Tag: شیخوپورہ ٹریفک حادثہ

  • شیخوپورہ اور چاغی میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق

    شیخوپورہ اور چاغی میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق

    شیخوپورہ/چاغی: پنجاب کے شہر شیخوپورہ اور بلوچستان کے شہر چاغی میں ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق ہو گئے، اس سے قبل کوٹلی آزاد کشمیر میں زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں موٹر وے پر فیض پور انٹر چینج کے قریب بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے، حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں، حادثے کی شکار بس ملتان سے سیالکوٹ جا رہی تھی۔

    بلوچستان کے شہر چاغی میں پاک ایران شاہراہ جوجکی کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد کی لاشیں دالبندین ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کی گئیں۔

    کوٹلی کے قریب بس کھائی میں گر گئی، 9 افراد جاں بحق

    اس سے قبل گزشتہ شب آزاد کشمیر میں کوٹلی کے قریب زائرین کی بس کھائی میں گر گئی، جس میں نو افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے، بس میں 35 سے زائد زائرین سوار تھے۔ گوجرانوالہ سے آئے زائرین سدھنوتی میں درگاہ نیریاں شریف میں عرس میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔

  • شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بس اور وین میں ہولناک ٹکر کے باعث 13 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق آج صبح نارووال روڈ پر دربار میراں شاہ نارنگ منڈی میں تیز رفتار بس اور 2 مسافر وین کے درمیان خوف ناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تیرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ افسوس ناک حادثہ سڑک پر دھند کے باعث پیش آیا، گاڑیاں مخالف سمت میں آ رہی تھیں، دھند کے باعث ایک دوسرے سے بری طرح ٹکرا گئیں۔

    سڑک پر دھند پھیلی ہوئی ہے، ریسکیو اہل کار آگ بجھا رہے ہیں

    تصادم کے نتیجے میں وین کا سلنڈر پھٹنے سے مسافر وین اور بس سمیت تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث 7 افرا د موقع ہی پر جھلس کر جاں بحق ہو گئے اور پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بدقسمت مسافر بس نارنگ سے لاہور جا رہی تھی کہ لاہور سے نارنگ جانے والی مسافر وین سے دھند کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔

    ریسکیو 1122 نارنگ منڈی، مریدکے اور شیخوپورہ کی امدادی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ سی نارنگ منتقل کیا گیا ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مرنے والے لاہور میں شادی میں شرکت کے بعد نارووال جا رہے تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شیخوپور میں ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، انھوں نے اجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا ہے۔