Tag: شہزادہ فیصل بن فرحان

  • اقوام متحدہ میں تقریر، سعودی وزیر خارجہ کا بڑا مطالبہ

    اقوام متحدہ میں تقریر، سعودی وزیر خارجہ کا بڑا مطالبہ

    نیویارک: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کے روز شہزادہ فیصل بن فرحان نے یو این فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصفانہ اور زیادہ مساوی عالمی نظام کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاح کی جانی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانی تباہی پر اسرائیل کو جواب دہ نہ ٹھہرایا جانا عالمی اداروں کی نااہلی ہے، اس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، بہتر مستقبل کے لیے اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاحات ایک فوری ضرورت بن گئی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے ایک دن قبل ’’مستقبل کے لیے معاہدہ‘‘ کے حق میں ووٹ دیا تھا، اس حوالے سے انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے اس معاہدے پر مذاکرات میں حصہ لینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ان شرکا کا شکریہ جنھوں نے حتمی معاہدے کی دستاویز پر شدید بحث کے دوران سعودی عرب کے ساتھ تعاون کیا۔

    نیویارک شہر میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں اپنے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے یہ اس لیے کیا کیوں کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمیں ایک بہتر دنیا، ایک سرسبز دنیا بنانے کے لیے سب کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

  • سعودی عرب کا اسرائیل کے خلاف اہم بیان

    سعودی عرب کا اسرائیل کے خلاف اہم بیان

    سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی اولین ترجیح جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیل کا انخلاء ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ نے میونخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ترجیحی بنیادوں پر غزہ میں انسانی المیے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، فلسطینی ریاست کا قیام ہی مشرقِ وسطیٰ میں امن کا واحد حل ہے۔

    سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی بنیادوں پر غزہ میں امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔اس سے قبل گزشتہ روز سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے برطانوی اور کینیڈین ہم منصبوں سے بھی ملاقات کی تھی۔

    سعودی وزیرِ خارجہ کی برطانوی سیکریٹری خارجہ سے ہونے والی ملاقات میں غزہ اور اس کے گرد و نواح کی صورتِ حال میں تازہ ترین پیش رفت کے ساتھ ساتھ بحران کو کم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

  • اسرائیل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    اسرائیل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک اسی وقت تعلقات استوار کریں گے جب اسرائیلی اور فلسطینی کسی حل پر متفق ہوجائیں گے، اسرائیل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب پوری قوت کے ساتھ فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین سے متعلق سعودی عرب کی جو پالیسی کل تھی وہی آج ہے اور وہی کل بھی رہے گی۔ اس بات کی کوئی حقیقت نہیں کہ سعودی عرب اور اسرائیلی ملاقات کی اسکیمیں بنی ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک اسی وقت تعلقات استوار کریں گے جب اسرائیلی اور فلسطینی کسی حل پر متفق ہوجائیں گے۔ ہم مسئلہ فلسطین کے حل کی کسی بھی کوشش کا خیر مقدم کریں گے۔

    خیال رہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے اعلان کے فوری بعد فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا۔

    شاہ سلمان نے فلسطینی صدر کو کہا تھا کہ مسئلہ فلسطین اور فلسطینی عوام کے حقوق سے متعلق سعودی عرب کا مؤقف تبدیل ہونے والا نہیں، شاہ عبد العزیز کے عہد سے لے کر اب تک فلسطینی کاز کی حمایت کی گئی ہے اور کی جاتی رہے گی۔