Tag: شہر قائد

  • لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے، 5 افراد جاں بحق

    لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے، 5 افراد جاں بحق

    شہر قائد کے بعد لاہور میں بھی ڈمپر موت بانٹنے لگے جس کے نیتجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ  3 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جی ٹی روڈ آخری اسٹاپ کے قریب ڈمپر نے رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    1122 ریسکیو حکام کے مطابق ڈمپر نے 3 رکشوں اور 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر ماری، حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر کی بریک فیل کے باعث پیش آیا ہے جبکہ ڈرائیور موقع پر ہی فرار ہوگیا ہے، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ڈمپر کے نیچے سے نکالا اور انہیں اسپتالوں میں منتقل کیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ساتھ ہی انہوں نے زخمیوں  کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    اس کے علاوہ آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے، عثمان انور نے کہا کہ سی ٹی او لاہور میں تیز رفتار سے گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائی کریں۔

    https://urdu.arynews.tv/hangu-bikes-collision-leaves-3-dead/

  • کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کا خدشہ، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی میں آج سے ہیٹ ویو کا خدشہ، پارہ 41 ڈگری تک جانے کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج سے 23 اپریل کے دوران ہیٹ ویو جیسی صورتِ حال کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے  آئندہ چند دنوں تک درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جس سے ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، اس کے علاوہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی شدید گرمی  امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اسلام آباد کے شہریوں کو خبردار کر دیا

    محکمہ موسمیات کے مطابق  کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

  • کراچی: ڈیفنس میں مسلح ڈکیت کیشئر سے 14 لاکھ لوٹ کر فرار

    کراچی: ڈیفنس میں مسلح ڈکیت کیشئر سے 14 لاکھ لوٹ کر فرار

    کراچی: ڈیفنس فیز 7 میں مسلح ملزمان کیشئر سے 14 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، ملزمان نے دودھ سپلائی کرنے والی گاڑی سے لوٹ مار کی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈکیتی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس کا مقدمہ گزری تھانے میں وہاج اقبال کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیفنس فیز 7 میں کیشئر سے 14 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، 3 موٹر سائیکلوں پر6 ملزمان نے دودھ کی سپلائی والی گاڑی سے لوٹ مار کی۔

    مدعی مقدمے کے مطابق مختلف علاقوں سے ریکوری کرتا ہوا فیز 7 میں دودھ کی دکان پر پہنچا تھا، دودھ کی سپلائی کے بعد دکاندار نے 5 لاکھ روپے دیے۔

    وہاج اقبال نے پولیس کو بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کردی، ملزمان نے 5 لاکھ اور گاڑی میں موجود 9 لاکھ روپے چھین لیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واردات پیر کو ہوئی تھی سی سی ٹی وی اور دیگر شواہد حاصل کرچکے ہیں، ملزمان کیشئر کے آنے کا وقت اور اس کے پاس موجود رقم جانتے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-tajir-kidnapping/

  • پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کر کے عمرے پر جانیوالی خاتون گرفتار

    پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کر کے عمرے پر جانیوالی خاتون گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری بغدادی میں خاتون نے پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کیا اور فروخت کرکے عمرہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے لیاری محلے میں ایک خاتون نے پڑوسی کے گھر سے سونے کے زیورات چرانے کے بعد اسے بیچ کر عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوگئی تھی۔

    بغدادی پولیس حکام نے بتایا کہ 20 تولہ سونے کے زیورات کی چوری کا مقدمہ 27 اکتوبر کو پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ انٹیلی جنس معلومات پر پہلے ملزم عمران کو گرفتار کیا جس نے بتایا کہ اس کی بیوی شہناز نے چوری کی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے پڑوسی کے گھر فیملی کی غیر موجودگی میں واردات کی، ملزمہ نے 17 تولہ سونا بیچ دیا اور اس رقم سے عمرہ کرنے چکی گئی تھی، ملزمہ شہناز سے 3 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے کیش برآمد کرلیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے کہا کہ مزید برآمدگی اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ملزمان کو تھانہ بغدادی کے تفتیشی افسر سعید احمد نے گرفتار کیا۔

  • کراچی میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 گرفتار

    کراچی میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، 7 گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلوں میں ایک ملزم ہلاک اور سات گرفتار کر لئے گئے ۔

    پولیس کے مطابق پرانا گولیمار میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسٹریٹ کرمنل مارا گیا ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا، رضویہ سوسائٹی مجاہد گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں زخمی سمیت تین ملزمان خالد، جاوید اور طارق کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوہر آباد بلاک نائین میں فائرنگ کے تبادلے میں ملزم اللہ داد اور آصف کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

    حکام کے مطابق نیو کراچی الیون آئی میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ کورنگی چکرا گوٹھ نظر شاہ مزار کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ملزم سمیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

  • کراچی: راہ چلتی خاتوں کیساتھ نازیبا حرکت، فوٹیج بھی سامنے آگئی

    کراچی: راہ چلتی خاتوں کیساتھ نازیبا حرکت، فوٹیج بھی سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں موٹرسائیکل پر سوار کی راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرنے کا واقعہ پیش آیا، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں راہ چلتی خاتون کے ساتھ نازیباحرکت کرنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا، اس سے قبل بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں۔

    تاہم یہ واقعہ نارتھ کراچی مسلم ٹاؤن میں پیش آیا جس کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی۔

    سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے خاتون مسلم ٹاؤن کی گلی سے گزر رہی تھیں کہ موٹر سائیکل سوار قریب آکر نازیبا حرکت کرتے ہوئے چلا جاتا ہے، موٹرسائیکل پر ملزم کے ساتھ بچہ بھی بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ 12 اگست کی صبح پیش آیا ویڈیو سامنے آنے کے بعد نیو کراچی پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہت کہ متاثرہ خاتون یا کسی اور نے پولیس کو واقعے کی رپورٹ درج نہیں کرائی۔ جائے وقوعہ سے مزید سی سی ٹی وی شواہد جمع کئے جارہے ہیں۔

