Tag: شہری

  • سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    سعودی عرب میں بچھو اور سانپوں کے نکلنے کا موسم

    ریاض: سعودی عرب میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہوگیا جس کے بعد ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کردی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

    ماہر موسمیات صالح الشیخی نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔

    صالح الشیخی کا کہنا تھا کہ بچھو اور سانپ اس موسم میں کثرت سے پیدا ہوتے ہیں اور یہ گھروں میں گھس جاتے ہیں۔ اس حوالے سے صحرا، قدیم محلوں اور کچی بستیوں کے باسیوں کو زیادہ احتیاط برتنی ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلند و بالا عمارتوں کے مکین بچھوؤں اور سانپوں کے خطرات سے محفوظ ہوں گے، صحرائی علاقوں سے دور آبادی میں ان کا خطرہ محدود ہوتا ہے۔

    صالح الشیخی نے ٹویٹر پر بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

  • امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکی شہری نے ’خلائی مخلوق‘ دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی

    امریکا میں ایک شخص نے خلائی مخلوق کو دیکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے ہوا میں گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست کینٹکی میں ایک ہوٹل میں مقیم شخص نے اچانک کھڑکی سے باہر فائرنگ کردی، یہ واقعہ 11 ستمبر کی دوپہر کو پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ اسے ہوٹل کی پارکنگ میں خلائی مخلوق دکھائی دی اور اس نے انہی پر فائرنگ کی۔

    فائرنگ سے پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک گولی برابر کے کمرے میں بھی جا گھسی۔ خؤش قسمتی سے واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    مذکورہ شخص کے ساتھ ہوٹل میں ایک خاتون بھی تھیں جو فائرنگ ہوتی دیکھ کر باتھ روم میں چھپ گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے ان سے کئی بار رابطہ کیا اور بتایا کہ ہوٹل میں خلائی مخلوق گھس آئے ہیں اور وہ ان پر فائرنگ کر رہا ہے۔

    پولیس نے مذکورہ شخص نے پاس سے مزید اسلحہ بھی برآمد کیا جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

  • ایف بی آر کے نوٹس نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں

    ایف بی آر کے نوٹس نے شہریوں کی نیندیں اڑا دیں

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کو ریکارڈ جمع کروانے کے متضاد نوٹسز جاری کردیے، نوٹسز میں قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے جس سے شہری پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کو ریکارڈ جمع کروانے کے متضاد نوٹسز جاری کردیے جس کے بعد ٹیکس گزار پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

    ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو پہلے ٹیکس ریکارڈ جمع کروانے کی تاریخ کی توسیع کی تصدیق کی، چند روز بعد توسیع کے باوجود ریکارڈ جمع نہ کروانے پر کارروائی کا نوٹس بھیج دیا۔

    ایف بی آر نے تصدیق کی تھی کہ 13 جنوری تک ریکارڈ جمع کروایا جاسکتا ہے، ٹیکس گزاروں کو 13 دسمبر کو توسیع کی تصدیق کی ای میل بھی کی گئی۔

    اس کے بعد پہلے 21 دسمبر کو 13 جنوری کی ریمائنڈر کی ای میل بھیجی گئی، چند منٹ کے بعد ریکارڈ جمع نہ کروانے کا وضاحتی نوٹس بھیج دیا گیا۔

    ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو بھیجے گئے وضاحتی نوٹس میں قانونی چارہ جوئی کا عندیہ بھی دیا ہے، ایف بی آر کی اس غیر ذمہ داری کی وجہ سے شہری ایف بی آر کے دفاتر کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

  • سعودی حکومت نے شہریوں کو بڑے فراڈ سے خبردار کر دیا

    سعودی حکومت نے شہریوں کو بڑے فراڈ سے خبردار کر دیا

    ریاض:سعودی حکومت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹ محفوظ رکھنے کے لیے فرضی بینک ایپ اپنے موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بینکوں کی جانب سے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے بینکوں کی منظور شدہ ایپس کا ہی انتخاب کیا جائے جس کے لیے یہ لنک استعمال کیا جائے۔

