Tag: شیخوپورہ

  • تیز آندھی میں شیخوپورہ میں سرکس کے 4 شیر بھاگ گئے، لوگوں میں خوف و ہراس

    تیز آندھی میں شیخوپورہ میں سرکس کے 4 شیر بھاگ گئے، لوگوں میں خوف و ہراس

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں تیز آندھی کے باعث ایک سرکس کے 4 شیر بھاگ گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ریسکیو ٹیم نے شیروں کو پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں سرکس میں پنجرے سے 4 شیر بھاگ گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، سرکس کے شیر پنجرے سے نکل کر قناتیں پھاڑ کر فرار ہوئے تھے۔

    ریسکیوذرائع نے کہا ہے کہ میلہ پیر بہار شاہ میں پنجرہ ٹوٹنے سے بھاگنے والے تمام شیر پکڑ لیے گئے ہیں، تیز آندھی کے باعث پنجرہ گر کر ٹوٹ گیا تھا اور شیر بھاگ گئے تھے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق سرکس کے اہل کاروں، ریسکیو ٹیم، اور پولیس کے ہمراہ شہریوں نے چاروں شیروں کو تلاش کر کے پکڑا، شیروں کو پکڑنے کے دوران سرکس کا ایک شخص معمولی زخمی ہو گیا ہے۔

    ریسکیو ٹیم کا کہنا تھا کہ ایک شیر بھاگ کر گھر میں داخل ہو گیا تھا جسے جلد ہی قابو کیا گیا، شیر کا ایک بچہ نہر کی طرف بھاگا تھا جسے تلاش کر کے پکڑا گیا۔

  • شیخوپورہ رہنماؤں کے درمیان اختلافات، مریم نواز کو ایک کی جگہ دو دورے کرنے پڑیں گے

    شیخوپورہ رہنماؤں کے درمیان اختلافات، مریم نواز کو ایک کی جگہ دو دورے کرنے پڑیں گے

    لاہور: پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے مسلم لیگی رہنماؤں کے درمیان شدید سیاسی اختلافات کے باعث مریم نواز مشکل میں پڑ گئی ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کے شیخوپورہ کے الگ الگ تنظیمی دوروں کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کی وجہ رانا تنویر حسین اور وفاقی وزیر جاوید لطیف میں شدید سیاسی اختلافات ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اختلافات کے باعث شیخوپورہ میں الگ الگ تاریخوں میں کنونشنز کا انعقاد ہوگا، ن لیگ کی جانب سے 7 اور 8 مارچ کو شیخوپورہ میں تنظیمی کنونشن اور پارٹی اجلاس کا اعلان ہوا ہے۔

    تاہم پارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اب مریم نواز آج شیخوپورہ کا صرف ایک روزہ دورہ کریں گی، آج 7 مارچ کے منتظمین میں لیگی ایم این اے جاوید لطیف اور ان کے ساتھی شامل ہیں۔

    دوسری طرف رانا تنویر نے 14 مارچ کو شیخوپورہ میں کنونشن کے انتظامات شروع کر دیے ہیں، مریم نواز ممکنہ طور پر 14 مارچ کو شیخوپورہ کا دوبارہ دورہ کریں گی۔

    ذرائع کے مطابق میاں جاوید لطیف اور رانا تنویر حسین گروپوں میں تنظیمی سطح پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

    ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز آج سے شیخو پورہ کا 2 روزہ دورہ شروع کریں گی، مسلم لیگ ن شیخو پورہ کا تنظیمی کنونشن آج ہوگا، جب کہ شیخو پورہ کی پارٹی کا تنظیمی اجلاس کل 8 مارچ کو ہوگا۔ یوتھ، خواتین اور سوشل میڈیا ونگز کے الگ الگ اجلاس ہوں گے۔

  • عدالت نے مغل دور کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا

    عدالت نے مغل دور کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی عدالت نے شیخوپورہ کے تاریخی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا، عدالت نے فریقین کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں شیخوپورہ کے کمپنی باغ کی تاریخی حیثیت کو ختم کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید نے شہری یاسر خان کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کمپنی باغ مغل بادشاہ جہانگیر کے دور حکومت میں تعمیر کیا گیا، انگریز کے دور میں کمپنی باغ کی حیثیت کو برقرار رکھا گیا۔ تاہم اب قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کمپنی باغ میں ماڈل بازار بنا دیا گیا ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت کمپنی باغ کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کا حکم دے۔

    سماعت کے بعد عدالت نے انتظامیہ کو کمپنی باغ میں دکانوں کی تعمیر سے روک دیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے 10 فروری کو جواب طلب کیا ہے۔

