Tag: شہزادہ ولیم

  • شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق کیا کہا؟

    شہزادہ ولیم نے کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق کیا کہا؟

    برطانوی شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق لب کشائی کی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کینسر سے بچاؤ کی کیموتھراپی کے عمل سے گزر رہی ہیں۔

    شہزادہ ولیم سے برطانیہ میں اسپتال کے دورے کے موقع پر کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق سوال کیا گیا جس پر اُن کا کہنا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں، شکریہ۔

    یاد رہے کہ کیٹ مڈلٹن کا مارچ میں دیئے گئے بیان میں کہنا تھا کہ اس سال کی ابتداء میں پیٹ کی سرجری کے بعد انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کا وہ علاج کرا رہی ہیں۔

    دوسری جانب برطانوی شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کی خوفناک انسانی قیمت پر شدید فکرمند ہوں، اس تنازع میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔

    شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    برطانوی شہزادے ولیم کا کہنا تھا کہ میں بھی سب کی طرح اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتا ہوں، غزہ میں اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ غزہ میں امداد پہنچے اور یرغمالیوں کو بھی رہائی ملے۔

  • شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    شہزادہ ولیم پر امریکی اخبار میں طنزیہ کارٹون شائع

    برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے منظر عام سے غائب ہونے اور مدرز ڈے کے موقع پر ان کی جعلی تصویر سامنے آنے کے معاملے پر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے شہزادہ ولیم پر ایک طنزیہ کارٹون شائع کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کے روز واشنگٹن پوسٹ کی ویب سائٹ پر شائع کیے گئے ادارتی کارٹون میں یہ تاثر دیا گیا کہ کیٹ مڈلٹن کے منظر عام سے غائب ہونے اور مدرز ڈے پر ان کی اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصویر سامنے آنے میں شہزادہ ولیم ملوث ہیں۔

    واشنگٹن پوسٹ میں شائع کارٹون میں شہزادہ ولیم کو شہزادی کیٹ مڈلٹن کی ایک گتے پر بنی ہوئی تصویر کو پکڑ کر اسے تاروں سے کنٹرول کرتے اور کینسنگٹن پیلس کی کھڑکی سے لہراتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ ہفتے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مدرز ڈے کے موقع پر اپنے بچوں کے ہمراہ شیئر کی گئی تصویر میں ترمیم کرنے کا اعتراف کرکے میڈیا اور انٹرنیٹ صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کی تھی۔

    جوبائیڈن نے پیوٹن کی بدترین توہین کردی ۔۔

    واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے یہ طنزیہ کارٹون اس لیے شائع کیا گیا ہے کیونکہ شہزادہ ولیم کیٹ مڈلٹن کی سرجری کے بعد سے بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

  • برطانوی شہزادہ ولیم کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

    برطانوی شہزادہ ولیم کا غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

    برطانوی شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کی خوفناک انسانی قیمت پر شدید فکرمند ہوں، اس تنازع میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی شہزادے ولیم کا کہنا تھا کہ میں بھی سب کی طرح اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ چاہتا ہوں، غزہ میں اس وقت انسانی امداد کی شدید ضرورت ہے، یہ انتہائی اہم ہے کہ غزہ میں امداد پہنچے اور یرغمالیوں کو بھی رہائی ملے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی مندوب کا کہنا ہے کہ یہ غزہ جنگ بندی کی قرارداد کا وقت نہیں ہے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اب الجزائر کی طرف سے لائی گئی قرارداد پر ووٹنگ کے لیے اجلاس کر رہی ہے جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے پہلے ہی اس قرارداد کو ویٹو کرنے کا فیصلہ ٹیلی گراف کر دیا ہے۔

    سلامتی کونسل کے سامنے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر الجزائر کی قرارداد منظور ہوتی ہے تو وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے ہونے والے مذاکرات کے خلاف کام کرے گی۔

    غزہ میں خوراک کی قلت: امریکا نے جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کر دی

    انہوں نے کہا یہ کونسل جو بھی اقدام کرتی ہے اس سے مدد ملنی چاہیے اور ان حساس اور جاری مذاکرات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ قرارداد ان مذاکرات پر منفی اثر ڈالے گی۔

