Tag: شہری

  • شہریوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ

    شہریوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے حکومت کا اہم فیصلہ

    کراچی: ڈینگی اور دیگرامراض سے شہریوں کے بچاؤ کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے فیومیگیشن مہم کا اعلان کیا ہے۔

    چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، تمام ڈپٹی کمشنرز اور میونسپل کمشنر سمیت دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کی 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں فیومیگیشن مہم چلائی جائےگی۔

    چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ ڈینگی لاروا تلف کرنے کیلئے اسپرے اور فیومیگیشن مہم شروع کی جائے، صدر، لیاری، گلشن اقبال اور سہراب گوٹھ میں فیومیگیشن مہم چلائی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ صفورا، چنیسر اور مومن آباد ٹائون میونسپل کارپوریشن میں مہم چلائی جائے گی، ٹی ایم سی منگھوپیر، اورنگی، شاہ فیصل اور کورنگی میں بھی مہم کا آغاز ہوگا۔

    آصف حیدر کا کہنا تھا کہ ماڈل کالونی، لانڈھی، بلدیہ، ماری پورٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں فیومیگیشن کا عمل انجام دیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ گلبرگ، نیوکراچی، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، ناظم آباد، گڈاپ، ملیر اور ابراہیم حیدری میں بھی فیومیگیشن مہم چلائی جائے گی۔

  • شہریوں کو پریشان کرنیوالے بھکاریوں کیخلاف بڑے اقدام کا فیصلہ

    شہریوں کو پریشان کرنیوالے بھکاریوں کیخلاف بڑے اقدام کا فیصلہ

    کراچی: ٹریفک سگنلز، چوراہوں اور شاہراہوں پر شہریوں کے لیے عذاب بننے والے بھکاریوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    کمشنرکراچی نے کہا کہ ٹریفک سگنلز اور دیگر مقامات پر پیشہ گداگروں کی بھرمار سے شہری پریشان ہیں، کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ پیشہ ورگداگروں کےخلاف مربوط کارروائی کی جائے۔

    کمشنر کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر اور عوامل کو تلاش کریں جو پیشہ ورگداگروں کے پیچھے کام کررہے ہیں، گداگری کو کاروباری نیٹ ورک بنانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے گداگروں کے خلاف کارروائی سے متعلق بریفنگ دی گئی، لاوارث بھکاری بچوں کے لیے بحالی سینٹر بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

    بڑی عمر کے بےسہارا بھکاریوں کیلئے بھی لائحہ عمل بنانے پر بھی غور کیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 37 سے زائد پیشہ ور بھکاری گرفتار کیے گئے۔

  • شہری ایمرجنسی کی صورت میں کس طرح رینجرز کی مدد حاصل کرسکتے ہیں؟ جانیے

    شہری ایمرجنسی کی صورت میں کس طرح رینجرز کی مدد حاصل کرسکتے ہیں؟ جانیے

    شہری کسی ایمرجنسی میں کس طرح پاکستان رینجرز سندھ کی مدد حاصل کرسکتے ہیں، اس سلسلے میں ڈی ایس آر مظر عباس نے اہم تفصیلات بتادیں۔

    پاکستان رینجرز سندھ کے جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں، رینجرز کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 1101 کسی بھی ناگہانی صورتحال پر کال موصول ہونے کے بعد شہریوں کی مدد کرتی ہے۔

    کسی شہری کو کوئی ایمرجنسی درپیش ہو تو وہ رینجرز ہیلپ لرائن 1101 پر فون کرسکتا ہے، رینجرز ہیڈ کوارٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شہریوں کی مدد کے لیے کام کرتا ہے۔

    کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کے لیے کئی اسکرین موجود ہیں جبکہ یہاں کراچی کا روٹ میپ لگا ہوا ہے، مختلف علاقوں کی سی سی ٹی وی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    پاکستان رینجرز سندھ کے ڈی ایس آر مظہر عباس کا کہنا تھا کہ سندھ رینجرز کا 1101 مددگار سیل ایک کوئیک رسپانس فورس ہے جیسے ہی ہمیں کوئی شکایتی کال موصول ہوتی ہے، ہم فوری طور پر رسپانس کرتے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ہمارا رسپانس ٹائم 3 سے 5 منٹ ہے، کئی میڈیم ہیں جن کے ذریعے رابطہ کیا جاسکتا ہے، یعنی 1101 پر واٹس ایپ کرسکتے ہیں، میسج، ای میل کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ ایس او ایس ایپلی کیشن بھی موجود ہے۔

    مظہر عباس نے بتایا کہ ہم شکایات کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہیں جیسے کہ ایک حصے پر فوری عمل درکار ہوتا ہے۔

    مختلف علاقوں میں گشت کرنے والی موبائل ویجلنس ٹیم کو کال کی جاتی ہے اور وہ شکایت کے مقام پر جاکر ایکشن کرتی ہے جبکہ کچھ کالز پر گراؤنڈ ویری فیکیشن کی ضرورت پڑتی ہے، جس کے لیے ہم زمینی حقائق معلوم کرتے ہیں۔