  • ڈکیتی کی واردات : مسلح افراد کی والدین کے سامنے بیٹی سے اجتماعی زیادتی

    ڈکیتی کی واردات : مسلح افراد کی والدین کے سامنے بیٹی سے اجتماعی زیادتی

    شیخوپورہ : ملزمان نے ڈکیتی کے دوران والدین کے سامنے بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا ، پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے متاثرہ لڑکی کومیڈیکل کےلیےاسپتال بھجوادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ڈکیتی کے دوران اجتماعی زیادتی کا ایک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ، جہاں نواب کوٹ میں ملزمان نے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی اور والدین کے سامنے بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    بھکھکی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا اور متاثرہ لڑکی کومیڈیکل کےلیےاسپتال بھجوادیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈھائی گھنٹے گھر میں لوٹ مار کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شیخوپورہ میں دوران ڈکیتی خاتون کیساتھ مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی اوشیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ گرفتارملزمان کےخلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے اور متاثرہ خاتون کوانصاف فراہم کیا جائے۔

  • ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنما پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج

    ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنما پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج

    شیخوپورہ: ریاست مخالف بیان بازی پر مقدمے کا سامنا کرنے والے لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف اب کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر دیا گیا، یہ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہوا ہے، مقدمہ سرکاری اہل کار کی مدعیت میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جاوید لطیف نے ریلی نکالی تھی، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، مقدمے میں جاوید لطیف کے علاوہ ان کے 2 بھائی، ایک بیٹے سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ 220 نا معلوم افراد بھی نامزدگان میں شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ریاست مخالفت بیان بازی کے کیس میں عدالتی حکم پر رہائی کے بعد جاوید لطیف کو انٹر چینج سے ریلی کی صورت میں گھر لایا گیا تھا، جاوید لطیف نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لیگی کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا۔

    ریاست مخالف بیان بازی کیس، ن لیگی رہنما کی ضمانت منظور، رہائی کا حکم

    9 جون کو لاہور کی سیشن عدالت نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں لیگی رہنما کی ضمانت منظور کی تھی اور 2، 2 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا، مچلکوں کی ادائی کے بعد گزشتہ روز رہا کر دیا گیا تھا۔

    بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج نے جاوید لطیف کی ضمانت کا 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایف آئی آر میں بغاوت سے متعلق کوئی واضح الزام نہیں، کس ادارے کے خلاف بیان دیا گیا، اس کا بھی تفتیشی رپورٹ میں کوئی ذکر نہیں، مدعی نے ایک اندیشے کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرائی ہے، جاوید لطیف کے خلاف بغاوت پر مبنی مواد بھی ریکارڈ پر موجود نہیں۔

  • شیخوپورہ: اجتماعی زیادتی کے 2 مفرور ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    شیخوپورہ: اجتماعی زیادتی کے 2 مفرور ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

    شیخوپورہ: پنجاب میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے زیادتی کرنے والے 2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ میں اجتماعی زیادتی کیس کے دو مفرور ملزم مبینہ مقابلے میں پولیس کے ہاتھوں مارے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ملزمان کےساتھیوں نے پولیس پر حملہ کر کے انھیں چھڑا لیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فاروق آباد میں اعوان بھٹیاں ناکے پر پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان مارے گئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں اجتماعی زیادتی کیس کے ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوگئے تھے، ملزمان کو کومل مسیح ریپ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    شیخوپورہ میں زیادتی کیس کے ملزمان پولیس حراست سے فرار

    ملزمان کے فرار ہونے کے بعد ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر کے حکم پر سب انسپکٹر سمیت 5 اہل کاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا، پولیس کے مطابق 28 دسمبر کو ملزموں نے آسیہ کومل نامی لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

    پولیس نے 15 روز قبل ڈی این اے میچ ہونے پر 3 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، تینوں ملزم سگے بھائی اور سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ گزشتہ روز پولیس برآمدگی کے سلسلے میں پرویز اور جنید دو بھائیوں کو جائے وقوعہ سے واپس لا رہی تھی کہ ایشر کے قریب ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کر دیا اور فائرنگ کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو چھڑا کر فرار ہوگئے۔

  • شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: بس اور وین میں ہولناک ٹکر، 13 مسافر جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں بس اور وین میں ہولناک ٹکر کے باعث 13 افراد جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرایع کے مطابق آج صبح نارووال روڈ پر دربار میراں شاہ نارنگ منڈی میں تیز رفتار بس اور 2 مسافر وین کے درمیان خوف ناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں تیرہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ یہ افسوس ناک حادثہ سڑک پر دھند کے باعث پیش آیا، گاڑیاں مخالف سمت میں آ رہی تھیں، دھند کے باعث ایک دوسرے سے بری طرح ٹکرا گئیں۔