  • شاہ چارلس کی غیر موجودگی میں شاہی فرائض کون ادا کرے گا؟

    شاہ چارلس کی غیر موجودگی میں شاہی فرائض کون ادا کرے گا؟

    لندن: برطانوی بادشاہ چارلس کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات کے بعد شاہی فرائض کی انجام دہی کا بوجھ شہزادہ ولیم کے کندھوں پر آ پڑا ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم میں کینسر کے مرض کی تشخیص کے بعد ولئ عہد ولیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے والد کی غیرموجودگی میں شاہی فرائض انجام دیں گے۔

    41 سالہ ولئ عہد ولیم نے اپنی اہلیہ شہزادی کیتھرین کے آپریشن کے بعد سے عوامی مصروفیات معطل کی ہوئی ہیں، اور وہ شہزادی کیتھرین اور تین بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔

    تاہم والد میں کینسر کی اچانک تشخیص کے بعد گزشتہ روز سے شہزادہ ولیم نے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ شاہی سطح پر پیدا ہونے والے خلا کو پُر کیا جا سکے، ان سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ والد کے بھی کچھ فرائض انجام دیں گے، اس دوران شاہ چارلس کی بیٹی شہزادی این اور ملکہ کمیلا بھی ولئ عہد کا ساتھ دیں گی۔

    واضح رہے کہ بکنگھم پیلس نے شاہ چارلس کی بیماری کے حوالے سے تاحال تفصیلات جاری نہیں کیں، کہ وہ کینسر کی کون سی قسم میں مبتلا ہیں، برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے تصدیق کی تھی کہ شاہ چارلس کا کینسر ابتدائی اسٹیج کا ہے۔

  • شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    شہزادہ ولیم میں کرونا وائرس کی تشخیص شاہی خاندان نے خفیہ رکھی

    لندن: ایک برطانوی اخبار کا دعویٰ ہے کہ شاہی خاندان کے رکن اور ولی عہد شہزادہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اس بات کو عوام سے خفیہ رکھا گیا۔

    برطانوی اخبار دی سن کی جانب سے شائع شدہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم اپریل میں کرونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں تاہم یہ معاملہ خفیہ رکھا گیا تاکہ قوم میں تشویش نہ بڑھے۔

    برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ اپریل میں شاہی خاندان نے ان کا علاج خفیہ رکھا۔

    رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم نے 9 سے 16 اپریل کے دوران شاہی امور سے 7 دن کا وقفہ لیا تھا جس کے دوران انہوں نے کسی ویڈیو کال یا پیغام میں حصہ نہیں لیا۔

    اخبار کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ شہزادے نے ایک تقریب کے دوران اپنے کسی جاننے والے کو خود بتایا کہ کوویڈ کی تشخیص کے بعد انہوں نے اسے اس لیے چھپایا کیونکہ اس وقت اور بہت سے ضروری معاملات چل رہے تھے جن کی طرف توجہ دینا زیادہ ضروری تھا۔

    مذکورہ اخبار نے اس حوالے سے شاہی محل سے رابطہ کیا تاہم محل کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، البتہ اب تک شاہی محل کی جانب سے اس رپورٹ کی تردید بھی نہیں کی گئی۔

    خیال رہے کہ شہزادہ ولیم کے والد ولی عہد شہزادہ چارلس بھی مارچ میں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، انہیں شاہی محل میں قرنطینہ کردیا گیا تھا اور اس دوران وہ آئسولیشن میں رہتے ہوئے اپنی شاہی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

    دوسری جانب برطانیہ میں کرونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے جس کے باعث ملک میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعرات 5 نومبر سے ہوگا اور 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے جبکہ بار اور کلبز بند رہیں گے، اس دوران بیرون ملک سفر اور سماجی میل جول پر پابندی ہوگی البتہ کام کے لیے دوسرے شہر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • لندن، شہزادہ ولیم نے ایئرایمبولینس کیلئے شاہی محل کے استعمال کی اجازت دے دی

    لندن، شہزادہ ولیم نے ایئرایمبولینس کیلئے شاہی محل کے استعمال کی اجازت دے دی

    لندن: برطانوی شہزادہ ولیم نے کرونا وائرس کے پیش نظر ایئرایمبولینس کے لیے شاہی محل کے استعمال کی اجازت دے دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم نے کرونا وائرس کے سبب ایئرایمبولینس کے لیے شاہی محل استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

    شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ ایئرایمبولینس کے ہیلی کاپٹر پیلس میں ری فیولنگ کرسکیں گے، واضح رہے کہ کینزگٹن پیلس کے ہیلی پیڈ شاہی ہیلی کاپٹرز کے لیے مختص تھے۔

    رپورٹ کے مطابق شاہی محل کے استعمال کی وجہ سے میڈیکل اسٹاف کا قیمتی وقت بچے گا، شہزادہ ولیم خود بھی ریسکیو ہیلی کاپٹر کے پائلٹ رہ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ میں کرونا مریضوں کی تعداد میں کمی، ایمرجنسی اسپتال بند کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ برطانیہ میں کرونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی اسپتال کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم دوسری لہر آنے کی صورت میں اسپتال دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

    این ایچ ایس کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لندن سے زیادہ مریض شمالی برطانیہ میں ہیں، لندن کے اسپتالوں میں کرونا کے 2023 مریض ہیں۔

    حکام کا اندازہ تھا کہ لندن میں ساڑھے سات ہزار آئی سی یو درکار ہوں گے اور اس کے لیے ہزاروں افراد پر مشتمل طبی عملے کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں تھیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ کرونا وبا کا زور ٹوٹ چکا ہے اور مریضوں کی تعداد میں اب کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

  • برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    برطانوی شہزادے کی 99 سالہ ہیرو کے لیے خفیہ امداد

    لندن: برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے لیے لاکھوں پاؤنڈز کی خطیر رقم جمع کرنے والے سابق فوجی کیپٹن ٹام مور کو اس وقت ہیرو مانا جارہا ہے، کیپٹن کو برطانوی شہزادے ولیم نے بھی خفیہ طور پر رقم روانہ کی تھی۔

    برطانیہ کے شاہی محل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہزادہ ولیم نے کیپٹن ٹام مور کو ایک خطیر رقم عطیہ کی ہے جسے اب تک ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔

    شہزادہ ولیم نے اپنے گھر سے ریکارڈڈ ایک ویڈیو میں کیپٹن کی تعریف اور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ 99 سالہ کیپٹن کے جذبے سے تمام لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کیپٹن عطیات جمع کرنے والی مشین بن گئے ہیں اور خدا ہی جانتا ہے کہ ان کی عطیہ کی گئی رقم کتنی ہوگی۔ شہزادے کی کزن شہزادی یوجنی نے بھی ٹویٹر پر کیپٹن کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب این ایچ ایس کا اسٹاف بھی کیپٹن کا بے حد مشکور ہے۔

    ادھر برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کیپٹن مور کی خدمات کا کیسے اعتراف کیا جائے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فوج میں اپنی خدمات سے لے کر، ریٹائرمنٹ کے بعد این ایچ ایس اسٹاف کی مدد کرنے تک، ٹام کی خدمات ناقابل فراموش اور قابل تقلید ہیں۔

    خیال رہے کہ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کی جانب سے لڑنے والے ٹام مور نے این ایچ ایس کے لیے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم جمع کرلی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گارڈن میں واک کرتے ہوئے شہریوں سے فنڈز کی اپیل کی جس پر عوام کا بھرپور رد عمل آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے 90 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کی رقم اکٹھا ہوگئی۔

    کیپٹن ٹام نے اپنے گھر کے گارڈن کے 100 چکر پورے کر کے 1 ہزار پاؤنڈز جمع کرنے کا ہدف بنایا تھا لیکن عوام نے پیسوں کے ڈھیر لگا دیے، ٹام 30 اپریل کو 100 برس کے ہوجائیں گے، ان کی ہمت اور جذبے کے باعث برطانوی عوام نے انہیں ہیرو قرار دیا ہے۔

  • شہزادہ ہیری کا اختلافات کا انکشاف ، شہزادہ ولیم بھی میدان میں آگئے

    شہزادہ ہیری کا اختلافات کا انکشاف ، شہزادہ ولیم بھی میدان میں آگئے

    لندن : برطانوی شہزادہ ہیری کے انکشاف کے بعد شہزادہ ولیم نے کہا ہے کہ ہیری ذہنی بیماری کا شکار ہیں، امید ہے بھائی اور ان کی بھابھی کے مسائل جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شاہی محل کے ذرائع نے بتایا کہ برطانوی شہزادہ ہیری کے بڑی بھائی سے اختلافات کا اعتراف کے بعد شہزادہ ولیم نے غصہ کرنے کے بجائے اپنے بھائی کی ذہنی صحت پر پریشانی دکھائی اور امید ظاہر کی کہ بھائی اور ان کی بھابھی کے مسائل جلد ٹھیک ہوجائیں گے ۔