  • شہریوں نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنے کا آغاز کردیا

    شہریوں نے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنے کا آغاز کردیا

    کراچی: میونسپل ٹیکس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد شہریوں نے پھر سے کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کردیا ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس لگانے کے معاملے پر شہری غم و غصے میں مبتلا ہیں، کراچی کے شہریوں نے بجلی کمپنی کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کردیا ہے، کےالیکٹرک کی گاڑی میں دوسری بار کچرا ڈالنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کےالیکٹرک میونسپل ٹیکس لے رہی ہے تو کچرا تو لےکر جانا پڑےگا، شہریوں نے کےالیکٹرک کی گاڑی میں بالٹیوں سے کچرا پھینکا۔

    خیال رہے کہ دو سال قبل سن 2022 میں بھی کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی چارجز وصول کرنے کے خلاف عوام کا سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔

    دو سال قبل کراچی کے شہریوں نے کے الیکٹرک کے شکایتی مراکز اور 118 پر کال کر کے شکایت درج کروائیں اور احتجاجاً کے الیکٹرک کی گاڑیوں میں کچرا ڈالنا شروع کر دیا تھا۔

    مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک والے بجلی دیتے نہیں اور ٹیکس وصول کرنے میں سب سے آگے ہیں، کے ایم سی کا ٹیکس لے رہے ہو تو کچرا بھی لے کر جائیں۔

    کے الیکٹرک اور کے ایم سی کے مابین بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کا معاہدہ طے پایا ہے جس پر عوام سخت ناراض ہیں۔ ٹیکس وصولی کے خلاف سوشل میڈیا پر بھی آواز اٹھائی جارہی ہے۔

  • شہری پر وحشیانہ تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

    شہری پر وحشیانہ تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی: لی مارکیٹ میں شہری پر وحشیانہ تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کھارادر میں شہری ندیم عباس پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس اہلکار وسیم کے خلاف مقدمے میں اقدام قتل و دیگر دفعات شامل ہیں۔

    تشدد کا نشانہ بننے والے شہری ندیم عباس نے کہا کہ ڈی ایس پی کے ریڈر وسیم نے اپنے ساتھی آصف، عمران اور دیگر کے ہمراہ اسے مارا پیٹا گیا، جس سے جبڑا ٹوٹ گیا، جسم پر کئی فریکچر آئے۔

    گھور کر کیوں دیکھا؟ لی مارکیٹ میں شہری پر پولیس اہلکار کا بدترین تشدد

    شہری ندیم عباس نے کہا کہ ملازمین میں عیدی تقسیم کرنے جارہا تھا کہ گلی میں روکا گیا، خود کو پولیس اہلکار کہنے والے وسیم نے ساتھیوں کیساتھ ملکرمجھ پر تشدد کیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق نشے کی حالت میں ملزم نے اس لئے مجھ پر تشدد کیا دیکھ کر گھور کیوں رہے ہو، وسیم خود کو اعلیٰ پولیس افسر ظاہر کر رہا تھا، معذرت کے باوجود پولیس اہلکار نے پستول کے بٹ مارے۔

    ندیم عباس نے کہا کہ جب میں زمین پر گرا تو پیروں کے قریب گولیاں ماری گئیں، چوہدری وسیم اور دیگر ساتھیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

  • باتھ روم میں اتنی دیر کیوں لگائی؟ شہری نے دوسرے شہری کی آنکھ پھوڑ دی

    باتھ روم میں اتنی دیر کیوں لگائی؟ شہری نے دوسرے شہری کی آنکھ پھوڑ دی

    کراچی: شاہ لطیف میں شہری کو واش روم میں دیر لگانا مہنگا پڑ گیا، انتظار میں کھڑے افراد نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    کراچی کے علاقے شاہ لطیف حسن پنہور گوٹھ میں شہری کو واش روم میں دیر لگانا مہنگا پڑ گیا، انتظارمیں کھڑے افراد نے شہری کو  لوہے کا سریا مار کر شہری کی آنکھ ہی پھوڑ دی۔

    زخمی شخص انور نے شاہ لطیف تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا، مقدمے کے متن کے مطابق کمپنی میں کام کرتا ہوں چھٹی لے کر گھر جارہا تھا۔

    متاثر شخص انور نے کہا کہ راستے میں پیٹ میں درد ہوا تو قریبی مسجد کے واش روم چلا گیا، باہر نکلتے ہی حیات اللہ نامی شخص نے مارنا پیٹنا شروع کر دیا، میں نے کہا بھی میرے پیٹ میں درد تھا اس لیے واش روم گیا تھا۔

    انور نے کہا کہ حیات اللہ نے ہاتھ میں پکڑا ہوا سریا میری آنکھ میں مار دیا، آنکھ سے خون نکلا تو میں بھاگا لیکن راستے میں بے ہوش ہو گیا جس کے بعد محلے کے لوگوں نے مجھے اٹھا کر اسپتال پہنچایا۔

