Tag: شیخ رشید

  • پاناما کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آرہا ہے‘شیخ رشید

    پاناما کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آرہا ہے‘شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمیں قبول ہوگا تاہم پاناما کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آرہا ہے.

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستقبل کی پیشن گوئی کی کہ پاناما کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آرہا ہے، جبکہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمیں قبول ہوگا.

    انہوں نے مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اسٹیپ ڈاؤن اورعوام سے لڑنے کی تیاری کررہےہیں، بلف گیم مت کھیلو، جان لوکہ فیصلہ عوام کے حق میں آرہا ہے۔

    یاد رہے کہ  اس سے قبل شیخ رشید اس نوعیت کا اظہار آر وائی نیوز کے سے وابستہ  صحافی ارشد شریف کے شو پاور پلے میں بھی کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا ایسا فیصلہ آئے گا کہ لوگ مثالیں دیں گے۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانامالیکس سےمتعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نے پاناماکیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ دلائل پرغورکرنے کے بعد تحریری صورت میں جاری کیا جائے گا۔

  • پاکستان کے مثبت امیج کے لیے میچ دیکھنے جا رہا ہوں، شیخ رشید

    پاکستان کے مثبت امیج کے لیے میچ دیکھنے جا رہا ہوں، شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ صرف پاکستان کے لیے میچ دیکھنے جا رہا ہوں اور بلا خوف و خطر 500 روپے والے انکلوژر میں عام آدمی کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھوں گا۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر میں تحریر کیے گئے اپنے پیغام میں کہی انہوں اپنے ویڈیو پیغام میں انتباہ کیا کہ مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف کے ساتھ ساتھ رانا ثناء اللہ بھی ہوں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی ہو یا کوئٹہ گلیڈی ایئٹر ہو دونوں میری ٹیمیں ہیں اور میں پاکستان کے لیے میچ دیکھنے جا رہا ہوں تا کہ دنیا کو ہمارے ملک کے حوالے سے مثبت پیغام جائے۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ بات بہ بات سیاست کرتے ہیں تو جو ان کا کام ہے وہ کریں جب کہ میرا مقصد صرف اپنے ملک میں ہونے والی مثبت سرگرمیاں کو سراہنا ہے ۔

    قبل ازیں انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کا لاہور میں انعقاد کے حوالے سے عمران خان کا اپنا نقطہ نظر ہے اور میرا اپنا نقطہ نظر ہے اس لیے میں پیچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔

  • پشاور زلمی کو سپورٹ کروں گا، شیخ رشید

    پشاور زلمی کو سپورٹ کروں گا، شیخ رشید

    راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد سب اداروں کی محنت اور کارکردگی کے مرہون منت ہے اس کا کریڈٹ کسی ایک کو دینا مناسب نہیں۔

    وہ پی ایس ایل فائنل کے حوالے سے میڈیا سے بات کر رہے تھے انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس دو ٹکٹ ہیں لیکن ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے کہ 8 ہزار والے ٹکٹ کو استعمال کروں گا یا 500 روپے والے انکلوژر میں بیٹھوں گا۔


    شیخ رشید نے کہا کہ میری پسندیدہ ٹیم پشاور زلمی ہے اور میدان میں شاہد آفریدی کی ٹیم کو سپورٹ کروں گا کیوں پٹھان بھائی حکومتی رویے کے باعث افسردہ اور مایوس ہیں اس لیے پشاور کی ٹیم کا پورا ساتھ دوں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ جیب میں ہے، حکومت نے وی آئی پی نشست کی آفر کی تو دیکھیں گے اس حوالے سے نجم سیٹھی سے ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی اور عمران خان میچ دیکھنے آتے ہیں یا نہیں یہ ان کی مرضی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اسی لیے عوامی سیاست کرتا ہوں اس لیے عام لوگوں کے درمیان بیٹھ کر میچ دیکھیں گے اور ساتھ ساتھ سگار بھی سلگائیں گے اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کو سپورٹ کریں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ایک طرف ملک کا غریب ہے جسے کھانے پینے کے بھی لالے پڑے ہوتے ہیں لیکن پھر بھی وہ دھرتی پہ جان دینے کو تیار رہتا ہے جب کہ دوسری طرف ایسے روساء بھی ہیں جو بیرون ملک خریدے گئے معمولی فلیٹوں پر بھی مرتے ہیں۔

  • ڈان لیکس کی تحقیقات کہاں‌ گئیں؟ عمران اور شیخ رشید کا اظہار تشویش

    ڈان لیکس کی تحقیقات کہاں‌ گئیں؟ عمران اور شیخ رشید کا اظہار تشویش

    اسلام آباد : عمران خان اور شیخ رشید نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کہاں گئی ؟

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی، ملاقات میں پانامہ لیکس کیس، ڈان لیکس کے معاملے، پاکستان سپر لیگ کے فائنل اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر کیوں نہیں آئی؟ جس پر عمران خان نے بھی رپورٹ سامنے نہ آنے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ پاناما لیکس پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے عمران خان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

    دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاناما لیکس کا فیصلہ کچھ بھی ہو کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ اس دوران فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شیخ رشید احمد نے کپتان سے پاکستان سپر لیگ فائنل میں شرکت سے متعلق اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ ملاقات سے قبل عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملہ انسانی حقوق اور ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے ڈرون حملے کے منفی اثرات سے بھی خبردار کیا۔

  • پی ایس ایل فائنل عوام کے ساتھ مل کر دیکھوں گا اور سیٹیاں بھی بجاؤں گا، شیخ رشید

    پی ایس ایل فائنل عوام کے ساتھ مل کر دیکھوں گا اور سیٹیاں بھی بجاؤں گا، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید کاکہناہےکہ پی ایس فائنل کے دو ٹکٹ خریدلیے ہیں۔انہوں نےکہاکہ عوام کےساتھ میچ دیکھوں گااور سیٹیاں بھی بجاؤں گا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان سپرلیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ سامنے آتے ہی عام عوام کے ساتھ ساتھ اہم سیاسی شخصیات نے بھی فائنل لاہور کے قذافی اسٹڈیم میں دیکھنے کےحوالےسےدلچسپی ظاہرکی ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید احمد نےبھی5 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ خرید لیے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ میں نے فائنل دیکھنے کےلیے پانچ سو والے دو ٹکٹ لیے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہناتھاکہ پانچ سو کے دو ٹکٹ کےعلاوہ 8ہزار کا ایک اورٹکٹ بھی لیاہے،میچ دیکھنے کےلیےساتھ ایک آدھ بندہ توہونا چاہیے،اکیلا برا لگتا ہے۔

    انہوں نےکہاکہ نجم سیٹھی نےبتایا ہےکہ آپ کووی آئی پی نشست دی جائے گی،مگر میں عوامی آدمی ہوں،عوام کےساتھ مل کرمیچ دیکھوں گا اور سیٹیاں بھی بجاؤں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ میں ہمیشہ عوام میں ہوتا ہوں،پانچ مارچ کو بھی عوام کےساتھ ہوں گا، پہلی بار پاکستان میں کسی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنےجاؤں گا۔

  • حکومت لاہور میں‌ فائنل کرانے سے قبل 101 بار سوچ لے، شیخ رشید

    حکومت لاہور میں‌ فائنل کرانے سے قبل 101 بار سوچ لے، شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم میچ کرانے سے قبل 101 بار سوچ لیں، اگر کسی کونے یا چوراہے پر بھی کوئی واقعہ ہوگیا تو اس کا ردم عمل بہت برا آئے گا۔

    اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ بہت اچھا ہے، لوگوں کو خوشی ہوگی تاہم جو بھی پنجاب حکومت اور فوج کی سیکیورٹی ذمہ داری ہے اس کے تحت اگر لاہور کے کسی کونے یا کسی چوراہے پر بھی کوئی چھوٹا سا واقعہ ہوا تو بہت برا ہوگا اس کا بہت براد رد عمل سامنے آئے گا۔


    Sheikh Rasheed says he will go and watch PSL… by arynews
    انہوں نے کہا کہ ہم نے پندرہ دن سے کرکٹ میچ فائنل کا ہونا یا نہ ہونا مسئلہ بنایا ہوا ہے، میچ ہوا تو اچھا ہوگا لیکن اگر نہیں ہوتا تو کوئی قیامت نہیں آجاتی تاہم لاہور میں میچ ہونا اچھا ہے، ہماری قوم کا اوڑھنا بچھونا کرکٹ ہے فیصلے خوش آئند ہے۔


    یہ پڑھیں: دہشت گردی کے خدشات مسترد، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کی منظوری


    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فائنل یہاں کرانے سے قبل ایک سو ایک بار سوچ لیں یہ جو سیکیورٹی ہے صرف اسٹیڈیم کی نہیں بلکہ چوک اور چوراہوں کی بھی ہونی چاہیے، فیصلے کا کریڈیٹ پنجاب کو جائے گا کہ انہوں نے ایہ اہم فیصلہ کیا لیکن خدانخواستہ کوئی چھوٹا سا بھی واقعہ ہوگیا تو ڈھیر سارے مسئلے پیدا ہوجائیں گے جو پنجاب کے لیے درد سر بن جائیں گے۔

    ایک سوال پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں فائنل میچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔

  • پی پی کی اے پی سی : شیخ رشید اور ق لیگ شرکت کریں‌ گے

    پی پی کی اے پی سی : شیخ رشید اور ق لیگ شرکت کریں‌ گے

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا آغاز کردیا، شیخ رشید اور قاف لیگ کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی دعوت قبول کرلی، ن لیگ کو بلانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتیں، سی پیک اور پاناما لیکس کا تین نکاتی ایجنڈا بنا کر پیپلز پارٹی ملک کی سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ اکٹھا کرے گی۔فوجی عدالتوں کی توسیع کا مسودہ مسترد کرنے والی پیپلز پارٹی نے چار مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، جس کے لیے دعوتیں دینا شروع کردیں گئی ہیں۔

