Tag: شہید

  • جڑا نوالہ: آئل ٹینکر کی ٹکر،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    جڑا نوالہ: آئل ٹینکر کی ٹکر،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    فیصل آباد : صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے تھانہ ستیانہ کے ایس ایچ او خالد گجر کا کہنا ہے کہ ایگل اسکواڈ کے دونوں کانسٹیبل مبارک علی اور محمد رفیق موٹر سائیکل پرگشت پر تھے۔

    جڑانوالہ چک نمبر76گ ب کے قریب پیچھے سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے دونوں اہلکاروں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

    واقعے کے فوراََ بعد ہی آئل ٹینکرکاڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا،دونوں پولیس اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں حکام کا کہناہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    ایگل اسکواڈ کے دونوں اہلکاروں کے حادثے میں جاں بحق ہونے پرایس پی نجیب اللہ بدرانی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےاور کہا کہ بہت جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائےگا۔

  • جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر شہید

    جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، میجر شہید

    پشاور: جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک میجر جاں بحق جبکہ 6 اہلکار زخمی ہو گئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں سرچ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی زد میں آکر میجر عمران جاں بحق ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں 6 فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں ایک لیفٹننٹ بھی شامل ہے۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ سنہ 2014 میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔ آپریشن میں بیشتر علاقے کو اب کلیئر کیا جا چکا ہے تاہم سرچ آپریشن ابھی بھی جاری ہیں۔

  • کوئٹہ حملے میں شہید20اہلکاروں کی میتیں تربت پہنچادیں گئیں

    کوئٹہ حملے میں شہید20اہلکاروں کی میتیں تربت پہنچادیں گئیں

    کوئٹہ: پولیس ٹریننگ سینڑ پر حملے میں شہید 20پولیس اہلکاروں کی میتیں تربت پہنچادیں گئیں آج شہید اہلکاروں کو سپردخاک کیاجائےگا۔

    تفصیلات کےمطابق پولیس سینٹر پرحملے کے خلاف صوبہ بلوچستان میں سوگ کی فضا ہے جبکہ کوئٹہ میں کاروباری مراکز بنداور پاکستان بارکونسل کی جانب سے عدالتی کارروائی کابائیکاٹ کیاگیاہے۔

    سانحہ کوئٹہ میں پاک فوج کے کیپٹن روح اللہ اور پاک فوج کے جوان محمد سجاد سمیت 62پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے جن میں سے بیشترکاتعلق بلوچستان کے دوردراز علاقوں سے تھا۔

    سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل

    کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پرحملے کی تحقیقات کے لیےایس ایس پی انوسٹی گیشن اعتزاز گورایہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    پولیس ٹریننگ حملے کی تحقیقات میں پنجاب فارنزک ایجنسی کی خدما ت بھی حاصل کی جارہی ہیں تفتیشی ٹیم نےموقع سے شواہد جمع کرنےکاعمل شروع کردیاہے۔

    ابتدائی تفتیش میں اس بات کا انکشاف ہواکہ دہشت گروں نے سی فور نامی بارودی مواد استعمال کیا اور حملے میں دہشت گردوں کی جانب سے غیرملکی اسلحہ استعمال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ،62 اہلکار شہید، 118 زخمی

    واضح رہے کہ واضح رہے کہ گزشتہ روز راتے گئے کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پرتین دہشت گردوں کے حملےمیں 62اہلکار شہید ہوئے تھے اور سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے تھے۔

  • بان کی مون کا2 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پراظہارافسوس

    بان کی مون کا2 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پراظہارافسوس

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کےمطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے سیکریٹری جنرل بان کی مون سےملاقات کی ہےجس میں بان کی مون نے 2 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر پاکستانی حکومت اور شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔

    اس موقع پر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا،ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارتی بیانات اور اقدامات خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کا سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے، بھارت پاکستان کے خلاف کئی بار جارحیت کرچکا ہے، ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکی بنیادی وجوہات پرغورکرنے کی ضرورت ہے،بھارت مسلسل کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار کررہا ہے۔

    ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل کشمیرمیں انسانی حقوق کےخلاف ورزیوں کےخاتمے میں کرداراداکریں۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بان کی مون نے اعتراف کیا کہ اقوام متحدہ کے مبصرگروپ کابھارتی ہٹ دھرمی کےباعث مکمل فعال نہیں یو این مشن صرف پاکستانی لائن آف کنٹرول پرفعال ہے۔

  • نشان حیدر پانے والے فوج کے 10 بہادر سپوت

    نشان حیدر پانے والے فوج کے 10 بہادر سپوت

    نشان حیدر پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے۔ یہ اب تک پاک فوج کے 10 شہدا کو مل چکا ہے جنہوں نے وطن کی خاطر بہادری کی تاریخ رقم کی۔

    یہ اعزاز حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کے نام سے منسوب ہے جن کا لقب حیدر تھا اور ان کی بہادری ضرب المثل ہے۔

    نشان حیدر پانے والے فوج کے 10 شہدا یہ ہیں۔

    کیپٹن محمد سرور شہید

    captain-Muhammad-Sarwar-Shaheed

    میجر طفیل محمد شہید

    Major-Tufail-Muhammad-shaheed

    میجر راجہ عزیز بھٹی شہید

    Major-Raja-Aziz-Bhatti-shaheed

    میجر محمد اکرم شہید

    Major-Muhammad-Akram-shaheed

    پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید

    Pilot-officer-Rashid-Minhas-shaheed

    میجر شبیر شریف شہید

    Major-Shabbir-Sharif-shaheed

    جوان سوار محمد حسین شہید

    Sawar-Muhammad-Hussain-shaheed

    لانس نائیک محمد محفوظ شہید

    Lance-Naik-Muhammad-Mehfooz-shaheed

    کیپٹن کرنل شیر خان شہید

    Captain-Colonel-sher-khan-shaheed

    حوالدار لالک جان شہید

    Hawaldar-lalak-jan-shaheed

    سب سے پہلا نشان حیدر 27 جولائی 1948 کو دشمن کے عزائم خاک میں ملانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کو دیا گیا۔