    مدعی مقدمے کے مطابق یہ جھگڑا حسن پنہور گوٹھ کی مسجد میں پیش آیا تھا، ملزمان حیات اللہ اور سلیم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

  • منگھوپیر میں پولیس کے ہاتھوں شہری کے قتل ہونے کی فوٹیج  سامنے آگئی

    منگھوپیر میں پولیس کے ہاتھوں شہری کے قتل ہونے کی فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: منگھوپیر میں دبئی سے 16 سال کے بعد شادی کے لیے آنے والا نوجوان کی پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے کی فوٹیج  سامنے آگئی۔

    2 روز قبل منگھوپیر تھانے کی حدود میں چونگی موڑکے قریب دبئی سے 16 سال کے بعد شادی کے لیے آنے والا نوجوان شادی کے ایک ماہ بعد پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیو ز نے حاصل کرلی۔

    رپورٹ کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج فائرنگ کرنے کے بعد کی ہے، فوٹیج میں پولیس اور سادہ لباس افراد کو موٹر سائیکل اور موبائل پر دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ویڈیو میں ملزمان کو فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے،  ملزمان کی مزید فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس حکام نے اس واقعے کے بعد کہا تھا کہ اے وی ایل سی سینٹرل کی ٹیم نے ڈی ایس پی سینٹرل اے وی ایل سی کی سربراہی میں بغیرکسی اطلاع کے منگھوپیر تھانے کی حدود میں چونگی موڑکے قریب ناکا لگایا ہوا تھا اور نوجوانوں پر فائرنگ اے وی ایل سی سینٹرل کی ٹیم میں شامل ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر(اے ایس آئی ) نے کی ہے، جو کہ موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

     

  • کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان چلی گئی

    کراچی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان چلی گئی

    کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے پانچ نمبر جی ایریا کے قریب گھر میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک اور شہری کی جان چلی گئی۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق والے والے مقتول کی شناخت 40 سالہ عرفان کے نام سے کی گئی، مقتول 2 بچوں کا باپ اورمقتول کی پھولوں کی دکان تھی، صبح ساڑھے 6 سے ساڑھے7 کے درمیان 3 ڈکیت عقب سے گھرمیں داخل ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو نامعلوم مسلح ڈکیتوں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کیا، پولیس نے جائے وقوع پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا ہے، جائے وقوع سے شواہد اکٹھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

  • ’’صدام حسین نے 4 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کیا تھا‘‘

    ’’صدام حسین نے 4 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کیا تھا‘‘

    کراچی: سپرہائی وے پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے پولیس نے جمالی پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم صدام حسین کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق گرفتار ملزم صدام حسین نے 4 روز قبل ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کیا تھا، واقعے کے خلاف سپرہائی وے پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ آج ملزم پھر اپنے ساتھی عمر افغانی کے ساتھ مل کر ڈکیتی کررہا تھا، پولیس کے پہنچتے ہی عمر افغانی فرار ہوگیا تاہم صدام حسین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ ملزم سے پستول، چھینا ہوا موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیاگیا۔

  • تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    تالاب میں موجود مگر مچھ کا مجسمہ اچانک زندہ ہوگیا

    فلپائن میں ایک شہری پر اس وقت مگر مچھ نے حملہ کردیا جب وہ اسے مجسمہ سمجھ کر اس کے ساتھ تصویر کھینچ رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق 68 سالہ چپاڈا نامی شہری اپنے خاندان کے ساتھ اس تھیم پارک میں آئے تھے، انہیں تالاب میں ایک 12 فٹ طویل مگر مچھ دکھائی دیا جسے وہ مجسمہ سمجھے۔

    68 سالہ بزرگ اس کے ساتھ سیلفی بنانے کے لیے تالاب کے قریب چلے گئے اور اسی وقت مگر مچھ میں حرکت پیدا ہوئی، اس نے اچانک چپاڈا کا بازو اپنے جبڑوں میں دبوچا اور انہیں کھینچ کر تالاب میں لے گیا۔

    ویڈیو یہاں دیکھیں

    چپاڈا کے گھر والے اور وہاں موجود دیگر افراد خوف سے چلانے لگے۔

    خوش قسمتی سے چپاڈا اپنا ہاتھ چھڑا کر تیزی سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کے بازو سے خون ٹپک رہا ہے۔

    اہل خانہ نے فوراً انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی سرجری کی۔

    واقعے کے بعد چپاڈا کے اہل خانہ نے پارک انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کیا، انہوں نے کہا کہ تالاب کے قریب کسی قسم کے کوئی وارننگ سائنز نصب نہیں تھے۔ اگر وہاں وارننگ سائنز ہوتے تو وہ کبھی تالاب کے نزدیک نہ جاتے۔

    دوسری جانب پارک انتظامیہ نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص خود اعتراف کرچکا ہے کہ وہ مگر مچھ کو مجسمہ سمجھے تھے اسی لیے اس کے قریب گئے۔

    انتظامیہ نے چپاڈا کے علاج کے اخراجات اٹھانے کی پیشکش بھی فراہم کی ہے۔