    ویب نیوز سبق نے بینکس کے ذرائع سے متعلق کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر معروف اور جعلی بینک ایپ کے بارے میں پتہ چلا جس کے ذریعے لوگوں کے اکاؤنٹس ہیک ہوجاتے ہیں اور ان کا پن کوڈ بھی محفوظ نہیں رہتا۔ایسی جعلی ایپس سے محفوظ رہنے کے لیے مصدقہ ایپ ہی استعمال کی جائیں جو بینکوں کی جانب سے لانچ کی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ ویپ پر ایسی بے شمار فرضی ایپس موجود ہیں جن کے ذریعے ہیکرز کسی اکاؤنٹ ہیک کرکے صارف کے بینک اکاؤنٹ میں موجود رقم اپنے پاس منتقل کر لیے ہیں۔

  • آسٹریلیا میں انہونی ہوگئی

    آسٹریلیا میں انہونی ہوگئی

    کوئنز لینڈ: آسٹریلیا میں زہریلے سانپ کے ڈسنے کے بعد تین بچوں کے باپ نے موت کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں شمال مشرقی کوئنز لینڈ کے شہر آبرگوری میں بدھ کے روز کام کے دوران تین بچوں کے پاب کو سانب نے ٹخنے پر ڈس لیا۔32 سالہ ڈفی کو پہلے ان کے قریبی آبائی شہر انگھام پہنچایا گیا اور پھر ایمبولینس مین ٹاؤنس ویل یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا۔

    ڈفی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اس کو شوہر کو اسپتال لے جانے میں جتنا وقت لگا اس کا مطلب یہ تھا کہ کسی بھی قسم کا زہر کا تریاق لگانے میں بہت دیر ہوچکی ہے۔جینا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے ان کے خاوند کو بتایا کہ زہر کے تریاق کا انتظام کرنے کے لیے وقت گزر چکا، لہذا ڈفی کو انتظار کرنا پڑا۔

    مسز ڈفی نے بتایا کہ ان کے شوہر جمعرات کی صبح ٹھیک تھے لیکن پھر ان کی آنکھوں پر سوجن ہونے لگی اور انہیں کھانا نگلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ میرے شوہر ٹھیک ہونے والے ہیں، بدقسمتی سے ہمیں زہر کے تریاق کے لیے انتظار کرنا پڑا۔

    ٹاؤنس ول یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈفی کی حالت بہتر ہے لیکن اب بھی وہ اسپتال میں ہے۔ زہر کے تریاق کے انتظام کے لیے ایک پروٹوکول موجود ہے اور تریاق انگھام میں دستیاب تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پروٹوکول کے مطابق ڈفی کا بہتر علاج انگھام کے بجائے ٹاؤنس ول میں ممکن تھا۔

    واضح رہے پام آئی لینڈ بارج کمپنی کے لیے کام کرنے والے 32 سالہ ڈفی پیشے سے مکینک ہیں۔

  • سر میں گھسی ہوئی لوہے کی سلاخ ڈاکٹرز نے کیسے نکالی؟

    سر میں گھسی ہوئی لوہے کی سلاخ ڈاکٹرز نے کیسے نکالی؟

    اسرائیلی ڈاکٹرز نے ایک نہایت خطرناک اور پیچیدہ سرجری کر کے ایک شخص کی جان بچا لی جس کے سر میں ایک لوہے کی سلاخ اس طرح داخل ہوگئی تھی کہ دوسری طرف سے باہر نکل آئی تھی۔

    اسرائیل کا رہائشی کامل عبدالرحمٰن تعمیراتی کام سے وابستہ تھا اور اس روز بھی وہ ایک تعمیراتی سائٹ کا جائزہ لینے گیا تھا جب اس کی زندگی کا خوفناک ترین حادثہ پیش آیا۔

    پاؤں پھسلنے کی وجہ سے وہ دوسری منزل سے نیچے لوہے کی سلاخ پر اس طرح گرا کہ وہ اس کے سر میں گھس گئی اور دائیں کان کے قریب سے، بائیں آنکھ کے اوپر سے ہوتی ہوئی دوسری طرف نکل گئی۔

