Tag: شہزادی کیٹ مڈلٹن

  • شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر سے ریکوری کے بعد پہلی تصویر شیئر کر دی

    شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر سے ریکوری کے بعد پہلی تصویر شیئر کر دی

    لندن: برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر سے ریکوری کے بعد پہلی تصویر شیئر کر دی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادی کیٹ مڈلٹن کینسر سے ریکوری کے بعد منظر عام پر آ گئی ہیں، انھوں نے انسٹاگرام پر ایک پیغام بھی شیئر کیا ہے۔

    کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد شہزادی آف ویلز کیٹ مڈلٹن کسی بھی سماجی سرگرمی میں شامل نہیں ہوئیں اور منظر عام سے غائب رہیں، تاہم کئی ماہ بعد انھوں نے کینسر سے ریکوری کے بعد اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔

    کیٹ نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ کیموتھراپی سے گزرنے والا ہر شخص جانتا ہوگا کہ اس علاج کے دوران اچھے اور برے دنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میری صحت میں اب بہتری آ رہی ہے، میں کینسر کے علاج سے مطمئن ہوں مگر ابھی مزید چند ہفتے علاج جاری رہے گا۔

    انھوں نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں میں لوگوں نے انھیں حوصلہ افزائی سے بھرے بے شمار پیغامات بھیجے، ان پیغامات نے ان کے اور ولیم کے لیے بہت کچھ بدل کر رکھ دیا، اور مشکل وقتوں میں ان کی مدد کی۔

    کیٹ نے مزید کہا ’’میرا علاج ابھی جاری ہے اور چند ماہ اور جاری رہے گا، میں اب کافی بہتر محسوس کرتی ہوں، اور معمولات زندگی کی طرف لوٹ کر انجوائے کر رہی ہوں۔‘‘

  • میگھن مارکل کا شاہی خاندان سے رابطہ کرنے کا انکشاف

    میگھن مارکل کا شاہی خاندان سے رابطہ کرنے کا انکشاف

    شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے درمیان دوبارہ تعلقات کا آغاز ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے صلح کرنے کے لیے کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ چارلس سے رابطہ کیا ہے۔

    یو ایس ویکلی رپورٹ کے مطابق ’میگھن مارکل اپنے شوہر ہیری کی حمایت کرتے ہوئے شاہی خاندان سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا ہے جبکہ شہزادی کیٹ نے ان کی حمایت کی ہے‘۔

    رپورٹ میں ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ شہزادی کیٹ مڈلٹن صلح کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے راضی ہیں، انہوں نے اتفاق کیا کہ زندگی بہت مختصر ہے اور وہ امید کرتی ہے کہ وہ اس دوری کو ختم کر دیں گی۔

    واضح رہے کہ شہزادہ ہیری نے اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے پرنس آرچی کے ساتھ 2020 میں شاہی خاندان کو واپس چھوڑ دیا تھا۔ دونوں نے 0بعد میں شاہی خاندان پر اپنے بیٹے کے خلاف نسل پرستی کا مظاہرہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

  • برطانوی شہزادی کا ایک اور خاتون ڈیزائنر کے نام شکریہ کا خط

    برطانوی شہزادی کا ایک اور خاتون ڈیزائنر کے نام شکریہ کا خط

    لندن : دورہ پاکستان کرنے والی برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایک اور پاکستانی خاتون ڈیزائنر کے نام شکریہ کا خط بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس دوران شہزادی کے پہنے ہوئے لباس کے خوب چرچے ہوئے اور جس کے باعث وہ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

    برطانوی شہزادی کے زیب تن کیے گئے گہرے نیلے رنگ کے لباس کو ماہین خان نے تیار کیا تھا جس پر انہوں نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماہین خان کے نام شکریہ کا خط لکھا اور بتایا کہ’آپ کے تیار کردہ لباس بہت پسند آئے‘۔

    شہزادہ کیٹ نے ماہین خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دورہ پاکستان میں میری مدد اور اتنے بہترین ملبوسات تیار کرنے کا بےحد شکریہ‘۔

    شہزادی کا کہنا تھا کہ ’انہیں ملبوسات بہت پسند آئے‘۔

    ڈیزائنر ماہین خان نے برطانوی شہزادی کے خط کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

    نجی ٹی وی چینل سے کی گئی گفتگو کے دوران ڈیزائنر ماہین خان کہنا تھا کہ شروع مین کیٹ مڈلٹن کی ٹیم کی ٹیم نے برطانیہ میں موجود فیشن ہاؤس ’اونیٹا‘ سے مشرقی لباس خریدے جو شہزادہ ولیم کی اہلیہ کو پسند آئے۔

    ان کے مطابق کیٹ مڈلٹن نے اپنی ٹیم کو ان سے رابطہ کرکے پاکستانی دورے کے حوالے سے ملبوسات تیار کرنے کا کہا اور بعد ازاں ڈیزائنر اور شاہی محل کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس کے تحت ماہین خان نے کیٹ مڈلٹن کے لیے لباس تیار کیا۔

    برطانوی شہزادی کا خاتون ڈیزائنر کے نام خط، پاکستان دوبارہ آنے کا اشارہ

    خیال رہے کہ اس سے قبل شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستانی فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کے نام بھی شکریہ کا خط تحریر کرچکی ہیں جس میں انہوں نے خدیجہ شاہ کے تیار کردہ لباس پر بہت پسندیدگی کا اظہار کیا تھا اور ہم دوبارہ پاکستان آئیں گے‘۔

    یہ لباس پاکستانی فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے تیار کیا تھا

    یاد رہے 17 اکتوبر کو ولیم اور کیٹ نے دورہ پاکستان میں پہلی بار ایس او ایس ویلیج کا دورہ کیا تھا، موسم کی خرابی کے باعث شاہی جوڑے کو لاہور میں ایک رات زیادہ قیام کرنا پڑ گیا تھا۔ بعد ازاں 18 اکتوبر کو شہزادہ ولیم اور کیٹ نے ایک بار پھر ایس او ایس ویلیج جانے کا فیصلہ کیا تھا، جہاں بچوں کے ساتھ وقت گزار، بچوں کے کمرے میں گئے اور خوب گپ شپ لگائی تھی۔

  • دورہ پاکستان کے بعد برطانوی شہزادی  کا پہلا انٹرویو

    دورہ پاکستان کے بعد برطانوی شہزادی کا پہلا انٹرویو

    لندن :برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب کچھ بہت اچھا رہا، دلکش نظاروں کا جواب نہیں ، ایس او ایس ولیج مستقبل کے حوالے سے بچوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے دورہ پاکستان کے بعد سی این این کو پہلے خصوصی انٹرویو میں کہا پاکستان میں سب کچھ بہت اچھا رہا، دلکش نظاروں کا جواب نہیں، پاکستانی لوگوں کی مہمان نوازی، ثقافت نے ہمیں بہت زیادہ متاثر کیا۔

    کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ ایس او ایس ولیج دیکھنا چاہتی تھی، میں اپنے شوہر کے ساتھ وہاں گئی، ایس او ایس ولیج مستقبل کے حوالے سے بچوں کو مدد فراہم کر رہے ہیں، وہاں بہت ساری خواتین موجود تھیں جو بہت ہی مثبت کردار ادا کر رہی تھیں۔

    برطانوی شہزادی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، میرے لیے یہ بھی اعزاز کی بات ہے کہ میں نے دورے کے دوران کمیونٹی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔

    انٹرویو کے دوران ولیم اور کیٹ نے پاکستان میں قیام کے دوران تعلیم اور آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے متعلق بھی بات کی۔

    خیال رہے برطانوی شاہی جوڑے کی لاہور سے اسلام آباد روانگی کے بعد طیارہ خراب موسم کے باعث مشکل صورتحال سے دوچار ہوگیا تھا تاہم پائلٹ انتہائی مہارت سے طیارے کو واپس لاہور ائیرپورٹ پر اتارنے میں کامیاب ہوگیا، شہزادی کیٹ میڈلٹن نے مشکل صورتحال کو ایڈونچر قرار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی شاہی جوڑے کا یادگار دورہ لاہور

    شہزادی کا کہنا تھا کہ طیارہ ہچکولے کھا رہا تھا، رائل ائیرفورس کےعملے نے بہت مہارت دکھائی، ہماراخیال رکھا اور حفاظت سے ہمیں گھرپہنچایا۔

    یاد رہے گذشتہ روز برطانوی شاہی جوڑا پاکستان سے خوبصورت یادیں لئے وطن روانہ ہوا تھا، روانہ ہونے سے پہلے شاہی جوڑے کو یادگاری البم بھی دی گئی۔

