    گلستان جوہر میں پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں پیدل آنیوالے 2 ملزمان کو سفید گاڑی کی ریکی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، گاڑی رکتے ہی دونوں ملزمان ڈرائیونگ سائیڈ پر آئے۔

    اس دوران گاڑی میں سوار شہری نے اترنے سے پہلے ہی ملزمان پر فائرنگ کردی، فوٹیج میں شہری کو ڈاکوؤں پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    فوٹیج میں بھاگتے ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، پولیس نے بتایا کہ شہری کی فائرنگ سے ہی ڈاکو ہلاک ہوا۔

    گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب ڈاکو کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، واقعہ کا مقدمہ شاہراہ فیصل تھانے میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں ڈکیتی لوٹ مار کی دفعات شامل کی گئی ہے، 3 ملزمان نے گاڑی چھیننے کی کوشش کی تھی، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک 2 فرار ہوگئے تھے۔

  • کراچی : شہری نے دو ڈاکوؤں کو گولی مارکر ہلاک کردیا

    کراچی : شہری نے دو ڈاکوؤں کو گولی مارکر ہلاک کردیا

    کراچی : لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی پے درپے وارداتوں کے بعد شہر قائد کے باسیوں کا صبر جواب دے گیا، ایک مشتعل شہری نے فائرنگ کرکے دو ڈاکوؤں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر تین میں ایک شہری کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس کے مطابق لوٹ مار میں مصروف ڈاکوؤں پر ایک شہری نے فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    فائرنگ

    مذکورہ ڈاکوؤں کی شناخت شاہد اور سعود کے ناموں سے ہوئی ہے، ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کیخلاف مختلف تھانوں میں پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے عمل میں آئی، ہلاک ہونے والے ڈاکو مختلف وارداتوں میں 4شہریوں سے موبائل فون اور ایک خاتون سے پرس چھین کر فرار ہورہے تھے۔

    ڈاکوؤں کی ہلاکت کے بعد ان کے قبضے سے چھینے گئے4موبائل فون اور پرس بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ہلاک ڈاکوؤں سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

     

  • کراچی : شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ڈاکو مارڈالے

    کراچی : شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ڈاکو مارڈالے

    کراچی : شہر قائد میں ایک شہری نے لوٹ مارکرنے والے ملزمان پر گولیاں بر سا دیں۔ شہری کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ طارق روڈ پر ہونے والے واقعے میں دو راہ گیروں کو بھی گولیاں لگ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ پر شہری نے اس وقت ڈاکوؤں پر گولیاں برسا دیں جب ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کرنے میں مصروف تھے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پر ہلا ک ہوگئے۔ دونوں ڈاکو شہری عبدالرحمان کی فائرنگ کا نشانہ بنے، ہلاک ہونے والے ایک ڈاکو کی شناخت آغا گل کے نام سے ہوگئی جو اس سے پہلے بھی اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اورزخمی راہگیروں کو تشویش ناک حالت میں طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا۔

    ڈاکوؤں کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والا عبدالرحمان اہل خانہ کے ساتھ ہوٹل پر کھانا لینے آیا تھا، عینی شاہدین کے مطابق شہری نے بہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو قیمتی اشیاء سے محروم ہونے سے بچالیا۔

    پولیس حکام کے مطابق عبدالرحمان کی فائرنگ کی زد میں آکر دو راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