    سڑک پر دھند پھیلی ہوئی ہے، ریسکیو اہل کار آگ بجھا رہے ہیں

    تصادم کے نتیجے میں وین کا سلنڈر پھٹنے سے مسافر وین اور بس سمیت تینوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث 7 افرا د موقع ہی پر جھلس کر جاں بحق ہو گئے اور پندرہ سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بدقسمت مسافر بس نارنگ سے لاہور جا رہی تھی کہ لاہور سے نارنگ جانے والی مسافر وین سے دھند کے باعث ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔

    ریسکیو 1122 نارنگ منڈی، مریدکے اور شیخوپورہ کی امدادی ٹیموں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، حادثے کے زخمیوں کو آر ایچ سی نارنگ منتقل کیا گیا ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مرنے والے لاہور میں شادی میں شرکت کے بعد نارووال جا رہے تھے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے شیخوپور میں ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، انھوں نے اجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا ہے۔

  • کانگو وائرس کا شکار مریض جاں بحق، رابطے میں آنے والوں کی ٹریسنگ شروع

    کانگو وائرس کا شکار مریض جاں بحق، رابطے میں آنے والوں کی ٹریسنگ شروع

    شیخوپورہ: پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں کانگو وائرس سے متاثر ہونے والا مریض جاں بحق ہو گیا ہے، محکمہ صحت نے اس کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد کی ٹریسنگ شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کا رہائشی کانگو وائرس کا شکار مریض رضا علی دوران علاج دم توڑ گیا، رضا علی پیشے کے لحاظ سے قصاب تھا۔ سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ رضا علی کے رابطے میں آنے والوں کی کونٹیکٹ ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔

    کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ اب تک رضا علی کے رابطے میں آنے والے 15 افراد کو ٹریس کیا جا چکا ہے، جانوروں کے پاس جانے میں بے احتیاطی سے شہری کانگو کا شکار ہوا تھا، رضا علی 5 دن سے میو اسپتال میں زیر علاج تھا۔

    انھوں نے کہا کانگو وائرس جانوروں کی جلد خصوصا کانوں کے پیچھے موجود چچڑیوں سے پھیلتا ہے، اس میں تیز بخار، کمر یا سر میں شدید درد کی علامات ظاہر ہوتی ہیں، قے آنا یا ناک سے خون بہنے جیسی علامات بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔

    سیکریٹری ہیلتھ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کے پاس بلا وجہ جانے سے مکمل گریز کریں، ضرورت کے تحت جانوروں کے پاس جائیں تو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔

  • سنگدل ماں نے  اپنے بارہ دن کے بچے کو  گٹر میں پھینک دیا

    سنگدل ماں نے اپنے بارہ دن کے بچے کو گٹر میں پھینک دیا

    شیخوپورہ : سنگدل ماں نے شوہرسےجھگڑے کے بعد اپنے نومولود کو گٹر میں پھینک دیا ، جس کے بعد بچے کی لاش نکال لی گئی، پولیس نے ملزمہ ثناء بی بی اور اس کی والدہ مقدس بی بی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کی لیبرکالونی میں سنگدل ماں نے گھریلو لڑائی پر نومولود کو گٹرمیں پھینک دیا، ملزمہ ثناء بی بی نے اپنی والدہ کے کہنے پر اپنے نومولود کو گٹر میں پھینکا، جس سے وہ جاں بحق ہوگیا، بچے کی لاش نکال لی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ ثنا بی بی کی دس ماہ قبل ندیم سے شادی ہوئی تھی ، ملزمہ کا اپنے شوہر ندیم سے جھگڑارہتا تھا، ملزمہ نے اپنی والدہ مقدس بی بی کے کہنے پر طیش میں آکر اپنے بارہ دن کے بچے کو گٹر میں پھینک دیا، جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔

    ڈی پی او شیخوپورہ کے حکم پر پولیس نے ملزمہ ثناء بی بی اور اس کی والدہ مقدس بی بی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے گلشن حدید فیز ون میں گھریلو جھگڑوں سے تنگ خاتون نے 3 بچوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی تھی ، اسٹیل ٹاؤن پولیس کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں، پڑوسیوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جارہے ہیں، واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کررہے ہیں۔

  • شیخوپورہ، گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق

    شیخوپورہ، گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق

    شیخوپورہ: پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے صلاح الدین روڈ پر ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے دادی اور ان کے تین پوتے جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق صلاح الدین روڈ پر رکشہ ڈرائیور اسد علی کے گھر میں پنکھے سے کرنٹ لگنے سے اس کی والدہ اور تین بیٹے جاں بحق ہوگئے۔

    اسد علی کے مطابق وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بازار گیا ہوا تھا گھر واپس آیا تو اس کی والدہ اور تینوں بیٹے مردہ حالت میں پڑے تھے اور ان پر پنکھا گرا ہوا تھا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ اقبال بی بی، ان کے پوتے 10 سالہ عبدالرحمان، 7 سالہ عبدالمنان اور 5 سالہ مطیع الرحمان شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