    شہری کا دعویٰ ہے اس وقت اسے کوئی تکلیف نہیں ہوئی، وہ مکمل حواسوں میں تھا اور مدد کے لیے چلا رہا تھا جس کے بعد قریب ہی موجود اس کے گھر والوں اور دیگر افراد نے اسے اسپتال پہنچایا۔

    اسپتال میں ڈاکٹرز نے اس کا ایکسرے کیا تو علم ہوا کہ خوش قسمتی سے سلاخ نے ان دو رگوں کو نقصان نہیں پہنچایا جو دماغ کو خون کی ترسیل کر رہی تھیں۔

    تاہم ڈاکٹرز سخت پریشان تھے کہ اس سلاخ کو کیسے نکالا جائے اور لاعلم بھی کہ اسے نکالنے سے کیا نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    اگلے کئی گھنٹوں تک ڈاکٹرز مختلف ایکسریز اور ٹیسٹ لیتے رہے تاکہ اندازہ لگایا جاسکے کہ اس سلاخ کو کیسے نکالا جاسکتا ہے، اس دوران ناک اور حلق کے ماہرین ڈاکٹرز کو بھی آن بورڈ لیا گیا۔

    بعد ازاں ڈاکٹرز نے ناک کے ذریعے ایک طویل اور پیچیدہ ترین سرجری انجام دی اور اس کے لیے کیمرے کی مدد لی گئی، یہ سرجری 10 گھنٹے جاری رہی۔

    اس دوران انہوں نے دماغ میں ایک مقام سے بہنے والے سیال مادے کے بہنے کا راستہ بھی بند کیا جو اس رگ کی لیکج کی وجہ سے بہہ رہا تھا، جبکہ مریض کے پیٹ کی چربی سے دماغ کے چند حصوں پر پیوند بھی لگایا۔

    بالآخر سرجری اختتام کو پہنچی لیکن ڈاکٹرز اندھیرے میں تھے کہ مریض کے ہوش میں آنے کے بعد اسے کن تکالیف کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    کئی گھنٹوں بعد مریض ہوش میں آیا تو وہ فٹ تھا اور اسے کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا تھا، چند روز اسپتال میں رہنے کے بعد مریض صحتیاب ہو کر گھر کو لوٹ گیا، اس کے تمام اعضا بالکل ٹھیک کام کر رہے تھے جبکہ وہ معمول کی طرح بول اور سن پا رہا تھا۔

  • سجاول: راشن نہ ملنے پر شہری کی بچوں سمیت خود سوزی کی کوشش

    سجاول: راشن نہ ملنے پر شہری کی بچوں سمیت خود سوزی کی کوشش

    سجاول: صوبہ سندھ کے شہر سجاول میں راشن نہ ملنے پر غریب شہری نے بچوں کے ہمراہ خود سوزی کی کوشش کی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سجاول میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر شہری نے راشن نہ ملنے پر شہری کی بچوں سمیت خود سوزی کی کوشش کی۔

    متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سے گھر میں فاقہ کشی ہے، بچے بھوک سے نڈھال ہیں، بچوں کا یہ حال نہیں دیکھ سکتا، مجبور ہو کر پٹرول چھڑک کر خود کو جلانے آیا ہوں۔ شہری کے مطابق سرکاری راشن کی تقسیم میں غریبوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    شہری کی بچوں سمیت خود سوزی کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔پولیس اہلکار شاہنواز زنگیجو اور بچوں کو ڈپٹی کشمنر ہاؤس لے گئی۔

    سندھ میں مستحق افراد کوگھر کی دہلیز پر امداد پہنچانے کا عمل قابل تعریف ہے،بلاول بھٹو

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کو ویڈیو لنک پر وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران لاڑکانہ میں کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔

    مراد علی شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ لاڑکانہ میں ساڑھے13 ہزار مستحقین میں راشن تقسیم کیاگیا،3 ہزار 313 خاندانوں میں فی خاندان 6 ہزار زکوٰة فنڈ سے تقسیم کیے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں مستحق افراد کوگھر کی دہلیز پر امداد پہنچانے کا عمل قابل تعریف ہے۔