  • کراچی میں مطلع ابر آلود، موسم خوشگوار، کل سے بادل برسیں گے

    کراچی میں مطلع ابر آلود، موسم خوشگوار، کل سے بادل برسیں گے

    کراچی: شہر قائد میں مطلع ابر آلود ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کل سے گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیاتکا بتانا ہے کہ کل سے کراچی میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے، 29 جولائی کی دوپہر یا رات سے کراچی میں گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا تیسرا اسپیل تیز بارش برسائے گا، بارشوں کا یہ سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا، 3 اگست کے بعد ایک اور سسٹم شہر میں بارشوں کا سبب بنے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا مطلع ابر آلود ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری ریکارڈ کیاگیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی صبح یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے اور جنوب مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی بحالی کا کام جاری، کے الیکٹرک کا بیان بھی آگیا

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی بحالی کا کام جاری، کے الیکٹرک کا بیان بھی آگیا

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی جبکہ کے الیکٹرک نے بجلی بند ہونے سے متعلق خبر پر ردعمل دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے بعد ملیر ماڈل کالونی، نارتھ کراچی، سرجانی، اورنگی منگھوپیر میں بجلی بند ہے۔

    اس کے علاوہ کاظم آباد، یوپی موڑ، ڈی ایچ اے، بن قاسم بلدیہ کے مختلف علاقے، رزاق آباد، گلشن حدید، گلشن اقبال، گلستان جوہر ،نارتھ ناظم آباد شادمان، اولڈ سٹی ایریا، اورنگی، کورنگی میں بھی بجلی بند ہے۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں بجلی کی مجموعی طور پر سپلائی بحال ہے۔ 2000 سے زائد فیڈرز کے زریعے بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کے مطابق گلشن اقبال بلاک 13بی ، 13سی، کوثر ٹاؤن، انڈس مہران، شاہراہِ فیصل، کورنگی ڈی، ایف اور جی ایریا سمیت سیکٹر اے 51 کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق نارتھ کراچی جی11، ماری پور، مسرور کالونی، الفلاح آباد، اور ٹکری ولیج سمیت عمر کالونی اور کسٹم کالونی میں بھی بجلی بحال ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کورنگی ڈی، ایف اور جی ایریا اور سیکٹر 51-A، لیاری، بکرا پیری، کالاکوٹ، نارتھ کراچی 11-G کی بجلی بھی بحال ہے جبکہ چند علاقوں میں بدستور بارش کے پانی کی نکاسی کا انتظار ہے۔

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ حفاظتی پروٹو کول کے تحت چند نشیبی علاقوں میں منقطع کی گئی بجلی کلیئرنس ملتے ہی بحال کر دی جائے گی، پی سی سی ایچ ایس بلاک 2، علامہ اقبال روڈ، گلشن اقبال بلاک 10، عیسیٰ نگری، ایف بی ایریا بلاک 7 سمیت کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 17 اور شاہ فیصل گولڈن ٹاون میں تا حال حفاظت کے پیشِ نظر بجلی منقطع ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بجلی سے متعلق شکایات کے لیے 118 یا کے الیکٹرک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کریں۔

  • ’مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا ایشو ہے، حل نکال رہے ہیں شہری ساتھ دیں‘

    ’مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا ایشو ہے، حل نکال رہے ہیں شہری ساتھ دیں‘

    کراچی: ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ شہر قائد میں مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا ایشو ہے جس کا حل نکال رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مین ہولز کے ڈھکن غائب ہونا ایشو ہے، حل نکال رہے ہیں، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے شہری ہمارا ساتھ دیں۔

    ڈپٹی میئرکراچی نے کہا کہ ویوز بڑھانے کیلئے سیلفی اور ویڈیوز بنالیتے ہیں، اسی طرح شہری مین ہولز کے ڈھکن یا سریا چوری کی اطلاع ویڈیو بنا کر اداروں کو دیں۔

    ڈپٹی میئرکراچی نے مزید کہا کہ ہم تنقید سے گھبراتے نہیں، ہمارا عزم اور پختہ ہوتا ہے، چاہتے ہیں مل کر شہر کی خدمت کریں، یہ سب کا شہر ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف علاقوں میں مین ہولز کے ڈھکن کی کمی تھی، کراچی کے تمام علاقوں کے چیئرمین کو بلایا ہے، اس معاملے کو ان کے سپرد کررہے ہیں تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہو۔

  • سہراب گوٹھ سے غیر قانونی مقیم 8 افغان باشندے گرفتار

    سہراب گوٹھ سے غیر قانونی مقیم 8 افغان باشندے گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے  علاقے سہراب گوٹھ سے پولیس نے غیر قانونی مقیم 8 افغان باشندے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے اطراف علاقے مچھر کالونی، الآصف اسکوائر میں پولیس نے آپریشن کیا جہاں سے 8 غیر قانونی مقیم  افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس پی سہراب گوٹھ چوہدری سہیل کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ آپریشن مچھر کالونی، الآصف اسکوائر اور اطراف علاقوں میں کیا گیا، آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔

    ایس پی چوہدری سہیل نے بتایا کہ مشکوک افراد کے کوائف چیک کئے گئے، مشتبہ افراد کی تصدیق تلاش ایپ سےکی گئی، آپریشن کے دوران خواتین سرچرز نے بھی حصہ لیا۔

    ایس پی چوہدری سہیل نے مزید بتایا کہ آپریشن کے بعد گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا اور گرفتار افراد سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