    شاہی محل کے ذرائع نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ شہزادہ ولیم اپنے چھوٹے بھائی کی باتوں پر غصے میں ہیں، رپورٹ کے مطابق اگرچہ شاہی محل کے ذرائع نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ شہزادہ ولیم اپنے چھوٹے بھائی کو ڈپریشن یا دیگر ذہنی بیماری کا شکار سمجھتے ہیں، تاہم ان کا خیال ہے کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔

    مزید پڑھیں :  برطانوی شہزادہ ہیری کا بڑے بھائی ولیم سے اختلافات کا انکشاف

    یاد رہے گذشتہ ماہ شہزادہ ہیری نے بھائی سے اختلافات کا اعتراف افریقی دورے کے دوران برطانوی ٹی وی آئی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا تھا، جسے گزشتہ ہفتے دستاویزی فلم کے طور پر نشر کیا گیا۔

    برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنے بڑی بھائی شہزادہ ولیم سے اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں الگ الگ راہوں پر گامزن ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل شہزادی کیٹ میڈلٹن اور میگھن مرکل کے درمیان بھی اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پاکستان کا پانچ روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے وزیراعظم، صدر مملکت سے ملاقات کی تھی، چترال، لاہور کے ایس او ایس ولیج کا بھی دورہ کیا تھا۔

  • برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا ہے، نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کا طیارہ نور خان ائیر بیس پر اتر گیا، شاہ محمود قریشی، ان کی اہلیہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جب کہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستہ پیش کیا۔

    اے آر وائی نیوز نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان میں مصروفیات کا شیڈول بھی حاصل کر لیا ہے، شاہی جوڑا کل صبح 10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ کرے گا اور 11 بجے ٹریل فائیو پر ماحولیات کی تقریب میں شریک ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق شاہی جوڑے کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات 12 بجے، جب کہ وزیر اعظم عمران خان سے کل دوپہر ایک بجے ملاقات ہوگی، وزیر اعظم شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

    برطانوی شاہی مہمان کل شام 6 بجے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کریں گے، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ رات برطانوی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات ہیں، شاہی جوڑا شمالی علاقہ جات اور لاہور کا دورہ اور سول سوسائٹی کے نمایندگان سے ملاقات کرے گا۔

    تازہ ترین:  برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر رکشے سجا دیئے گئے

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، جوڑے کو خوش آمدید کہنے کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں رکشے برطانوی اور پاکستانی جھنڈوں اور خیر مقدمی پینٹنگز سے سجائے گئے ہیں۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کے دورے پر ہیں، 16 اکتوبر کو جوڑا لاہور جائے گا، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہیں دیکھیں گے، 17 اکتوبر کو شاہی مہمان چترال کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا، خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

  • برطانوی شاہی جوڑے کی  پاکستان آمد ، شایانِ شان استقبال کی تیاریاں مکمل

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد ، شایانِ شان استقبال کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کانورخان ایئربیس پر ریڈکارپٹ استقبال ہوگا، شاہی مہمان صدرمملکت اوروزیراعظم سےملاقاتیں بھی کریں گے

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ اورشہزادی آج  پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں ، شاہی جوڑے کا  ملک میں بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا جائے گا ،جس کے لیے تقریباً تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

    شہزادہ ولیم اورکیٹ مڈلٹن آج رات ساڑھےنوبجےنورخان ائیربیس پہنچیں گے، جہاں وفاقی وزیر، دفترخارجہ اوربرطانوی ہائی کمیشن کے حکام استقبال کریں گے جبکہ شاہی جوڑے کو  گارڈآف آنربھی پیش کیاجائےگا۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    شاہی جوڑے کی کل صدرپاکستان عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان سےملاقاتیں طے ہیں ، جس میں جس میں دوطرفہ ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

    برطانوی شہزادہ اورشہزادی16اکتوبر کو لاہور جائیں گے ، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہوں کا دورہ کریں گے  جبکہ جمعرات کو چترال کے لیے روانہ ہوں گے، شاہی جوڑے کا درہ خیبراورقلعہ خیبر کا دورہ بھی متوقع ہے۔

    ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