  • شہری نے اہرام مصر سے کود کر خودکشی کرلی

    شہری نے اہرام مصر سے کود کر خودکشی کرلی

    قاہرہ: اہرام مصر دنیا بھر کے لیے ایک شاندار سیاحتی مقام ہے جہاں سیاحت و تاریخ کے شوقین افراد انہیں دیکھنے آتے ہیں، انہی اہرام پر گزشتہ روز افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ گیزہ میں فرعون خفرے کے اہرام سے ایک شخص نے کود کر خودکشی کرلی ہے۔ یہ اہرام زمین سے 706 فٹ بلند ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا، ابھی تک غیر واضح ہے کہ اس شخص نے خودکشی کے لیے اس تاریخی مقام کا ہی انتخاب کیوں کیا۔

    فرعون خفرے کا یہ ہرم، اہرام مصر میں دوسرا بڑا ور طویل ترین ہرم ہے۔ یہاں پر فراعین مصر کے چوتھے خاندان کے افراد دفن ہیں۔

    اہرام کے اوپر خوبصورت پتھر نصب ہیں جو نیچے نصب پتھروں سے مختلف ہیں۔

    خیال رہے کہ اہرام مصر، مصر کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہیں اور ملکی معیشت میں اس کا بڑا کردار ہے۔

  • پرینک اسٹار بننے کی کوشش، نوجوان کو جیل کی ہوا کھانی پڑگئی

    پرینک اسٹار بننے کی کوشش، نوجوان کو جیل کی ہوا کھانی پڑگئی

    واشنگٹن: امریکا میں شہری کو پرینک کرنا مہنگا پڑگیا، ملزم کو جیل کی ہوا کھانے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پیش آیا جہاں ایک شہری نے پرینک کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کی جو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔

    پرینک کے دوران ملزم نے غیر اخلاقی حرکت کی، ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ شہری نے اسٹور میں گھس کر آئس کریم کے ڈبے کو چاٹا اور چپکے سے آئس کریم کو دوبارہ فریج میں رکھ دیا۔

    بعد ازاں شہری نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاٹی ہوئی آئس کریم کو خرید کر لے گیا اور کچھ دیر بعد واپس آکر اس نے اسٹور مالک سے کہا یہ کسی کی چھوڑی ہوئی آئس کریم ہے جو مجھے دی گئی۔

    پرینک کرتے ہوئے نوجوان کی شکایت پر اسٹور مالک نے فریج میں رکھی تمام آئس کریم کو دوبارہ نکال کر ٹیسٹ کے لیے بھیجوا دیا تاہم ملزم کی یہ حرکت بہت مہنگی ثابت ہوئی۔

    جرم ثابت ہونے پر شہری کو 30 دن جیل کی سزا اور بھاری جرمانے کا سامنا ہے۔

    https://www.facebook.com/Wildwoogie/videos/2392253680862056/?t=0

  • لاہور میں اسموگ کا راج

    لاہور میں اسموگ کا راج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گردو نواح میں اسموگ کی صورت حال ایک بار پھر گھمبیر ہوگئی، اسموگ کے باعث لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں آج اسکول بند رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایئرکوالٹی انڈیکس 375 ہوگیا ہے، اسموگ کی شدت میں اضافے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ اسموگ کے باعث شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور لوگوں کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے بیشتر علاقوں میں حد نگاہ 800 میٹر تک محدود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اسموگ نہیں بھارتی علاقے میں فصلوں کے جلنے کا دھواں پھیل رہا ہے تاہم بارش ہونے پر ہی اسموگ کی شدت میں کمی آسکتی ہے۔

    حکومت پنجاب نے شدید اسموگ کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، فیصل میں آج تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس سموگ پر قابو پانے کے لیے فصلوں کی باقیات، کچرا، ٹائر اور پولی تھین جلانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کو بھی چند ماہ کے لیے بند کیا گیا جو سموگ کی اہم وجہ ہیں۔

    لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز اسموگ سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں اور آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