    اس حوالے سے پی پی کا ایک وفد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دعوت دینے لال حویلی پہنچا، شیخ رشید نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔

    علاوہ ازیں مسلم لیگ قاف نے بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے، طارق بشیر چیمہ اے پی سی میں قاف لیگ کی نمائندگی کریں گے ۔

    مزید پڑھیں : فوجی عدالتوں کا قیام، ساتواں اجلاس بھی بے نتیجہ ختم

    آل پارٹیز کانفرنس چار مارچ کو زرداری ہاؤس کراچی میں ہوگی، کانفرنس میں فوجی عدالتوں کا معاملہ ہاٹ ایشو رہے گا جس پر اب تک پارلیمانی پارٹیاں متفق نہیں ہوپائیں ہیں۔ کانفرنس میں حکمراں جماعت نون لیگ کو مدعو کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے۔

  • پاناما کیس: فیصلہ مثالی اور عوامی امنگوں کے مطابق آئے گا، شیخ رشید

    پاناما کیس: فیصلہ مثالی اور عوامی امنگوں کے مطابق آئے گا، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا ایسا فیصلہ آئے گا کہ لوگ مثالیں دیں گے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں اینکر پرسن ارشد شریف سے پاناما کیس میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کوسپریم کورٹ سےبہترین فیصلےکی امید ہے کرپشن کیخلاف تاریخی فیصلہ نہ آیاتوعام آدمی کا دل ٹوٹ جائےگا اس لیے پوری امید ہے عدالت سے ایسا فیصلہ آئے گا جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔

    اس موقع پر شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے ججز سےکہا ہے کہ تاریخی فیصلہ آنا چاہیے آنے والا وقت جس کی مثالیں دے اور اس کیس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے کیس کے دوران اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری وکلا سے 371 سوال پوچھے لیکن کسی ایک کا بھی جواب نہیں آیا جب کہ ہیلی کاپٹرکیس میں بھی قطری آچکا ہے اسی طرح پاناماکیس میں بھی قطری شہزادے کی دلچسپی رہی ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان تسلیم کرچکاہےکہ تمام جائیدادیں ان کی ہیں لیکن بجائے اس کے کہ منی ٹریل بتائی جائے حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا عدالت میں استثنیٰ حاصل نہیں ہے انہیں جو استثنیٰ ملنی تھی وہ اسمبلی میں مل چکی ہے اس لیے عدالت میں استثنیٰ مانگنا درست نہیں اور یہ حربہ کامیاب نہیں ہو گا۔

    مکمل انٹرویو: 

  • سیاست کی تاریخ کااہم کیس انجام کوپہنچنےجارہاہے‘شیخ رشید

    سیاست کی تاریخ کااہم کیس انجام کوپہنچنےجارہاہے‘شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید کا کہناہےکہ بڑے آدمی کی تلاشی لی جارہی ہے،ایسی تاریخ پہلےنظرنہیں آئی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ کورٹ کے باہر میڈیاسے بات کرتےہوئے عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید کاکہناتھاکہ سیاست کی تاریخ کااہم کیس انجام کوپہنچنےجارہاہے۔

    شیخ رشید کا کہناتھاکہ ایک شخص کوبچےکروڑوں روپےبطورتحفہ دیتےہیں،جس کی مسلم لیگ ن نے کوئی منی ٹریل نہیں دیا۔انہوں نےکہاکہ یہ کیس جمہوریت کےلیےاورآمریت کوروکنےکاہے۔

    عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشیدکاکہناتھاکہ حکمران لوٹی ہوئی دولت ملک سےباہرلےکرجارہےہیں۔

    مزید پڑھیں:دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ کرپٹ لوگوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے، شیخ رشید

    واضح رہےکہ گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاتھاکہ کرپشن کے تانے بانے دہشت گردی سے جا کر ملتے ہیں اور دہشت گردی کی اعانت اور فنڈنگ میں کرپشن سے کی گئی کمائی استعمال ہوتی ہے اس لیے کرپٹ لوگوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔

  • دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ کرپٹ لوگوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے، شیخ رشید

    دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ کرپٹ لوگوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے، شیخ رشید

    راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کرپشن کے تانے بانے دہشت گردی سے جا کر ملتے ہیں اور دہشت گردی کی اعانت اور فنڈنگ میں کرپشن سے کی گئی کمائی استعمال ہوتی ہے اس لیے کرپٹ لوگوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔

    یہ بات انہوں نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کے آغاز کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہی انہوں نے اے آر وائی نیوز سے اپنی گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن آپس میں ساز باز رکھتے ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ کرپشن کے خاتمے سے منسلک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کا آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے اور خود کوطاقتور سمجھنے والوں کودوبارہ کچلا جائےگا۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے یہ ملک و قوم کی بقا کا سوال تھا اس لیے اب ہم آرام سےنہیں بیٹھیں گے اور دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حمایتیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں کرپشن کا جنازہ عدالت سے نکلے گا اور کرپشن کے خاتمے سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے جس کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