    سات اگست 1958 کو میجر طفیل مشرقی پاکستان میں جام شہادت نوش کر کے نشان حیدر کے حق دار قرار پائے۔

    سنہ 1965 کی جنگ میں میجر راجہ عزیز بھٹی نے دشمن کے خلاف داد شجاعت دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور نشان حیدر پایا۔

    جام شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے پائلٹ افسر راشد منہاس، بری فوج کے میجر شبیر شریف، جوان سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم اور لانس نائیک محمد محفوظ نے بہادری کی داستانیں رقم کیں اور نشان حیدرسے سرفراز ہوئے۔

    سنہ 1999 میں کارگل میں بہادری سے جان، جان آفریں کے سپرد کرنے والے قوم کے سپوتوں شہید کیپٹن شیر خان اور حوالدار لالک جان کو نشان حیدر سے نوازا گیا۔

    ان میں ایک اور نام نائیک سیف علی جنجوعہ کا بھی ہے جنہیں 1947 میں ہلال کشمیر دیا گیا۔ آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے دیا جانے والا یہ اعزاز نشان حیدر کے برابر ہے۔

    Saif-Ali-Janjua

    اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشان حیدر جنگوں کے دوران دشمن افواج سے چھینے گئے اسلحہ کی دھات سے بنایا جاتا ہے۔ اب تک بری فوج کے حصہ میں 9 جبکہ پاک فضائیہ کے حصے میں ایک نشان حیدر آیا ہے۔

  • خیبر پختونخواہ اور فاٹامیں دہشت گردی کے واقعات،3اہلکار جاں بحق

    خیبر پختونخواہ اور فاٹامیں دہشت گردی کے واقعات،3اہلکار جاں بحق

    پشاور: خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور اور قبائلی علاقےفاٹا کی مہمند ایجنسی میں دہشت گردی کے واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے ان واقعات میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں پولیس،خاصہ دار فورس اور بم ڈسپوزل یونٹ کے 3 اہلکار شہید ہوئے.

    پولیس کا کہنا تھا کہ پشاور میں پاجاگی روڈ کے علاقے میں متھرا تھانے کی پولیس وین کے قریب ایک بم دھماکا ہوا۔

    واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن پشاور عباس مجاہد مروت نے بتایا کہ پولیس موبائل روٹین کے گشت پر تھی جب اسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا،جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی جبکہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا.

    واقعے میں زخمی ہونے والے راہ گیر کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے.

    پولیس کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ بم میں 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.

    دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں سیکورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا،جس کے نتیجے میں بی ڈی یو کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کےلیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا.

    بارودی سرنگ کا دوسرا دھماکہ مہمند ایجنسی کے علاقے چمر کنڈ میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاصہ دار فورس کا اہلکار جان کی بازی ہارگیا.

  • باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، دو فوجی اہلکار شہید

    باجوڑ ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، دو فوجی اہلکار شہید

    باجوڑ: بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں کی تصدیق کردی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بارودی سرنگ کے دھماکے اور شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا میں حوالدار مشتاق اور حوالدار خورشید شامل ہیں۔

    وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے باجوڑ دھماکے میں پاک فوج کے دو جوان شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ حملے دہشت گردوں کے شکست خوردہ ہونے کی دلیل ہیں۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری قوم کی دعائیں مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔

    وزیر اعظم نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

  • پاک فوج کا شوال آپریشن : سینکڑوں ایکڑ رقبہ دہشت گردوں سے خالی کرالیا

    پاک فوج کا شوال آپریشن : سینکڑوں ایکڑ رقبہ دہشت گردوں سے خالی کرالیا

    شمالی وزیرستان: پاک فوج نے شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں کامیاب آپریشن کے بعد 312 اسکوائر کلومیٹر کا ایریا محفوظ بنا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کا انتہائی دشوارگزاراورمشکل وادی شوال میں کامیاب آپریشن کر کے وہاں موجود ملکی وغیرملکی دہشت گردوں کو پاکستانی سرحد سے باہر نکال کر حکومتی رٹ کو بحال کردیا گیا ہے۔

    وادی شوال میں کامیاب آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر بشیر کا کہنا تھا کہ ’’اس علاقے میں اعلیٰ تربیت یافتہ دہشت گرد موجود تھے اوراس علاقے کو دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جاتا تھا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ہدایت پر شوال آپریشن کا آغاز کیا گیا، ابتدا ء میں پاک فوج کے جوانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر جوانوں نے ہمت و بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا۔

    شوال میں جاری آپریشن میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 26 جوان زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران 120 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ بہترحکمت عملی کے باعث شوال میں پاکستانی قانون کی رٹ بحال ہونے سے 100 کلو میٹر پاک افغان سرحد کو بھی محفوظ بنا لیا گیا ہے۔

    میڈیا کو مزید بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس علاقے میں تقریباً 2500 کے قریب ملکی و غیرملکی دہشت گرد موجود تھے مگر کامیاب آپریشن کے بعد اب کوئی بھی دہشت گرد انفرادی طور پر دراندازی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان آرمی نقل مکانی کرنے والے افراد کو واپس لانے پر توجہ دے رہی ہے اور مقامی آبادی کے ساتھ مل کر علاقے میں تعمیر نو کا کام شروع کیا گیا ہے، اس وقت شوال میں 395 پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں، جن میں سے بیشتر پروجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