    پانچ روزہ دورے میں شہزاد ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے لاہوراسلام آباد اور چترال کا دورہ کیا، کیلاش کی ثقافت دیکھی اور بادشاہی مسجد بھی گئے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے اور صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کی ۔۔

    آخری روز بھی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے لاہور کے ایس او ایس ویلیج میں بچوں کے ساتھ وقت گزار، بچوں کے کمرے میں گئے اور خوب گپ شپ لگائی ، شاہی جوڑے نے اسلام آباد میں کے نائن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

    برطانوی شاہی مہمان پانچ روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہو گئے ہیں، دورہ کے آخری تقریب میں انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں آرمی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور خیبر رائفل ملٹری پوسٹ کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔

  • ’آپ نے ہمیں رشتوں کی اہمیت بتادی‘

    ’آپ نے ہمیں رشتوں کی اہمیت بتادی‘

    لاہور: برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستانی خاندانی نظام کی پرستار ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایس او ایس ولیج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کیا ہوتا ہے آپ نے یاد دلادیا۔

    شہزادی کیٹ نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ خاندان آپ کے کلچر میں دل کی حیثیت رکھتا ہے، والدین، بچے، خالہ، چاچا، دادا، دادی سب اہمیت رکھتے ہیں۔

    کیٹ مڈلٹن نے کہا کہ آپ نے ہمیں سکھایا یہ صرف خونی رشتوں کا معاملہ نہیں ہے، یہ وہ خاص رشتے ہیں جو ہمیں محفوظ اور مضبوط بناتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بادشاہی مسجد کا دورہ ، شہزادی کیٹ نے احترام میں سرڈھانپ لیا

    انہوں نے کہا کہ یہ ان رشتوں کا معیار ہے جو اہمیت رکھتے ہیں۔

    شہزادی کیٹ نے 3 یتیم بچوں کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور اردو زبان میں کہا کہ ’آپ سب کا بہت بہت شکریہ، سالگرہ مبارک ہو۔‘

    واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے کی بادشاہی مسجد آمد پر امام مولانا عبدالخبیر آزاد نے معزز مہمانوں کااستقبال کیا تھا، شہزادی کیٹ نے مسجد کے احترام میں اپنا سرڈھانپ لیا تھا۔

    اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے سبز رنگ کا لباس زیب تن کیا اور برطانوی شاہی جوڑےنےبادشاہی مسجدکے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا۔

  • برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    برطانوی شاہی جوڑا پاکستان پہنچ گیا

    اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑا 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا ہے، نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کا طیارہ نور خان ائیر بیس پر اتر گیا، شاہ محمود قریشی، ان کی اہلیہ اور برطانوی ہائی کمشنر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا جب کہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے برطانوی شاہی جوڑے کو گل دستہ پیش کیا۔

    اے آر وائی نیوز نے برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان میں مصروفیات کا شیڈول بھی حاصل کر لیا ہے، شاہی جوڑا کل صبح 10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ کرے گا اور 11 بجے ٹریل فائیو پر ماحولیات کی تقریب میں شریک ہوگا۔

    شیڈول کے مطابق شاہی جوڑے کی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات 12 بجے، جب کہ وزیر اعظم عمران خان سے کل دوپہر ایک بجے ملاقات ہوگی، وزیر اعظم شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

    برطانوی شاہی مہمان کل شام 6 بجے پاکستان مونومنٹ کا بھی دورہ کریں گے، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ رات برطانوی ہائی کمیشن میں قیام کریں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان پر بہت خوشی ہے، پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات ہیں، شاہی جوڑا شمالی علاقہ جات اور لاہور کا دورہ اور سول سوسائٹی کے نمایندگان سے ملاقات کرے گا۔

    تازہ ترین:  برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر رکشے سجا دیئے گئے

    برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر شایان شان استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، جوڑے کو خوش آمدید کہنے کے لیے راولپنڈی اور لاہور میں رکشے برطانوی اور پاکستانی جھنڈوں اور خیر مقدمی پینٹنگز سے سجائے گئے ہیں۔

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کے دورے پر ہیں، 16 اکتوبر کو جوڑا لاہور جائے گا، جہاں وہ شوکت خانم اسپتال، بادشاہی مسجد اور مینار پاکستان سمیت تاریخی جگہیں دیکھیں گے، 17 اکتوبر کو شاہی مہمان چترال کے لیے روانہ ہوں گے۔

    ذرایع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ائیر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائے گا، خیال رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